All posts by Khabrain News

کراچی میں بجلی کا تعطل برقرار، شہری 12، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ سے اذیت میں مبتلا

کراچی: (ؤیب ڈیسک) کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم ہوگئے، 12 گھنٹوں سے زائد طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کام کاج پر جانے والے شہری اور گھریلو خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
کراچی کو بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کیلئے چیلنج بن گئی۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بارہ گھنٹوں سے تجاوز کر گیا۔ صبح دفاتر، سکول اور کام کاج پر جانے والےشہری بجلی کی بار بار بندش سے تنگ آگئے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے حالیہ گرمی کی لہر میں بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ شہری کہتے ہیں کے الیکٹرک کی جانب سے ہزاروں روپے کے
بلز تو بھیج دیے جاتے ہیں مگر بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔
کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق کراچی میں 400 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے۔ طلب 3500 اور رسد 3100 میگاواٹ ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے بجلی کی فراہمی بلوں کی ادائیگی سے مشروط ہے۔

سورج آگ اگلنے لگا، لاہور میں پارہ 46، اسلام آباد میں 43 تک جانے کا امکان

لاہور: (ؤیب ڈیسک) ملک کے بیشترعلاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا، میدانی علاقے ہیٹ ویو کے زیر اثر رہیں گے، رات کو خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے ملک میں ہیٹ ویو کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، لاہور میں درجہ حرارت 46 اور فیصل آباد میں سینتالیس، بہاولپور، ڈی جی خان ،سرگودھا ،ساہیوال میں پارہ اڑتالیس تک جانے کی پیشگوئی ہے۔
سندھ میں گرمی حدوں کو چھو رہی ہے، موہنجو داڑو، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت پچاس سے بھی اوپر جانے کا امکان ہے، بلوچستان کے علاقے سبی میں بھی پارہ پچاس تک جانے کی توقع ہے۔

بھارت نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کر دی

نئی دہلی: (ؤیب ڈیسک) بھارت نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کر دی۔
بھارتی حکومت نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی حکومت نے مہنگائی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔
یہ قدم ایک ایسے وقت پر اٹھایا گیا ہے۔ جب یوکرین جنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں گندم کی قلت دیکھی جا رہی ہے۔بھارت گندم پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔
تاہم رواں برس اپریل میں گندم کی قیمتیں پہلی بار گزشتہ ایک دہائی کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ بھارتی حکومت کو افراط زر کی شرح میں تشویشناک اضافے پر خدشات لاحق ہیں۔
واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ اور پابندیوں کے باعث دنیا بھر میں گندم کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔روس اور یوکرین دنیا میں گندم پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہیں۔
دنیا میں گندم کی مجموعی تجارت میں دونوں کا لگ بھگ دو تہائی حصہ ہے۔ روس دنیا میں گندم برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے تو یوکرین چوتھا بڑا ملک ہے۔

عمران خان نے جلسوں میں آمدورفت کے لیے سیکیورٹی مانگ لی

اسلام آباد : (ؤیب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے مختلف شہروں میں جلسوں کے لیے آمدورفت کے لیے سیکیورٹی مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سیکریٹریٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔ سابق وزیر اعظم کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر انٹری اور ایگزٹ کے لیے چائنہ گیٹ کے استعمال کی اجازت دی جائے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اے ایس ایف سے بھی سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کی درخواست کی گئی ہے۔

حج 2022 کی قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہوگی

اسلام آباد : (ؤیب ڈیسک) سرکاری حج اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کے نام کا اعلان آج کیا جائے گا۔
حج 2022 کی قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہوگی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابقپاکستان کیلئے حج کوٹہ 81 ہزار مقرر ہے۔ملک بھر سے سرکاری اسکیم کے لیے 63 ہزار سے زائد حج درخواستیں جمع ہوئیں۔
سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ 32 ہزار ہے ۔ٹوٹل کوٹہ میں 40فیصد سرکاری اور60 فیصد پرائیویٹ حج اسکیم کا ہے۔سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات سات سے دس لاکھ روپے ہوں گے

سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں دم توڑگئے

سڈنی: (ؤیب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں دم توڑ گئے، لیجنڈری کھلاڑی کی موت پر سابق کرکٹر اور شائقین کرکٹ نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر، سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ لیجندڑی کرکٹر کی کار کو حادثہ آسٹریلیا کے شہر ٹاؤنزویل کے قریب پیش آیا۔
46 سالہ کرکٹر نے 26 ٹیسٹ 198 ون ڈے اور 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، اینڈریو سائمنڈز نے انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر6 ہزار 887 رنز اور 165 وکٹیں حاصل کیں۔ لیجنڈری آل راؤنڈر 2مرتبہ آسٹریلوی ورلڈ چیمپئن اسکواڈ کا حصہ بھی رہے۔
اینڈریو سائمنڈ کی موت پر سابق کرکٹرز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے کرکٹ کی دنیا کے لیے صدمہ قرار دیا ہے۔ کرکٹر ایڈم گلکرسٹ، جیسن گلیسپی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ یہ واقعہ تکلیف دہ ہے۔
افسوسناک واقعے پر پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اینڈریو سائمنڈز کی موت کا سن کر بہت اداسی ہوئی۔ بھارتی کرکٹرز ہربھجن سنگھ ، انیل کمبلے اور لکشمن نے بھی سائمنڈز کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔
سابق انگلش کپتان مائیل وون کا کہنا ہے کہ سائمنڈز کی موت کا یقین نہیں آرہا، اینڈریو سائمنڈز کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

