All posts by Khabrain News

وزیراعظم عمران خان کی بیجنگ میں ازبک صدر سے ملاقات

بیجنگ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ازبک صدر سے ملاقات کی۔
بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے موقع وزیراعظم عمران خان نے ازبک صدر سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اور پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شراکت داری کے فروغ کےعزم کا اعادہ کیا، اور دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کو فعال کرنے اور ترجیحی تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت اور سیاحت کے فروغ کے لیےبراہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا، وزیراعظم نے ریلوے منصوبے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تعلیم اور ثقافت میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا، علاقائی امن و استحکام پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاحت اور عوامی رابطے بڑھانے کیلئے ہنگامی اقدامات پر غور اور علاقائی امن و استحکام کےلیے جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے تعلیم، ثقافت اور ڈرامہ و فلم انڈسٹری میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان علاقائی استحکام کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعظم نے ازبک صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، جب کہ دونوں رہنماوں نےعالمی برادری سے افغانستان کی اقتصادی امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نیلسن منڈیلا کے پوتے کا کشمیریوں کے حق میں بیان سامنے آگیا

پریٹوریا: (ویب ڈیسک) کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلاکے پوتے نکوسی منڈیلا نے کہا ہے کہ ہم کشمیر کے بہادر اور دلیر عوام کے ساتھ اپنی واضح یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 47 کے مطابق ان کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی، جلاوطن کشمیریوں کی واپسی کے حق، اظہار رائے کی آزادی اور تمام کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔نیلسن منڈیلا کے پوتے نے کہا کہ ہم دنیا کے تمام آزادی پسند لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کریں اور مقبوضہ کشمیر کے 2019 کے بھارتی الحاق کو منسوخ کریں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بہادر عوام نے 70 سال سے زائد عرصے سے آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کی ہے۔ ان کی جدوجہد ہماری جدوجہد ہے اور ہم ان کے بنیادی انسانی حقوق کی حمایت اسی طرح کرتے ہیں جس طرح ہم دنیا بھر کے مظلوموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔نکوسی منڈیلا کا کہنا تھا پچھلی سات دہائیوں کے دوران کشمیر نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لامتناہی سلسلے کا مشاہدہ کیا ہے جن میں بڑے پیمانے پر قتل، جبری گمشدگیاں، وحشیانہ تشدد، عصمت دری اور جنسی استحصال کے ساتھ ساتھ سیاسی جبر، قبضے اور آزادی اظہار کو دبانا شامل ہیں۔

ایوب نیشنل پارک میں پیدا ہونے والے بنگال ٹائیگرز کے بچوں کی نمائش

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ایوب نیشنل پارک کے جنگل ورلڈ میں بنگال ٹائیگر کے پیدا ہونے والے 2 بچوں کی نمائش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
بنگال ٹائیگر کے بچوں کے نام فیلیکس اور جولیا ہیں اور انہیں ایوب پارک جنگل ورلڈ میں آنے والے سیاح باآسانی دیکھ سکیں گے، شیر کے بچوں کو روزانہ 2500 سیاح دیکھ سکیں گے۔
اس حوالے سے بنگال ٹائیگر کی نایاب نسل کے بچوں کو پبلک کے سامنے پیش کرنے کے موقع پر ایوب نیشنل پارک میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر ڈی جی آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن بریگیڈئیر (ر) محمد آصف حیات نے کہا کہ دنیا میں صرف 3 ہزار 500 بنگال ٹائیگرز موجود ہیں جن میں سے 5 ٹائیگر ایوب پارک کے پاس موجود ہیں جبکہ لاہور سے بھی 8 بنگال ٹائیگرز جلد ایوب نیشنل پارک منتقل کردیے جائیں گے۔

