All posts by Khabrain News

دنیا کے سب سے خوب صورت ’میوزیم آف دی فیوچر‘ کا افتتاح

متحدہ عرب امارات: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں دنیا کے سب سے خوبصورت اور جدید ’میوزیم آف دی فیوچر‘ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ جس کے لیے شاندار تقریب منعقد کی گئی، افتتاحی تقریب میں امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم بھی شریک تھے۔
مستقبل کے عجائب گھر کو “زمین پر سب سے خوبصورت عمارت” کا درجہ دیا گیا ہے، اور اس تاریخی میوزیم نے آج 23 فروری سے باضابطہ طور پر دنیا کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں، جس کا عزم امید کے پیغام کے ساتھ اور بنی نوع انسان کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تشکیل میں ایک مرکز کے طور پر کام کرنا ہے۔
دبئی مستقبل کا انتظار نہیں کررہا ہے بلکہ اس کا تصور کر کے اسے ڈیزائن کر رہا ہے، اور اسے تخلیق کر کے اس پر عمل بھی کر رہا ہے۔
العربیہ کے مطابق فیوچر میوزیم 30 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے اور اس کی اونچائی 77 میٹر ہے۔ میوزیم کے بیرونی حصے میں 14 ہزار میٹر عربی خطاطی کی گئی ہے۔ یہ کام روبوٹ سے تیار کردہ ایک ہزار 24 ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔
نیشنل جیوگرافک نے دبئی کے’ میوزیم آف دی فیوچر‘ کو دنیا کے 14 خوب صورت ترین عجائب گھروں میں بھی شامل کیا تھا۔
میوزیم کو4 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی سے چلایا جائے گا جسے دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ فیوچر میوزیم صحت، تعلیم، توانائی، ٹرانسپورٹ اور سمارٹ سٹیز سمیت متعدد شعبوں میں تخلیقی لیباریٹریوں پر مشتمل ہے۔
میوزیم پرعربی زبان میں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے اقوال درج ہیں، ” ہم سیکڑوں برس زندہ نہیں رہ سکتے البتہ سینکڑوں برس زندہ رہنے والی تخلیق دے سکتے ہیں” بھی انہیں اقوال کا حصہ ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا رحمان ملک کے انتقال پر اظہار افسوس

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا سابق وزیر داخلہ و رہنما پیپلز پارٹی رحمن ملک کے انتقال پر دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے۔
رحمن ملک کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد کے کیساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رحمن ملک کی رحلت کی خبر سن کر دکھ ہوا، خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دعا ہے اللہ تعالی مرحوم کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ اللہ تعالی رحمن ملک کے درجات بلند کرے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے بھی سابق وزیر داخلہ، سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیر خارجہ کا سینیٹر رحمان ملک کے لواحقین و اہل خانہ کے ساتھ دلی اظہار تعزیت، انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سابق وزیر داخلہ اور سینیٹر رحمان ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔ سینیٹررحمان ملک کورونا وائرس میں مبتلا تھے، ترجمان کے مطابق رحمان ملک کے پھیپھڑے کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے، وہ اسلام آباد کے پرائیویٹ اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

اپوزیشن کی میل ملاقاتیں صرف میڈیا کی شہ سرخی بننے کیلئے ہیں: حسان خاور

لاہور: (ویب ڈیسک) حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی میل ملاقاتیں صرف میڈیا کی شہ سرخی بننے کیلئے ہیں، اپوزیشن کی کشتی بیچ مندھار بھنور میں پھنس چکی ہے، اپنی ساکھ بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔
ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی میں آج بھی ایک دوسرے پر اعتماد کا فقدان ہے، کرپٹ مافیا بغض کپتان میں اکٹھا ہوگیا، سب کرپٹ مافیا کے سامنے اکیلا کپتان ڈٹ کر کھڑا ہے، عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑ کر اپوزیشن نے اپنے لیے گڑھا کھود دیا ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کپتان کے سپاہی جم کر پچ پر کھیل رہے ہیں، پارٹی اور اتحادی ڈٹ کر عثمان بزدار کیساتھ کھڑے ہیں، اپوزیشن کے پنجاب میں عدم اعتماد کے خواب چکنا چور ہوجائیں گے، وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اپوزیشن کو ایسی شکست فاش دیں گے کہ ہاتھ ملتی رہ جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ قوم نے سٹیٹس کو اور اقربا پروری کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے، قوم نے بلاول، حمزہ اور مریم کی سیاست کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، اقربا پروری کی سیاست اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں۔

روس نے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ متنازع علاقوں کو تسلیم کر کے روس نے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے روس اور یوکرین کے تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی صورتحال عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کے حوالے سے روسی اقدامات قابل مذمت ہیں اور روس فوری طور پر مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ واپس لے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ متنازع علاقوں کو تسلیم کر کے روس نے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف تجارتی پابندیوں کا اعلان کر دیا۔ یو کرین کے دو علاقوں کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے صدر پیوٹن کے اقدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف تجارتی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشرقی یوکرین میں روس کی جانب سے اپنے فوجی دستے بھیجنے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

