All posts by Khabrain News

مریم نواز ڈرون سے زخمی ہونیوالی آصفہ بھٹو کیلئے دعا گو

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پاکستان کے سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کے لئے دعا گو ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے دوران ڈرون سابق صدر آصف علی زرداری کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو سے جاٹکرایا، جس کے بعد وہ زخمی ہو گئیں۔
کنٹینر پر کھڑی آصفہ بھٹو سے کیمرے کے ڈرون ٹکرا نے کا واقعہ خانیوال میں پیش آیا، آصفہ بھٹو پی پی چیئرمین بلاول کے ساتھ ٹرک پر موجود تھیں جہاں پر ان کے سر پر ڈرون لگ گیا، ڈرون لگنے کے بعد آصفہ اور بلاول دونوں کنٹینر کے اندر چلے گئے۔
ڈرون ٹکرانے کے بعد زیادہ زخمی ہونے کے باعث آصفہ بھٹو زرداری کو طبی امداد کے لیے ملتان منتقل کیا گیا۔
آصفہ بھٹو کے زخمی ہونے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے آصفہ بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میں پر امید ہوں کہ آپ کو کوئی تکلیف نہیں پہنچی ہوگی۔
مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں دعا گو ہوں کہ آپ اور لانگ مارچ کے تمام شرکا محفوظ رہیں۔

یوکرین جنگ میں پیوٹن کے بااعتماد ساتھی لڑائی میں ہلاک

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین کے ساتھ جاری لڑائی میں روس کو بڑا دھچکا لگ گیا، صدر ولادیمیر پیوٹن کے قریبی ساتھی اور اعلیٰ درجے پر فائز جنرل آندرے سنائپر کا نشانہ بن گئے۔
واضح رہے کہ روسی حکام نے بدھ کے روز 498 فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی جب کہ یوکرینی حکام نے 9 ہزار روسی فوجیوں کے مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کا آٹھواں روز شروع ہوگیا، اس دوران کئی یوکرینی فوجی اور شہری ہلاک ہوئے جب کہ روسی فوجی بھی جوابی وار میں مارے گئے۔
مرنے والے روسی فوجیوں میں صدر پیوٹن کے بااعتماد ساتھی جنرل آندرے بھی شامل ہوگئے ہیں جنہیں یوکرین کے اسنائپر نے گولی کا نشانہ بنایا ہے۔
میجر جنرل آندرے سوخووتسکی کی ہلاکت کا دعویٰ یوکرینی حکام نے کیا، جس کے بعد روسی میڈیا تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنرل آندرے کی موت روسی صدر پیوٹن کےلیے ایک بڑا دھچکا ہے۔
کریملن کے حمایت یافتہ اخبار ‘پراودا‘ کے مطابق 47 سالہ روسی جنرل آندرے یوکرین میں ایک اسپیشل آپریشن کے دوران میں مارا گئے، جو سیونتھ ایئربورن ڈویژن کے سربراہ تھے۔

پاکستان کے خلاف سب سے بڑی سازش کا نام آصف زرداری ہے، علی زیدی

ٹنڈو محمد خان: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سب سے بڑی سازش کا نام آصف زرداری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا ’سندھ حقوق مارچ‘ ٹنڈو محمد خان پہنچ گیا، جہاں وفاقی وزیر علی زیدی اور شاہ محمود قریشی نے شرکا سے خطاب کیا۔
علی زیدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی لانگ مارچ نہیں رونگ مارچ کررہی ہے، پیپلز پارٹی والے سندھ کو 15سال سے کھا رہے ہیں ،سندھ کے لٹیروں کو بلا 2023 میں بھگا دے گا، بلاول بھٹو نہ تیتر ہے نہ بٹیر ہے، یہ بھی ملک کو کھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی کوایک پتھر بھی نہیں ماریں گے لیکن آصف علی زرداری ایک بات یاد رکھیں کہ ہماری شرافت اورمظلومیت کو کمزوری سمجھنے کی کبھی غلطی نہ کریں، اگر کچھ ہوا تو پھر اس کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہی ہوگی۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہم نے مارچ کے دوران کسی کے جھنڈے نہیں اتارے، ہم سیاسی اور امن پسند لوگ ہیں جو تشدد پریقین نہیں رکھتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا وزیراعلیٰ تو بڑے منشی کا کام ہی کر رہا ہے، چیف منشی وزیراعلیٰ ہاؤس میں بیٹھ کر سارے کام کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہم پرسوں کراچی پہنچیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ متحد و یکجا ہوگا تو تیر ٹوٹ جائے گا، تیر نے بہت سے ارمانوں کو زخمی کردیا ہے، آپ لوگ متحد رہیں اور 2023 کا انتظار کریں کیونکہ آئندہ الیکشن میں تاریکی مٹ جائے گی اور سندھ میں ایک نیا اجالا آئے گا۔
تحریک انصاف کا سندھ حقوق مارچ ٹنڈو محمد خان سے ٹنڈوالہیار روانہ ہوگیا۔

