All posts by Khabrain News

یوکرین امن مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، روس

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین میں روس کے خصوصی آپریشن کے آغاز کے بعد ماسکو اور کیف استنبول میں یوکرین جنگ کے حل کیلئے مذاکرات کے کئی دور کرچکے ہیں جو کہ اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پائے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق کریملن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ماسکو-کیف مذاکرات سردمہری کا شکار ہیں۔ پوٹن نے مذاکراتی عمل کے حوالے سے کہا کہ یوکرین نے مذاکرات معطل کیے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین تعمیری مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتا اور غیر سنجیدہ ہے۔
واضح رہے کہ ڈونباس میں آٹھ سال سے جاری جنگ کو روکنے کے لیے ماسکو نے فروری میں آپریشن شروع کیا تھا۔ صدر پیوٹن نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں یوکرینی فوج کی کارروائیاں نسل کشی کے مترادف ہیں اور کہا کہ روس کا ہدف یوکرین کے ’نازی ازم‘ کو روکنا ہے۔

نیٹو جوائن کریں گے، فن لینڈ کا روس کو واضح پیغام

ہیلسنکی: (ویب ڈیسک) فن لینڈ کے صدر ساؤلی نینسٹو نے کہا ہے کہ نیٹو میں شامل ہو کر فن لینڈ اپنی سیکیورٹی کو مضبوط کرے گا اور اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گا۔ اور یہ بات کوئی ڈھکی چھپی نہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق فن لینڈ کے صدر ساؤلی نینسٹو نے ولادیمیر پوٹن سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ فن لینڈ آنے والے دنوں میں نیٹو کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کررہا ہے۔
صدارتی دفتر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ساؤلی نینسٹو نے روسی صدر کو فون پر بات چیت میں بتایا کہ یوکرین پر ماسکو کے حملے کے بعد فن لینڈ کی سیکیورٹی کے حوالے سے حالات بدل گئے ہیں۔ فن لینڈ کے صدر نے ماسکو کے اس مطالبے کی طرف بھی اشارہ جس میں روس نے بارہا اپنی سیکورٹی خدشات کے تحت فن لینڈ کو نیٹو میں رکنیت حاصل کرنے سے منع کیا ہے۔
ساؤلی نینسٹو نے بتایا کہ (پیوٹن کے ساتھ) بات چیت صاف اور غیر مبہم اور بغیر مبالغہ کے تھی جبکہ گفتگو کے دوران تناؤ میں کمی کو مدِنظر رکھا گیا۔

چاند کی مٹی میں پودا اگانے کا تجربہ کامیاب

لاہور: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے پہلی بار چاند کی مٹی میں پودے اگانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سانسدانوں کی ٹیم نے تقریبا پچاس سال قبل چاند سے اکھٹی کی گئی مٹی میں پودوں افزائش کی ہے۔
تحقیق کاروں کی اس وقت حیرت کی انتہا نہ رہی جب انھوں نے دیکھا کہ چاند کی مٹی میں بیچ صرف دو دن میں ہی پھوٹ پڑے۔
اس ضمن میں ایک سائنسدان نے کہا کہ وہ بہت حیران ہیں، پودا چاند کی مٹی میں اگا ہو یا کنٹرول انوائرمنٹ میں چھ دن کے اندر ایسا نظر آتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چاند کی مٹی میں اگے پودے جلد ہی مرجھا گئے تھے تاہم سائنسدان اس چاند اور مریخ کے مشنز کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس کامیاب تجربے کی بدولت اب چاند اور مریخ پر سائنسدانوں کے لیے خوراک کا انتظام کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔
محققین کے لیے ایک مشکل یہ ہے ان کے پاس تجربہ کرنے کے لیے چاند کی اتنی زیادہ مٹی نہیں۔
ناسا کے خلا باز سنہ 1969 سے تین سال کے عرصے میں چاند کی سطح سے 382 کلوگرام چاند کی چٹانیں، بنیادی نمونے، کنکریاں، ریت اور مٹی واپس لائے۔

