لاہور: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ غلط معلومات کا پھیلانا رائے سازی کو متاثر کرتا ہے اور ریاست کی سالمیت کیلئے بھی خطرہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں لاہور کور کی فارمیشن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف سے لمز، ایف سی یو، یو ای ٹی ، ایل ایس ای ، پی یو، جی سی یو کی فیکلٹی اور طلبہ نے ملاقات کی۔ فیکلٹی ارکان اور طلبہ نے آرمی چیف سے سیشن کے دوران سوالات بھی کیے۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہری بنانے پر معروف تعلیمی اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور ماحولیات میں انسانی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مذموم مفادات کیلئے غلط معلومات کا پھیلانا غلط تاثر کو جنم دیتا ہے، مذموم مفادات کیلئے غلط معلومات کا پھیلانا معاشرے میں ہم آہنگی اور ریاست کی سالمیت کیلئے بھی خطرہ ہے اور دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے متحد رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بہت زیادہ ذہین اور محنتی ہیں، پاکستانی نوجوان موقع اور ماحول ملنے پر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔
All posts by Khabrain News
یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ اجلاس میں غیر حاضری کی وجہ سامنے آگئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی آج سینیٹ کے اہم اجلاس سے غیر حاضری کی وجہ سامنے آگئی۔
سینیٹ اجلاس میں غیر حاضری اور فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نور ربانی کھر کی قل خوانی آج ہے کہ باوجود آدھی رات کو اجلاس طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں ملتان میں اپنے دیرینہ ساتھی اور پیپلزپارٹی کے دو ایم این ایز کے والد کی قل خوانی میں شرکت کرنی تھی، اس لیے صبح 10 بجے کسی بھی طرح اسلام آباد نہیں پہنچ سکتا تھا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت نے سوگواروں کی عدم دستیابی کا فائدہ اٹھا کر آدھی رات کو جان بوجھ کر خفیہ اجلاسوں کا شیڈول بنایا جو بہت چھوٹی حرکت ہے، یہ ہماری ثقافت، سیاست اور شائستگی کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور جمہوری سیاست کے ساتھ کی وابستگی کئی دہائیوں پر محیط ہے، جو حکومت کی مذموم اور گھٹیا کوششوں کے باوجود اٹل رہے گی۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ فواد چوہدری جو کہتے ہیں انہیں کہنے دیں کیونکہ میرے علاوہ اور بھی سنیٹر غائب تھے مگر انہوں نے جان بوجھ کر صرف میرا ذکر کیا۔
واضح رہے کہ آج سینیٹ کے اجلاس میں ایک ووٹ سے حکومت اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کروانے میں کامیاب ہوئی، جس پر فواد چوہدری نے یوسف رضا گیلانی اور پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کیا تھا۔
ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادو شمارجاری کردیئے ہیں جس کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 18.62 فیصد رہی ، سب سے کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 20.24 فیصد رہی ۔
اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 18 روپے 53 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا ، ٹماٹر کی فی کلو قیمت 78 روپے 71 پیسے ہوگئی ہے ، حالیہ ہفتے لہسن 13 روپے 55 پیسے فی کلو مہنگاہوا ، دال چنا 1 روپے 92 پیسے فی کلو، دال ماش 2 روپے 57 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ، دال مسور 1 روپے 54 پیسے، دال مونگ 68 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ۔
ادارہ شماریات کے مطابق مٹن 2 روپے 45 پیسے اوربیف 1 روپے 46 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 2 روپے 51 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ۔
حالیہ ہفتے 200 گرام سرخ مرچ کے پیکٹ کی قیمت میں 25 روپے 85 پیسے کم ہوکر 259 روپے 90 پیسے ہو گئی ہے ، ایک ہفتے کے دوران آلو 1 روپے 70 پیسے ، پیاز 1 روپے 15 پیسے فی کلو سستے ہوئے ، انڈوں کی قیمت میں 3 روپے 83 پیسےفی درجن کمی ہوئی ہے ۔
اعدادوشمار کے مطابق برائلر مرغی 3 روپے 20 پیسے سستی ہوکر 184 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی ہے ، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 5 پیسے کی کمی ہوئی ہے ، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 48 روپے 56 پیسے سستا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
پی ایس ایل7:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا زلمی کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 190 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور اوپنرز احسن علی اور وِل اسمیڈ کے درمیان 155 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔
تاہم کوئٹہ کو پہلا نقصان احسن علی کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 46 گیندوں پر 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن دوسری طرف سے وِ ل نے شاندار بیٹنگ کو جاری رکھا لیکن وہ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے اور اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔
انہوں نے 62 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
بھارت؛ خاتون کو اجتماعی زیادتی کے بعد منہ پر کالک مل کر گلیوں میں گھمایا گیا
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں سفاک ملزمان نے پہلے دوسالہ بچے کی ماں کو نہ صرف اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا بلکہ منہ پر کالک مل کر سڑکوں پر گھمایا گیا جس پر 11 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں خواتین کے جتھے کو ایک خاتون کو مارپیٹ کرتے ہوئے گلیوں میں گھماتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
متاثرہ خاتون کے بال کاٹ دیئے گئے ہیں اور ان کے چہرے پر کالک مل دی گئی ہے جب کہ کئی خواتین انھیں دھکا دیتیں اور تشدد بھی کر رہی ہیں۔ دیگر خواتین ویڈیوز بنارہی ہیں۔
یہ ویڈیو وائرل ہونے پر دہلی پولیس حرکت میں آئی، متاثرہ خاتون اور ان کے بیٹے کو بے ہوشی کے عالم میں ویرانے سے ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ویڈیو کی مدد سے پولیس نے خواتین سمیت 11 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی میں انتقاماً کیا گیا۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اسے پڑوسیوں نے اغوا کیا جہاں مردوں اور نوعمر لڑکوں نے اجتماعی زیادتی کی اور پھر پڑوسیوں کی خواتین نے بال منڈھ کر منہ پر کالک ملی اور گلی گلی پھرایا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ملزمان کے ایک 16 سالہ نوجوان رشتے دار نے متاثرہ خاتون کی جانب سے شادی کی پیشکش ٹھکرانے پر ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی تھی۔
مودی سرکار کے دباؤ پر ٹویٹر نے میرے فالورز کی تعداد گھٹا دی، راہول گاندھی
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے ٹویٹر انتظامیہ کو لکھے خط میں امتیازی سلوک کا شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ برس سے مسلسل کم ہوتے ہوتے نئے فالورز کی تعداد اب صفر ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس رہنما راہول گاندھی نے ٹویٹر انتظامیہ کو شکایتی خط میں لکھا ہے کہ گزشتہ برس اگست سے میرے نئے فالوورز کی تعداد میں اضافہ اچانک بند ہوگیا۔
راہول گاندھی نے مزید لکھا کہ بعد ازاں کچھ اضافہ ہونے لگا لیکن اس کے بعد پھر سے ہر ماہ فالوروز کی تعداد کم ہوتے ہوتے اب تقریباً صفر رہ گئی۔
اپوزیشن لیڈر رہول گاندھی کے بقول ٹویٹر انڈیا کے چند قابل اعتماد لوگوں نے بتایا کہ مودی حکومت کی طرف سے میری آواز کو خاموش کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
راہول گاندھی نے مزید لکھا کہ پہلے ان کا خیال تھا کہ ٹویٹر پر آزاد اور منصفانہ ٹویٹس کو روکنے میں نادانستہ پیچیدگی کا شکار ہے لیکن معاملہ برعکس نکلا۔
بھارتی اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ بھارت میں آمریت کے فروغ میں حکومت کی مدد نہ کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس مودی سرکار نے سوشل میڈیا کے نئے قوانین متعارف کرائے تھے جن میں ملک کی خودمختاری، ریاستی سلامتی اور امن عامہ کو نقصان کے نام پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پابندیاں عائد کی تھیں۔
جس پر سوشل میڈیا کمپنیوں نے مودی سرکار کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے قوانین کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سات ڈالر کی کرسی 21 ہزار ڈالر میں فروخت
لندن: (ویب ڈیسک) بسااوقات بے دھیانی میں خریدی ہوئی شے بھی ایک قیمتی خزانہ ثابت ہوسکتی ہے۔ عین اسی طرح سستی اشیا کی دکان سے خریدی گئی سات ڈالر کی کرسی اب 21 ہزار ڈالر یعنی 33 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی ہے۔
لکڑی اور بید کی پٹیوں سے بنائی گئی کرسی بیسویں صدی کے مشہورفنکار کولومن موسر نے اپنے ہاتھوں سے بنائی تھی۔ ایک خاتون نے بے دھیانی میں اسے برطانوی علاقے برائٹن سے خریدا تھا۔
تاہم خاتون کو اس کی اہمیت کا کچھ کچھ اندازہ ضرور تھا۔ کرسی گھر لانے کے بعد خاتون نے اس کی کچھ تصاویر وی اینڈ اے میوزیم کو بھیجیں لیکن وہاں سے کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کے بعد انہوں نے نایاب اور تاریخی اشیا خریدنے والی کمپنی سورڈرز کو بھیجیں۔
سورڈرز میں ڈیزائننگ کے ماہرجان بلیک نے فوری طور پر خاتون کو پرجوش جواب دیا۔ انہوں ںے کہا کہ یہ 1902 میں آسٹریا کے مشہور ڈیزائنر اور مصور کولومن موسر نے بنائی تھی۔ اس کے بعد ویانا کے ایک ماہر کو اس کی تصاویر اور ویڈیو بھیجی گئیں تو اس نے مہرِ تصدیق ثبت کردی۔
