اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پیاز کی قیمت گذشتہ 3 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی ۔
اجلاس میں مشیر خزانہ ڈویژن نے وزیر خزانہ کو بریفنگ دی کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.22 فیصد اضافہ ہوا، 33 اشیاء کی قیمتیں بڑھیں اور 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، گزشتہ ہفتے 12 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔
شوکت ترین کو بتایا گیا کہ بجلی 0.91 فیصد، انڈے 0.08، سرخ مرچ 0.03 اور دیگر اشیاء 0.06 فیصد سستی ہوئیں، پیٹرول 0.65، چکن 0.19، پارچہ جات 0.18 اور دیگر اشیاء 0.28 فیصد مہنگی ہوئیں جبکہ آلو، پیاز، گڑ، چینی، آٹا، ایل پی جی، دال مونگ اور ماش بھی سستی ہوئیں۔
مشیر خزانہ ڈویژن نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ پیاز کی قیمت گذشتہ 3 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے، گندم اور آٹے کی آسان دستیابی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، ملک میں چینی کے ذخائر اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے قیمتوں میں استحکام اور دستیابی کیلئے چینی اور گندم کے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدایت کی، خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنے کا کہا۔
اجلاس کو دالوں، کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر بارے بھی بریفنگ جبکہ کمیٹی نے ڈیزل کے کم ذخائر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
All posts by Khabrain News
فی تولہ سونا مزید مہنگا
کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی قدر میں 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قدر میں ایک ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1895 ڈالر ہو گئی ہے۔
دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپےکا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک لاکھ 26 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 86 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 8 ہزار 796 روپے ہے۔
ضابطہ اخلاق کی تیاری اور ردوبدل الیکشن کمیشن کا اختیار قرار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشنز ترمیمی آرڈیننس کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی تیاری اور ردوبدل الیکشن کمیشن کا اختیار ہے اور اس بارے حکومت کو تحریری طور پر موقف سے آگاہ کیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں الیکشنز ترمیمی آرڈیننس پر غور کیا گیا۔
الیکشنز ترمیمی آرڈیننس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحفظات برقرار ہیں، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آرڈیننس پر وفاقی حکومت کو خط لکھ کر آئینی وقانونی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ضابطہ اخلاق کی تیاری اور ردوبدل الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، آئین کے آرٹیکل 222 کے تحت الیکشن کمیشن کے اختیارت ختم نہیں کئے جاسکتے۔
لبنان نے داعش کے حملے کی منصوبہ بندی ناکام بنادی
بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان نے داعش کی جانب سے حملے کی منصوبہ بندی ناکام بناتے ہوئے ملک کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
خبرایجنسی کے مطابق لبنانی وزیر خارجہ نے کہا کہ داعش کے دہشتگرد تین مذہبی مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، دہشتگردوں نے فائرنگ، راکٹ لانچرسے حملہ اور خود کش دھماکے کی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔
بسام مولوی کے مطابق تینوں مقامات پر ایک ساتھ حملہ ہونا تھا جس میں کئی افراد کی ہلاکت کا امکان تھا۔
خاتون کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنیوالا ملزم گرفتار
سکھر: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم نے نازیبا ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے اور خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کےمطابق ملزم افسر راجپوت کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا، ملزم خاتون کی نازیبا ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتا تھا جبکہ وہ دوستوں کے ذریعے بھی نازیبا ویڈیو اور تصاویر شیئر کروا رہے تھے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے، مزید تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ ملزم نے پہلے خاتون سے دوستی کی بعد میں بلیک میل کرنے لگا۔