’ایک ساتھ اسلام آباد آئیں یا ایک ایک کر کے، سب کو ٹھوکر مار کر گرا دینگے‘

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی سیاست نسلہ ٹاور کی طرح اور آصف زرداری کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی۔ یہ تمام گندے انڈے ایک ساتھ اسلام آباد آئیں یا ایک ایک کر کے ڈی چوک یا ای چوک آئیں، سب کو ٹھوکر مار کر گرا دیں گے۔
لال حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لال حویلی جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ چاہتی ہے، اس ملک کا نظام صرف غریب کو سزا دیتا ہے بڑا آدمی شہباز شریف جیسا ہو تو اس کی 16 دن میں ضمانت ہوجاتی ہے، ملک میں مسائل ضرور ہیں لیکن عمران خان معاملات حل کریں گے، وہ مہنگائی بجلی گیس کے مسائل حل کررہے ہیں اس لئے ہم ان کے ساتھ ہیں، ا ن کے ساتھ وزارت کی وجہ سے نہیں ایمانداری کی وجہ سے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی ملکی دولت لوٹنے والوں کی کرپشن کی وجہ سے ہوئی، آج شہباز شریف اور آصف زرداری ایک ساتھ لنچ کررہے ہیں، شہبازشریف کی سیاست نسلہ ٹاور کی طرح اور آصف زرداری کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی۔ عمران کی خوش قسمتی ہے اسے نالائق سیاسی سوچ سے آری اہوزیشن ملی، یہ تمام گندے انڈے ایک ساتھ اسلام آباد آئیں یا ایک ایک کر کے ڈی چوک یا ای چوک آئیں، سب کو ٹھوکر مار کر گرا دیں گے، آپ کے سیاست کے خاتمے کے دن ہیں، انہیں مکمل ناکامی ملے گی اور عمران سرخرو ہوگا۔
شیخ شید نے کہا کہ اس حکومت کا وزیر داخلہ ختم نبوت کا سپاہی ہے، میں جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ لے کر ملک سے بھاگنے والا نہیں، میں اڈیالہ جیل میں جانے کو اور پھانسی چڑھنے کو ترجیح دوں گا لیکن ملک سے فرار نہیں ہوں گا، جس نے مجھ سے زیادہ جیل کاٹی مجھے بتائے، 4 ماہ سے ایک ہی نعرہ ہے ، وہ آرہاہے وہ جارہا ہے، جس نے آنا ہے آئے ورنہ دفع ہوجائے اور نہیں آتا تو نہ آئے، جیل کاٹنا مشکل اب نہیں رہا، اب تو ووہاں بھی وسائل ہیں، اب جیل میں اے سی موبائل ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر بغیر نامکمل ہے ہم کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں، صرف کشمیر کا مسلمان پاکستان کی طرف نہیں دیکھ رہا بلکہ بھارتی مسلمان بھی دیکھ رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں پر کیا گزررہی ہے، مسلمان بھارت میں قتل و غارت کا شکار ہے بی جے پی نے کسی مسلم کو ٹکٹ نہیں ملتا، ہماری ہمدردیاں مسلمانوں کے ساتھ ہیں،آج پاکستان 65 اور 70 والا ملک نہیں رہا، بھارت کا شوق ہے تو وہ فوج لائے، ہم نے پھلجڑیاں دیوالی اور شب برات کے لئے نہیں رکھیں، پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو نیست نابود کر دیں گے، بھارتی میڈیا صرف عمران خان اور مجھ پر تنقید کرتا ہے، پاک فوج کے ساتھ مل کر جام شہادت ک خواہشمند ہوں، ملک کو نقصان پہنچانے والی طاقتوں کو فوج شکست دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، افغان طالبان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، 20 سال طالبان نے جنگ لڑ کر خود کو آزاد کرایا، کالعدم ٹی ٹی پی سے مزاکرات میں طالبان بھی ہیں ابھی اس پر کچھ کہنا نہیں چاہتا۔

پی ایس ایل 7 :پشاور زلمی کا ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل 7 کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پشاور زلمی کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے حسین طلعت کی جگہ ثاقب محمود کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے جانسن چارلس، مزرابانی اور شاہنواز دھانی کو شامل کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری پانچ میچز میں سلطانز کا پلڑا بھاری ہے، ملتان سلطانز نے 4 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پشاور زلمی ایک میچ جیت سکی تھی۔

ترکی اسرائیل کی قدرتی گیس یورپ پہنچا سکتا ہے: اردوان

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انقرہ اپنے ہاں اسرائیل سے درآمد کردہ قدرتی گیس استعمال کر سکتا ہے اور تل ابیب کے ساتھ مل کر گیس یورپ بھی پہنچا سکتا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکی اور اسرائیل قدرتی گیس یورپ پہنچانے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے میں اس ممکنہ تعاون پر اگلے ماہ ہونے والے دوطرفہ مذاکرات میں بات کی جائے گی۔
ترکی اور اسرائیل نے 2018ء میں دوطرفہ کشیدگی کے بعد ایک دوسرے کے سفیروں کو بے دخل کر دیا تھا۔ انقرہ نے تب مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے پر اسرائیلی قبضے اور اسرائیل کی فلسطینیوں سے متعلق پالیسیوں کی مذمت کی تھی جبکہ اسرائیل نے مطالبہ کیا تھا کہ ترکی غزہ پر حکمران حماس کی حمایت بند کرے۔
رجب طیب اردوان نے یوکرائن کے دورے سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیلی قدرتی گیس کو اپنے ملک میں استعمال کر سکتے ہیں اور اس کے علاوہ ہم ایسی مشترکہ کوشش کا حصہ بھی بن سکتے ہیں جس کا مقصد برآمد کردہ قدرتی گیس کو یورپ تک پہنچانا ہو۔ اب انشاءاللہ یہ معاملات اسرائیلی صدر کے دورہ ترکی کے دوران مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔
دوسری طرف ترک صدر نے بتایا کہ ہم نے عراق کے معاملے کو بھی ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے اور اس پر غور کر رہے ہیں۔ ممکن ہے عراق سے ترکی کو قدرتی گیس کی ترسیل بھی شروع ہو جائے۔