کولومن موسر ویانا اسکول آف اپلائیڈ آرٹس میں پڑھاتے رہے تھے۔ انہوں اٹھارویں صدی کی روایتی سیڑھی نما کرسی کو دوبارہ ڈیزائن کرکے ایک جدید روپ دیا تھا جو اس وقت بھی بہت پسند کیا گیا تھا۔ کچھ روز قبل سورڈرز نے کل 21874 ڈالر میں اسے نیلام کیا ہے۔
وٹامن ڈی اور اومیگا تھری گٹھیا کا مرض روکنے میں مؤثر ثابت
لندن: (ویب ڈیسک) وٹامن ڈی کو جادوئی وٹامن کہا جاتا ہے اور اب معلوم ہوا ہے کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹ اوراومیگا تھری فیٹی ایسڈ کا استعمال بہت حد تک ازخود پھوٹنے والے امنیاتی (آٹوامیون) امراض کو روک سکتے ہیں۔ ان میں گٹھیا، جوڑوں کا درد، تھائی رائیڈ کے امراض اور دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
برگھم اینڈ وومن ہاسپٹل کے مطابق ان دونوں سپلیمنٹ کے استعمال سے گٹھیا اور جوڑوں کے درد کا خطرہ 22 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ اس طرح عمررسیدہ افراد میں وٹامن ڈی کے مثبت اثرات کی پہلی براہِ راست شہادت ملی ہے۔ اس سروے کو ’لارج اسکیل وٹامن ڈی اینڈ اومیگا ٹرائل‘ (وائٹل) کا نام دیا گیا ہے۔
مطالعے میں 55 برس کے ہزاروں خواتین وحضرات کو شامل کیا گیا اور پانچ برس تک انہیں وٹامن ڈی اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی گولیاں یا سپلیمنٹ دی گئی تھیں۔ لیکن ماہرین نے کہا کہ صرف دو سال کے بعد ہی اس کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ۔ اس بنا پر ہم آبادی کے بہت بڑے حصے کو مفلوج کردینے والی ایک اذیت ناک کیفیت سے بچاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آٹو امیون امراض میں گٹھیا اور جوڑوں کا درد شامل ہے جو زندگی کے معمولات کو شدید متاثر کرتا ہے۔ جسم کا اپنا امنیاتی نطام ہی اسے بڑھاتا ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ روزانہ 2000 آئی یو وٹامن ڈی اور سمندری اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی 1000 ملی گرام مقدار استعمال کی جائے۔ لیکن یہ ان افراد کے لیے جو اس کیفیت کی ابتدائی علامات محسوس کررہے ہیں اور ان کی عمر 45 سال سے اوپر ہیں۔
اس تحقیق میں 25 ہزار سے زائد خواتین اور مردوں نے شرکت کی۔ ہزاروں افراد کو دو گروہوں میں بانٹا گیا جس میں دوسرے کو فرضی دوا دی گئی تھی۔ لیکن اس سے قبل تمام شرکا میں آٹو امیون بیماری کی کیفیت اور شدت کو بھی نوٹ کیا گیا تھا۔ ان میں سے جن افراد نے سپلیمنٹ استعمال کئے وہ بہت حد تک جوڑوں کے درد سے دور رہے۔
سائنسدانوں کے مطابق وٹامن ڈی اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ دل کے امراض ، اندرونی سوزش اور فالج سے بھی دور رکھتے ہیں۔
خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار باورچی بن گئے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ میں ’خطروں کے کھلاڑی‘ کا لقب حاصل کرنے والے اکشے کمار باورچی بن گئے۔
اکشے کمار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہیں ایک اشتہار میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اکشے کمار کا اشتہار دیکھ کر مداحوں کو ان کے سسر راجیش کھنہ کی یاد آگئی۔
بالی وڈ کے مایہ ناز اداکار راجیش کھنہ کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ اکشے کمار کی اہلیہ ہیں۔ راجیش کھنہ نے فلم انڈسٹری کی سپر ہٹ فلوں میں کام کیا، ان کی مشہور زمانہ فلم ’باورچی‘ ہے۔ اس فلم میں راجیش کھنہ نے ایک باورچی کا کردار ادا کیا تھا۔
اشتہار میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب اکشے کمار سودا سلف لے کر گھر میں داخل ہوتے ہیں تو ہر کوئی ان سے مزے مزے کے کھانوں کی فرمائش کرتا ہے جسے وہ خوش مزاجی سے قبول کرتے ہیں۔
فلم ’باورچی‘ میں جب راجیش کھنہ کو کھانا بنانے کا کہا دیا جاتا ہے تو وہ یوں ہی خوشی خوشی اس کام کو سر انجام دیتے تھے۔
اکشے کمار نے ’باورچی‘ سے متاثر ہوکر یہ اشتہار بنایا ہے۔
اشتہار انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اکشے کمار لکھتے ہیں کہ شاذ و نادر ہمیں زندگی میں اپنے معروف اداکاروں کا کردار ادا کرنے کا موقع میسر آتا ہے اور اس اشتہار کو کرتے ہوئے مجھے وہی خوشی محسوس ہوئی۔
کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ، باپ، بیٹے سمیت 4 افراد قتل
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے باپ، بیٹے سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا۔
کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں پر نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میں باپ، بیٹا بھی شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں کی غلام نبی، محمد سرور، مہراب خان اور مقبول احمد کے نام سے شناخت ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایک شخص زخمی ہے جسے فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ حملے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