All posts by Khabrain News

14 سال میں پہلی مرتبہ پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کی 69 بسیں کراچی پہنچ گئیں

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے باسیوں کیلیے بڑی خوشخبری ہے، 14 سال میں پہلی مرتبہ سندھ حکومت کے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کی69 بسیں پہنچ گئیں ہیں۔
چین سے 69 نئی بسیں لے کر جہاز کراچی پہنچ گیا ہے۔ 20 بسیں اورنج لائن کے لئے اور 49 بسیں انٹرا سٹی منصوبے کے لئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں انٹر سٹی بسیں کراچی کے دو روٹس پر چلیں گی۔ سندھ انٹرا بس سٹی پروجیکٹ کے تحت 10روٹس پر کل 240 بسیں چلنی ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق باقی بسیں بھی ایک ماہ کے دوران مرحلہ وار کراچی پہنچیں گی۔

برینڈن میک کولم انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے مضبوط امیدوار بن گئے

لندن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میک کولم انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے جبکہ اس دوڑ میں گیری کرسٹن اور کالنگ ووڈ بھی شامل ہوگئے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیوی ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میک کولم انگلش ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے، رواں سال فروری میں ایشز سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد کرس سلورووڈ نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پال کالنگ ووڈ کو نگراں کوچ کے طور مقرر کیا گیا۔
اس سے قبل انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور وائٹ بال کوچز کے لیے الگ الگ درخواستیں طلب کی تھیں۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انگلینڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ راب کی بھی برینڈن میک کولم کو انگلش ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سوپنے کے خواہاں ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کوچ کا اعلان رواں ہفتے کیے جانے کا امکان ہے۔
اس عہدے کی دوڑ میں جنوبی افریقہ اور بھارت کے سابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی شامل ہیں جبکہ پال کالنگ ووڈ کو بھی امیدوار سمجھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان اگلے ماہ جون میں 3 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی جس کی میزبانی انگلینڈ کرے گا۔

ایران میں انتشار و فسادات کی منصوبہ بندی پر 2 یورپی گرفتار

تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں سیکورٹی ایجنسی نے دو یورپی شہریوں کو عوام میں انتشار اور فسادات کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس نے کہا کہ اس نے دو یورپی شہریوں کو اسلامی جمہوریہ میں مبینہ عدم تحفظ کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی (ISNA) نے اطلاع دی کہ 2 افراد کو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے فسادات اور عوام سطح پر انتشار پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایران کی حکومت کو حالیہ مہینوں میں تباہ حال معیشت، بیروزگاری، مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے زائد ہونے اور بدانتظامی کی وجہ سے شہریوں اور سرکاری ملازمین کی جانب سے احتجاج کا سامنا ہے۔

روس کیساتھ جنگ کے یوکرین 100 سال تک اثرات محسوس کرے گا، جرمن چانسلر

برلن: (ویب ڈیسک) جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا ہے کہ یوکرین کو روس کے ساتھ جنگ کے 100 سال تک اثرات محسوس کرنے ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں جرمن چانسلر کا کہنا تھاکہ روس کے ساتھ جنگ کے یوکرین پر 100 سال تک اثرات کی وجہ مختلف شہروں میں گرائے گئے وہ بم ہیں جو پھٹ نہیں سکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرمن شہری جانتے ہیں کہ جنگ عظیم دوئم کے وقت گرائے گئے بم اب بھی مختلف مقامات سے برآمد ہو تے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ یوکرین کو 100 سال تک جنگ کے نتائج کو برداشت کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کئی روز سے جاری ہے اور متعدد شہر تباہ ہوچکے ہیں۔
جنگ میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔

نائیجیریا میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 7 فوجی ہلاک

ابوجا: (ویب ڈیسک) نائجیرین فوج پر گشت کے دوران مسلح افراد نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں متعدد فوجی ہلاک جب کہ دو لاپتہ ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خانہ جنگی کا شکار افریقی ملک نائجیریا کی فوج پر مسلح افراد نے ایک اور حملہ کیا ہے جس کی زد آکر نائجیرین فوج کی 93 بٹالین کے 7 اہلکار زندگی کی بازی ہار گئے۔
دہشت گردوں نے رات گئے نائجیریا کے ٹاٹی نامی گاؤں میں فوجی قافلے پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا۔
عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 93 بٹالین پر حملے کے بعد سے بریگیڈئر جنرل اور ان کے معاون لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کیلئے فوج نے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابھی تک کسی بھی مسلح گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جب کہ آرمی کے ترجمان بھی حملے سے متعلق تبصرہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نائجیریا کے علاقے ترابا میں داعش کے حملے میں تین افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
گزشتہ دس برس سے نائجیریا میں مختلف مسلح گروہ سرگرم ہیں جو مختلف قوموں اور سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردانہ کارروائیوں کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