سلیکٹڈ اب جانے والا ہے: مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جو سلیکٹڈ تھا وہ اب جانے والا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی نائب صدر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن ہم کو عوام کی مشکلات اکٹھا رکھتی ہیں، عوام کے مسائل پر باہمی اختلافات بھلاکر ہم اکٹھے ہو جائیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو سلیکٹڈ تھا وہ اب جانے والا ہے، جب ہم عوام کی امیدیں پوری کرنے جا رہے ہوتے ہیں تو اس سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں ہوتی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نومبر بہت دور ہے حکومت پہلے ہی گھر چلی جائے گی۔

امریکا نے پاکستان کے نامزد سفیر مسعود خان کے ایگریمہ کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستان کے نامزد آزاد کشمیر کے سابق صدر اور تجرکار سفیر مسعود خان کے ایگریمہ کی منظوری دے دی ہے۔
مسعود خان جلد امریکا میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مسعود خان کی ایگریمہ کی درخواست گزشتہ سال نومبر میں بھیجی گئی تھی، امریکا نے سردار مسعود خان کی واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر کے طور پر منظوری دے دی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت نے تقرری کے معاہدے سے آگاہ کر دیا ہے، سفیر مسعود خان ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں جنہوں نے امتیاز اور اعزاز کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ہے۔

پی پی ، ن لیگ میں حکومت سے چھٹکارے کیلئے تمام آپشن استعمال کرنے پر اتفاق

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ حکومت سے چھٹکارے کے لیے تمام تمام آئینی، قانونی و سیاسی آپشنز استعمال کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کو ظہرانے پر مدعو کیا۔ بلاول بھٹو اور آصف زراری اپوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے جہاں شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔
شہباز شریف کی معاونت کے لیے مریم نواز، حمزہ شہباز، سعد رفیق، مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں جبکہ بلاول اور زرداری کے ہمراہ حسن مرتضی اور رخسانہ بنگش موجود تھیں۔
دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان احتجاجی لانگ مارچ کا انضمام کرنے اور حکومت مخالف لائحہ عمل سے متعلق اہم گفتگو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد پی پی کی قیادت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر کاز کو آگے بڑھانے میں ناکام رہی، او آئی سی کے اجلاس میں بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، کشمیری بزرگوں، بھائیوں اور بہنوں کا دل پاکستان کی طرف دھڑکتا ہے، ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ کھڑا ہے، انہیں سیاسی و سماجی ہرقسم کی سپورٹ پہلے سے بھی زیادہ فراہم کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی نے پھر سراٹھالیا ہے، لاہور اور بلوچستان میں پے درپے کئی حملے ہوئے، دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے کے لیے فوج کے جوانوں نے جام شہادت نوٹ کیا، پی پی کے دور میں ضرب مومن کا آغاز ہوا، نواز شریف کے دور میں ضرب عضب اور ردالفساد کے آپریشن ہوئے لیکن بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کے تین سالہ دور حکومت میں انہیں توفیق نہیں ہوئی نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے، ہر شعبے کی طرح دہشت گردی کے حوالے سے بھی موجودہ حکومت ناکام ہوئی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نہیں بلکہ دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے، پاکستان کی ناکام اور کرپٹ ترین حکومت نے پاکستان کے بچے بچے کو قرضے میں جکڑ لیا ہے۔
پی پی قیادت سے ملاقات کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت آج یہاں تشریف لائی ان کے شکر گزار ہیں، جو کچھ ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے نواز شریف کے دور میں ہوا وہ سب کے سامنے ہے جب کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سالہ دور میں کھربوں روپے کے قرضے لے لیے، سنا ہے حکومت چین سے مزید قرضے لینے گئی ہے اور انہیں اس بات کی کوئی شرم نہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم نے اتفاق کیا ہے کہ ہمیں ملک کو اس حکومت سے چھٹکارا دلانے، مہنگائی اور غربت ختم کرنے کے لیے تمام آئینی و قانونی آپشنز کو بلاتاخیر استعمال کرنا ہوگا، پیپلز پارٹی اس حوالے سے کلیئر ہے، ہم نے طے کیا ہے کہ ہم چند دن میں ن لیگ کی سی ای سی اور الائنس پی ڈی ایم میں اس معاملے کو لے کر جائیں گے اور ان کی اجازت کے بعد ہم اکٹھا ہوکر احتجاج کا اعلان کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا اکٹھا ہونا کوئی نئی بات نہیں، ایسا الحاق پہلے بھی لندن اور جدہ میں ہوچکا ہے اگر پاکستان کو تباہی سے بچانا ہے تو ہمیں اکٹھا ہونا ہوگا۔
ایک سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کافی لچک کا مظاہرہ کیا ہے، ان کی تجاویز میاں نواز شریف کے سامنے رکھیں گے ہمیں امید ہے کہ مثبت پیش رفت سامنے آئے گی، عدم اعتماد ایک آپشن ہے جسے ہم نے بہت سنجیدگی کے ساتھ ڈسکس کیا ہے، چند دن بعد دونوں جماعتوں کے درمیان ایک اور میٹنگ ہوگی، پہلے ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ ہوگی پھر یہ معاملہ پی ڈی ایم میں لے جائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہماری باضابطہ طور پر پہلی ملاقات ہے، حکومت کے خلاف ہم نے پیپلز پارٹی کی منصوبہ بندی ن لیگ کے سامنے رکھ دی ہے جب کہ ن لیگ نے اپنے منصوبے ہمارے سامنے پیش کردیے ہیں، کشمیر کے معاملات سب کے سامنے ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری اپنی جگہ لیکن پہلی بار ہوا ہے کہ کشمیر کاز پر بھی حکومت کچھ نہیں کرسکی، بلوچستان سے دہشت گردی کی خبریں آرہی ہیں یہ سب حکومت کی نالائقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنا ہمارا ورکنگ ریلیشن زیادہ ہوگا اتنا ہی حکومت کو خطرہ لاحق ہوگا، سیاسی جماعتوں کی رائے مختلف ہوتی ہیں اور الگ الگ نقطہ نظر ہوتے ہیں، شہباز شریف اچھے اپوزیشن لیڈر ہیں انہوں نے ہم سب کو نیشنل اسمبلی میں اکٹھا کرکے رکھا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کا اعتماد حکومت سے اٹھ گیا اب پارلیمان کا اعتماد بھی حکومت سے اٹھ جانا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے شہباز شریف یہ معاملہ اپنی پارٹی کے سامنے رکھیں گے، ملک بچانا ہے تو حکومت کو گرانا ہوگا، سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں کہ حکومت کو جانا چاہیے۔
بعدازاں مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن ہم کو عوام کی مشکلات اکٹھا رکھتی ہیں، عوام کے مسائل پر باہمی اختلافات بھلاکر ہم اکٹھے ہو جائیں گے۔

