All posts by Khabrain News

پیکا ایکٹ میں ترامیم سے متفق نہیں ، ایم کیو ایم کا بھی تحفظات کااظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) پیکا ترمیمی آرڈیننس پر حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے بھی تحفظات کا اظہار کر دیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے پیکا ترمیمی آرڈیننس سے متعلق وزیر اعظم کو خط لکھ دیا۔ امین الحق نے خط میں کہا ہے کہ پیکا ایکٹ میں ترامیم سے متفق نہیں ، اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بنیادی حقوق کےخلاف قوانین کی حمایت کسی صورت نہیں کرسکتے۔ ترامیم میں بلاضمانت گرفتاری اور فیک نیوز کی تشریح نہ ہونے سےبے چینی پھیل رہی ہے۔
انہوں نے آرڈیننس کو حکومت کی عوامی حمایت کے لیے خطرہ اور آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
امین الحق کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج پر غور کریں اور پیکا آرڈیننس فوری واپس لیں۔
وفاقی وزیر نے خط میں مزید لکھا کہ امید ہے وزیراعظم صحافتی تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے نئی ترامیم جاری کرائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترامیم میں بلاضمانت گرفتاری اور فیک نیوز کی تشریح نہ ہونے سے ملک میں بےچینی پھیل رہی ہے۔ صحافتی تنظیموں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور ماہرین کی رائے لی جاتی تو بہتر ترامیم ہو سکتی تھیں۔

حارث کے تھپر پر ٹیم مینجمنٹ کو ایکشن لینا چاہیے تھا، شاہد آفریدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ حارث روف کے تھپڑ مارنے والی حرکت پر ٹیم مینجمنٹ کو ایکشن لینا چاہیے تھا تاکہ وہ آئندہ کے لیے محتاط رہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ حارث روف سے ملے ہیں، وہ اچھے انسان ہیں لیکن جارحانہ طبیت کے ہیں، انہیں کسی کو باتیں کرنے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر میچز چلتے ہیں، جسے دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے اور فیلڈ میں جو کچھ ہوتا ہے ریکارڈ پر آجاتا ہے، آفریدی نے کہا کہ جب کچھ چیزیں ہوجاتی ہیں تو ان سے سبق سیکھنا چاہیے، اور اپنے مستقبل کا سوچیں اور طریقے سے چلیں۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ یہ مینجمنٹ کا کام ہے کہ لڑکوں کی تربیت کرے، اکیڈمیز میں کھلاڑیوں کو سکھانا چاہیے، یہ تمام انٹرنیشنل پلئیرز ہیں۔ حارث رووف کو بہت احتیاط سے چلنا ہوگا، اگلی بار کوئی برداشت نہیں کرے گا۔
سابق کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کو حارث کو ڈیفنڈ کرنے یا غلط بیانی کرنے کی بجائے اسے سبق دینا چاہیے تھا تاکہ آئندہ یہ سب نہ ہو۔
یاد رہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں پشاور زلمی کے خلاف میچ کے دوران حضرت اللہ زازئی کا کیچ چھوڑنے پر لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو تھپڑ جڑ دیا تھا۔

مسلم لیگ ن کا پیکا آرڈیننس کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب اور سینیٹر اعظم نزیر تارڑ کی طرف سے عدالت میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔
اس حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے میڈیا اور اظہار رائے کی آزادیوں کے خلاف قانون کو چیلنج کرنے کے لیے پٹیشن تیار کر لی ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے حکومت کی جانب سے پیکا ترمیمی آرڈیننس کو آئین اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا۔
اس سے قبل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پیکا ایکٹ کی سیکشن 20 کے تحت گرفتاریوں سے روک دیا۔
عدالت نے پی ایف یو جے کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو معاونت کا نوٹس بھی جاری کیا۔
دوسری جانب پیکا ایکٹ ترمیمی آرڈیننس سے متعلق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے ایک خط وزیراعظم کو ارسال کر دیا۔ جس میں لکھا گیا ہے کہ ترامیم سے متفق نہیں کیونکہ اس میں اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کوڈ ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے۔ جس کی تصدیق ترجمان وزیراعلی سیکریٹریٹ نے تصدیق کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹیسٹ کے بعد خود کو گھر میں آئیسو لیٹ کرلیا۔
ترجمان وزیراعلی سیکریٹریٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کی طبیعت ٹھیک ہے تاہم کوڈ کی علامات ہیں۔ ڈاکٹروں نے وزیراعلیٰ کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ وزیراعلٰی اہم سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن اجلاس جاری رکھیں گے۔

