طالبان حکومت نے کسی بھی بیرونی امداد کے ملنے اور منجمد اثاثے بحال نہ ہونے کے باوجود ملک کا پہلا بجٹ تیار کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت کی وزارت خزانہ نے ملک کے پہلے سالانہ بجٹ کا مسودہ تیار کر لیا۔ اس بجٹ کے لیے طالبان حکومت کو فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کافی مشکلات کا سامنا تھا۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کے ترجمان احمد ولی نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ملک کا یہ پہلا سالانہ بجٹ ہے جو کسی بیرونی امداد کے بغیر اور فنڈز کی عدم دستیابی کے باوجود تیار کیا گیا ہے۔
افغان وزارت خزانہ کے ترجمان نے مجوزہ بجٹ کا حجم بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سال 2022 کے دسمبر تک کے لیے اس بجٹ کی تفصیلات جاری کرنے سے قبل کابینہ کی منظوری لینا ضروری ہے۔
خیال رہے کہ ایک طرف تو منجمد فنڈز اور عالمی امداد کی بندش کے باعث افغانستان اقتصادی بحران کا سامنا ہے تو دوسری طرف اقوام متحدہ بھی ملک کو غذائی قلت اور بھوک و افلاس کے طوفان سے خبردار کرچکی ہے۔
اس پیچیدہ صورت حال اور معاشی بحران میں ملک کا پہلا بجٹ تیار کرلینا طالبان حکومت کی ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔
All posts by Khabrain News
کراچی میں اومیکرون کا دوسرا کیس سامنے آگیا، مریض قرنطینہ سے فرار
شہر قائد میں اومیکرون کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے تاہم مریض قرنطینہ سے فرارہوگیا۔
ذرائع محکمہ صحت کے مطابق 35 سالہ شخص برطانیہ سے کراچی پہنچا، رینڈم چیکنگ میں متعلقہ شخص میں پہلے کورونا اور بعد میں جینوم سیکویسنگ کے بعد اومیکرون کی تصدیق ہوئی، ایئرپورٹ سے محکمہ صحت کے عملے نے متاثرہ مریض کو شاہراہ فیصل پر واقع نجی ہوٹل میں منتقل کیا تھا تاہم متعلقہ شخص ہوٹل کے قرنطینہ سے فرار ہوگیا۔
ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ قرنطینہ پر سیکورٹی فراہم کرنا محکمہ داخلہ پولیس اور متعلقہ ڈی سی کی ذمہ داری ہے جب کہ نجی ہوٹل میں اب بھی 19 افراد قرنطینہ میں ہیں اور سیکورٹی تاحال فراہم نہیں کی گئی ہے۔
ذرائع محکمہ صحت کے مطابق حکومت پاکستان نے کیٹیگری سی اور اومیکرون والے ممالک پر سفری پابندی لگائی ہے تاہم برطانیہ کیٹیگری سی میں نہیں آتا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جب کہ ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے کراچی میں رپورٹ ہونے والے مشتبہ اومیکرون کیس کی تصدیق بھی کردی گئی تھی۔
قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے لیے2021 یادگار اور ریکارڈ ساز سال رہا
قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم نے سال 2021 میں متعدد ریکارڈ بنائے۔
پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے لیے 2021 یادگار اور ریکارڈ ساز سال رہا، رواں سال قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 20 فتوحات اپنے نام کیں، محمد رضوان اور بابراعظم نے بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں لاجواب پرفارمنس دے کر اپنی برتری ثات کی، پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے مجموعی رنز کی تعداد 4 ہزار 20 رہی جس میں 347 چوکے اور ریکارڈ 122 چھکے لگائے گئے۔
بابر اعظم ایک سو بائیس رنز کے ساتھ سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بیٹر بنے، بابراعظم نے 16 کیچز کے ساتھ سب سے زیادہ کیچ لینے والے فیلڈر کا اعزاز بھی پایا۔ محمد رضوان 22 کیچز کے ساتھ سال کے ٹاپ کیپر بنے، اس کے علاوہ محمد رضوان 12 نصف سنچریاں اسکور کرکے دنیا کے پہلے بیٹر رہے۔
محمد رضوان ایک ہزار 326 رنز بناکر سب سے آگے نکلنے میں کامیاب ہوئے، بابر اور رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں جنوبی افریقا کے خلاف سال دوہزار اکیس کی بہترین پارٹنرشپ 197 رنز کی قائم کی۔
پی سی بی نے پاورہٹنگ کوچ کا عہدہ متعارف کرادیا
پی سی بی نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرکے لیے پاور ہٹنگ کوچ کا عہدہ متعارف کردایا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرکے لیے پاور ہٹنگ کوچ کا عہدہ متعارف کرانے کے ساتھ نئے کوچز کی تلاش شروع کردی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ اشتہار بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں ہائی پرفارمنس کوچ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ اور پاور ہٹنگ کوچ کے لیے 17 جنوری تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
