All posts by Khabrain News

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد مستعفی ہو گئے

واشنگٹن:  امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد مستعفی ہو گئے، زلمے دوحہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد کرانے میں ناکام رہے تھے۔

زلمے دوحہ امن معاہدے میں امریکا کی جانب سے مصالحت کار تھے، طالبان کے کابل پر قبضے پر زلمے خلیل زاد کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اب تھامس ویسٹ نئے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ہونگے۔

تھامس ویسٹ حال ہی میں طالبان رہنماؤں سے ملاقاتوں میں شریک رہے، وہ افغانستان سے متعلق امریکی سفارتی کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ، آرٹس اینڈ کلچر میں کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کر دیا

لاہور  وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں عشرہ شان رحمت للعالمینﷺ کی مناسبت سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ، آرٹس اینڈ کلچر میں کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قذافی سٹیڈیم میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ،آرٹس اینڈ کلچر آمد ہوئی۔ انہوں نے عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی مناسبت سے انسٹی ٹیوٹ میں کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کیا۔ پاکستان کے ساتھ ایران کے آرٹسٹوں کے فن پارے بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ نمائش میں 100سے زائد کیلی گرافی کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ نمائش 30 ربیع الاول تک جاری رہے گی۔

عثمان بزدار نے کیلی گرافی کے خوبصورت فن پارے دیکھے اور خطاطی کے خوبصورت فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خط کوفی میں ایران کے آرٹسٹوں کے فن پاروں کی خصوصی تعریف کی اور خطاط کے فن کو سراہا۔

وزیراعلیٰ نے نامور مصور اسلم کمال کے میورل پینٹنگ کا بھی افتتاح کیا۔ میورل پینٹنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسلم کمال کے تخلیقی فن کو سراہا۔

وزیراعلیٰ کو ایک آرٹسٹ نے کلمہ طیبہ لکھ کر پاکستان کے نقشے کی تصویر پیش کی۔ پاکستان کا نقشہ بنانے کی تصویر میں 1443 بار کلمہ طیبہ لکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آرٹسٹ کے فن کی تعریف کی اور ان کے کام کو سراہا۔ نوجوان آرٹسٹ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی منفرد انداز میں بنائی تصویر وزیراعلیٰ کو پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ، آرٹس اینڈ کلچر کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کیلی گرافی قدیم اسلامی روایت ہے۔ مسلمانوں نے کیلی گرافی میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ہماری حکومت کیلی گرافی کے فروغ کیلئے نوجوان خطاط کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ صوبائی وزیرثقافت خیال احمد کاسترو، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پیلاک، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بھارتی گلوکار دلیر مہندی کا حضورﷺ کو خصوصی نذرانہ عقیدت

نامور بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے 12 ربیع الاوّل کے موقع پر حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو خصوصی طور پر نذرانہ عقیدت پیش کیا ہے۔

سکھ گلوکار نے انسٹاگرام پر ایک منٹ 53 سیکنڈز پر مشتمل ایک ویڈیو شیئر کی جس کی شروعات انہوں نے سکھ شاعر مہندر سنگھ کے شعر سے کی۔

 

 

اس شعر کے بعد گلوکار نے حضور اکرم ﷺ کیلئے اپنا کلام پڑھا۔

دلیر مہندی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام پر امت مسلمہ کو عید میلادالنبیؐ اور ماہِ ربیع الاول کی مبارکباد پیش کی۔

قوم کو پاکستان نیوی کی صلاحیتوں اور کارناموں پر فخر ہے ، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قوم کو پاکستان نیوی کی صلاحیتوں اور کارناموں پر فخر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بھارتی بحریہ کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے عزائم ناکام بنانے پر پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے جانبازوں نے پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک ارادوں کوخاک میں ملایا ، سمندری حد پار کرنے کی کوشش کر کے بھارت نے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے پھر بے نقاب کیا ، پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔

سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ قوم کو پاکستان نیوی کی صلاحیتوں اور کارناموں پر فخر ہے ، بزدل دشمن سن لے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کی 22کروڑ عوام مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ، مضبوط دفاع کے باعث وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

واضح رہے کہ پاک بحریہ نے ایک بار پھر بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیاہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی آبدوز نے 16 اکتوبر کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت سے بھارتی عزائم ناکام بنادئیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ سیکورٹی حالات میں پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے مکمل الرٹ ہے۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق بھارتی نیول سب میرین کو پاک بحریہ کے لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ نے پاکستانی حدود سے بہت پہلے ہی دیکھ لیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ نے ہندوستانی آبدوز کا سراغ لگایا اور یہ تیسری مرتبہ ہے کہ پاک بحریہ نے بھارتی سب میرین کا سراغ لگایا ہے۔

 

حضور پاک ﷺ کی ولادت تمام انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حضور پاک ﷺ کی ولادت تمام انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عید میلا النبی ﷺ کے جلوس میں شرکت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت انسانیت کو شفقت ، محبت اور مساوات کا درست دیتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ منانے کے ساتھ ہمیں حضور پاک ﷺ کی تعلیمات پر عمل بھی کرنا چاہیے۔

جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی یا ناکام؟ فیصلہ کل ہوگا

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کےخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی یا ناکام؟ اس کا فیصلہ کل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کل بدھ کو پیش ہوگی، اجلاس کل سہ پہر چاربجے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اسمبلی اجلاس کی صدارت اسپیکرعبدالقدوس بزنجو کریں گے۔

 حکومت اور اپوزیشن دونوں کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں جبکہ ناراض اراکین نے اپوزیشن سے ملاقات کرکے عدم اعتماد کی تحریک میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک کو پیش کرنے کی اجازت کےلئے تحریک کا کوئی ایک محرک تحریک پیش کرے گا۔