وینزویلا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

کاراکاس: (ویب ڈیسک) وینزویلا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وینزویلا کی ریاست لارا میں روسی ساختہ ایم آئی 17 فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا جس میں چار افراد سوار تھے۔ فوجی ہیلی کاپٹر کے کریش ہوتے ہی آگ لگ گئی۔
روسی ساختہ ہیلی کاپٹر میں سوار 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ پائلٹ اور معاون پائلٹ شدید زخمی ہو گئے جنہیں مقامی افراد نے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا۔
ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی البتہ وینزویلا کے صدر نے ہیلی کاپٹر گرنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر سرحدی اڈوں پر سپلائی کے مشن میں مصروف تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

سب سے زیادہ جعلی خبریں مریم نواز کے پاس ہوتی ہیں، اعتزاز احسن

لاہور : (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ جعلی خبریں مریم نواز کے پاس ہوتی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن کی قیادت کو نشانے پر رکھ لیا۔ کہتے ہیں سب سے زیادہ جعلی خبریں مریم نواز کے پاس ہوتی ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں سچے دل سے ایک دوسرے کے ساتھ نہیں ہیں۔ میرا مشورہ ہے ان پر اعتبار نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر مریم نواز کے پاس جج کی ویڈیوز تھیں تو انکو کسی عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا گیا؟ مریم نواز دعویٰ کرتی ہیں کہ میرے پاس اور بھی ثبوت ہیں ۔ مریم نواز کے پاس جو ثبوت ہیں وہ عدالت میں پیش کیوں نہیں کرتیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سچا ثابت کرنے کے لیےثاقب نثار کی آڈیو فیک نیوز ہے۔ نواز شریف کو وطن واپس لانا حکومت کے بس کی بات نہیں۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس لیباٹری سے جعلی بنوائی گئیں۔

اڑنے والے ڈائنوسار کے فوسل دریافت

سکاٹ لینڈ: (ویب ڈیسک) سب سے بڑے اور اڑنے والے ڈائنوسار ٹیروسار کے فوسل سکاٹ لینڈ کے جزیرے سکائی کی چٹانوں سے دریافت کر لیے گئے ہیں، فوسل کو پی ایچ ڈی کی طالبہ امیلیا پینی نے دریافت کی۔
کرنٹ بیالوجی میں شائع تحقیق کے مطابق اس اُڑنے والے ڈائنوسار کے پر 2.5 میٹر لمبے تھے۔ ٹیروسار کے مکمل فوسل بہت نایات ہیں، ماہرین کے مطابق اڑنے والے جانوروں کے جسم بہت ہلکے ہوتے ہیں جیسے آج کے پرندوں کے، اس وجہ سے وہ بہت کمزور ہوتے ہیں اور ان کے فوسل عموماً محفوظ حالت میں نہیں پائے جاتے۔
تاہم ٹیروسار کا دریافت ہونے والا یہ فسل مکمل اور اچھی حالت میں موجود ہے، خاص کر اس کی کھوپڑی کی باریکیاں، جس سے ماہرین نے یہ اخز کیا ہے کہ اس ڈائنوسار کی بینائی بہت اچھی تھی۔
نتالیا کا کہنا ہے کہ ہم ڈیئرک کا مزید تفصیلی مطالعہ کریں گے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ کیسے رہتے تھے اور ان کا رویہ کیسا تھا، یونیورسٹی آف ایڈنبر کے ماہر نے اسے اب تک کا سب سے اعلیٰ سکاٹش فوسل قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس کے حجم سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹیروسار ہماری سوچ سے زیادہ بڑے تھے۔
بی بی سی کے مطابق اس فوسل کو نیشنل میوزیمز سکاٹ لینڈ میں دکھایا جائے گا اور اس پر مزید تحقیق کی جائے گی۔

