All posts by Khabrain News

پی ڈی ایم مہنگائی پر آج سے سڑکوں پر حکومت مخالف احتجاج کرے گی

حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مہنگائی پر حکومت کے خلاف آج سے سڑکوں پر احتجاج کرے گی جس کے لیے (ن) لیگ نے اپنا شیڈول جاری کردیا ہے۔

لاہور میں شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں 20اکتوبر سے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دیکر صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کو کال دی گئی۔

پارٹی میں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اشتراک عمل کے لیے کمیٹیاں بھی بنادی گئی ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے مقامی رہنماؤں نے آج دوپہر 2 بجے اجلاس طلب کیا ہے جس میں اسلام آباد میں احتجاج کی تاریخ اور مقام کا تعین کیا جائے گا۔

سندھ میں گندم ذخیرہ کرنے اور محفوظ رکھنے میں مشکلات کا سامنا

کراچی : سندھ میں گندم ذخیرہ کرنے اور محفوظ رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہونے لگا۔

سندھ میں سالانہ 14 لاکھ ٹن گندم خریدی جاتی ہے مگر محکمہ خوراک کے پاس گندم ذخیرہ کرنے کا انتظام ہی نہیں۔ سندھ کے سرکاری گوداموں میں صرف سات لاکھ ٹن گندم رکھی جا سکتی ہے۔ زیادہ تر سرکاری گندم کھلے مقامات پر رکھی جاتی ہے۔ کبھی بارش تو کبھی موسم اور چوہوں کی خوراک بن جاتی ہے۔ کرپٹ مافیا بھی سرکاری گندم پر ہاتھ صاف کر لیتا ہے۔

محکمہ خوراک نے سرکاری گندم کو محفوظ کرنے کے لئے سائلوز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف اضلاع میں سائلوز بنانے کے لئے سروے کیا جا چکا ہے۔ کچھ مقامات پر جگہ دستیاب نہیں۔

محکمہ خوراک کی سائلوز بنانے کی اسکیم کئی سالوں سے زیر التوا ہے۔ اب ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت سائلوز بنانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔

قومی اسکواڈ کا آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں آپشنل ٹریننگ سیشن جاری

قومی اسکواڈ کا آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں آپشنل ٹریننگ سیشن جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کپتان بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد اور محمد نواز نے آپشنل ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔

محمد وسیم جونیئر، عثمان قادر، خوشدل شاہ، شاہ نواز دھانی اور حیدر علی نے بھی  سیشن میں شرکت کی۔

اس کے علاوہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین وارم اپ میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا ، وارم اپ میچ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

راولپنڈی میں بلیک میں فروخت کی جانے والی سرکاری چینی پکڑ ی گئی

راولپنڈی کے تھانہ گنج منڈی کی حدود میں بلیک میں فروخت کی جانے والی سرکاری چینی پکڑ ی گئی۔

اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے چھاپہ مار کر فروخت کی گئی 30 میٹرک ٹن چینی برآمد کی۔

اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی درخواست پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جس میں طارق شہزاد اور طیب کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم طارق نے 90 روپےکلو کےحساب سےچینی ملزم طیب کو بیچی، ملزم نے فراہم کردہ چینی میں خوردبرد کی اور ناجائز منافع کمایا۔

ن لیگ کا 20 اکتوبر سےمہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ

ن لیگ نے 20 اکتوبر سےمہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے 20 اکتوبر سےمہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے اور مہنگائی کے خلاف پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔

برطانیہ، ملائیشیا اور دیگرممالک میں جشن ولادت کی خوشی میں اوورسیزپاکستانیوں کی جانب سے جلوسوں کا اہتمام

لندن : برطانیہ ،ملائیشیا، اسپین ،جرمنی اور دیگرممالک میں جشن ولادت کی خوشی میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔ روح پرورمحافل میلاد بھی سجائی گئیں۔