بیٹنگ کوچ کے طور پر سابق کپتان محمد یوسف ذمہ داریاں نبھارہے ہیں جب کہ عتیق الزمان فیلڈنگ کوچ کے طور پر استعفی دے چکے ہیں،ان سے پہلے محمد زاہد بولنگ کوچ کےعہدے سے الگ ہوچکے ہیں۔ نئے کوچز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کھلاڑیوں اور ٹیموں کی پرفارمنس میں بہتری لانے کے لیےکام کریں گے۔
امریکہ میں دہشت گرد حملے کی دھمکی، سکولز بند
امریکہ میں سکولوں پر فائرنگ کی دھمکی ٹک ٹاک پر دی گئی، ٹک ٹاک ویڈیو میں کہا گیا کہ جن کو اپنی جان پیاری ہے وہ جمعہ کو سکول نہ جائیں، گورنر نیو جرسی نے دہشتگرد حملے کی دھمکی ملنے کے بعد تمام سکولز بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔گورنر نیو جرسی نے اس حوالے سے ٹویٹ بھی کیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست کیلفورنیا، منی سوٹا، ٹیکساس، میسوری میں آج اسکول بند رہیں گے، پولیس کی جانب سے امریکہ کی ریاستوں کے اسکولز میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، ہر آنے جانے والے پر نظر رکھی جا رہی ہے، اضافی مسلح اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب ٹک ٹاک کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دھمکی آمیز ویڈیو پر ٹک ٹک سیکورٹی اداروں کو مدد فراہم کرے گا، ہم اس دھمکی کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں
پاکستان کی حق خود ارادیت سے متعلق قرارداد اقوام متحدہ میں اتفاق رائے سے منظور
عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کی پاکستان کی پیش کردہ قرار داد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے “عوام کے حق خود ارادیت کا عالمی احساس” کے عنوان سے قرار داد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ قرارداد کی دنیا کے تمام خطوں سے 72 ممالک نے حمایت کی، قرار داد واضح طور پر غیر ملکی قبضے کے تحت تمام لوگوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتی ہے، اس زمرے میں بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیرکے لوگ بھی شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اتفاق رائے سے منظور شدہ قرارداد مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے، قرارد کے مطابق لوگوں کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کے مطابق کیا جائے گا۔
خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کیس، وزیراعظم کی ای کورٹ کے ذریعے حاضری
وزیراعظم عمران خان نے ای کورٹ کے ذریعے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ہرجانہ کیس کی کارروائی میں حصہ لیا۔
کیس شوکت خانم اسپتال کے فنڈ میں غیرشفافیت سے متعلق خواجہ آصف کے الزامات پر10 ارب ہرجانے کا تھا، وزیراعظم نے اپنے بیان حلفی میں الزامات کو بے بنیاد اورمن گھڑت قراردے دیا، جبکہ ای کورٹ کی روایت کوسراہا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ 1991 سے 2009 تک عمران خان شوکت خانم کے سب سے بڑے انفرادی ڈونر رہے، شوکت خانم ٹرسٹ کی سرمایہ کاری سکیمیوں کے حوالے سے فیصلہ سازی ایکسپرٹ کمیٹی کرتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان بارے سچ کہا، جس نے مقدمہ کرنا ہے کرے، جسٹس (ر) وجیہہ الدین
کمیٹی میں وزیراعظم عمران خان کی کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں تھی، جن سرمایہ کاری سکیموں کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے وہ بغیر کسی نقصان کے شوکت خانم ٹرسٹ نے واپس وصول کیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شوکت خانم ٹرسٹ پر لوگوں کا اعتماد قائم ہے، ایسے فلاحی منصوبے کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر سیاست کیلئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ عدالت سے امید ہے کہ وہ ایسے الزامات پر مثالی فیصلہ دے کر آئندہ کیلئے اس روایت کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ای کورٹ سے عدالتی کاروائی چلانا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس طرح معزز عدالت کے قیمتی وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوتی ہے۔۔۔کیس بھی بروقت نمٹائے جاسکتے ہیں۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس:سیکرٹری سمیت مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری
