All posts by Khabrain News

نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ سے آگاہی دینے کیلئے تاریخی کہانیوں پر فلمیں بنانا ہوں گی، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ سے آگاہی دینے کے لیے تاریخی کہانیوں پر ڈرامے اور فلمیں بنانا ہوں گی۔

وزیراعظم عمران خان سے فلمساز شہزاد نواز، ترک پروڈیوسر ایمرے کونُک، سید جنید علی شاہ اور ڈاکٹر کاشف نے ملاقات کی ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔

 ملاقات کے دوران وزیراعظم کو پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ منصوبے صلاح الدین سیریز پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ سیریز پر منصوبہ بندی مکمل ہے جبکہ اس کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال اپریل میں کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صلاح الدین ایوبی تاریخ کا ایسا کردار ہے جس کی مغرب بھی مثالیں دیتا ہے۔ صلاح الدین ایوبی نے یروشلم کی تاریخی فتح کے بعد عام معافی کا اعلان کیا۔

کابل: شاہ محمود کی ڈی جی آئی ایس آئی و دیگر حکام کے ہمراہ افغان وزیراعظم سے ملاقات

جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر حکام کے ہمراہ کابل پہنچے جہاں انہوں نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کی۔

کابل ائیرپورٹ پہنچنے پر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی، افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان اور وزارت خارجہ افغانستان کے سینیئر حکام نے پاکستانی وفدکا خیر مقدم کیا۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سیکرٹری کامرس صالح احمد فاروقی ، چیئرمین پی آئی اے ائیر مارشل (ر) ارشد ملک ، چیئرمین نادرا طارق ملک ،کسٹم ، ایف بی آر  اور  وزارت خارجہ کے سینیئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کی ، افغان عبوری حکومت کے نائب وزیر اعظم مولوی عبدالسلام  حنفی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا، اس موقع پر افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی موجود تھے۔

دوران ملاقات دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور ،تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان، انسانی بنیادوں پر افغان بھائیوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے، افغان شہریوں بالخصوص تاجروں کے لیے ویزہ سہولیات، نئے بارڈر پوائنٹس کا اجرا اور نقل و حرکت میں سہولت کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں، پاکستان ، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

افغان وزیراعظم ملا حسن اخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ملک میں سونا مزید مہنگا ہوگیا

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی ایک تولہ سونا 2 ہزار روپے مہنگا ہوا ہے۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2000 روپے بڑھی ہے، جس کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قدر 1 لاکھ 24 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قدر 1714 روپے بڑھ کر 1 لاکھ 6 ہزار 481 روپے ہے۔

عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 4 ڈالر اضافے سے 1785 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

ڈالر کی اونچی اڑان جاری، پاکستانی روپیہ مزید گر گیا

ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے جبکہ پاکستانی روپیہ مزید گر گیا ہے۔

انٹربینک میں 49  پیسے اضافے سے ایک ڈالر 173 روپے 96 پیسے پر بند ہوا۔

ڈالر کا بھاؤ ایک موقع پر 174 بھی ہوا لیکن کاروبار کی بندش پر انٹربینک میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 173 روپے 96 پیسے رہی۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 10 پیسے کم ہوکر 174 روپے 20 پیسے ہے۔

بشکریہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان

عثمان مختار کے مایوں کی تصاویر و ویڈیوز وائرل

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان مختار کی شادی کے سلسلے میں تیاریاں مکمل ہوگئیں ان کی مایوں کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی۔

اداکار عثمان مختار کی مایوں کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دلہا اور دلہن دونوں ایک ساتھ بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

تقریب میں زنیرہ انعام اور اداکار عثمان مختار دونوں نے زرد رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جب کہ زنیرہ انعام سے ہاتھوں میں کنگن بھی پہنے ہوئے ہیں۔

عثمان مختار کا نکاح رواں برس مارچ میں زنیرہ انعام خان سے ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے انٹرنیٹ پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ تصویر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’زنیرہ انعام! مجھے دنیا کا خوش قسمت انسان بنانے کیلئے شکریہ‘۔

لاہور خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا، 2 جاں بحق، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

لاہور : ملتان روڈ پر واقع مشروب بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مصروف ترین ملتان روڈ پر واقع مشروب بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا، جس کے بعد فیکٹری میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث فیکٹری کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ دھماکے کی شدت سے قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے والی سات گاڑیوں کی مدد سے فیکٹری آتشزدگی پر قابو پالیا گیا ہے، اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ملتان روڈ واقعے میں فیکٹری آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والا سیکیورٹی گارڈ کا 50 فیصد جسم جھلس چکا ہے، جسے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

فیکٹری دھماکے اور آتشزدگی واقعے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس میں ایک راہ گیر اور ایک فیکٹری ملازم شامل ہیں۔