روس یوکرین تنازع، امریکہ کی جانب سے روس پر تجارتی پابندیاں عائد

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف تجارتی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔ یو کرین کے دو علاقوں کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کےصدر پیوٹن کے اقدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف تجارتی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نےمشرقی یوکرین میں روس کی جانب سے اپنے فوجی دستےبھیجنے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ اب مغربی ممالک کی جانب سے روس میں سرمایہ کاری نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دو روسی بینکوں وی ای بی اور روسی ملٹری بینک پر تجارتی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرین کے خلاف مزید اقدامات کیے تو امریکہ روس پر پابندیاں بڑھاتا رہے گا۔ روس پر لگائے جانے والی نئی پابندیاں 2014 کی پابندیوں سے زیادہ ہوں گی۔
امریکی صدر نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ یوکرین کی مزید دفاعی امداد کرے گا جبکہ نیٹو اتحاد کے ممالک میں امریکی دستے بھیجے جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف نیٹو فورسز متحد ہیں۔ امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر آپشن استعمال کریں گے۔نیٹو کی سر زمین سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ روسی صدر پیوٹن نے یوکرین کی سالمیت پر حملہ کیا ہے۔روس کی جانب سے یوکرین کا ایک بڑا حصہ الگ کرنے کا اعلان روس کے حملے کا آغاز ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن یورپ میں سکیورٹی امور پر بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔ لیکن یوکرین مسئلے کے سفارتی حل اور جنگ سے بچنے کا اب بھی موقع ہے
یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مشرقی یوکرین میں باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کو بطور آزاد ریاستیں تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کا نمبرز گیم پر اطمینان کا اظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) بلاول ہاؤس میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی نے نمبرز گیم پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔ نمبرز گیم پوری ہوگئی، تاریخ کا فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی۔
آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے براہ راست پہلے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا مشورہ دے دیا۔ شرکا کی زیادہ تر تعداد نے پہلے مرکز میں عدم اعتماد کا مشورے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ ملاقات کے علاوہ آصف زرداری، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی الگ ملاقات کا بھی ایک دور ہوا، 20 منٹ جاری رہنے والی الگ ملاقات میں تینوں رہنماؤں نے سیاسی رابطوں میں پیش رفت پر مشاورت کی۔ بلاول ہاؤس میں پی پی پی اور جے یو آئی قیادت کے ملاقاتوں کے الگ الگ دور بھی ہوئے۔
شرکاء نے اجلاس میں مشورہ دیا کہ حتمی فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی، نمبر ون کو ہدف بنایا جائے، باقی خود ہی گر جائیں گے، اتحادیوں سے بات چیت جاری رہے گی، نمبرز گیم اتحادیوں کے بغیر بھی پورا ہوگا۔
اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اب وقت کم ہے، براہ راست عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے، بزدار یا اسد قیصر کو بعد میں دیکھا جائے گا، اب اگر پہلے کسی اسپیکر یا وزیراعلی کو فوکس کیا تو وزیراعظم کو وقت مل جائے گا۔

پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر راجہ اظہر کا عامر لیاقت پر پابندی کا مطالبہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر راجہ اظہر نے متنازعہ بیانات پر عامر لیاقت پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر کو خط میں راجہ اظہر نے عامر لیاقت کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت نے کئی ویڈیوز میں بانی ایم کیو ایم سے یکجہتی ظاہر کی، وہ پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہے ہیں، عامر لیاقت کی نامناسب حرکات اور غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں۔ راجہ اظہر نے عامر لیاقت کی پارٹی ممبرشپ ختم کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