All posts by Khabrain News

ممکن ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کروا دیے جائیں: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے ممکن ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی نومبر میں انتخابات کروا دیے جائیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ نومبر سے پہلے نگراں حکومت چلی جائے اور نئی حکومت آ جائے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ خود اعلان کر چکے کہ انھیں مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہیے، جنرل قمر جاوید باجوہ کے اس اعلان کو خوش آئند سمجھتا ہوں، جنرل باجوہ کے اس اعلان سے قیاس آرائیوں کے دروازے بند ہوئے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جنرل ریٹائڑڈ راحیل شریف نے بھی کبھی مدت ملازمت میں توسیع کا براہ راست یا بالواسطہ مطالبہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام سینیارٹی لسٹ میں ہوا تو ان کے نام پر بالکل غور کیا جائے گا، ان سب ناموں پر غور ہو گا جو اس فہرست میں موجود ہوں گے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ فوج فیض حمید کا نام بھیجے تو وزیراعظم کے پاس یہ کہنے کی گنجائش نہیں ہوتی ہے کہ 5 کے بجائے 3 یا 8 نام بھیجیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ ماہ جو ہوا وہ موقع دیتا ہے کہ ہم اب ایک نئے باب کا آغاز کریں، آئین کی متعین کردہ حدود کی پاسداری کریں، اسی میں پاکستان کی بقا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج کا ایک تقدس ہے اور یہ پبلک ڈومین میں موضوع بحث نہیں بننا چاہیے، فوجی سربراہ کی تعیناتی کا طریقہ کار اب ’انسٹی ٹیوشنلائز‘ ہونا چاہیے، یہ عمل انسٹی ٹیوشنلائز کرنا چاہیے جیسے عدلیہ میں ہوتا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا میری رائے ہے آرمی چیف کی تعیناتی کا طریقہ کار 100 فیصد میرٹ پر ہو، آرمی چیف کی تعیناتی بڑا اہم معاملہ ہے اسےسیاسی بحث نہیں بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر عمران خان اپنی ذاتی مرضی چاہتے تھے، عمران چاہتے تھے ان کے سیاسی مفادات اور حکمرانی کے تسلسل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا ایسا نہیں ہے کہ ’ذاتی مرضی‘ روکنے کے لیے یہ تمام سرگرمی ہوئی، یہ وزیراعظم کی صوابدید ہے کہ فوج کے بھیجے ناموں میں سے کسی کو منتخب کر لے۔

ممکن ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کرا دیئے جائیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کرا دیئے جائیں، نومبر سے پہلے نگران حکومت تشکیل پا جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کہہ چکے انہیں مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہیے۔ اگر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام سنیارٹی لسٹ میں ہوا تو بالکل غور کیا جائے گا۔ ان سب ناموں پر غور ہو گا جو کہ اس فہرست میں موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر عمران خان اپنی مرضی چاہتے تھے۔ وہ چاہتے تھے ان کے سیاسی مفادات اور حکمرانی کے تسلسل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ عمران خان کی حکومت کی تبدیلی کی وجہ بنا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے فوج کے بھیجے ناموں میں سے کسی کو منتخب کر لے، تعیناتی میرٹ پر ہو گی، فوج کا تقدس ہے یہ پبلک ڈومین میں موضوع بحث نہیں بننا چاہیے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ نومبر سے پہلے نگران حکومت چلی جائے اور نئی حکومت آ جائے۔عمران خان کے بیانیے کی جنگ میں ن لیگ کی شکست کا کوئی امکان نہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان بیانیوں کے پیچھے اپنی ناکامی چھپا رہے ہیں، وہ بیک وقت مذہب اور امریکا مخالف بیانیہ دہرا رہے ہیں۔ عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ سیاستدانوں کے متبادل کے طور پر سامنے لائی ۔ یہ تجربہ کیا گیا اور اس سے ملک کو نقصان ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی جانب سے انٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ شرمناک ہے، ان کا فوج مخالف بیانیہ زیادہ عرصہ نہیں چلے گا، ہم یقینی طور پر اسٹیبلشمنٹ کے نیوٹرل رول کا دفاع کریں گے، عمران خان کیخلاف کارروائی اور ایسے معاملات میں قانون پر عملدرآمد کے حق میں ہیں۔