پیکا ایکٹ میں ترامیم سے متفق نہیں ، ایم کیو ایم کا بھی تحفظات کااظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) پیکا ترمیمی آرڈیننس پر حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے بھی تحفظات کا اظہار کر دیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے پیکا ترمیمی آرڈیننس سے متعلق وزیر اعظم کو خط لکھ دیا۔ امین الحق نے خط میں کہا ہے کہ پیکا ایکٹ میں ترامیم سے متفق نہیں ، اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بنیادی حقوق کےخلاف قوانین کی حمایت کسی صورت نہیں کرسکتے۔ ترامیم میں بلاضمانت گرفتاری اور فیک نیوز کی تشریح نہ ہونے سےبے چینی پھیل رہی ہے۔
انہوں نے آرڈیننس کو حکومت کی عوامی حمایت کے لیے خطرہ اور آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
امین الحق کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج پر غور کریں اور پیکا آرڈیننس فوری واپس لیں۔
وفاقی وزیر نے خط میں مزید لکھا کہ امید ہے وزیراعظم صحافتی تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے نئی ترامیم جاری کرائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترامیم میں بلاضمانت گرفتاری اور فیک نیوز کی تشریح نہ ہونے سے ملک میں بےچینی پھیل رہی ہے۔ صحافتی تنظیموں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور ماہرین کی رائے لی جاتی تو بہتر ترامیم ہو سکتی تھیں۔

حارث کے تھپر پر ٹیم مینجمنٹ کو ایکشن لینا چاہیے تھا، شاہد آفریدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ حارث روف کے تھپڑ مارنے والی حرکت پر ٹیم مینجمنٹ کو ایکشن لینا چاہیے تھا تاکہ وہ آئندہ کے لیے محتاط رہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ حارث روف سے ملے ہیں، وہ اچھے انسان ہیں لیکن جارحانہ طبیت کے ہیں، انہیں کسی کو باتیں کرنے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر میچز چلتے ہیں، جسے دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے اور فیلڈ میں جو کچھ ہوتا ہے ریکارڈ پر آجاتا ہے، آفریدی نے کہا کہ جب کچھ چیزیں ہوجاتی ہیں تو ان سے سبق سیکھنا چاہیے، اور اپنے مستقبل کا سوچیں اور طریقے سے چلیں۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ یہ مینجمنٹ کا کام ہے کہ لڑکوں کی تربیت کرے، اکیڈمیز میں کھلاڑیوں کو سکھانا چاہیے، یہ تمام انٹرنیشنل پلئیرز ہیں۔ حارث رووف کو بہت احتیاط سے چلنا ہوگا، اگلی بار کوئی برداشت نہیں کرے گا۔
سابق کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کو حارث کو ڈیفنڈ کرنے یا غلط بیانی کرنے کی بجائے اسے سبق دینا چاہیے تھا تاکہ آئندہ یہ سب نہ ہو۔
یاد رہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں پشاور زلمی کے خلاف میچ کے دوران حضرت اللہ زازئی کا کیچ چھوڑنے پر لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو تھپڑ جڑ دیا تھا۔

مسلم لیگ ن کا پیکا آرڈیننس کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب اور سینیٹر اعظم نزیر تارڑ کی طرف سے عدالت میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔
اس حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے میڈیا اور اظہار رائے کی آزادیوں کے خلاف قانون کو چیلنج کرنے کے لیے پٹیشن تیار کر لی ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے حکومت کی جانب سے پیکا ترمیمی آرڈیننس کو آئین اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا۔
اس سے قبل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پیکا ایکٹ کی سیکشن 20 کے تحت گرفتاریوں سے روک دیا۔
عدالت نے پی ایف یو جے کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو معاونت کا نوٹس بھی جاری کیا۔
دوسری جانب پیکا ایکٹ ترمیمی آرڈیننس سے متعلق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے ایک خط وزیراعظم کو ارسال کر دیا۔ جس میں لکھا گیا ہے کہ ترامیم سے متفق نہیں کیونکہ اس میں اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کوڈ ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے۔ جس کی تصدیق ترجمان وزیراعلی سیکریٹریٹ نے تصدیق کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹیسٹ کے بعد خود کو گھر میں آئیسو لیٹ کرلیا۔
ترجمان وزیراعلی سیکریٹریٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کی طبیعت ٹھیک ہے تاہم کوڈ کی علامات ہیں۔ ڈاکٹروں نے وزیراعلیٰ کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ وزیراعلٰی اہم سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن اجلاس جاری رکھیں گے۔

وینزویلا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

کاراکاس: (ویب ڈیسک) وینزویلا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وینزویلا کی ریاست لارا میں روسی ساختہ ایم آئی 17 فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا جس میں چار افراد سوار تھے۔ فوجی ہیلی کاپٹر کے کریش ہوتے ہی آگ لگ گئی۔
روسی ساختہ ہیلی کاپٹر میں سوار 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ پائلٹ اور معاون پائلٹ شدید زخمی ہو گئے جنہیں مقامی افراد نے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا۔
ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی البتہ وینزویلا کے صدر نے ہیلی کاپٹر گرنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر سرحدی اڈوں پر سپلائی کے مشن میں مصروف تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

سب سے زیادہ جعلی خبریں مریم نواز کے پاس ہوتی ہیں، اعتزاز احسن

لاہور : (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ جعلی خبریں مریم نواز کے پاس ہوتی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن کی قیادت کو نشانے پر رکھ لیا۔ کہتے ہیں سب سے زیادہ جعلی خبریں مریم نواز کے پاس ہوتی ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں سچے دل سے ایک دوسرے کے ساتھ نہیں ہیں۔ میرا مشورہ ہے ان پر اعتبار نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر مریم نواز کے پاس جج کی ویڈیوز تھیں تو انکو کسی عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا گیا؟ مریم نواز دعویٰ کرتی ہیں کہ میرے پاس اور بھی ثبوت ہیں ۔ مریم نواز کے پاس جو ثبوت ہیں وہ عدالت میں پیش کیوں نہیں کرتیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سچا ثابت کرنے کے لیےثاقب نثار کی آڈیو فیک نیوز ہے۔ نواز شریف کو وطن واپس لانا حکومت کے بس کی بات نہیں۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس لیباٹری سے جعلی بنوائی گئیں۔