All posts by Khabrain News

عمران خان نے ملکی معیشت کیخلاف جو سازش کی، اس سے بڑی سازش نہیں ہوسکتی: فیصل سبزواری

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بحری امور سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے خلاف عمران خان نے جو سازش کی، اس سے بڑی سازش نہیں ہو سکتی۔
ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ 9 مارچ 2022 کو عمران خان ہمارے مرکزی دفتر میں تشریف لائے تھے تو کیا اس وقت ان کو نہیں پتہ تھا؟ یہ ہمارے اوپر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ اگر انہیں سب علم تھا تو ایم کیو ایم کی 7 سیٹوں پر وزیراعظم کیوں بنے تھے؟
انہوں نے کہا کہ یہ بتائیں کہ گزشتہ ساڑھے 3 سالوں میں ان کی کیا کارکردگی تھی؟ ان کے خلاف کسی نے کیا سازش کرنی ہے؟
فیصل سبزواری نے کہا کہ ملکی معیشت کے خلاف انہوں نے جو سازش کی اس سے بڑی کوئی ساز ش نہیں ہو سکتی۔

پاکستان کو موجودہ نہج تک پہنچانے کے ذمہ دار تم ہو، مریم کی عمران پر تنقید

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کی معیشت کو موجودہ نہج تک پہنچانے کے ذمہ دار تم ہو، جواب دینا ہی پڑے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے پی ٹی آئی چیئرمین کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ سب تمہارا کیا دھرا ہے، لوگوں کو بے وقوف مت سمجھو، 4 سال کی بدترین کارکردگی کا حساب دو۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان اور اس کی معیشت کو اس حال کو پہنچانے کے تم ذمہ دار ہو، سوال تم سے ہی پوچھا جائے گا اور تمہیں ہی جواب دینا پڑے گا۔

منحرف ارکان کے الزامات مسترد، پی ٹی آئی کا جواب الجواب الیکشن کمیشن میں جمع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منحرف ارکان کے تمام الزامات مسترد کر دئیے اور جواب الجواب الیکشن کمیشن میں جمع کراتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کے وقت تصادم کی وجہ سے ارکان لابیوں میں چلے گئے تھے، اسپیکر کے مفادات کے ٹکراؤ کی بات درست نہیں۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے جواب الجواب بیرسٹر علی ظفر نے جمع کرایا۔ جس کے مطابق منحرف ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کا ووٹ دیا، منحرف ارکان کی طرف سے پارٹی ہدایات نہ ملنے کا الزام جھوٹ پر مبنی ہے، پارٹی سربراہ نے پارٹی اجلاس، پریس کانفرنس اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہدایات دیں۔
جواب الجواب میں کہا گیا کہ پارٹی سربراہ عمران خان نے وزارت اعلیٰ کا ووٹ پرویز الٰہی کو دینے کی ہدایت کی، لاہور کے نجی ہوٹل میں شرکت پر منحرف ارکان کو شوکاز نوٹس دیا گیا، منحرف ارکان نے شوکاز نوٹسز کا جواب جمع نہیں کرایا، منحرف ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ ڈال کر آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے جواب الجواب میں کہا گیا کہ منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس آئین اور قانون کے عین مطابق ہے، ووٹنگ کے روز پی ٹی آئی نے بائیکاٹ نہیں کیا تھا، ووٹنگ کے وقت تصادم کیوجہ سے ارکان لابیوں میں چلے گئے تھے، اسپیکر کے مفادات کے ٹکراؤ کی بات درست نہیں، اسپیکر نے آئین کے مطابق ریفرنسز بھیج کر آئینی ذمہ داری پوری کی۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن تمام منحرف ارکان کو 63 اے کے تحت ڈی نوٹیفائی کرے۔

یو اے ای کے صدر کے انتقال پر پاکستان میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر خلیفہ بن زاید آل نہیان کے انتقال پر پاکستان میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق یو اے ای کے صدر کے انتقال پر 13 سے 15 مئی تک پاکستان میں قومی سوگ منایا جائے گا اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان آج انتقال کرگئے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے انتقال پر 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ خلیفہ بن زایدالنہیان کے انتقال پر40 روز کےسوگ کے ساتھ 3روز کی عام تعطیل بھی ہوگی جب کہ اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

عمران خان اپنی شخصیت کا غلام، پاکستان کے عوام پابندی لگائیں گے: خواجہ آصف

لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نہ کسی ادارے کا ہے نہ پاکستانی عوام کا ہے، وہ اپنی شخصیت کا غلام ہے، پاکستان کے عوام عمران خان پر پابندی لگائیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان کوئی ڈیڈلاک نہیں، ہم اکیلے فیصلے نہیں کرسکتے، اتحادیوں کی مشاورت ضروری ہے، یہاں جو مشاورت ہوئی وہ اتحادیوں کے سامنے رکھیں گے، ہم پر صرف پاکستان کے عوام کا دباؤ اور کسی کا دباؤ ہم برداشت نہیں کرینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریریں ثابت کرتی ہیں اسے جس ہاتھ نے کھلایا اسی کو کاٹا ہے، اس نے کسی سے بھی وفا نہیں کی، گزشتہ چار سال میں جن کی سرپرستی تھی آج انہیں کیخلاف زہر اگل رہا ہے۔

