All posts by Khabrain News

عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی، ان کی طرح ہر جگہ بھیک نہیں مانگیں گے: بلاول

لاہور: (ؤیب ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی ہیں ، عمران خان کی طرح ہر جگہ بھیک نہیں مانگیں گے۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل میں بلاول بھٹو نے کہا وہ امریکا جا رہے ہیں لیکن پیسے مانگنے نہیں۔ دورہ امریکا کا مقصد فوڈ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت ہے، ملکی معیشت بہتر کرنے کیلئے کاروبار پر فوکس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حکومت میں ہوتے ہوئے ذمہ داری پوری نہیں کی۔ عمران خان سسٹم میں رہ کر کردار ادا کریں، انہوں نے کہا عمران خان آج تک شہید بینظیر بھٹو کی کردار کشی کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کی محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب امارات کا صدر بننے پر مبارکباد

اسلام آباد: (ؤیب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب امارات کا صدر بننے پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے نئے صدر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کثیرالجہت شراکت داری ہے، نئی اماراتی قیادت کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر تعزیت کیلئے لندن سے متحدہ عرب امارات چلے گئے ہیں جہاں نئے صدر محمد بن زید النہیان سے تعزیت کریں گے۔
یاد رہے کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 73 سال کی عمر میں دو روز قبل انتقال کرگئے تھے، ان کی وفات پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

سرکاری زمین پر قبضے کا الزام ، حلیم عادل کی رہائش گاہ پر چھاپہ، ایک ملازم زیر حراست

کراچی: (ؤیب ڈیسک) چالیس ایکٹر سرکاری زمین پر قبضے کے الزام میں درج مقدمات میں گرفتاری کے لئے ویسٹ پولیس نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، حلیم عادل نے ضمانت کا آرڈر دکھایا، پولیس واپس چلی گئی ۔ دوسری کارروائی میں انٹی اینکروچمنٹ فورس نے ایک ملازم کو حراست میں لے لیا۔
اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ ایک بار پھر مشکل صورتحال سے دوچار ہو گئے، ویسٹ زون پولیس اور انٹی اینکروچمنٹ فورس نے چالیس ایکٹر سرکاری زمین پر قبضے کے الزام میں دو مقدمات درج کر لئے، انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں پولیس حلیم عادل کے گھر پہنچی ، انہوں نے عدالت کا ضمانت کا آرڈر دکھا دیا، پولیس کی نفری واپس چلی گئی۔
پولیس کے جانے کے دو گھنٹے بعد انٹی اینکروچمنٹ فورس نے چھاپہ مارا، حلیم عادل گھر نہ ملے تو ملازم کو حراست میں لے لیا۔ انٹی اینکروچمنٹ کا کہنا ہے ان کے مقدمے میں حلیم عادل نے ضمانت حاصل نہیں کی جس کے بعد انٹی اینکروچمنٹ فورس بھی روانہ ہوگئی۔
قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی کہتے ہیں بے بنیاد مقامات بنائے جا رہے ہیں، مقدمہ میں جس وقت کا ذکر کیا جارہا ہے اس وقت میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں تھا۔ پولیس کے متحرک ہونے سے لگتا ہے جیسے پورے سندھ پر قبضہ کر لیا ہے۔ شہزادو لغاری جسے گرفتار کیا گیا ہے میرے دوست کا بیٹا ہے، آصف علی زرداری بدنام زمانہ لینڈ گریبر علی حسن بروہی کے ذریعے یہ کام کروا رہے ہیں۔ علی حسن بروہی زمینوں پر قبضوں کا سارا نظام چلا رہا ہے جو آصف علی زرداری کا دست راست ہے۔
رکن قومی اسمبلی علی زیدی اور کئی دیگر رہنما اور بڑی تعداد میں کارکن چھاپے کی خبر ملتے ہی حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے، علی زیدی کا کہنا ہے سندھ حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے، انصاف کے لئے عدالتوں کا دروازہ کھٹکٹائیں گے، ہر فورم پر نا انصافی کے خلاف احتجاج کریں گے۔
پولیس کے روانہ ہونے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے علامتی احتجاجی ریلی نکالی جس میں سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

امریکا میں نسلی تعصب کا دلخراش واقعہ، ٹارگٹڈ فائرنگ سے 10 سیاہ فام شہری ہلاک

نیویارک: (ؤیب ڈیسک) امریکی ریاست نیویارک میں سفید فام حملہ آور کی ٹارگٹڈ فائرنگ سے 10 سیاہ فام شہری ہلاک ہو گئے، واقعے میں 3 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بفیلو شہر میں پیش آیا جہاں فوجی یونیفارم پہنے مسلح شخص نے سپر مارکیٹ میں گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، حملہ آور نے 13 افراد کو گولیاں ماریں جن میں 11 سیاہ فام شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کی عمر صرف 18 سال ہے اور وہ نسلی تعصب سے متاثر ہے، ملزم سے نفرت انگیز جرائم کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے، حملہ آور نے لوگوں پر فائرنگ کے مناظر کو سوشل میڈیا پر لائیو دکھایا۔

