لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان سیاسی نوسر باز ہے، عوام کی طاقت آج بھی ہمارے ساتھ کھڑی ہے، نالائق حکومت سے جان چھوٹ گئی، ن لیگ الیکشن سے نہیں ڈرتی، خان صاحب نوازشریف کا مقابلہ نہیں کرسکتے، کارکردگی زیرو ہو تو سازش کا ڈرامہ رچانا ہی پڑتا ہے۔
این اے 128 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہتا ہے میری تحفے میری مرضی، نہیں بھائی یہ تمہارا خاندانی مال نہیں، تحفے بھی ریاست اورمرضی بھی ریاست کی، ریاست کوملنے والے تحفے اس نے بازاروں میں جا کر بیچے، دوست ممالک کے تعلقات کو اس نے 18کروڑمیں بیچ دیا، عمران تم نے تحفہ نہیں پاکستان کے تعلقات کو بیچا، جب عدالت نے جواب مانگا توکہتا ہے دوست ملک ناراض ہوجائیں گے۔ کہتا ہے عدالتیں بارہ بجے کیوں کھلیں؟ عدالتیں اس لیے کھلیں تم نے وزیراعظم آفس کوبنی گالہ سمجھ لیا تھا، تمہارے ذاتی ملازمین صدرمملکت، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، گورنرپنجاب نے آئین سے غداری کی، صدرعارف علوی پاکستان آپ کا ڈنیٹل کلینک نہیں، اگرعمران کی نوکری کا اتنا شوق تو استعفی دو اور گھرجاؤ، یہ ایک بارپھراسلام مارچ کا اعلان کررہا ہے، اٹھو،نوازشریف،شہبازشریف کا ساتھ دواوراس سے ملک بچاؤ۔
انہوں نے کہا کہ ایک تھا کورونا وائرس، ایک ہے رونا وائرس، خان صاحب رونا دھونا بند کرو، مردوں کی طرح مقابلہ کرنا سیکھو، امریکا، امریکا کا راگ آلاپ رہا ہے، اس کے دوست عارف نقوی کو امریکا نے پکڑا ہوا ہے، اسی لیے یہ پہلے امریکا، امریکا کا راگ آلاپ رہا ہے، فارن فنڈنگ کے شواہد سامنے آنے پر چیف الیکشن کمشنر کو کہتا ہے استعفی دو، توشہ خان کبھی ریاست مدینہ کا نام لیتا تھا، بیت المال کو کاروبارکا ذریعہ بنادیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کی طاقت آج بھی (ن) لیگ کے ساتھ کھڑی ہے، آخری دن تک یہ اقتدارسے چمٹا رہا، یہ جانتا تھا ن لیگ اقتدارمیں آگئی تواس کے سارے پول کھل جائیں گے، آخری منٹ تک کبھی اسٹیبشلمنٹ، کبھی آصف زرداری کی منتیں کرتا رہا، جب بات نہ بنی تو جھوٹے کاغذی خط لے آیا، کارکن کے پلے کارڈ پرلکھا ہے نمبرز پورے نہ ہو تو سازش ہوتی ہے، کارکردگی کا خانہ خالی ہو تو سازشی خط جیسا ڈرامہ رچانا پڑتا ہے، زندگی کے 22 سال ورلڈکپ، اگلے 22 سال سازشی خط لیکرپھرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اپنی کارکردگی پرایک لفظ نہیں بول سکتا، پلے کچھ نہیں، یہ آجکل انتخابات، انتخابات کا راگ کیوں آلاپ رہا ہے، عوام جانتے ہیں، انتخابات سے وہ ڈرتے ہیں جو اپنی حکومت میں ضمنی انتخاب ہار جائے، انتخاب سے(ن)لیگ نہیں ڈرتی۔
لیگی نائب صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کوآئے دوہفتے نہیں ہوئے کبھی بلوچستان،کبھی خیبرپختونخوا پہنچا ہوتا ہے۔ شہبازشریف خدمت کرنے والا اورکہاں عمران خان؟ عمران خان نے مافیاز کو نوازا۔ اب ڈررہا ہے جب نوازشریف آئے گا تو اس کا کیا بنے گا، کہتی ہوں عمران میاں جب آئے گا تو لگ پتا جائے گا، نوازشریف نے لندن سے بیٹھ کر تمہیں واپس اسی کنٹینر پر واپس چڑھا دیا ہے، تم کہتے تھے نوازشریف کی سیاست ختم، آج شہبازشریف وزیراعظم،حمزہ شہبازوزیراعلیٰ پنجاب ہیں۔ تمہارا مینڈیٹ 2018میں عمران چورنے چھینا تھا، مبارک ہو تم نے اپنا مینڈیٹ واپس لے لیا، سیاست کا سب سے بڑا نوسربازعمران نیازی ہیں، عمران خان کا نیا نام توشہ خان ہے،
All posts by Khabrain News
اقوام متحدہ کے سربراہ روس پہنچ گئے، یوکرین میں جنگ بندی کا مطالبہ
ماسکو: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس یوکرین جنگ پر مذاکرات کے لیے روس پہنچ گئے جہاں وزیر خارجہ سے ملاقات میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس مختصر دورے پر وفد کے ہمراہ روس پہنچ گئے جہاں وہ صدر ولادیمیر پوٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کا استقبال روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف نے کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے دوران یوکرین میں جنگ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر سیر حال گفتگو کی۔
انتونیو گوتریس نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف سے یوکرین میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا جس پر انھوں نے یوکرین کے نیوٹرل حیثیت کا مطالبہ کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا روس کا دورہ ابھی جاری ہے اور وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بھی ملاقات کریں گے جس کے بعد جمعرات کو یوکرین جائیں گے اور صدر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔
امریکا؛ لکڑیوں کے ڈبوں میں چھپے غیرقانونی تارکین وطن گرفتار
