All posts by Khabrain News

صدر جوبائیڈن نے روس کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان کردیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) یوکرین پر حملے پر امریکی صدر جوبائیڈن نے روس کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان کر دیا۔ روسی بینکوں کے امریکہ اور برطانیہ میں اثاثے منجمد کر دیئے گئے، امریکا نے روس کے نائب سفیر کو ملک سے نکلنے کا حکم دیدیا۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ روس کو یوکرین پر بلاجواز حملے کا جواب دینا پڑے گا، پیوٹن نے سفارت کاری مسترد کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں، ماسکو پہلے ہی حملے کی تیاری کرچکا تھا، اب نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
ادھر یوکرین اور روس کے مابین جنگ پوری شدت سے جاری ہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ یوکرین کے ہزاروں شہریوں نے ہمسایہ ملکوں کا رخ کر لیا، جو ملک چھوڑ کر نہیں جاسکتا وہ پناہ گاہوں میں منتقل ہورہے ہیں۔ اے ٹی ایمز اور پیٹرول اسٹیشنوں کے باہر لمبی لائنیں لگ گئیں، یورپ جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے۔
روسی میزائل یوکرین کے رہائشی علاقوں میں گرنے سے ہر طرف خوف و ہراس کا ماحول ہے، درجنوں رہائشی عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں۔ جگہ جگہ جلتی گاڑیاں اور تباہ شدہ سڑکیں دیکھ کر شہری دہشت زدہ ہو گئے۔
ہزاروں افراد جنگ سے بچ کر یورپ جانے کے لیے گھروں سے نکل پڑے، دارالحکومت کیف کو روسی قبضے سے بچانے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے، یورپ جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے۔
پیچھے رہ جانے والے افرادجان بچانے کے لیے پناہ گاہوں میں منتقل ہورہے ہیں جو زیر زمین ریلوے اسٹیشنوں اور تہہ خانوں میں قائم کی گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان روس کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان روس کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔
صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مستقبل میں مزید وسعت دی جائے گی، افغانستان میں ممکنہ اقتصادی بحران کو روکنے کی ضرورت ہے، پاکستان ایک مستحکم، پر امن افغانستان کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم سمیت مختلف فورمز پر پاک روس تعاون اور ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے علاقائی توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے گیس پائپ لائن پراجیکٹ کو ملکی معاشی ترقی کے لیے فلیگ شپ منصوبہ قراردیا۔
عمران خان نے روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان کو یقین ہے کہ سفارت کاری سے دونوں ملکوں کے فوجی تنازعے کو ختم کیا جاسکتا ہے، تنازعات کی صورت میں ترقی پذیر ممالک معاشی طور پر زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی عالمی شدت پسندی اور اسلاموفوبیا کے رجحانات پر تشویش کا اظہار کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

پی ایس ایل سیون، دوسرے ایلیمینٹر میں آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ ٹکرائیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون کا دوسرا ایلیمینٹر آج کھیلا جائے گا، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔ قذافی سٹیڈیم کے تاریخی میدان پر ایک اور تاریخ ساز مقابلہ، پی ایس ایل سیون میں پھر آر یا پار کا میچ درپیش ہے۔ دوسرے ایلیمینٹر میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ زندہ دلان کے شہر میں وہی شام ساڑھے سات بجے بگل بجے گا، زور کے جوڑ کا میدان سجے گا۔ کھلاڑی پرعزم تو مداح بھی پرجوش ہیں، چھکے چوکوں کی برسات اور وکٹوں کی بات ہو گی۔ غلطی کی گنجائش نہیں، ’’جو جیتا وہ سکندر‘‘ کے مصداق فاتح ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ مل جائے گا، ہارنے والی ٹیم کو گھر جانا پڑے گا۔ دونوں ٹیموں نے ٹائٹل مقابلے تک رسائی پر نظریں جما لیں۔

کورونا وائرس سے مزید 25 افراد دم توڑ گئے، 24 گھنٹوں میں 1122 نئے مریض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ سات دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 25 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 139 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 6 ہزار 450 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 122 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 395، سندھ میں 5 لاکھ 66 ہزار 505، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 15 ہزار 743، بلوچستان میں 35 ہزار 316، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 448، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 169 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 ہزار 874 کیسز رپورٹ ہوئے۔

روس نے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر قبضہ کرلیا، یوکرین کی تصدیق