روس نے رومانیہ اور بلغاریہ کے سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے جواباً رومانیہ اور بلغاریہ کے درجن سے زائد سفارت کاروں کو فوری طور پر ملک سے بیدخل کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ اور بلغاریہ کی جانب سے روسی سفارت کاروں کو بیدخل کرنے کے بعد روس نے بھی جواباً رومانیہ کے 10 اور بلغاریہ کے ایک سفارت کار کو فوری طور پر ملک بدر کردیا۔
قبل ازیں رومانیہ نے یوکرین جنگ کی وجہ سے روس کے 5 سفارت کاروں کو بیدخل کردیا تھا جس کے بعد بلغاریہ نے بھی روسی سفارت کار کو ملک بدر کردیا تھا۔
رومانیہ اور بلغاریہ سے پہلے دیگر یورپی ممالک نے بھی روسی سفارت کاروں کو احتجاجاً بیدخل کردیا تھا جس کے جواب میں روس نے بھی ان ممالک کے سفارت کاروں کو ملک سے نکال دیا تھا۔
واضح رہے کہ روس نے 26 فروری کو یوکرین پر حملہ کردیا تھا اور یوکرین کے کئی شہروں میں اب تاحال روسی اور یوکرینی فوجیوں کے درمیان جنگ جاری ہے۔

سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے آنیوالے مسافروں کی اسکریننگ کافیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی اے اے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ فیصلہ حال ہی میں اومیکرون کی نئی قسم کی پہلے کیس کی نشاندہی کے بعد کیا گیا ہے۔
سی اے اے ترجمان کے مطابق سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا عمل آج رات 12:01 بجے سے اسلام آباد، لاہوراورکراچی ایئرپورٹس پر نافذ العمل ہوگا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق 250 یا اس زائد مسافروں کے حامل بڑے جہازوں کی صورت میں 15 سے 20 مسافروں کے ٹیسٹ ہوں گے۔

دبئی میں ماڈلز نے چاکلیٹ کے لباس پہن کر ریمپ پر جلوے بکھیرے

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے چاکلیٹ شو کا میلہ سج گیا، جہاں ماڈلز نے بھی چاکلیٹس سے بنے خوبصورت لباس زیب تن کیے۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے دبئی فیئر چاکلیٹ شو کا انعقاد کیا گیا ہے جس نے چاکلیٹ اور پیسٹری کے شوقین افراد کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی ہے۔
چاکلیٹ شو کا انعقاد پیرس کے ’سیلون آف چاکلیٹ‘ نامی ادارے نے کیا، جس میں شامل ماڈلز نے چاکلیٹ سے بنے خوبصورت اور دیدہ زیب لباس پہن کر ریمپ کر حسن کے جلوے بکھیرے۔
دبئی میں منعقد چاکلیٹ شو میں 50 نمائش کنندگان اور پیسٹری بنانے والے تیس ورلڈ کلاس شیفس اور چاکلیٹ کھانے کے شوقین ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اس سے قبل عالمی چاکلیٹ شو نیویارک، ٹوکیو، لندن، برسلز، کلون، ماسکو، شنگائی، زیورخ اور بیروت سمیت کئی ممالک میں منعقد ہوچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اماراتی ریاست دبئی مشرق وسطیٰ کا دوسرا شہر ہے جہاں چاکلیٹ شو کا میلہ سجا ہے۔

اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون صحافی کے جنازے پر بھی پولیس کا حملہ

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل میں سیکیورٹی فورسز کی براہ راست فائرنگ سے قتل ہونے والی خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کے جنازے پر پولیس نے حملہ کردیا اور شرکاء کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پولیس نے خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کے جنازے کے شرکاء پر حملہ کردیا اور تشدد کا نشانہ بنایا جس سے بھگدڑ اور افراتفری مچ گئی۔
مقتول صحافی کے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، پولیس نے نوجوانوں کو جنازے میں شرکت کرنے سے روکا جس پر نوجوانوں نے شدید نعرے بازی کی۔
پولیس نے نوجوانوں پر لاٹھی چارج کیا اور دھکے دیئے۔ پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
الجزیرہ سے تعلق رکھنے والی فلسطینی نژاد خاتون صحافی شہرین ابو عاقلہ کو اسرائیلی فورسز نے اس وقت گولی ماری تھی جب وہ جینن میں چھاپہ مار کارروائی کی کوریج کر رہی تھیں۔
دہائی سے زیادہ عرصے تک صحافت کے میدان میں خدمت انجام دینے والی خاتون صحافی کے بہیمانہ قتل پر عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی اور اسرائیل کو تنقید کا سامنا تھا۔

امریکا جانے والے تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 11 افراد ہلاک

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) بہتر مستقبل کی تلاش میں غیرقانونی طریقے سے امریکا جانے والے تارکین وطن عرق آب ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سمندری حدود میں تارکین وطن سے بھری ہوئی کشتی الٹی ہے جس میں سوار 11 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 31 مہاجرین کو کوسٹ گارڈ نے ریسکیو کرلیا۔
ترجمان امریکی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ جن افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے ان میں اکثر کا تعلق ہیٹی اور ڈومینکین ریپبلک سے ہے جب کہ ہلاک شدگان کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
کوسٹ گارڈ نے ریسکیو کیے جانے والے تارکین وطن کو امریکی جزیرے پورٹو ریکو منتقل کردیا ہے جن میں 8 افراد کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک ہفتے قبل بھی امریکی کوسٹ اور ہیٹی سمندری فورس نے غیرقانونی طور پر امریکا جانے والے تارکین کو سمندر سے ریسکیو کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2021 سے مارچ 2022 تک 571 ہیٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور 252 ڈومینکین ریپبلک کے شہریوں کو امریکی سمندری حدود سے گرفتار کیا جاچکا ہے۔