All posts by Khabrain News

بلوچستان حکومت کاصحت کارڈپروگرام آزادانہ طور پر چلانے کافیصلہ

پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ بلوچستان نے رواں سال ہی صوبے کے تمام مستقل رہائشیوں کیلئے صحت کارڈ پروگرام چلانا چاہتا ہے۔

قومی اسمبلی میں بدھ کو وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے قومی صحت خدمات کیلئے پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے بتایا کہ تمام صوبے صحت کارڈ پروگرام کو جاری رکھنے کیلئے 100 فیصد مالی پریمیئم ادائیگی کے ذمہ دار ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے صحت کارڈ اسکیم کے تحت اسلام آباد‘ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں خدمات انجام دی جارہی ہیں جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اپنے ذرائع سے اس سہولت کو مزید توسیع دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے یہ سہولت صرف اسپتال میں داخلے کی صورت میں میسر تھی لیکن اب اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں آؤٹ ڈور مریضوں (او پی ڈیز) کیلئے بھی یہ سہولت دستیاب ہے۔

انہوں نے بتایا بہت جلد پنجاب کی تمام آبادی کو صحت کی سہولیات حاصل ہوں گی، وفاقی حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر سندھ کے ضلع تھرپارکر کی تمام آبادی کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی ہے۔

پاکستان دنیا کا چوتھا مہنگا ترین ملک بن گیا

معروف بین الاقوامی جریدے ‘دی اکانومسٹ’ نے 43 ممالک میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

‎ دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق ‎مہنگائی کے اعتبار سے پاکستان دنیا کے 43 ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے، پاکستان میں گذشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 9 فی صد رہی۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں مہنگائی کی شرح 4.3 فی صد ہے اور بھارت کا نمبر سولہواں ہے۔

  دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن میں ہے جہاں مہنگائی کی شرح 51.4 فی صد ہے ۔

 مہنگائی کے اعتبار سے ترکی دوسرے نمبر پر  ہے جہاں مہنگائی کی شرح 19.6 فی صد ہے،  برازیل 10.2 فی صد شرح کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

‎ دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں مہنگائی کی شرح منفی 0.4 فی صد ہے۔

ٹیچرز ٹیسٹ: سندھ حکومت نے پاسنگ مارکس میں کمی کردی

سندھ حکومت نے پرائمری اور جونيئر اسکول ٹيچرز کی بھرتی کيلئے امتحان دينے والوں کيلئے پاسنگ مارکس میں کمی کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ خواتين اور اقليتوں کيلئے پاسنگ مارکس کی حد 55 فيصد سے کم کرکے 50 اور معذور افراد کيلئے 33 فيصد کردی گئی۔

سندھ حکومت کی جانب سے آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کے ذریعے رواں سال ستمبر میں پرائمری اور جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹيچرز کی بھرتی کیلئے ٹیسٹ لئے گئے تھے، جس میں 46 ہزار 500 اسامیوں کیلئے 5 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں تاہم تحریری امتحانات میں صرف 1385 (0.78 فیصد) امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔

اب سندھ حکومت نے پرائمری اور جونیئر اسکول ٹیچرز کی بھرتی کیلئے ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کیلئے امتحانات ميں پاسنگ مارکس کی حد کم کردی ہے۔

سندھ کابينہ نے خواتين، خصوصی افراد اور اقليتوں کيلئے پاسنگ مارکس ميں کمی کی منظوری دیدی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ خواتين اور اقليتوں کيلئے تحريری ٹيسٹ کے پاسنگ مارکس کی حد 55 فيصد سے کم کرکے 50 فيصد کردی گئی ہے جبکہ خصوصی افراد کيلئے اب پاسنگ مارکس 33 فيصد ہوں گے۔

سندھ کابینہ نے ٹیچرز کے امتحانات میں ہر مضمون میں 45 فیصد نمبر حاصل کرنے کی شرط بھی ختم کردی ہے، مرد اميدواروں کيلئے پاسنگ مارکس 55 فيصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین، اقلیت اور خصوصی افراد کو سہولت دینے کی کوشش کی، سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی کا سامنا ہے، خصوصی افراد کے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی ہے تو معافی مانگتا ہوں۔

سندھ ميں پرائمری اسکول ٹيچرز کی 32 ہزار 510 خالی اسامياں ہیں جبکہ جونيئر اسکول ٹيچرز کی اساميوں کی تعداد 14 ہزار 39 سے بڑھا کر 17 ہزار کردی گئی ہے۔

سندھ کابينہ نے پرائمری اسکول ٹيچرز یونین کونسل کی بنیاد پر اور جونيئر ايلمنٹری اسکول ٹيچرز تعلقہ بنیاد پر مقرر کرنے کی بھی منظوری دیدی۔

