لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کا دورۂ پاکستان کے حوالے سے ان فٹ محمد نواز کی جگہ یاسر شاہ کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ کا کراچی میں تیاریوں کا آج آخری روز ہے۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی امام الحق، سعود شکیل، فواد عالم، نعمان علی اور ساجد خان آج شام راولپنڈی روانہ ہوں گے۔ سکواڈ میں شامل ریزرو کھلاڑی راولپنڈی نہیں جائیں گے انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاکستان کپ کھیلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
All posts by Khabrain News
کورونا وائرس سے مزید 18 افراد دم توڑ گئے، 24 گھنٹوں میں 1455 نئے مریض
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ چار فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 18 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 114 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 5 ہزار 328 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 455 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 92، سندھ میں 5 لاکھ 65 ہزار 975، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 15 ہزار 588، بلوچستان میں 35 ہزار 309، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 432، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 107 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 ہزار 825 کیسز رپورٹ ہوئے۔
زرداری، پرویز الٰہی ملاقات : ق لیگ، پی پی کا ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد کا اظہار
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی وفد کے ہمراہ ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ سیاسی منظر نامے میں آصف علی زرداری اور چودھری پرویزالٰہی مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے۔
بلاول ہاؤس میں مسلم لیگ ق کے وفد نے چودھری پرویز الہی کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مونس الہی، طارق بشیر چیمہ سالک حسین اور راسخ الہی شریک ہوئے۔
سابق صدر آصف زرداری اور چودھری پرویزالٰہی کی 20 منٹ ون آن ون ملاقات بھی جاری رہی۔ ملاقات کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق آصف زرداری اور پرویزالٰہی کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی قیادت نے مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اصف زرداری نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
جنگ کا خطرہ، یوکرین سے روسی سفارت کاروں کا انخلا
کیف: (ویب ڈیسک) روسی وزارت خارجہ کی ہدایت پر یوکرین کے دارالحکومت میں موجود روسی سفارتخانے سے انخلا کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روس نے اپنا سفارت خانہ خالی کرنا شروع کردیا ہے۔ اس سے قبل یوکرین نے بھی روس میں موجود اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے سفارت خانے کے انخلا کا حکم ایک دن قبل دیا گیا تھا۔ آج کے بعد کیف میں سفارت خانے کی عمارت پر روسی جھنڈا نہیں لہرایا جائے گا۔
دوسری جانب روسی سفارت کاروں کے محفوظ انخلا کیلئے یوکرین کی پولیس نے سفارت خانے کو حصار میں لے لیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یوکرینی حکومت اپنی عوام کو پرامن رہنے کی تلقین کرتی آئی ہے تاہم اب حکام کی تشویش میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ماسکو کی ’جارحیت‘ روس میں بسنے والے شہریوں کیلئے قونصلر کی خدمات حاصل کرنے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔
روسی اقدام سے ورلڈ آرڈر کو خطرہ ہے، پیوٹن کو روکنے کا آخری موقع ہے: یوکرینی وزیر خارجہ
نیویارک: (ویب ڈیسک) یوکرین کے وزیر خارجہ دمیترو کولیبا نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو روکنے کا یہ آخری موقع ہے۔ انہوں ںے کہا کہ روس کے اقدامات سے موجودہ ورلڈ آرڈر کو خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں یوکرین کی موجودہ صورتحال اور روسی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر خارجہ دمیترو کولیبا نے الزام عائد کیا کہ روس نے عالمی امن پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی یوکرین میں روسی ٹینک پھر رہے ہیں۔
یوکرین کے وزیر خارجہ نے واضح طور پر اپنے خطاب میں کہا کہ جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ نے واضح طور پر دنیا کو آگاہ کیا کہ روسی جارحیت کے جواب میں یوکرین اپنا بھرپور دفاع کرے گا۔
روسی اقدام کے بعد یوکرین میں ایک ماہ کے لیے ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت یوکرین میں جلسے، جلوس اور ہڑتال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
جاپان نے ہائبرڈ اور ریچارچیبل ٹرین متعارف کرادی
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان نے فیول سیل (کیمیائی انرجی کو بجلی میں بدلنے والے سیل) اور ریچارجیبل بیٹریز کی حامل ٹرین متعارف کرادی ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق ’ہائبرڈ‘ نامی ٹرین جے آر ایسٹ، ہٹاچی لمیٹڈ اور ٹویوٹا موٹر کارپوریشن نے مل کر تیار کی ہے۔ جے آر ایسٹ نے اس ہائبرِڈ ٹیکنالوجی کو عمومی استعمال کیلئے 2030 تک لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم اس دوران کمپنی ٹرین کی ٹیسٹنگ جے آر سورومی اور نامبو کے ریلوے لائن پر کرے گی۔