کوئی کچھ بھی کہے آپ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، آصف زرداری کا شہبازشریف سے مکالمہ
لاہور: (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان شہبازشریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن وفد کے ہمراہ پہنچے، وفد میں اکرم درانی، مولانا اسد الرحمان اور مولانا امجد سمیت دیگر شامل ہیں۔ ان کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری بھی وفد کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن پہنچے، ان کے وفد میں پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی سمیت دیگر شامل تھے۔
آصف علی زرداری کی آمد سے قبل مولانا فضل الرحمان اور شہبازشریف کی ملاقات ہوئی، جس میں شہبازشریف نے سربراہ پی ڈی ایم کو گزشتہ روز پیپلزپارٹی سے ہونے والی ملاقات میں اعتماد میں لیا۔ دونوں رہنماؤں نے تحریک عدم اعتماد سمیت حکومت کے خلاف مختلف امور پر غور کیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی رہائشگاہ پر اپوزیشن قائدین کی ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اہم فیصلے کر لئے ہیں، تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے تجویز دی ہے کہ پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ سے پہلے عدم اعتماد نہ لائی جائے، بلکہ 8 مارچ کو لانگ مارچ کے اختتامی جلسے کے بعد عدم اعتماد لائی جائے، لانگ مارچ میں حکومت کے خلاف عوامی جذبات واضح پیغام ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی تجویز مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے بھی لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اس حوالے سے مشاورت ضروری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نمبر گیم سے متعلق اپوزیشن کا اہم اجلاس جلد اسلام آباد میں ہوگا۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے ملاقات کے دوران شہبازشریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہیے آپ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔
یوکرین میں قومی ایمر جنسی نافذ کرنے کی منظوری
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کی قومی سلامتی کونسل نے ملک میں قومی ایمر جنسی نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔
خبرایجنسی کے مطابق یوکرینی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ملک میں ایمر جنسی نافذ ہوگی اور ایمرجنسی نافذ ہونے کے بعد دستاویزات کی جانچ اور گاڑیوں میں تلاشی میں اضافہ ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز روس کی جانب سے یوکرین سے الگ ہونے والی ریاستوں کو تسلیم کرنے پر مغربی ممالک کا شدید رد عمل سامنے آگیا اور امریکا، برطانیہ ، فرانس نے روس پر پابندیوں کا فیصلہ کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے یوکرینی علاقوں کی آزاد حیثیت تسلیم کرنے کے فیصلے پر امریکا اور مغربی ممالک کی جانب سے ڈونیسک اور لوہانسک کے علاقے بھی معاشی پابندیوں کی زد میں آئیں گے۔
یورپی یونین نے روسی بانڈز کی تجارت پر پابندی عائد کرنے پر غورشروع کردیا ہے، روسی پارلیمنٹ کے سینکڑوں اراکین پر بھی پابندی لگ سکتی ہے جبکہ یورپی یونین کا یوکرین سے علیحدہ ہونے والے علاقوں کو فری ٹریڈ ڈیل سے نکالنے پر غور جاری ہے۔
برطانوی وزارت خارجہ نے روسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا اور یوکرین میں موجود تمام برطانوی شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی۔
دوسرہ جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ یوکرین کے علاقوں کو آزاد تسلیم کرنا کیف کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے صدر پیوٹن کے فیصلہ کو اقوام متحدہ کے چارٹر سے متصادم قرار دیا۔
صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقوں کوتحمل کامظاہرہ کرناچاہیے، فریقین ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے کشیدگی کو ہوا ملے، یوکرین تنازع کے سفارتی حل کیلئے ہر کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
امریکا یوکرین تنازع کے بہانے خطے میں جنگ کو ہوا دے رہا ہے، چین
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے روس پر پابندیاں عائد کرنے پر امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ یوکرین کے معاملے کو ہوا دے رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے امریکا کی جانب سے روس پر پابندیوں اور یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کے اعلان کی مذمت کی ہے اور اس اقدام کو خطے میں جنگ کے مترادف قرار دیا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چوئیننگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کا اقدام تناؤ میں اضافہ، خوف و ہراس پھیلانے اور جنگ کو ہوا دینے کا سبب بن رہا ہے۔
