پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں جہاں مداح پشاور زلمی کے کپتان اور کوچ ڈیرن سیمی کی کمی محسوس کر رہے ہیں وہیں ڈیرن سیمی بھی پی ایس ایل کو مس کر رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ڈیرن سیمی اس بار پی ایس ایل کا حصہ نہیں جس کی وجہ سے ان کے مداح اداس ہیں اور ان کی کمی کو محسوس کر رہے ہیں۔
پی ایس ایل 7 کے میچز کے دوران سیمی ڈیرن کے لیے خصوصی ڈسپلے کارڈز بھی دیکھنے کو مل رہیں ہیں جن کے ذریعے شائقین کرکٹ ڈیرن سیمی کو مس کرنے کا پیغام دے رہے ہیں۔
ڈیرن سیمی کے ایسے ہی ایک مداح کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں اس نے ڈسپلے کارڈ اٹھا رکھا ہے۔ کارڈ پر مس یو ڈیرن سیمی لالا تحریر کیا گیا ہے۔
ڈیرن سیمی بھی پاکستانی مداح کی محبت کا جواب دیے بغیر نہ رہ سکے۔ انہوں نے مداح کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں بھی آپ سب کو بہت مس کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ سیزنز میں ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں اور مداح ان کے منفرد انداز اور پاکستان سے خصوصی لگاو کی وجہ سے انہیں خوب پسند کرتے ہیں۔
All posts by Khabrain News
مقبوضہ کشمیر میں قائد اعظم، عمران خان اور آرمی چیف کے پوسٹر چسپاں
سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں “یوم یکجہتی کشمیر” کے حوالے سے پوسٹر چسپاں کر دیئے گئے جن پر قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر بھی موجود ہے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 5 فروری کے حوالے سے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن پر قائد اعظم محمد علی جناح، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر موجود ہیں۔
مذکورہ پوسٹر سرینگر سمیت مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کیے گئے ہیں۔ ان پوسٹرز پر پاکستان کی عوام، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان پوسٹروں میں بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنے حق پر مبنی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 5 فروری کو ہر سال کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے۔
پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر کا دن منانے کا آغاز 1991 میں کیا گیا تھا جب پاکستان کی پوری سیاسی قیادت نے متفقہ طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔
باچا خان ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ کٹس غیر معیاری ہونے کا انکشاف
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے باچا خان ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ کٹس غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ باچا خان ایئرپورٹ پر لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹنگ کٹس غیر معیاری ہونے کے علاوہ منیجر نے عملے کو بھی غیر تربیت یافتہ قرار دیا ہے۔
ایئرپورٹ منیجر نے کہا ہے کہ لیبارٹریز میں ٹیسٹ کا ریکارڈ محفوظ کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ائیر پورٹ منیجر نے کورونا ٹیسٹنگ فیس کم کر کے 3 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 42 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 372 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 830 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 42 ہزار 243 ہو گئی۔
نواز شریف کی کوئی میڈیکل رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی ، فرخ حبیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ عدالت جمع کرائی گئی رپورٹ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ نہیں، وہ محض ایک تجزیہ ہے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نواز شریف سیاسی ڈرامہ بازی کر رہے ہیں۔ نواز شریف کی کوئی رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ نہیں، محض ایک تجزیہ ہے۔
نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں ڈاکٹرنے صرف رائے دی ہے۔ کیا نوازشریف کا ڈاکٹر برطانیہ میں رجسٹرڈ ہے؟ نوازشریف برطانیہ میں 5گھنٹے کا سفر کررہے ہیں لیکن وہاں انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کشمیر میں جاری مظالم رکوائے ، پاکستانیوں کے دلوں میں کشمیریوں کے لیے خاص محبت ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کے دلیر سفیر کا کردار ادا کیا۔
مودی آر ایس ایس کے نظریے کے تحت مقبوضہ کشمیر کے شہریوں پر ظلم کر رہا ہے۔ عالمی میڈیا میں بھی بھارتی مظالم کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
پنجاب پولیس اہلکاروں کو “باڈی وورن کیمرے” دینے کا فیصلہ
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کی نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پر تعینات اہلکاروں کو “باڈی وورن کیمرے” دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