ان کا کہنا ہے کہ وفاق کو اپنی مرضی کے قوانین لانے سے فرصت نہیں، حقیقت پر بات کرنے کے بجائے پروپیگنڈا شروع کردیا جاتا ہے، اپنے لوگوں کو بھرتی کرنا ہوتا تو ٹیسٹ کیوں لیتے، ٹيچرز کی بھرتی کيلئے ٹيسٹ ميں کچھ مسائل سامنے آئے۔

نیب ترمیمی آرڈیننس کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب ترمیمی آرڈیننس  کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔

درخواست میں وفاقی حکومت، چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 8 اکتوبر 2021 میں وفاقی حکومت نے نیب ترمیمی آرڈیننس جاری کیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرڈ ججز کی دوبارہ تعیناتی آزاد عدلیہ کے بھی خلاف ہے۔

ہائیکورٹ نے دائر نیب ترمیمی آرڈیننس کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے اور اس درخواست پر  اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل سماعت کریں گے۔

فیس بک پر 7 کروڑ ڈالر کا جرمانہ

لندن: فیس بک کو برطانیہ کے ایک نگران ادارے نے تقریباً 7 کروڑ ڈالر کا جرمانہ کیا ہے۔

برطانیہ کے مسابقتی ریگولیٹر کی جانب سے فیس بک پر یہ جرمانہ اس وجہ سے کیا گیا ہے کیونکہ اس نے جِف بنانے والی معروف ویب سائٹ جِفی (Giphy) کی خریداری کے بارے میں تحقیقات کے دوران معلومات کو جان بوجھ چھپایا۔

برطانیہ کی کمپیٹیشن اینڈ مارکیٹس اتھارٹی (سی ایم اے) نے اس سال کے شروع میں فیس بک کی جانب سے جِفی کو 400 ملین ڈالر میں خریدنے کی تحقیقات شروع کی تھیں۔

سی ایم اے نے کہا ہے کہ سوشل نیٹ ورکنگ کمپنی نے ’جان بوجھ کر‘ معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ وہ اِنیشل انفورسمنٹ آرڈر (آئی ای او) کی تعمیل کر رہی ہے۔

آئی ای او کا مطلب ہے کہ سی ایم اے کی تحقیقات مکمل ہونے تک کمپنی لازمی طور پر کسی بھی نئے خریدے گئے کاروبار کے مزید انضمام کو روکے اور اسے پہلے کی ہی طرح مقابلہ کرنے کی اجازت دے۔

سی ایم اے میں انضمام کے ڈائریکٹر جوئل بامفورڈ کا کہنا ہے کہ یہ ہر اس کمپنی کے لیے انتباہ ہے جو یہ سمجھتی ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیس بک کو خبردار کیا کہ ہمیں اہم معلومات فراہم کرنے سے انکار اس حکم کی خلاف ورزی ہے لیکن دو الگ الگ عدالتوں میں اپیل ہارنے کے بعد بھی فیس بک نے اپنی قانونی ذمہ داریوں کو نظر انداز کیا۔

سی ایم اے نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی کمپنی نے آئی ای او کے تحت معلومات کی فراہمی سے “شعوری طور پر انکار” کیا۔  سی ایم اے کے مطابق وہ ’’یہ سمجھتے ہیں کہ فیس بک کی جانب سے حکم کی تعمیل میں ناکامی دانستہ تھی‘‘۔

نیب حکام 6 روز بعد بھی آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے میں ناکام

کراچی : نیب حکام 6 روز بعد بھی اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

سندھ ہائیکورٹ نے 6 دن پہلے آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ آغا سراج درانی سمیت نو ملزمان تاحال ضمانتیں کرانے میں ناکام ہیں۔

کیس کی نامزد ملزمہ شمشاد خاتون کی حالت غیر ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق خاتون کو کراچی کے نجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ۔ شمشاد خاتون کی ضمانت بھی منسوغ ہوئی تھی۔ کئی دنوں سے شمشاد خاتون غائب رہی۔ شمشاد خاتون گردوں کے عارضے میں مبتلا ہیں ۔ ڈائلسز کیلئے نجی اسپتال میں لایا گیا ۔

ذرائع کے مطابق ضمانت مسترد ہونے کے بعد سے آغا سراج درانی منظر عام سے غائب ہیں۔ نیب حکام آغا سراج درانی کے صرف ایک گھر کے باہر پہرا لگا کر واپس چلے گئے جبکہ آغا سراج درانی کے کراچی میں چار بنگلے ہیں۔ نیب نے کسی اور بنگلے پر جانے کہ زحمت نہیں کی۔ تاحال آغا سراج درانی سمیت 9 ملزمان کی عدم گرفتاری نیب کے لیے سوالیہ نشان بن گئی۔