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر قبضہ کرلیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق روس اور یوکرین کے مابین جنگ جاری ہے جس میں نئی آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے یوکرین نے اپنے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر روس کی جانب سے قبضے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پلانٹ کا کنٹرول کھو دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی فوجیوں نے روسی فوج کے آگے ہتھیار ڈالنے شروع کردیئے ہیں۔
قبل ازیں روس نے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے یوکرین پر حملہ کر دیا، زمینی اور فضائی کارروائیوں میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ یوکرینی ایئربیس اور ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا، اس دوران 40 فوجی، 10 شہری مارے گئے، اسی دوران یوکرین نے جوابی اقدامات میں 50 روسی اہلکار مارنے اور 7 طیارے گرانے کا دعویٰ کر دیا۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملے کے اعلان کے بعد دارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور ڈونباس ریجن میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین کی بلیک سی پورٹ اڈیسہ پر دھماکے سنےگئے ہیں جبکہ مشرقی یوکرین کے علاقے ماریوپول بھی دھماکوں سے گونج اٹھا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور خرکیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں جبکہ روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسا میں پہنچ گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا روس کی سب سے بڑی مسجد کا دورہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے روس کی سب سے بڑی مسجد کا بھی دورہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان روس کی سب سے بڑی مسجد واسلامک سینٹر پہنچے،جہاں انہوں نے مختلف حصوں کا دورہ کیا، وزرا اوروفد کے ارکان بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے، مسجد کی انتظامیہ نے وفد کو ماسکو کی مسجد کی تاریخ پر بریف کیا۔
دوسری طرف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور نائب وزیراعظم سے ملاقات کے بعد تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ سے زائد لوگوں کی منڈی کے طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مارچ میں منعقد ہونے والی آئندہ سرمایہ کاری کانفرنس میٹالرجیکل، توانائی، تعمیرات اور تیل و گیس کمپنیوں کے لیے ملک میں بے پناہ صلاحیتوں کو تلاش کرنے کا موقع ہوگی۔

یوکرین کے دفاع کیلئے عام شہریوں کو مسلح کرنے کا فیصلہ

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے خلاف لڑائی میں جو عام شہری ملکی دفاع کے لیے شامل ہونا چاہتا ہے اسے ہتھیار فراہم کریں گے۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی صدر نے کہا کہ ملکی دفاع کی خاطر حکومت نے عام شہریوں کو مسلح کرنے کا فیصلہ کیا ہے، روسی جارحیت کے خلاف لڑائی میں شامل ہونے کے خواہش مند شہری سامنے آئیں۔
زیلنسکی نے روسی شہریوں سے بھی اپیل کی کہ ولادی میرپیوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملے کے اعلان کے خلاف گھروں سے نکلیں، وہ روسی جن کا ضمیر زندہ ہے وہ جنگ کے خلاف آواز بلند کریں۔
یوکرینی صدر نے ملکی فضائی حدود کی حفاظت کے لیے عالمی طاقتوں سے دفاعی سامان فراہم کرنے کی بھی درخواست کی۔
انہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن، برطانوی وزیراعظم بورس جونسن اور چیئرمین یورپین کونسل چارلس مائیکل سمیت دیگر بااثر رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی مدد کے لیے سامنے آئیں۔
دوسری جانب یوکرین کی پریذیڈینسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی حملے میں اب تک 40 فوجی اور10 شہری ہلاک ہوئے۔ جبکہ یوکرین نے جوابی کارروائی میں 5 روسی طیارے اورایک ہیلی کاپٹرتباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

روس یوکرین کشیدگی: بحر اسود میں ترک مال بردار جہاز نشانہ بن گیا

انقرہ: (ویب ڈیسک) بحرِ اسود میں موجود ایک ترک سامان بردار جہاز یوکرین کی حدود کے قریب میزائل حملے کا نشانہ بن گیا۔
ترک نشریاتی ادارے این ٹی وی کے مطابق جوپیٹر نامی ترک بحری جہاز یوکرین کے شہر اوڈیسہ سے رومانیہ جارہا تھا جب اُسے شہر کے 50 میل کی دوری پر میزائل لگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز پر موجود عملہ محفوظ ہے جبکہ ترک بحریہ کے جنرل ڈائرکٹریٹ نے بھی کہا ہے عملے کی جانب سے کوئی امداد طلب نہیں کی گئی ہے۔
یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ میزائل کہاں سے آکے گرا تاہم اس سے قبل آج صبح 2 روسی جہازوں پر بھی میزائل حملہ ہوچکا ہے۔ روسی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آج صبح SGV-FLOT اور SERAPHIM SAROVSKIY نامی دو جہازوں پر یوکرینی افواج نے میزائل حملہ کیا تھا۔

ملکی مجموعی سرکاری قرضوں کی شرح میں کمی ہوئی ہے: شوکت ترین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ مجموعی قومی پیداوار جی ڈی پی کے تناسب سے پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضوں کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ مالی سال2015-16کی بنیاد پر جی ڈی پی کے تعین کے بعد مالی سال 2021ء میں مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے مجموعی سرکاری قرضوں کی شرح 71.8 فیصد ہے جبکہ2005 -06کے مالی سال کی بنیاد پر مالی سال 2021میں جی ڈی پی کے تناسب سے قرضوں کی شرح کا اندازہ 83.5فیصد لگایا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ مالی سال2015-16کی بنیاد پر جی ڈی پی کے تناسب سے سرکاری قرضوں کی شرح میں تقریباً 12فیصد کمی ہوئی ہے ۔

لاہور: خاتون کیساتھ اجتماعی زیادتی، ملزمان برہنہ کرکے ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے رہے

لاہور:(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے رائیونڈ میں خاتون کو اجتماعی زیاتی کا نشانہ بنا دیا گیا اور 3 ملزمان برہنہ کر کے ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے رہے۔
لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پر درندہ صفت ملزمان نے خاتون کی عصمت دری کرتے ہوئے ویڈیوز بھی بنالیں۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کو نوکری کا جھانسہ دیکر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ملزمان ابرار، وقاص اور رفیق درخواست واپس لینے لیے دباؤ ڈالتے ہیں اور قتل کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