ہوا چوئیننگ نے امریکا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی جلتی پر تیل ڈالے اور اس کا الزام بھی دوسروں پر دھرے تو یہ غیر زمہ دارانہ اور غیر اخلاقی عمل کہلائے گا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ یوکرین تنازع پر تمام فریقین کو ایک دوسرے کو اہمیت دیں اور ایک دوسرے کے سیکیورٹی خدشات کو دور کریں تاکہ مشاورت اور مذاکرات سے اس مسئلے کا پُرامن حل نکل سکے۔
واضح رہے کہ روس کے کورین کے دو صوبوں کو خود مختار ریاستیں تسلیم کرنے اور وہاں اپنی فوجیں بھیجنے کے اعلان پر امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی اداروں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کرکے یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کا یقین دلایا ہے۔
خواتین ملازمین برقع نہ ہو تو خود کو کمبل سے ڈھانپ کر آفس آئیں، طالبان
کابل: (ویب ڈیسک) طالبان کی مذہبی پولیس نے سرکاری اداروں میں کام کرنے والی خواتین کو متنبہ کیا ہے کہ دفتر میں خود کو مکمل طور پر ڈھانپ کر آئیں اور اس کے لیے کپڑا نہ ہو تو کمبل اوڑھ کر آجائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کی نیکی کے فروغ اور برائی کی روک تھام کے ادارے کی جانب سے سرکاری اداروں میں کام کرنے والی خواتین ملازمین کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ خواتین ملازمین خود کو مکمل طور پر ڈھانپ کر دفتر آئیں بصورت دیگر انھیں ملازمت سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر جسم کو مکمل طور پر ڈھانپنے کے لیے برقع دستیاب نہیں تو کمبل اوڑھ کر دفتر آجائیں لیکن بغیر جسم ڈھانپے دفتر ہرگز نہ آئیں۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ نیکی کے فروغ اور برائی کی روک تھام کی وزارت نے یہ ہدایت نامہ کیوں جاری کیا جب کہ افغانستان میں تقریباً تمام ہی خواتین خود کو مکمل ڈھانپنے والا برقع استعمال کرتی ہیں۔
اس حوالے سے اے ایف پی نے وزارت کے ترجمان محمد صادق عاکف سے بات کی تو اُن کا کہنا تھا کہ خواتین جس بھی قسم کا حجاب پہننا چاہیں وہ اس انتخاب میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔
تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا طالبان کی گزشتہ حکومت کی طرح اس بار بھی جسم کو مکمل طور پر ڈھانپنے والا برقع لازمی ہے تو ترجمان نے کہا کہ حجاب کی قسم کے انتخاب میں خواتین آزاد ہیں البتہ انھیں جسم کو مکمل ڈھانپنے کے لیے برقع پہننا لازمی ہوگا چاہے اس کے لیے صرف کمبل ہی دستیاب کیوں نہ ہو۔
واضح رہے کہ عالمی قوتوں کی جانب سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے لڑکیوں کے اسکول کھولنے اور خواتین کی ملازمتوں پر واپسی کی شرط رکھی گئی تھی جس میں سے پہلی شرط رواں ماہ پوری کردی گئی ہے۔
گائے کا گوشت کھانے پرمسلمان شخص ہندوانتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہندوانتہاپسندوں نے گائے کا گوشت کھانے پرمسلمان شخص کوبدترین تشدد کا نشانہ بنا کرقتل کردیا۔
مودی کی ہندوانتہا پسند سرکارمیں گائے کا گوشت کھانا بھی جرم بن گیا۔ ریاست بہار میں ہندوانتہاپسندوں نے ایک اورمسلمان کوگائے کا گوشت کھانے پربدترین تشدد کا نشانہ بنانے کےبعد قتل کردیا۔
سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو میں محمد خلیل عالم کوہاتھ جوڑ کرہندوانتہاپسندوں سے معافی مانگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو ہندوانتہاپسند خلیل عالم سے گائے کا گوشت کھانے کے بارے میں سوال کرتے اور انہیں گالیاں دیتے سنائی دے رہے ہیں۔
خلیل عالم ہندوانتہاپسندوں کویقین دلا رہے ہیں کہ وہ آئندہ گائے کا گوشت نہیں کھائیں گے۔ہندوانتہاپسند خلیل عالم سے ان کے بچے کوگائے کا گوشت کھلانے کے بارے میں بھی پوچھتے ہیں جس پروہ جواب دیتے ہیں کہ میرے بچے نے گائے کا گوشت کبھی نہیں کھایا۔
جنونی ہندوانتہاپسندوں کے جھتے نے سوال جواب کے بعدخلیل عالم کوانسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہاپسندوں نے خلیل عالم کی تشدد زدہ لاش قریبی ندی کے کنارے پھینک دی۔ پولیس نے حسب روایت ہندوانتہاپسندوں کا ساتھ دیتے ہوئے کسی کوبھی گرفتارنہیں کیا۔
بھارت میں گائے کا گوشت کھانے کا الزام لگا کرہندوانتہاپسند جھتے متعدد مسلمانوں کوقتل کرچکے ہیں۔ مسلمانوں کوقتل کرنے والے کسی ایک شخص کوبھی سزا نہیں دی گئی ہے۔