پانی کی جگہ سینیٹائزر، خاتون ایتھلیٹ بیمار

جاپان : (ویب ڈیسک) جاپان میں ہائی اسکول میں کھیلوں کے مقابلوں میں ایتھلیٹس کو پانی کی جگہ سینیٹائزر پیلا دیا گیا، جس سے ایک ایتھلیٹ بیمارہو گئی۔
پانی کی جگہ سینیٹائزرکیسے آیا، انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردیں۔
جاپان کے یاماناشی پریفیکچر میں لڑکیوں کی پانچ ہزار میٹر ریس کا مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں ’غلطی سے‘ گلاس میں پانی کی جگہ سینیٹائزر ڈال دیا گیا اور اسے ایتھلیٹس کے پاس بھی رکھ دیا گیا۔
سکول فیڈریشن کا کہنا ہے کہ جس کارٹن میں پانی کی بوتلوں آئیں، وہیں سینیٹائزر کی بوتلیں موجود تھیں، جن پر لیبل نہیں لگائے گئے تھے، جس کی وجہ سے ایسا واقع پیش آیا۔
حکام کے مطابق سینیٹائزر پینے کے بعد ایک کھلاڑی کو الٹیاں ہوئیں اور حالت بگڑنے کے باعث وہ گرگئی اور کھیل میں بھی حصہ نہیں لے سکی۔
اس ایتھلیٹ سمیت دیگر سینیٹائزر پینے والی کھلاڑیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم سب کی حالت بہتر ہے۔ تاہم انتظامیہ نے کھلاڑیوں اور ان کے گھر والوں سے معذرت کر لی ہے۔

فیس بک کا لوکیشن ہسٹری فیچر ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیس بک نے لوکیشن ہسٹری فیچر ختم کرنے کا اعلان کر دیا تاہم فیس بک صارفین کی لوکیشن پر نظر رکھتا رہے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیس بک نے حال ہی میں اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین کو بھیجے گئے ایک نوٹیفکیشن میں واضح کیا تھا کہ ویب سائٹ جلد ہی نیئر بائے فرینڈز، لائیو لوکیشن اور لوکیشن ہسٹری و بیک گراؤنڈ جیسے فیچر کو ختم کر دے گا۔
ترجمان فیس بک کے مطابق ویب سائٹ لوکیشن ہسٹری سے متعلق تمام فیچرز کو 31 مئی 2022 کو ختم کر دے گی اور مذکورہ تاریخ سے قبل اگر کوئی بھی شخص سیٹنگ میں جا کر اپنی تمام لوکیشن ہسٹری ڈاؤن لوڈ کرنا یا اسے ڈیلیٹ کرنا چاہے تو اسے اجازت ہو گی تاہم مقررہ وقت کے بعد کمپنی خود ہی تمام ہسٹری کو ڈیلیٹ کر دے گی۔
ترجمان نے تصدیق کی کہ اگرچہ 31 مئی 2022 کو فیس بک پر ہسٹری فیچرز ختم کر دیئے جائیں گے تاہم صارفین یکم اگست 2022 تک ایپ کو ڈیلیٹ کرکے دوبارہ ڈاؤن لوڈ کر کے اس سے ہسٹری ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔
لوکیشن ہسٹری فیچرز کو ختم کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ فیس بک صارفین کی لوکیشن پر نظر نہیں رکھے گا۔
کمپنی کے مطابق فیس بک 31 مئی 2022 کے بعد بھی صارفین کی لوکیشن ہسٹری سمیت تمام معلومات دیگر مقاصد کے لیے اپنے پاس محفوظ رکھتا جائے گا تاہم ان کی لوکیشن ہسٹری کو لائیو نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی صارفین مذکورہ فیچر کو فیس بک پر استعمال کر سکیں گے۔