یہودی آبادکاری کیلئے امریکی اجازت کی ضرورت نہیں، اسرائیل

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپد نے کہا کہ تل ابیب کو مقبوضہ مغربی کنارے میں بستیوں کی تعمیر کے لیے امریکہ سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
یروشلم پوسٹ کے مطابق یائر لاپد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک خودمختار ریاست ہے اور وہ خطے میں تعمیرات کیلئے امریکا سے اجازت لینے کا ذمہ دار نہیں۔
لاپد کا یہ بیان مغربی کنارے میں 3,988 غیر قانونی بستیوں کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے اسرائیل اور امریکہ کے درمیان تازہ ترین سفارتی تنازع کے دوران سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ جب بستیوں کی تعمیر کی بات آتی ہے تو ہم ہمیشہ امریکیوں کو آگاہ کرتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم واشنگٹن کی منظوری حاصل کرنے کیلئے ایسا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں امریکی سفیر ٹام نائیڈز، وزیر خارجہ انتھونی بلنکن اور وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کہہ چکے ہیں کہ ایسی بستیوں کی تعمیرات سے تنازع کا دو ریاستی حل کے امکان کو نقصان پہنچتا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے وزرا کو قلمدان سونپ دیئے: نوٹی فکیشن جاری

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے وزرا کو قلمدان سونپ دیئے ہیں جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
خواجہ فاروق احمد وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ہوں گے جب کہ سردار میر اکبر امور حیوانات، زراعت، اور آبپاشی و اسمال انڈسٹری کے وزیر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیں گے۔
دیوان علی چغتائی کو تعلیم، چودھری علی شان کو خوراک و معدنی وسائل، چودھری میر اکبر ایس ڈی ایم اے، سول ڈیفنس اور بحالیات کا قلمدان دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت چودھری رشید کو وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اور پاور، عبدالماجد خان کو خزانہ، امداد باہمی اور ان لینڈ ریونیو کی وزارت دی گئی ہے۔
چودھری ارشد حسین کو توانائی و آبی وسائل، چودھری اخلاق ریونیو و اسٹیمپس کی وزارت کے ذمہ دار وزیر ہوں گے۔
جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت اظہر صادق کو وزیر مواصلات وتعمیرات عامہ، ظفر اقبال کو ہائیر ایجوکیشن جب کہ نثار انصر کو صحت عامہ کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔

اناڑی شخص نے کامیابی سے طیارہ لینڈ کروا دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) جہاز اڑانے کے تجربے سے ناواقف مسافر نے نجی طیارہ باحفاظت فلوریڈا ایئرپورٹ پر لینڈ کروا دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہوائی جہاز اڑانے کے تجربے سے ناآشنا مسافر کی جانب سے نجی طیارہ لینڈ کروانے کا واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں اس وقت پیش آیا جب کہ طیارے کا پائلٹ اچانک نیم بے ہوش ہوگیا تھا۔
پائلٹ کے نیم بیہوش ہونے کے بعد مسافر نے اپنے حواس پر قابو رکھا اور ایئرٹریفک کنٹرول کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد ایئرٹریفک کنٹرول نے مسافر کو جہاز اتارنے کا طریقہ کار بتایا۔
مسافر نے ایئرٹریفک کنٹرول کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نجی طیارے ’سیسنا کاروان‘ کو باحفاظت فلوریڈا ایئرپورٹ پر لینڈ کرویا۔
ایئرٹریفک کنٹرول نے میڈیا کو بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ایروناٹیکل تجربے سے ناواقف شخص نے سیسنا طیارے کو باحفاظت لینڈ کیا ہو۔
ایئرٹریفک کنٹرول نے کہا کہ مسافر نے بغیر گھبرائے ہدایات کو پُرسکون انداز میں سنا اور ان پر عمل درآمد کیا۔
دوسری جانب فیڈرل ایوی ایشن ایجنسی نے پائلٹ کے بے ہوش ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔

بابر اعظم نے پریکٹس کا دوبارہ آغاز کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ماہ رمضان اور عید کی تعطیلات کے بعد پریکٹس کا دوبارہ آغاز کردیا۔
بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نیٹ پریکٹس کی ویڈیو جاری کی جس میں وہ بھرپور ردھم میں بیٹنگ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم نے آخری انٹرنیشنل میچ 5 اپریل کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔
قومی ٹیم کو اگلی سیریز اب 8 جون سے پاکستان کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے خلاف کھیلنی ہے۔
دونوں ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ میچز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔

اسرائیل کا شام کے جنوبی صوبے القنیطرہ پر میزائل حملہ

دمشق: (ویب ڈیسک) شام میں اسرائیل نے جنوبی صوبے القنیطرہ میں میزائل حملہ کیا۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عرب میڈیا کے مطابق دیہی علاقے کے اطراف ہونے والے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ ملیشیا کے زیر استعمال ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔
شامی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ حملے میں صرف مادی نقصان ہوا۔ اسرائیلی فوج نے کارروائی پر تبصرہ کرنے سے منع کر دیا۔
یاد رہے کہ اسرائیل کئی برس سے شام میں حملے کر رہا ہے جن میں اس کے مطابق ایران کے ساتھ مربوط اہداف کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اسرائیل بہت کم ان حملوں کا اعتراف کرتا ہے البتہ وہ متعدد بار باور کرا چکا ہے کہ شام میں ایران کے عسکری وجود کو قدم مضبوط بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔
شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق چند روز قبل دارالحکومت دمشق کے اطراف ہونے والے اسرائیلی حملے میں 9 افراد مارے گئے تھے جن میں 5 شامی فوجی تھے۔ شامی سرکاری میڈیا میں ہلاکتوں کی تعداد 4 فوجی اہل کاروں تک محدود رکھی گئی تھی۔
خیال رہے کہ شام میں 2011ء سے خون ریز تنازع جاری ہے۔ اس کے نتیجے میں تقریاب 5 لاکھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ملک کے بنیادی ڈھانچے کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہو کر اندرون و بیرون ملک جبری ہجرت پر مجبور ہو گئے۔