پاکستان اقوام متحدہ کی خشک سالی سے شدید متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ’گلوبل لینڈ آؤٹ لک‘ رپورٹ کے مطابق پاکستان ان 23 ممالک میں شامل ہے جنہیں گزشتہ 2 برسوں (2020-2022) کے دوران خشک سالی کی ہنگامی صورتحال کا سامنا رہا ہے۔

 اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بنجرپن (یو این سی سی ڈی) کی جانب سے اقوام متحدہ کے بنجر پن اور خشک سالی کے عالمی دن (17 جون) سے قبل جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ صدی کے دوران خشک سالی سے سب سے زیادہ ایشیائی ممالک کے باشندے متاثر ہوئے۔

اقوام متحدہ کی جاری کردہ تحقیق کے مطابق جن ممالک کو خشک سالی کی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے ان میں افغانستان، انگولا، برازیل، برکینا فاسو، چلی، ایتھوپیا، ایران، عراق، قازقستان، کینیا، لیسوتھو، مالی، موریطانیہ، مدغاسکر، ملاوی، موزمبیک، نائجر، سومالیہ، جنوبی سوڈان، شام، پاکستان، امریکا اور زیمبیا شامل ہیں۔

مستقبل کے حالات کے بارے میں رپورٹ میں 2050 تک نتائج اور اس میں شامل خطرات کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2050 تک اضافی 40 لاکھ مربع کلومیٹر قدرتی علاقوں (جو کہ بھارت اور پاکستان کی حجم کے برابر ہیں) کو بحالی کے اقدامات کی ضرورت ہوگی، جن کے تحت علاقوں کے تحفظ کے اقدامات کو بڑھایا جائے گا، حیاتیاتی تنوع، پانی کے ضابطے، مٹی اور کاربن کے ذخیرے کے تحفظ، اور ماحولیاتی نظام کے اہم افعال کی فراہمی شامل ہوگی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زمین کی 40 فیصد سطح تباہ حالی کا شکار ہے جو کہ براہ راست انسانی آبادی کے نصف کو متاثر کرنے کے ساتھ تقریبآ 44 کھرب ڈالرز کی عالمی معیشت کے نصف کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے، 2050 تک صورتحال اگر اسی طرح جاری رہی تو رپورٹ میں تقریباً جنوبی امریکا کے رقبے کے برابر علاقے کے مزید تباہی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2030 تک تباہ حالی کا شکار ایک ارب ہیکٹر کی بحالی کے عزم کے لیے رواں دہائی میں 1.6 ٹریلین ڈالر کی ضرورت ہے جو کہ آج کے سالانہ 7 کھرب ڈالرز کی فوسل فیول اور زرعی سبسڈی کا ایک حصہ ہے۔

رپورٹ میں تنبیہ کی گئی ہے کہ جدید تاریخ کے کسی اور موڑ پر انسانیت کو ایسے مانوس اور غیرمانوس خطرات کا سامنا نہیں کرنا پڑا جو ایک انتہائی جڑی ہوئی اور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں پیش آ رہے ہیں۔

پیٹرولیم قیمتیں 86 روپے فی لیٹر بڑھنے کا امکان، سبسڈی دینے سے 75 ارب کا بوجھ پڑسکتا ہے

اگر حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت پرائس ڈیفرنشل کلیم کے طور پر آئل کمپنیوں کو ادائیگیوں میں کوئی سبسڈی دینے کا فیصلہ کرتی ہے تو آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 86 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے جس میں ٹیکس شامل نہیں ہوگا جبکہ سبسڈی فراہم کرنے کی صورت میں قومی خزانے پر 75 ارب روپے بوجھ پڑ سکتا ہے۔

 اسلام آباد میں مقیم آئی ایم ایف کے نمائندے استھر پریز روئز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم 18 مئی سے دوحہ میں موجود پاکستانی حکام کے ساتھ اسٹاف مشن کا آغاز کرے گی۔

آئی ایم ایف اور مفتاح اسمٰعیل کی زیر قیادت اقتصادی ٹیم نے اپریل کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف فنڈ پروگرام کو بحال کرتے ہوئے 2 ارب ڈالر کی توسیع اور آئندہ بجٹ میں ایندھن اور توانائی کی سبسڈی سمیت دیگر اقدامات کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کے ساتھ ایک سال کی توسیع پر اتفاق کیا۔

حکومت اس وقت پیٹرول پر 31 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 73 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کر رہی ہے علاوہ ازیں بجلی پر فی یونٹ 5 روپے سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 52 روپے اور 69 روپے فی لیٹر اضافے کا حساب لگایا گیا ہے جس میں ٹیکس شامل نہیں ہوگا۔

اس عمل کے لیے رواں ماہ کے اختتامی پندرہ روز کے لیے پی ڈی سیز کے طور پر آئل کمپنیز کو قومی خزانے سے تقریباً 75 ارب روپے کی اضافی رقم ادا کرنی ہوگی۔

اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریٹ کی موجودہ شرح جو اس وقت زیرو ہے، اس کے مطابق تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 46 سے 86 فیصد فی لیٹر اضافہ ہونا چاہیے تاکہ سبسڈی کے کسی عنصر کے بغیر صارفین سے بریک ایون (وہ قیمت جس میں نافع حاصل ہو نہ ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑے) قیمت حاصل کی جاسکیں۔

آرمی چیف کا کور ہیڈکوارٹرز بہاولپور کا دورہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز بہاولپور کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے مورال اور آپریشن تیاریوں کو سراہا، کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیانے آرمی چیف کااستقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب بھی کیا،آرمی چیف نےمینٹی ننس سہولیات اورپیشہ ورانہ ترقی کے ریسورس سنٹر کا بھی دورہ کیا۔

عمران خان نے اپنے قتل کی سازش کی ویڈیو فرح گوگی کے پاس رکھی ہے، ناصر شاہ کا طنز

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے چیئرمین عمران خان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے قتل کی سازش کے بیان پر انہیں طنز کا نشانہ بنایا ہے۔
عمران خان کی تقریر پر رد عمل میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آج عمران کی تقریر ایک شکست خوردہ شخص کی تقریر تھی، ان کے پاس کچھ بتانےکے لیے نہیں تھا تو اپنے قتل کا شوشہ چھوڑا۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے قتل کی سازش کی ویڈیو فرح گوگی کے پاس رکھی ہے، لگتا ہے عمران خان اب ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا مشورہ ہےکہ پی ٹی آئی والے عمران خان کو کسی اچھے نفسیاتی ڈاکٹر کو دکھائیں، اگر چاہیں تو ہم ان کو گدو کے نفسیات وارڈ میں داخل کرسکتے ہیں۔

عمران خان جان کو خطرے کا کہہ کر شعبدہ بازی کر رہے ہیں: وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی باتیں سن کر ان کے ذہنی توازن پر شک ہوتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملکی معیشت کو وینٹی لیٹر پر پہنچایا، کوئی بات نہیں عمران مجھے وینٹی لیٹر کہہ دے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست جانتے تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا، یہ سب باتیں ہیں کہ سازش ہو رہی ہے، جب تک ان کی سرپرستی ہوتی رہی سب اچھا تھا، جب تک انہیں بے ساکھیاں فراہم ہوتی رہیں تب تک سب ٹھیک تھا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر کوئی ان سے قانون کے تحت ڈیل کرے تو یہ گالیوں پر اتر آتے ہیں، سیاست دانوں کو ایسی زبان نہیں استعمال کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جان کو خطرے کا کہہ کر شوبدا بازی کر رہے ہیں، ماضی میں بھی ایسی حرکتیں ہوتی رہی ہیں، اگر انہیں پتہ تھا تو یہ پہلے کیوں نہیں بولے، تین سال تک یہ حکمرانی میں تھے بولتے نا، اتنا عرصہ اقتدار میں رہنے کے بعد تو ان میں بلوغت آنی چاہیئے تھی۔

جلد انتخابات کے حوالے سے پیر کو اتحادی جماعتوں کا اجلاس متوقع

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم کی جانب سے جلد انتخابات اور حکومتی مدت پوری کرنے کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کا اجلاس 16 مئی کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پیر16 مئی کو تمام اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کی توقع ہے جس میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے پاکستان کے سیاسی اور معاشی مستقبل، موجودہ حکومت کی آئینی مدت پوری کرنے یا جلد الیکشن میں جانے سے متعلق متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم معاشی صورت حال پر بھی اتحادی جماعتوں کے قائدین کو اعتماد میں لیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اتوار کو لندن سے ابوظبی روانہ ہوں گے جہاں وہ متحدہ عرب امارات کے صدر صدر شیخ خلیفہ کی وفات پر پاکستان کی طرف سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور اتوار کی شب پاکستان واپس پہنچ جائیں گے۔
پاکستان واپسی کے اگلے روز تمام اتحادی جماعتوں کا اجلاس متوقع ہے جس میں لندن دورے میں کیے جانے والے فیصلوں سمیت ملک کی تازہ ترین صورت حال پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، اتحادی جماعتوں کے سامنے تمام صورت حال اور معاشی حالات رکھے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حتمی طور پر مشاورت سے یہ طے کیا جائے گا کہ موجود حکومت نے آئینی مدت مکمل کرنا ہے نہیں، مدت پوری ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف سے معاشی معاملات طے اور پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ ہوگا،آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے پر سعودی عرب، یو اے ای،قطر اور چین سے معاشی مالی پیکج بھی ملنے کا امکان ہے۔ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے پر فوری الیکشن میں جانا ہوگا، اجلاس میں ملکی تازہ ترین سیاسی معاشی صورتحال تمام اتحادی جماعتوں کے سامنے رکھ کر مشترکہ اور اہم دور رس نتائج کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