چین کی زیرو کووڈ پالیسی غیرپائیدار ہے، عالمی ادارہ صحت

عالمی وبا کورونا کو شکست دینے کے لیے چین کی زیرو کووڈ پالیسی کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے غیرپائیدار قرار دیتے ہوئے نئی حکمت عملی تشکیل دینے کا کہا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے کیسز کی شدید ترین تازہ لہر کو شکست دینے کے لیے چین نے سخت اقدامات نافذ کیے ہیں اور شنگھائی کے ڈھائی کروڑ افراد میں سے بیشتر کو ہفتوں تک گھروں میں محدود کردیا ہے۔

شنگھائی میں لاک ڈاؤن لوگوں میں غصے اور احتجاج کا باعث بن رہا ہے جہاں اب بھی ’زیرو کووڈ پالیسی‘ نافذ ہے، جبکہ دارالحکومت بیجنگ میں نقل و حرکت کو آہستہ آہستہ محدود کر دیا گیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے چیف افسر ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا کی موجودہ اور مستقبل میں ممکنہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر ہم زیرو کووڈ پالیسی کی بات کریں تو ہم نہیں سمجھتے کہ یہ حکمت عملی پائیدار ہوگی۔

فیصل واوڈا نے اپنی نااہلی کےخلاف اپیل میں سینیٹر نثار کھوڑو کو فریق بنا لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے اپنی نااہلی کےخلاف اپیل میں سینیٹر نثار کھوڑو کو فریق بنا لیا۔ سپریم کورٹ نے نا اہلی کیس میں نثار کھوڑو کو جواب جمع کرانے کا مشروط حکم دیدیا۔
عدالت کا کہنا ہے کہ نثار کھوڑو چاہے تو تحریری جواب جمع کرا سکتے ہیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ نااہلی کے مقدمہ کا فیصلہ جلد سننا چاہتے ہیں۔ وکیل کی والدہ کے انتقال کے باعث سماعت ملتوی کر رہے ہیں۔ ویسے بھی اپیل تین رکنی بینچ نے سننی ہے۔ اگلے ہفتے بینچ دستیاب نہیں ہو گا۔
عدالت نے 23 مئی کے عدالتی ہفتے میں کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی التواء کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔

امپورٹڈ حکومت ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ عوام سر اٹھا کر جینا چاہتے ہیں اور امپورٹڈ حکومت ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سمیت سب کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لندن میں بیٹھا شخص اسرائیلی حکام سے ملاقات کر رہا ہے جبکہ شہباز شریف اور دیگر لندن بھگوڑے سے ملنے گئے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ عمران خان پوری قوم کے لیڈر ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھیننے کی مذمت کرتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی جب پیسے دیتے ہیں تو انہیں وی وی آئی پی سمجھا جاتا ہے لیکن انہیں تیسرے درجے کا شہری سمجھنا درست نہیں۔ ہر ملک میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کوئی بدتمیزی کرے گا تو اسے بھی ویسا ہی جواب ملے گا۔ تہذیب کے دائرے میں رہ کر بات کریں گے تو جواب بھی اسی طرح سے ملے گا۔ ہم پاکستانی عوام کے اقتدار کے پیچھے ہیں، چلتی ہوئی عوامی حکومت کوبیرونی سازش کے ساتھ گرایا گیا اور امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی یہ چار دن بھی چلے گی تو اس ملک کی تباہی کر دے گی اور ہم اسی سے ملک کو بچانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ انتخابات کرائیں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی وزیر اعظم سے ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو بحال کرنے کی اپیل