جے آر ایسٹ کمپنی 2050 تک صفر کاربن کے اخراج کے اپنے ہدف کو پورا کرنے کیلئے کر ٹرینوں میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال کا ارادہ رکھتی ہے۔
پی ایس ایل7: کوالیفائر میچ: لاہورقلندرز کو شکست، ملتان سلطانز فائنل میں
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 164 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 45 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ کامران غلام نے 20 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور رنز 19 دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان نے 53 ، رائلی روسوو نے 65 جب کہ عامر عظمت نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کے محمد حفیظ اور سمیت پٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
امریکی فوج کے 2 بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا کر زمین بوس
یوٹاہ: (ویب ڈیسک) تربیتی پرواز کے دوران امریکا کے یوٹاہ نیشنل گارڈ کے دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر زمین بوس ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ کی معروف سالٹ لیک سٹی میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز گر کر تباہ ہوگئے۔ دونوں ہیلی کاپٹرز میں مجموعی طور پر 5 اہلکار سوار تھے۔
دونوں ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر مامور تھے اور ممکنہ طور موسم کی خرابی کے باعث فضا میں ایک دوسرے سے ٹکرانے کے بعد ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگئے۔
ریسکیو ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دونوں ہیلی کاپٹرز میں موجود پانچوں افراد مکمل طور محفوظ ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹرز یوٹاہ کے نیشنل گارڈز کی ملکیت تھے جو کہ ایک طرح کی ریاست کی فوج ہے۔ حادثے سے ہیلی کاپٹرز کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
امریکا کی یوٹاہ نیشنل آرمی گارڈز نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ ہیلی کاپٹر میں موجود افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
اسرائیلی اہلکاروں نے ذہنی معذور فلسطینی کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
مقبوضہ بیت القدس: (ویب ڈیسک) ذہنی طور پر معذور فلسطینی کو تشدد کے ذریعے گرفتار کرنے کی کوشش کررہے اسرائیلی اہلکاروں کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر غم و غصے لہر دوڑا دی ہے۔
قطری سرکاری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فسلطین کے علاقے شیخ جرہ میں ایک فلسطینی خاندان کو اُن کے گھر سے جبراً بےدخل کرنے کے واقعے نے فلسطینیوں کو سراپا احتجاج بنا دیا ہے۔
فلسطین میں واقعے کیخلاف ایک مظاہرہ جاری تھا جس میں محمد العجلونی بھی شامل تھا۔ اسرائیلی اہلکاروں نے ڈاون سنڈروم کے شکار 25 سالہ محمد العجلونی کو پکڑ لیا اور اُسے تشدد کا نشانہ بنایا جس پر محمد کی گردن اور کندھوں پر شدید چوٹیں آئیں۔
مظاہرین نے محمد کو تھاما ہوا تھا اور اہکاروں کو اس کی ذہنی حالت بتا رہے تھے جس پر مظاہرین سے تکرار کے بعد اہلکاروں نے اُسے چھوڑ دیا۔ محمد العجلونی کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اُس کے زخموں کا علاج کیا گیا۔
سفارتی حل کے حامی ہیں لیکن روسیوں کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، پوٹن
ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمر پوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر مغربی ممالک کے ساتھ سفارتی حل کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن روسی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے فادر لینڈ ڈے کے موقع پر قوم سے خطاب میں صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ ہم اب بھی یوکرین کے تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔
تاہم روسی صدر نے مغربی ممالک کو خبردار کیا کہ مخلصانہ گفتگو کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں لیکن روسی شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
صدر پوٹن نے یوکرین کے دو صوبوں میں اپنی فوجیں بھیجنے کے فیصلے کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کا اعلان کرنے والی ریاستوں میں عوام کے تحفظ کے لیے امن دستے بھیجنے درست عمل ہے۔
اس موقع پر انھوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ میں امن کے لیے روس کے کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی روس کے امن دستوں نے خطے کو بڑی جنگ سے بچایا تھا۔
اپنے خطاب کے آخر میں صدر پوٹن نے روسی افواج کی تعریف کی اور ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور ملکی مفاد کے دفاع کے لیے ہر وقت چاک و چوبند رہنے پر فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