پنجاب کی تمام شوگر ملز کو چینی 70 روپے فی کلو میں فروخت کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف چینی کی قیمت میں کمی کے لیے متحرک ہوگئے، حمزہ شہباز نے تمام شوگر ملز کو چینی 70 روپے فی کلو میں فروخت کرنے کی ہدایت کردی

وزیر اعلٰی پنجاب کی ٹیم نے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات ہوئے جس میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ حمزہ شہباز نے تمام شوگر ملوں کو چینی 70 روپے کلو فروخت کرنے کی تلقین کردی۔

اس حوالے سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو حتمی فیصلے کے لئے 24 گھنٹے کا وقت دے دیا گیا ہے، شریف فیملی کی شوگر ملز سے چینی 70 روپے فی کلو میں دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

میرانشاہ میں خودکش دھماکا ، تین سکیورٹی اہلکار اور تین بچے شہید

لاہور: (ؤیب ڈیسک) شمالی وزیر ستان کے علاقہ میرانشاہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین سکیورٹی اہلکار اور تین معصوم بچے شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں لانس حوالدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اسفر، قاسم مقصود شامل ہیں جبکہ شہید ہونے والے بچوں کے نام احسن عمر 8 سال، احمد حسن عمر 11 سال اور انعم عمر 4 سال بتائے گئے ہیں۔
دہشت گردی کے واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی جبکہ سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ایجنسیوں نے دھماکے کے مقام سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے، سہولت کاروں کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب پشاور کے علاقے بٹّہ تل بازار میں فائرنگ کر کے 2 سکھ تاجروں کو قتل کر دیا گیا، نامعلوم افراد نے رنجیت سنگھ اور کول جیت سنگھ کو ان کی دکان پرگولیوں کا نشانہ بنایا۔ مقتولین کی بٹّہ تل بازار میں مصالحہ جات کی دکان تھی۔پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی شروع کر دی۔

بلاول کی آج کراچی آمد، بھرپور استقبال کا پروگرام، پارٹی پرچم اور بینرز آویزاں

کراچی: (ؤیب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی آج کراچی آمد پر جیالوں نے بھرپور استقبال کا پروگرام بنا لیا، شہر میں پارٹی پرچم اور بینرز آویزاں کر دیئے۔
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سیاسی اجتماعات میں تیزی آ گئی، 18 اکتوبر 2007 میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو جبکہ 2016ء میں 23 دسمبر کے روز آصف علی زرداری کا کراچی ائیرپورٹ کے اولڈ جناح ٹرمینل پر جیالوں نے پرتپاک استقبال کیا تھا، اب 15 مئی کو اولڈ ٹرمینل پر جیالے بلاول بھٹو کی کراچی آمد کے منتظر ہوں گے۔
تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کا سہرا جیالوں نے بلاول بھٹو کے سر چڑھا دیا ، پارٹی چیئرمین کی کراچی آمد کے موقع پر استقبال کے حکمت عملی تیار کر لی، کراچی پہنچنے پر جیالے قائد کا نہ صرف پرتپاک استقبال کریں گے بلکہ کراچی ائیر پورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر جلسہ عام کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو کی کراچی آمد کے موقع پر شارع فیصل اولڈ ٹرمینل اور اولڈ ٹرمینل پر پارٹی پرچم اور بینرز لگا دئیے گئے ہیں جبکہ کراچی کے تمام اضلاع میں اس سلسلے میں استقبالیہ کیمپ لگانے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو آج شام 5 بجے کراچی پہنچیں گے، پیپلز پارٹی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ کراچی کی عوام بڑی تعداد میں بلاول بھٹو کا استقبال کرنے کے لئے کراچی ائیرپورٹ کا رخ کرے گی۔

سیہون شریف کے قریب دو بسوں میں خوفناک تصادم، 4 افراد جاں بحق، 25 سے زائد زخمی

لاہور: (ؤیب ڈیسک) سیہون شریف کے قریب مسافروں سے بھری دو بسیں آمنے سامنے ٹکرا گئیں، خوفناک حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔
حادثہ سیہون شریف کے قریب انڈس ہائی وے روڈ پر آمری کے مقام پر پیش آیا، جاں بحق افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ زخمیوں میں نظیر، ظفر، افتخار، امداد، عرفان، خیرجان، مسمات نوشاد شیخ، عالیہ، حاجراں، بشیر، گلناز، شفیق، عبداللہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جامشورو فریدالدین مصطفی کے مطابق ایک مسافر کوچ کراچی سے لاڑکانہ جارہی تھی، دوسری کوچ لاڑکانہ سے کراچی جارہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث آمنے سامنے تصادم ہو گیا، زخمیوں کو سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیہون منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،تمام زخمیوں کو سیہون اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
حادثے کا شکار کوچز مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ حادثے کی اطلاع پر مقامی رہائشیوں نے پولیس اور ریسکیو عملے کی مدد سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کروایا۔