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے وزیراعظم شہباز شریف سے ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو بحال کرنے کے اپیل کر دی، اقبال قاسم اور صلاح الدین نے جونیئر سپر لیگ کی بھی مخالفت کی۔
پی ٹی آئی کی حکومت جانے کے بعد ڈیپارٹمنٹ بحال کرنے کے لئے نظریں شہباز شریف پر ہیں، سابق کھلاڑی صلاح الدین صلو اور اقبال قاسم کاکہنا ہے کہ بہت سے کھلاڑی بے روز گار ہوئے، کرکٹ کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹرز کا مزید کہنا تھا کہ جونئیر سطح پر مختصر اوورز کی سپر لیگ سمجھ سے باہر ہے،تینوں فارمیٹ میں کپتانی سے باہر اعظم پر دباو ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہد آفریدی بڑے کھلاڑی ہیں ان کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔

کاشتکار تباہ ہو گئے، زرداری کی ملیں بڑھ رہی ہیں، عمران خان

بنی گالہ : (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں چھوٹے کاشتکار تباہ ہوگئے ہیں، آصف علی زرداری کی شوگر ملیں اور زمینیں بڑھ رہی ہیں۔
سندھ کے عوام آصف علی زرداری کے خلاف بیدارہوچکے ہیں، حقیقی آزادی کے لیے سندھ کی عوام کے پاس جاوں گا۔
عمران خان سے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بنی گالہ میں ملاقات کی، ملاقات میں حکومت کے خلاف حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے گفتگوکی گئی۔ عمران اسماعیل نے سندھ کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا، عمران خان نے سندھ کی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو پیپلزپارٹی نے بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہے۔
مجھے سندھ کے باسیوں میں حقیقی آزادی کا شعور نظر آرہا ہے، حقیقی آزادی مارچ کے لیے سندھ کے لوگ بڑی تعداد میں ہمارے ساتھ نکلیں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ کا نوجوان اس وقت تبدیلی کے لیے کمر کس چکا ہے۔

ثنا ارشاد مٹو ، پلٹزر ایوارڈ جیتنے والی پہلی کشمیری خاتون

امریکہ : (ویب ڈیسک) کشمیر کی فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشاد مٹو نے پلٹزر پرائز جیتنے والی پہلی کشمیری خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی نے اس ایوارڈ کا اعلان کیا، جسے 28 سالہ جرنلسٹ روئٹرز ٹیم کے اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ شیئر کریں گی۔
ہندوستان میں کوویڈ 19 کے بحران کی بہترین کوریج کے لیے مٹو نے یہ ایوارڈ جیتا ہے، ان کی ٹیم میں مرحوم دانش صدیقی، عدنان عابدی، اور امیت ڈیو شامل ہیں۔
ٹیم کے ایک ممبر دانش صدیقی افغانستان میں طالبان کی جانب سے ملک پر قبضے کی کوریج کرتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے تھے۔ یہ ان کے لیے دوسرا پلٹزر انعام ہے۔ اس سے قبل 2018 میں انہیں روہنگیا بحران کی کوریج کے لیے اسی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ دانش صدیقی کو دنیا کے بہترین فوٹو صحافیوں سے میں سے ایک مانا جاتا تھا۔
2020 میں، تین کشمیری فوٹو جرنلسٹ ڈار یاسین، مختار خان، اور چنی آنند نے پلٹزر ایوارڈ جیتا تھا، تاہم ثنا ارشاد یہ ایوارڈ جیتنے والی پہلی کشمیری خاتون ہیں۔
مٹو کا کام کئی بین الاقوامی میگیزینز میں شائع ہو چکا ہے، جبکہ فری لانسنگ کے کام میں جانے سے پہلے وہ کشمیر ولا کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔
پلٹزر انعام امریکا میں اخبار، میگزین، آن لائن صحافت، ادب اور موسیقی کی ساخت میں کامیابیوں کے لیے دیا جاتا ہے، جس کا آغاز 1917 میں کیا گیا تھا۔