حکومت کے بہت سے لوگ ہمارے سے رابطے میں ہیں: آصف علی زرداری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت کے بہت سے لوگ ہمارے سے رابطے میں ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کو ظہرانے پر مدعو کیا۔ بلاول بھٹو اور آصف زراری اپوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے جہاں شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔
شہباز شریف کی معاونت کے لیے مریم نواز، حمزہ شہباز، سعد رفیق، مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں جبکہ بلاول اور زرداری کے ہمراہ حسن مرتضی اور رخسانہ بنگش موجود تھیں۔
دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان احتجاجی لانگ مارچ کا انضمام کرنے اور حکومت مخالف لائحہ عمل سے متعلق اہم گفتگو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو صحت عطا کرے، کورونا سے بچائو کےلئے احتیاط بہت ضروری ہے، پاکستان کے حالات دن بدن بگڑتے جارہے ہیں۔ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دو بھر کردیا، عوام حکومت کے کارناموں سے کب کی تنگ آچکی، عمران خان کی حکومت صرف جھوٹے دعوئوں، لارے لپوں کی حکومت ہے، ان سے حکومت سنبھل نہیں رہی کبھی کس کی تھالی میں دیکھتے ہیں کبھی کدھر، حکومت نے غریبوں کے پیسوں پر غریبوں پر بہت تجربے کرلئے۔ ہر جگہ ناکامی کیساتھ بے عزت ہوئے، بس اب غریبوں نے ہاتھ اٹھا لئے۔ اس حکومت کے بہت سے لوگ ہمارے سے رابطے میں ہیں جو تنگ آچُکے ہیں۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ کرپشن اور احتساب کا بیانیہ پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنے کا مذموم منصوبہ تھا، کرپشن اور لوٹ مار کے نتیجے میں عوام ایک وقت کی روٹی کو محتاج ہوگئے، عمران نیازی کی وزارت عظمی میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کررہا ہے اور کرپشن میں بے پناہ اضافہ ہوا، جب آٹا چینی بجلی پٹرول گیس ادویات یوریا ایل این جی کورونا سمیت ہر شعبے میں کرپشن ہوگی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 124 سے 140 پر کیسے نہیں جائے گا؟