سابق قومی کپتان راشد لطیف نے سیاست میں آنے کا اعلان کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے عملی طور پر سیاست میں آنے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ملکی حالات کو بغور دیکھ رہا ہوں اور ابھی کام کرنے کی سکت رکھتا ہوں، لہذا ممکن ہے کہ آئندہ دو سے تین سال میں آپ مجھے سیاست میں دیکھیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی جماعت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا البتہ میرے سیاسی نظریات اور وابستگی سے سب واقف ہیں۔
سابق کرکٹر نے 1992ء سے 2005ء تک پاکستان کے لیے 37 ٹیسٹ اور 166 ون ڈے انٹرنیشنل میں قومی ٹیم کی نمائندگی جبکہ حال ہی میں وہ کشمیر پریمئیر لیگ کے بطور ڈائریکٹر کرکٹ وابستگی اختیار کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کے ساتھ دوبارہ وابستہ ہونے جارہے ہیں، جہاں وہ فرنچائز کے لیے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور دیگر دوسرے کاموں میں مصروف نظر آئیں گے۔
سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے منسلک ہونے سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضرور وہ اس حوالے سے اچھی آفر کے بعد فیصلہ کریں گے۔

عامر لیاقت حسین کا ہمیشہ کیلئے پاکستان چھوڑنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے ہمیشہ کیلئے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت کی تیسری بیوی دانیا شاہ نے ان سے علیحدگی کیلئے عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔ اس دوران دانیا شاہ کی جانب سے عامرلیاقت کے حوالے سے متعدد آڈیوز اور ویڈیوز بھی لیک کی گئی۔ ایک ویڈیو میں عامر لیاقت برہنہ حالت میں دکھائی دئیے جس کے بعد سوشل میڈیا پر عامر لیاقت اور دانیا شاہ دونوں پر کڑی تنقید کی گئی۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں عامر لیاقت نے کہا کہ وہ کچھ ہی دیر میں اپنی تیسری اہلیہ کے ساتھ چل رہے تنازعے پر پاکستان کی سرزمین سے اپنا آخری بیان جاری کریں گے اور اس کے بعد ہمیشہ کیلئے چلے جائیں گے۔
پی ٹی آئی منحرف رکن قومی اسمبلی نے ہیش ٹیگ میں اللہ حافظ پاکستان بھی لکھ دیا ہے۔

ملک میں جلسوں کی گہما گہمی عروج پر، ن لیگ کا اتوار کو گجرات میں پاور شو

گجرات: (ویب ڈیسک) ملک میں سیاسی جلسوں کی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، پاکستان تحریک انصاف کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی میدان میں آ گئی، صوابی کے بعد گجرات میں پاور شو کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن اٹک کی تحصیل فتح گڑھ، خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے بعد گجرات میں کل پاور شو کرے گی جس کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ لیگی نائب صدر مریم نواز کے جلسہ کیلئے 80فٹ لمبا اور 20فٹ اونچا سٹیج تیار کر لیا گیا۔
کارکنوں اور مہمانوں کیلئے 30ہزار کرسیاں اور لائیٹنگ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ مریم نواز اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز اتوار شام 6بجے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
ڈی پی او گجرات کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر لئے گئے۔ 3 ہزار افسران و ملازمین سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

شریف فیملی کی شوگر ملز سے چینی 70 روپے میں فروخت کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) شریف فیملی نے اپنی زیر ملکیت شوگر ملوں سے چینی 70 روپے کلو میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پنجاب میں چینی کی قیمت میں کمی لائی جاسکے۔
برسراقتدار شریف فیملی نے پنجاب میں چینی کی قیمت میں کمی کے لیے اپنی ملکیت شوگر ملوں سے چینی 70 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ٹیم نے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے ملاقات کی جس میں حمزہ شہباز کی ٹیم اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان چینی کی قیمت میں کمی لانے کے لیے مذاکرات ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کی جانب سے پنجاب بھر میں چینی 70 روپے میں فروخت کرنے کے حتمی فیصلے کے لیے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔
وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں چینی 75 سے کم کرکے 70 روپے فی کلو گرام اور 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 550 سے کم کرکے 400 روپے میں فروخت کرنے کی ہدایت دی تھی۔