جنگ نہیں امن؛ روسی چینل کے تمام ملازمین نے لائیو پروگرام میں استعفیٰ دیدیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی ٹی وی چینل ’’دی رین‘‘ کے تمام ملازمین نے لائیو پروگرام میں استعفیٰ دیدیا اور آخری ٹیلی کاسٹ میں نو وار کا مطالبہ چلا دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین میں روسی حملے کی کوریج کرنے پر پوٹن حکومت نے دی رین چینل کی نشریات کو معطل کردیا تھا۔
جس کے بعد چینل کی بانی نتالیہ سندیوا نے آخری ٹیلی کاسٹ میں کہا کہ ’’ نو ٹو وار‘‘ جس کے تمام ملازمین اسٹوڈیو سے باہر آگئے اور نشریات غیر معینہ مدد کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا۔
چینل کے ملازمین بھی حکومت سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجاً مستعفی ہوگئے۔ ملازمین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی استعفے شیئر کیے۔

آسٹریلوی لیجنڈ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی لیجنڈ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے۔
شین وارن دل کا دورہ پڑنے سے 52 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے علاقے کوہ سمائی میں اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائےگئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 145 ٹیسٹ میں 708 وکٹیں حاصل کیں۔

مہنگائی نے ایک مرتبہ پھر عوام کی نیندیں اڑا دیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی نے ایک مرتبہ پھر عوام کی نیندیں اڑا کر رکھ دیں، شرح میں 0.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 19 اشیاء کے نرخ بڑھے۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی، مہنگائی کی مجموعی شرح 15.23 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں ہفتے 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 25 روپے 95 پیسے کا اضافہ ہوا، برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 279 روپے 55 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی، رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 217 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا، گھریلو سلنڈر کی قیمت 2306 روپے بڑھ کر 2523 روپے تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی کے پیکٹ کی قیمت 16 روپے 71 پیسے مزید مہنگی ہوئی، رواں ہفتے اڑھائی کلو گھی کا ٹن 38 روپے 56 پیسے مہنگا ہوا، مسٹرڈ آئل کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 33 پیسے کا اضافہ ہوا، رواں ہفتے خشک دودھ 5 روپے 69 پیسے مہنگا ہوگیا، گرم مصالحہ، دہی، چائے کی پتی، مٹن اور تازہ دودھ بھی مہنگاہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، رواں ہفتے ٹماٹروں کی فی کلو قیمت میں 37 روپے 28 پیسے کی کمی ہوئی، انڈوں کی فی درجن قیمت میں بھی 10 روپے 71 پیسے، پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے، لہسن، دالوں، چینی، پیاز اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی جبکہ چاول، جلانے کی لکڑی، ماچس سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

پاکستان آذربائیجان کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: پرویزالٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ آذربائیجان کو کامن ویلتھ ممالک میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
سپیکر نے دونوں ممالک کے تعلقات میں فروغ کیلئے آذربائیجان کے سفیرکے کردار کو سراہا۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے، حکومت آذربائیجان اور عوام مسئلہ ناگورونو کارباخ پر حکومت پاکستان کی حمایت پر مشکور ہیں۔
بعد ازاں آذربائیجان کے سفیر نے پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان کا دورہ بھی کیا۔

راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستان کے نام،ایک وکٹ پر 245 رنز بنالیے

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میچ کا پہلے روز پاکستان کے نام رہا، قومی ٹیم نے امام الحق کی شاندار سنچری کی بدولت صرف 1 وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنالئے ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور قومی ٹیم کو پہلا نقصان 105 رنز پر ہوا جب عبداللہ شفیق چھکا لگانے کی کوشش میں نیتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
اوپننگ بلے باز امام الحق نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی، وہ 132رنز اور اظہر علی64 سکور بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔
قبل ازیں قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سیریز کیلئے پر جوش ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھا کھیل پیش کریں، ٹیم میں 2 سپنرز شامل کیے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لئے قومی ٹیم کے سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، ساجد خان، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
پاکستان کے خلاف میچ کے لئے آسٹریلین سکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لبوشین، سٹیو سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان دورہ کراچی کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد بھی جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا 9 مارچ بدھ کو کراچی کا دورہ متوقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان دورہ کراچی کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد بھی جائیں گے۔

پشاور میں دہشتگردی، صدر، وزیراعظم سمیت دیگر کا افسوس کا اظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جامع مسجد امامیہ، قصہ خوانی بازار پشاور میں دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی، شہداء کیلئےدعائے مغفرت اور زخمی ہونیوالے افراد کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور واقع کی رپورٹ طلب کر لی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شیخ رشید نے سکیورٹی صورتحال سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور ملکی سیکورٹی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ امن وامان یقینی بنایا جائے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی کوچہ رسالدار، پشاور میں مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود نمازیوں پر یہ اندوہناک حملہ کرنے والے نہ مسلمان ہو سکتے ہیں نہ ہی انسان۔ ملک میں امن و امان کی سنگین ہوتی صورتحال لمحہ فکریہ ہے، طویل عرصے سے بار بار توجہ دلا رہا ہوں کہ سر اٹھاتی دہشت گردی پر سنجیدگی سے غور کی ضرورت ہے، دہشت گردی کی واپسی ملک و قوم کے لیے نیک فال نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پشاور میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ ہمارے شہروں میں پھر سے بارود کی بُو پریشان کن ہے، جانوں کے نذرانے پیش کرکے قائم کیا گیا امن نااہلی کی نذر ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اس میں بسنے والوں پر اپنا رحم فرمائے، زخمیوں کو صحت یاب کرے اور شہدا کے خاندانوں کو صبر دے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پشاور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، اللہ انکی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو شفاء کاملہ عاجلہ عطا فرمائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت امن وامان برقرار رکھنے میں ناکام ہو گئی ہے، اتنی محنت سے حاصل کیا گیا امن اس نا اہل حکومت کے ہاتھوں پھرسے تباہ ہونے کی طرف جا رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم نمازیوں کو نشانہ بنا کر انسانیت پر حملہ کیا، زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہتر سہولیات مہیا کی جائیں، نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک ہے۔
ایم کیوایم سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے امن کو سبوتاژ کیا جارہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مسجدمیں خودکش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت گاہوں کو قتل گاہ بنانے والے حیوانوں سے بھی بدتر ہیں، شہدا کی مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، لواحقین کو صبر اور ہمت کی تلقین کرتاہوں، ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر تشویش ہے، پشاور میں ہر سال بڑا سانحہ وقوع پذیر ہوتا ہے، گزشتہ سالوں مساجد، مدارس، سکولزاور چرچ کو نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ ق کی قیادت چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے بھی پشاور خود دھماکے کی مذمت کی ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ایسی گھناؤنی حرکت کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لا کر فوری قرار واقعی سزا دی جائے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا قانون کی بالادستی کی رٹ کو قائم رکھنے کیلئے جلد از جلد ملزموں کی گرفتاری عمل میں لائے تا کہ دوبارہ کسی کو ایسا کرنے کی جرأت نہ ہو۔