واضح رہےکہ بلوچستان میں سیاسی بحران میں شدت اور باپ پارٹی میں صدرات کی جنگ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان پارٹی کے صدارت پر ڈٹ گئے ہیں، جبکہ دوسری جانب قائم مقام پارٹی صدر نے سردار کھیتران کو پارٹی ترجمان مقرر کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہےکہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال  کی وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے سیاسی مسئلے کو خوش اسلوبی سے طے کرنے پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیر اعظم عمران خان کو بلوچستان کے سیاسی بحران سے آگاہ کیا اور اس کے ساتھ ساتھ  وزیرِ اعظم کو بلوچستان پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے بلوچستان کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان  نے مزید کہا کہ بلوچستان کی افرادی قوت ملک کا اصل اثاثہ ہے، حکومت بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: اسکاٹ لینڈ کا پاپوا نیوگنی کو جیت کیلئے 166 رنزکا ہدف

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ نے پاپوانیوگنی کو 166 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پانچویں میچ میں اسکاٹ لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاپوانیوگنی کو فیلڈنگ کرنے کا موقع دیا۔

اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے مقرررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے، اسکاٹش بلے باز ریچی بیرینگٹن 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ان کے علاوہ میتھیوکراس  نے 45 اور جارج منسے نے 15 رنز بنائے، پاپوانیوگنی کی جانب سے  کابوا موریا نے 31 رنزدے کر 4  وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی مینز ورلڈ کپ کا پہلا راؤنڈ ابوظہبی اور عُمان میں کھیلا جارہا ہے جہاں آج بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیوگنی کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جب کہ دوسرے میچ میں سری لنکا کا مقابلہ عمان سے شام 7 بجے ہوگا۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز کھیلےگئے میچز میں  آئر لینڈ نے نیدر لینڈز  اور سری لنکا نے نمیبیاکو شکست دی تھی۔

یووراج سنگھ کو یوزویندر چہل پر متعصب جملے کسنے پر گرفتاری کے بعد رہا کر دیا

بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر یووراج سنگھ کو ساتھی کرکٹر یوزویندر چہل پر متعصب جملے کسنے پر گرفتاری کے بعد رہا  کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یووراج سنگھ نے مبینہ طور بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل کے بارے میں متعصب الفاظ کہے جس پر ہریانہ کی پولیس نے سابق کرکٹر یووراج سنگھ کو ہفتے کے روز گرفتار کیا اور تین گھنٹے تک تفتیش کی بعد ازاں ان کی ضمانت پر رہائی ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال کے آغاز میں کورونا وبا کے دوران لاک ڈاؤن میں یووراج سنگھ نے روہت شرما کے ساتھ اپنی انسٹاگرام لائیو میں گفتگو کے دوران یوزویندر چہل کو بھنگی کہہ کر مخاطب کیا تھا۔

اس کے بعد یووراج سنگھ کے خلاف بھارتی لیگ اسپنر کو متعصبانہ جملا کہنے پر ایف آئی آر درج کی گئی تاہم یووراج نے بعد میں وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کبھی بھی کسی قسم کی تفاوت پر یقین نہیں رکھتے۔

بعد ازاں پولیس نے ان سے 3 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ بھی کی اور پھر رہا کر دیا۔

پی ڈی ایم کا 20 اکتوبر سے ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان

اسلام آباد:  پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مہنگائی کے پیش نظر ملک بھر میں مظاہرے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے پہاڑکے نیچے قوم کراہ رہی ہے، پی ڈی ایم شانہ بشانہ عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 20 اکتوبرسے پورے ملک میں مظاہرے شروع کر دیئے جائیں گے، اجلاس نے فیصلوں کی توثیق کی ہے، بیس اکتوبرسے ریلیاں، مظاہرے شروع ہوجائیں گے۔ تمام صوبائی قیادت آپس میں اپنے اجلاس کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین آرٹی ایس کا دوسرا نام ہے، انتخابی اصلاحات کی مجوزہ ترمیم کومکمل مسترد کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ عام الیکشن کا ہے، بلدیاتی انتخابات کا کوئی جوازنہیں ہے۔ جوحکومت خود دھاندلی کے نیتجے میں آئی اسے ترمیم کا حق نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج کے اجلاس میں نئے ترمیمی آرڈیننس کومسترد کر دیا گیا ہے، نیب نے ہمیشہ مخالفین کے خلاف سیاسی انتقام کے طورپراستعمال ہوا، نیب سے انصاف کی کوئی توقع نہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے آئی ایس ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو داخلی سکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس دوران سپہ سالار نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئے گئے اقدامات پر بھی وزیراعظم اور آرمی چیف کو بریفنگ دی گئی۔

این سی اوسی کے مطابق کورونا کے سدباب ویکسین کی فراہمی اور مینجمنٹ اسٹریٹیجیز پر بھی روشنی ڈالی، وزیراعظم نے کوروناکی روک تھام کیلئے این سی اوسی کی کاوشوں کو سراہا۔ عمران خان نے صوبوں اور دیگراداروں کورونا سے بچاؤ کیلئے کوششوں کی بھی تعریف کی۔

این سی اوسی کے مطابق وزیراعظم نے ویکسی نیشن کے لازمی عمل کی تکمیل کیلئے تمام فریقین کو بھرپور اقدامات کی ہدایت کی اور لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان خان کی ریٹائرمنٹ پر انہیں این سی اوسی کا مومنٹو پیش کیا جبکہ ان کی انتھک کوششوں اورخدمات کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ این سی اوسی نے کورونا کیخلاف قوم کی جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