ایشیاکپ ہاکی ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں ہونے والے ایشیاکپ ہاکی فائیو ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
قومی ٹیم کا ٹریننگ سیشن اور ٹرائلز اتوار کے روز ہونگے جس کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جائے گا، پاکستان ہاکی ٹیم کی جکارتہ روانگی 19 مئی کو طے ہے۔
پاکستانی ٹیم پہلے روز پولینڈ اور بھارت کے خلاف میچز کھیلے گی جبکہ اگلے روز 5 جون کو قومی ٹیم کے میچز سوئٹز رلینڈ اور ملائیشیا کے ساتھ شیڈول ہیں۔
قومی ٹیم کا کیمپ ان دنوں ریحان بٹ کی نگرانی میں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہیں، کیمپ میں اس وقت 15 کھلاڑی شریک ہیں جس کے بعد 9 رکنی ٹیم منتخب کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پروگرام کے مطابق فائنل بھی 5 جون کو ہی کھیلا جائے گا۔

فیصل آباد انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو جلسے کی غیر مشروط اجازت دینے کا فیصلہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی جگہ تبدیلی ہونے کے بعد لاٹھی چارج کے بعد فیصل آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کو غیر مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد کی دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں سیکیورٹی پلان اور انتظامات پر کام کیا جانے لگا، تحریک انصاف کی جانب سے درخواست میں اجازت طلب نہیں کی گئی تھی۔ درخواست میں انتظامیہ کو جلسے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل سیالکوٹ کی پولیس نے بلااجازت مسیحی برادری کے سی ٹی آئی میدان میں جلسہ کرنے کی کوشش پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کردیا گیا جبکہ پی ٹی آئی نے بھی جلسے کا مقام تبدیل کرلیا۔
سیالکوٹ میں چرچ کی زمین پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسہ منعقد کرنے کی کوشش کی۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا کہا جس سے انہوں نے انکار کردیا۔ جلسہ گاہ تبدیل نہ کرنے پر پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس نے عثمان ڈار، عمر ڈار، حافظ حامد رضا، علی اسجد ملہی، مہر کاشف، سعید احمد ، بیرسٹر جمشید غیاث بھلی کوحراست میں لے لیاگیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے جلسہ گاہ سے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کردیا اور گراؤنڈ کو خالی کروالیا۔ بعدازاں تمام گرفتار شدگان کو رہا کرکے تھانہ لیسر کلاں سے واپس سیالکوٹ روانہ کردیا گیا۔

دادو میں شدید گرمی 3 بچوں کی جان لے گئی

سندھ کے شہر دادو میں شدید گرمی کی لہر تین بچوں کی جان لے گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے شہر دادو میں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ دادو کی تحصٰل جوہی کے گاؤں ولی محمد مستوئی میں گرمی سے تین کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی امدادی ٹیمیں متاثرہ گاؤں پہنچ گئیں۔

ملک کے بیشترعلاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر مئی کے آخر تک شدت کے ساتھ برقرار رہ سکتی ہے۔

آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی، دادو اور لاڑکانہ میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

حیدرآباد اور سرگودھا 47، فیصل آباد،لاہور اور ملتان 46، سکھر 45، شیخوپورہ 44، اسلام آباد میں 43 ،کراچی میں 42 اور پشاور میں پارہ 41 ڈگری پر پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہےکہ گرمی کی لہر اگلےہفتے بھی جاری رہے گی تاہم 14 سے 17 مئی کے دوران گرمی کی لہر میں قدرے کمی کی توقع ہے اس کے بعد 18مئی سے بیشتر علاقوں میں دن کا درجہ حرارت مزید بڑھنےکا امکان ہے، 18 مئی سےدرجہ حرارت میں 7 سے 9 ڈگری اضافہ ہوسکتا ہے۔