تفصیلات کے مطابق او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے،گزشتہ شب او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ اسلام آباد ائرپورٹ پہنچے،جہاں ان کا استقبال وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کیا۔
اس موقع پر حسین ابراہیم طحہٰ نے کہا کہ پاکستان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے اور او آئی سی کانفرنس میں افغانستان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
بعد ازاں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچے جہاں ان کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خوش آمدید کہا اور سیکرٹری جنرل او آئی سی کا منصب سنبھالنے پر حسین ابراہیم طہٰ کو مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے بانی رکن کے طور پر، پاکستان تنظیم کی اقدار اور مقاصد کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کو امت کی واحد اور موثر آواز کے طور پر فروغ دینے کے لیے بھی پرعزم ہے، 23-22مارچ 2022کو اوآئی سی وزرائےخارجہ کونسل کے48ویں اجلاس کی میزبانی کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی مسلم امہ کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی سنجیدگی کا ثبوت ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مختلف او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ باہمی طور پر سائنسی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔
مریض کے گردے سے 156 پتھریاں برآمد
بھارتی میں ڈاکٹرز نے مریض کے گردے سے 156 پتھریاں نکال لیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ میں ڈاکٹرز نے 3 گھنٹے کا طویل آپریشن کر کے 50 سالہ مریض کے گردے سے 156 پتھریاں نکال لیں۔ مریض گردے میں درد کی تکلیف کے ساتھ سرکاری اسپتال پہنچا تاہم ڈاکٹرز نے اسے پین کلر ادویات دے کر فارغ کر دیا تاہم مریض کو 2 روز بعد پھر درد کی شکایت ہوئی۔ دوبارہ درد کی تکلیف لیے مریض پھر اسپتال پہنچا تو ڈاکٹر نے اس کا الٹرا ساؤنڈ کروایا جس میں گردے میں پتھریاں سامنے آئیں۔ ڈاکٹرز نے گردے میں پتھریاں سامنے آنے پر آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا اور 3 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد مریض کے گردے سے 156 پتھریاں نکال لیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ تاریخ میں شاید پہلی مرتبہ کسی بھی مریض کے گردے سے اتنی زیادہ تعداد میں پتھریاں نکلی ہیں لیکن حیرانگی کی بات یہ ہے کہ مریض کی طبیعت زیادہ خراب نہیں تھی اور وہ ان پتھریوں کے ساتھ زندگی گزار رہا تھا۔ مریض کرناٹکا ہوبلی کے ایک اسکول میں معلم کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور گزشتہ کئی سال سے انہیں پیٹ میں درد کی شکایت تھی۔
خانیوال کےضمنی انتخاب کامکمل نتیجہ آنے سے قبل ہی شہباز شریف نے پیغام جاری کردیا
مسلم لیگ ن کےصدراورقائدحزبِ اختلاف شہبازشریف نےخانیوال کےضمنی انتخاب میں شاندارکارکردگی پرپارٹی کارکنان کوخراج تحسین پیش کرتے کہا ہےکہ جنوبی پنجاب کے عوام نے نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا ہے۔واضح رہے کہ خانیوال کے حلقہ پی پی 206کے ضمنی الیکشن کے نتائج آنےکا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار کو واضح برتری حاصل ہے اور ان کی جیت یقینی سمجھی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کاکہناتھا کہ جنوبی پنجاب اور خانیوال کے عوام کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ،خانیوال کا الیکشن جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ ن کی عوامی خدمت کا اعتراف ہے ،ن لیگ نے جنوبی پنجاب کو جو ترقی دی، عوام نے اس پر اپنے اعتماد کی مہر لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کے تحفظ کا سفر مزید قوت سے آگے بڑھائیں گے، پارٹی قائدین اور کارکنان کا شبانہ روز محنت پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور شاباش دیتا ہوں، آپ نے ٹیم ورک، یکسوئی اور نظریاتی جذبے کا مثالی مظاہرہ کیا، آپ پر فخر ہے۔