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں پولیس اور بارڈر سیکیورٹی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے لکڑیوں کے ڈبوں میں چھپے 21 غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کے شہر لاریڈو میں دو لکڑیوں کے ڈبوں کو ٹرک پر لے جایا جارہا تھا کہ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو شک ہوا جس پر تلاشی لی گئی تو پتا چلا کہ ڈبوں میں تارکین وطن چھپے ہیں، بعد ازاں پولیس نے لوہے کے راڈ کی مدد سے ڈبوں کو توڑا اور مہاجرین سمیت ڈرائیوروں کو بھی گرفتار کرلیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرک کے ڈرائیوروں پر انسانی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ تارکین وطن بھی حراست میں ہیں۔
خیال رہے کہ افریقی یا دیگر غریب ممالک سے تعلق رکھنے والے شہری پیسے اور تعلیم نہ ہونے کے سبب غیرقانونی طور پر امریکا اور یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، اب تک سیکڑوں تارکین وطن اس کوشش میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق انسانی اسمگلرز اس غیرقانونی فعل میں ملوث ہیں، اکثر مہاجرین زمینی راستے پر سرحدی فورسز کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں جبکہ کئی کشتیاں ڈوبنے سے بھی ہلاک ہوتے ہیں۔
ٹوئٹرپر اکاؤنٹ بحال کر بھی دیا جاتا ہے تب بھی واپس نہیں آؤں گا، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر بانی کی تبدیلی کے باوجود امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی کے مالک ایلون مسک کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اگر ان کا اکاؤنٹ بحال بھی کر دیا جاتا ہے تو بھی وہ واپس نہیں آئیں گے۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے تک ‘ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم’ کو باضابطہ طور پر جوائن کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’میں ٹوئٹر پر واپس نہیں جارہا البتہ ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم سے منسلک رہوں گا۔ مجھے امید ہے کہ ایلون ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اس میں بہتری لائیں گے اور وہ ایک اچھے انسان ہیں مگر میں پھر بھی نئے نیٹ ورک پر موجود رہوں گا‘‘۔
آئین شکنی کرنیوالوں کو معاف نہیں کیا جائیگا، عمران نیازی مگر مچھ کے آنسو بہا رہا ہے: حمزہ شہباز
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب کے نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین شکنی کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، سلیکٹڈ کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی، یہ نااہل تھے، عمران نیازی مگر مچھ کے آنسو بہا رہا ہے، یہ کھلاڑی نہیں اس نے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے حلقہ این اے -128 میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آئی ایم ایف سے بھیک مانگنے والے نے خودکشی کیوں نہیں کی؟
انہوں نے دعویٰ کیاکہ عمران نیازی کا نوجوانوں سے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ دراصل سازش تھی، آج خیبر پختونخوا، سندھ اور پنجاب میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں، 50 لاکھ گھر تو دور کی بات 50 ہزار گھر بھی عوام کو نہیں ملے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ کورونا کے دوران پینا ڈال دستیاب نہیں تھی، عمران نیازی کی کابینہ میں مافیاز کے سربراہ بیٹھے ہوتے تھے، جس نے غریبوں سے دوا چھینی عمران نیازی نے اس کو ترقی دی، عمران نیازی نے عوام کی جبپ پر ڈاکہ ڈالا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر عمران نیازی کے پیٹ میں درد ہو رہا ہے، چار سال تک عمران خان نے شریف خاندان سے بدترین انتقام لیا لیکن نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی۔
شہباز شریف کی بل گیٹس سے ٹیلی فونک گفتگو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بل اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے یہ بات شریک چیئرمین بل اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن بل گیٹس سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔
ٹیلی فونک بات چیت کے دوران پاکستان میں فاؤنڈیشن کے صحت و سماجی شعبے میں جاری منصوبوں سے متعلق بات چیت کی گئی اور انسداد پولیو، ویکسی نیشن اور ٹیوٹریشن سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بل اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے پولیو کے خاتمے میں نمایاں کامیابی ملی، 2021 میں پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔
امریکی نائب صدر کمیلا ہیرس کورونا کا شکار ہوگئیں
نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی نائب صدر کمیلا ہیرس کورونا کا شکار ہوگئیں، وائٹ ہاؤس نے کمیلا ہیرس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔
نائب صدر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کمیلا ہیرس میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں تاہم انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ وہ اپنی رہائشگاہ سے سرکاری ذمہ داری نبھاتی رہیں گی۔
ترجمان کے مطابق کمیلا ہیرس حالیہ دنوں میں صدر بائیڈن کے قریب نہیں گئیں اس لیے صدر بائیڈن خود کو قرنطینہ نہیں کریں گے۔
کراچی میں دہشت گردی کا واقعہ پاکستان پر حملہ ہے: بلاول
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کا واقعہ پاکستان پر حملہ ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج سی ای سی کے ہائبرڈ اجلاس میں ملک بھر سے رہنما شریک ہوئے، جس میں کراچی دہشت گردی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ سی ای سی کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی دھماکے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے اُن کا کہناتھا کہ کراچی میں دہشت گردی کا واقعہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ ملک کی ترقی کے خلاف سازش ہے۔ یہ دھماکا بلوچ بہن بھائیوں کے حقوق کے نام پر کیا گیا ہے، پوچھتا ہوں ہمارے نوجوانوں کو بم میں تبدیل کر کے کیسے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کوکہنا چاہتا ہوں آپ میں سے کچھ لوگ ناراض ہیں، پر امن جدوجہد سے حقوق حاصل کئے جا سکتے ہیں، تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ غیرجمہوری شخص ہم پر مسلط کیا گیا تھا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی۔ ہم نے ضیا الحق، مشرف اور سلیکٹڈ کے نظام کا مقابلہ کیا، 9 اپریل کی سازش میں ڈپٹی سپیکر کے ساتھ سپیکر اور صدر مملکت بھی ملوث تھے۔
بلاول نے کہا کہ آئین شکنی کی گئی، ہمارے آئین کو توڑا گیا، کاغذ سمجھ کر پھاڑا گیا، ہمارےآئین، جمہوریت اور پالیمان پر حملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، اس معاملے کی تحقیقات ہونا چاہئیں کہ رات کے اندھیروں میں کیا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، سابق وزیراعظم ’مجھے کیوں نہیں بچایا کی مہم چلارہے ہیں‘، ہر وہ ادارہ عمران خان کی بندوق پر ہے، جس نے خان صاحب کو نہیں بچایا۔ ایک شخص کی وجہ سے تمام ادارے متنازع بن گئے تھے، تمام اداروں کو قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ تمام ادارے آئینی کردار ادا کریں گے، متنازع کردار نہیں، عمران خان کی کوشش تھی کہ ادارے کو ٹائیگرفورس بنایا جائے۔ نوازشریف نے افطاری پر اپنے گھر بلایا تھا، ہم نے اہم فیصلے لیے ہیں، ن لیگ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، میثاق جمہوریت پر عمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چار سال میں عمران خان کو گھر بھیج دیا، مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں گے، انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں۔
اے این پی نے وزیراعظم سے سرکاری عمرے پر جانے سے معذرت کر لی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے وزیراعظم شہباز شریف سے سرکاری عمرے پر جانے سے معذرت کر لی۔
اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر و رکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے مشکور ہیں کہ انہوں نے عمرہ ادائیگی کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر عمرہ کی ادائیگی ہماری روایات نہیں، وزیراعظم کے مشکور ہیں لیکن سرکاری طور پر عمرہ کی ادائیگی کیلئے نہیں جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے نئی حکومت قومی یکجہتی کو برقرار رکھتے ہوئے تمام سیاسی لیڈرشپ کو اعتماد میں لے گی۔
چور اے ٹی ایم کو کرین کی مدد سے اکھاڑ کر لاکھوں روپے لے کر فرار
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ڈاکو چوری کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ،ایک ایسی ہی مثال گزشتہ دنوں دیکھنے کو ملی جہاں چوروں نے اے ٹی ایم مشین سے رقم چوری کرنے کیلئے کرین کا سہارا لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے ضلع سنگلی میں اتوار کو رات گئے چوروں نے ایم ٹی ایم مشین کو اکھاڑنے کیلئے کرین کا استعمال کیا۔
رپورٹس کے مطابق اے ٹی ایم بوتھ میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چور ایک کرین کی مدد سے اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑنے میں کامیاب ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چور اے ٹی ایم مشین سے تقریبا 27 لاکھ بھارتی روپے(یعنی 66 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) لے کر فرار ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں نے کرین بھی قریب میں موجود ایک پیٹرول پمپ سے چوری کی تھی۔
پولیس کے مطابق چوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