برطانیہ میں عاشقان رسول ﷺ نے سرکار دوعالم کی آمد پر محافل اور جلوسوں کا اہتمام کیا۔ لندن، مانچسٹر، بریڈ فورڈ، گاسگو، ڈنڈی سمیت پورے برطانیہ میں پیارے نبیﷺ کی آمد کا جشن منایا گیا اور محافل سجائی گئیں۔ چپہ چپہ درودپاک سے مہک اٹھا۔

ملائیشیا میں جہاں لوگوں نے گھروں میں عید میلا النبی ﷺ کی محافل منعقد کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کیا وہیں ہائی کمیشن کوالالمپور میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کی محفل سجائی گئی۔ نعت خواں حضرات نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

جرمنی، فرانس، اٹلی، یورپ اور اسپین سمیت یورپ بھر میں بھی آمنہ کے لال ، سرور کونین نبی آخرزماں حضرت محمدﷺ کی ولات کا جشن پوری عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

امریکہ بھر میں بھی عید میلاالنبی ﷺ کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ علما اکرام نے دیار غیر میں مقیم مسلمانوں کو سیرت النبی ﷺ کے مطابق زندگی بسر کرنے کا درس دیا۔

بجلی کی قیمت میں 2 روپے 65 پیسے فی یونٹ اضافہ کا امکان

اسلام آباد بجلی صارفین کیلئے بری خبر ہے، بجلی کی قیمت میں 2 روپے 65 پیسے فی یونٹ اضافہ کا امکان ہے۔

سی پی سی اے نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی۔ درخواست ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی۔ نیپرا 27 اکتوبر کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

اس سے قبل 15 اکتوبر کو حکومت نے بجلی ایک روپے 3 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 39  پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

علاوہ ازیں اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 95 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔

چینی سفیر نونگ رونگ کی عید میلادالنبیﷺ پر پاکستانی عوام کو مبارکباد

اسلام آباد: چینی سفیر نونگ رونگ نے عید میلادالنبیﷺ پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دی۔

اپنے پیغام میں چینی سفیر نے پاکستان کی خوشحالی اور امن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ادھر چین میں بھی عیدمیلادالنبیﷺ منائی گئی۔

اندرون ملک پروازوں کی منسوخی پر 4ایئر لائنز کو نوٹس

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اندرون ملک پروازوں کی منسوخی پر قومی ائیر

 تین نجی ایئر لائنز کو نوٹس جاری کر دیے۔

سی اے اے کے مطابق یکم سے 18اکتوبر تک 1145 میں سے 383 پروازیں منسوخ ہوئیں جس میں سے قومی ائیرلائن کی جانب سے 417 میں سے 130 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

حکام کے مطابق پروازوں کی منسوخی پر مسافروں کی شکایات موصول ہوئیں۔ سی اے اے نے شیڈول پروازوں کی منسوخی پر ضابطہ اخلاق واضح کر دیا ہے۔

ضابطہ اخلاق کے تحت انٹرنیشنل چارٹرڈ پروازوں کی اجازت مانگنے سے قبل ائیرلائن آپریٹرز حلف نامہ پیش کریں گے اور تکنیکی وجوہات پر ڈومیسٹک پروازوں کی منسوخی کی اجازت طلب کی جائے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: اسکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو 17 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے پانچویں میچ میں اسکاٹ لینڈ نے پاپوانیوگنی کو  17 رنز سے شکست دے دی۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پانچویں میچ میں اسکاٹ لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاپوانیوگنی کو فیلڈنگ کرنے کا موقع دیا۔

اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے مقرررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے، اسکاٹش بلے باز ریچی بیرینگٹن 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ان کے علاوہ میتھیوکراس  نے 45 اور جارج منسے نے 15 رنز بنائے، پاپوانیوگنی کی جانب سے  کابوا موریا نے 31 رنزدے کر 4  وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی مینز ورلڈ کپ کا پہلا راؤنڈ ابوظہبی اور عُمان میں کھیلا جارہا ہے جہاں آج بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیوگنی کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جب کہ دوسرے میچ میں سری لنکا کا مقابلہ عمان سے شام 7 بجے ہوگا۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز کھیلےگئے میچز میں  آئر لینڈ نے نیدر لینڈز  اور سری لنکا نے نمیبیاکو شکست دی تھی۔