سندھ حکومت کا کم از کم اجرت 25 ہزار کرنے پر فوری عملدرآمد کرنے کا فیصلہ

کراچی:  سندھ حکومت نے تمام سرکاری اور نجی اداروں میں کم از کم اجرت 25 ہزار روپے کرنے پر فوری عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا، بوقت ضرورت کم از کم آمدنی مزید بڑھانی کا بھی اعلان کردیا گیا، سندھ کابینہ نے اساتذہ کی بھرتی کیلئے پالیسی میں ترمیم کی منظوری دے دی، وزیر اعلٰی سندھ کہتے ہیں وفاق نے اداروں کے درمیان ٹکراو کی صورت حال پیدا کرتے ہے جس کے باعث پورا ملک ساکت ہوچکا ہے۔

سندھ کابینہ اجلاس کے بعدوزیراعلی سندھ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے عوام کا برا حال ہے۔ بجٹ میں کم از کم آمدن 25 ہزار مقرر کی تو بہت تنقید کی گئی۔ ہمارے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا، لیکن عدالت نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے۔

وزیر اعلٰی سندھ نے کہا کہ کابینہ نے اساتذہ کی بھرتی کیلئے خواتین ، معذور افراد اور اقلیتی افراد کیلئے پاسنگ مارکس کم کردیئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ وفاق نے ایک خط بھیجا تھا جس میں درخت خصوصاٰ مینگروز کو قومی ورثہ قرار دینے پر رائے مانگی گئی تھی ہم سالوں سے یہ کام کررہ ہیں، عالمی سطح پر ہماری پذیرائی کے بعد انہیں خیال آیا ہے، مگر یہ خالصتاٰ ایک صوبائی معاملہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلٰی سندھ نے کہا کہ سپیکر سندھ اسمبلی کے ساتھ پہلے بھی زیادتی ہوئی تھی، پہلے انہیں گرفتار کیا گیا اور پھر کیس بنایا گیا، انکا حق ہے کہ وہ سپریم کورٹ جائیں۔

افغانستان میں انسانی بحران،عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے: آرمی چیف

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیٹو کے سینئر سول نمائندہ اسٹیفانو پونتیکورو نے ملاقات کی۔یہ ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) میں ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں خطے میں امن استحکام اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیٹو نمائندے نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا، نیٹو نمائندے نے کامیاب انخلاء آپریشنز اور خطے کے استحکام کی پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، نیٹو نمائندے نے تمام ایشوز پر پاکستان اور افغانستان سے نیٹو ممالک کے روابط و تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیٹو سینئر سول نمائندے نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے غیرملکیوں کے کامیاب انخلاء آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے کاوشیں قابل قدر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ افغانستان پر تعاون میں وسعت لائی جائے گی۔ اسلام آباد کے ساتھ تمام دوطرفہ امور پر نیٹو ممالک ساتھ کھڑے ہیں۔

پی ڈی ایم نے راولپنڈی سے حکومت کیخلاف تحریک کا آغاز کردیا

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے راولپنڈی سے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا۔

اپوزیشن اتحاد میں شامل میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ کے باہر مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں کئی افراد شریک تھے جنہوں نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے لیاقت باغ مری روڈ پر سڑک بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے ملک گیر احتجاج کیلئے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے جعلی حکمرانوں کو گھر بھیجنے کیلئے فیصلہ کن تحریک شروع کردی، پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھاکر مہنگائی کا ایٹم بم چلایا گیا، ریاست مدینہ کا مذہبی کارڈ تنقید سے بچنےکیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے حکم پرکرپٹوکرنسی کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینےکیلئےکمیٹی قائم

سندھ ہائی کورٹ میں ڈیجیٹل کرنسی  پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، درخواست گزار  و دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کرپٹو کرنسی کی قانونی حثیت کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی میں اسٹیٹ بینک، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، وزارت خزانہ ، وزارت آئی ٹی، پی ٹی اے اور دراخوست گزار شامل ہوں گے۔

عدالتی حکم کے مطابق درخواست گزار کمیٹی کی معاونت کریں گے اور اپنی سفارشات دیں گے، کمیٹی کی پہلی میٹنگ 25 اکتوبر کو ہوگی، اس کے بعد کمیٹی کی میٹنگ ہر  15 دن میں ہوگی۔

عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو ڈیجیٹل کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے بھی روک دیا ہے اور ڈائریکٹر ایف آئی سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

عدالتی حکم کے مطابق کمیٹی کی کارروائی خفیہ رکھی جائے گی، کمیٹی کا کوئی ممبر اس حوالے سے کوئی پریس ریلیز  یا سوشل میڈیا پر بات نہیں کرے گا، اگر کوئی کمیٹی کا ممبر دستیاب نہ ہو تو کام کو نہ روکا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ غیر قانونی کام کرنے والے ایکسچینجز کے خلاف ایس ای سی پی کارروائی جاری رکھے گا۔

عدالت نے درخواست کی مزید سماعت جنوری 2022 کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی اور ہدایت کی کہ تمام کمیٹی ممبران آئندہ سماعت پر اپنی رپورٹس کے ساتھ پیش ہوں۔