“باڈی وورن کیمروں” کی مدد سے اہلکاروں کی دوران چالاننگ، ڈرائیونگ اور پبلک ڈیلنگ کو مانیٹر کیا جائے گا، سیکٹر کمانڈ نیشنل ہائی ویز شہزاد عالم کے مطابق پہلے مرحلہ میں نیشنل ہائی ویز پر ڈیڑھ سو اہلکاروں کو باڈی وورن کیمرے دیئے گئے ہیں۔
دوسرے مرحلہ میں اسی طرز کے کیمرے موٹر وے پر تعینات اہلکاروں کو بھی دیئے جائیں گے۔
نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 13 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) نوشگی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے نوشکی میں آپریشن کے نتیجے میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ پنجگور آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔ دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے ایک افسر اور تین جوان شہید ہوگئے۔
موثر اور فعال بلدیاتی نظام ملکی ترقی کا ضامن ہوتا ہے: وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موثر اور فعال بلدیاتی نظام ملکی ترقی کا ضامن ہوتا ہے، فعال بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کے بیشتر مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس ہوا، وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ بلدیاتی نظام کا مقصد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے، اس نظام کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں نمائندگی دی جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزراء وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
6 فروری سے ملک بھرمیں دھرنے شروع ہونگے: امیر جماعت اسلامی سراج الحق
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ 6 فروری سے ملک بھرمیں دھرنے شروع ہونگے، 35 سال ہم نے مارشل لاء دیکھا، صدارتی نظام دیکھا لیکن ملک نے ترقی نہہں کی، جب تک اللہ کا دین نافذ نہ ہو ہم ورلڈ بینک آئی ایم ایف کے غلام رہیںگے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مرکز اسلامی میں تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ دینی مدارس روشنیوں کے مراکز ہیں، خوف اللہ کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، 22 کروڑ عوام اللہ پر یقین رکھتے ہیں، لیکن پھر بھی یہ نظام غیراللہ کا چل رہا ہے، 74 سالوں میں ایک دن بھی اسلامی نظام رائج نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹ میں بل پیش کیا تھا کہ جمعہ کو چھٹی ہو جس پر پی ٹی آئی کے ایک ممبر نے جواب دیا کہ اتوار کی چھٹی تبدیل نہیں ہو سکتی، اپوزیشن کی طرف دیکھا تو مسلم لیگ کے ایک صاحب نے جواب دیا کہ اتوار کی چھٹی تبدیل نہیں ہوسکتی، مسلم لیگ کے سینیٹ ممبر نے جواب دیا اس پالیسی میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بھی بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے کھلم کھلا قواعد ضوابط کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، صوبائی حکومت انتخابات والے علاقوں میں وسائل استعمال کر رہی ہے، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لیں، 6 فروری سے ملک بھر میں ایک سو ایک دھرنے شروع ہونگے۔
تاریخ بتائے گی سلیکٹڈ وزیراعظم کو اقتدار میں لایا گیا تھا: سعید غنی
کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان کہتے تھے ان کے پاس معاشیات کے ماہر ہیں مگر سب کرپشن کے ماہر نکلے، تاریخ بتائے گی سلیکٹڈ وزیراعظم کو اقتدار میں لایا گیا تھا۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہنا تھا کہ اسد عمر اورعلی زیدی نے سندھ کے مسترد ٹولے کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، عمران خان اب بھنگ سے ملک کی معیشت ٹھیک کرینگے، نام نہاد صحت کارڈ 450 ارب روپے کا قومی خزانے پر ڈاکا ہے، عمران خان اپنے اسپتال کی خاطر سرکاری اسپتالوں کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ عمران خان چھوٹی موٹی چوری نہیں اربوں کا ڈاکا مارتے ہیں، عمران خان دیمک کی طرح ملک کی معیشت اور ادارے تباہ کر رہے ہیں، 27 فروری کو بلاول بھٹو زرداری کا لانگ مارچ نااہل وزیراعظم کو گھر کا راستہ دکھائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججوں اور افسران کے پلاٹس کی سکیم غیرآئینی قرار دے دی
کراچی: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججوں اور افسران کے پلاٹس کی سکیم غیرآئینی قرار دے دی، چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف12،جی 12، ایف 14اور 15 کی سکیم غیر آئینی ، غیر قانونی اور مفاد عامہ کیخلاف ہے، ریاست کی زمین اشرافیہ کیلئے نہیں، صرف عوامی مفاد کیلئے ہے۔ جج، افسران، پبلک آفس ہولڈرز مفاد عامہ کیخلاف ذاتی فائدے کی پالیسی نہیں بنا سکتے۔ جج اور افسران اصل اسٹیک ہولڈر یعنی عوام کی خدمت کیلئے ہیں ، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی آئین کیخلاف کوئی سکیم نہیں بنا سکتی۔
فیصلے میں سیکرٹری ہاوسنگ کو دو ہفتے میں فیصلہ کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیا گیا ہے اور توقع ظاہر کی گئی کہ کابینہ اور وزیراعظم چاروں سیکٹرز سے متعلق مفاد عامہ کے تحت پالیسی بنائیں گے۔