فیکٹری ملازم نے آتشزدگی سے بچنے کےلیے چھت سے چھلانگ لگائی جو موت کا باعث بنی جب کہ راہ گیر بوائلر پھٹنے کی آواز سے گھبرا کر بھاگ رہا تھا کہ ٹرالی سے ٹکرا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالی سے ٹکرانے کے باعث 32 سالہ راہ گیر کے سر پر چوٹ لگی اور وہ جان کی بازی ہار گیا۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی، عوام کے اخراجات آمدن سے زیادہ ہو گئے

مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث پاکستانی عوام خرچوں میں اضافے کی شکایت کر رہے ہیں۔
پلس کنسلٹنٹ کے تازہ ترین سروے میں عوام سے پوچھا گیا کہ کیا موجودہ آمدنی میں آپ کے اخراجات پورے ہو جاتے ہیں؟
سروے کے مطابق رواں برس جولائی میں 59 فیصد افراد آمدن میں خرچے نہ پورے ہونے کا کہہ رہے تھے لیکن موجودہ سروے میں 68 فیصد افراد اخراجات قابو میں نہ آنے کی دہائی دے رہے ہیں۔اخراجات پورے کرنے کے لیے سروے میں 30 فیصد پاکستانیوں نے ادھار لینے، 30 فیصد نے پارٹ ٹائم جاب کرنے اور 37 فیصد نے خرچوں میں کمی کا بتایا۔
دوسری جانب معروف بین الاقوامی جریدے دی اکانومسٹ نے بھی دنیا کے 43 ممالک میں مہنگائی کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9 فیصد سے بھی زائد ہے اور مہنگائی کے اعتبار سے پاکستان ان ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے۔

ٹرمپ کا فیس بک کے مقابلے میں نیا سوشل نیٹ ورک لانچ کرنے کا اعلان

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیس بک کے مقابلے میں نیا سوشل نیٹ ورک لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’TRUTH Social’ کے نام سے سوشل نیٹ ورک لانچ کروانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کا بیٹا ورژن اگلے ماہ لانچ کروایا جائے گا جس میں مخصوص افراد کو دعوت دی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ پلیٹ فام ان بڑی ٹیکنالوجی فرمز کے خلاف آواز بلند کرنے کا مؤثر ذریعہ ہو گا جو امریکا میں مخالفین کی آواز کو خاموش کرواتے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ کا ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس متعارف کروانے کا ارادہ بھی ہے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا نے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور صدر بننے کے بعد سوشل میڈیا ہی ڈونلڈ ٹرمپ کا کمیونیکیشن کا سب سے اہم ذریعہ تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں سوشل میڈیا کمپنیوں پر اشتعال انگیز اور گمراہ کن بیانات کے باعث ٹرمپ کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کے لیے بہت زیادہ دباؤ تھا۔

تاہم انتخابات میں ناکامی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب کیپٹل ہل کی عمارت پر ہلہ بولے جانے کے بعد ٹرمپ کے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کیے گئے۔

گزشتہ برس ٹوئٹر اور فیس بک نے غلط معلومات فراہم کرنے والی پوسٹیں ہٹانا شروع کیں  اور  پھر صدارتی انتخابات میں بغیر ثبوتوں کے دھاندلی کے الزامات لگانے اور عوام کو فسادات پر اکسانے کے بیانات کے باعث سوشل میڈیا کمپنیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند ہونے کے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ وہ فیس بک کے مقابل اپنا سوشل نیٹ ورک لانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

شیریں مزاری کی بیٹی کے ساتھ سوشل میڈیا پر نوک جھونک

وفاقی وزیر  برائے انسانی حقوق شیریں مزاری اور ان کی بیٹی ایمان زینب مزاری کی سوشل میڈیا پر آپس میں ہی نوک جھونک ہو گئی۔

ایمان زینب مزاری نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ملک جادو ٹونے سے ہی چلانا تھا تو قوم کا پیسہ اتنی بڑی کابینہ پر کیوں ضائع ہو رہا ہے، ملک کا مذاق جادو ٹونے سے اڑایا جا رہا ہے۔

ایمان مزاری نے اپنے بیان میں مزید لکھا کہ آپ چاہتے ہیں جادو کرنے والوں پر بات بھی نہ ہو، ایسا ہرگز نہیں ہو گا۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری کا اپنی بیٹی کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھا شرمندہ ہوں کہ تم اس حد تک گر کر ذاتی حملے کر رہی ہو، بطور وکیل کسی ثبوت کے بنا الزامات لگانا ہتک عزت میں آتا ہے۔

شیریں مزاری کا مزید کہنا تھا تمام تنقید ناکام ہو تو ذاتی حملے کرنا شرمناک ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی وزیراعظم عمران خان پر جادو ٹونے کے ذریعے اہم تقرریاں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اسد عمر نے کرونا کی پانچویں لہر کا عندیہ دے دیا

وفاقی وزیر اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کی پانچویں لہر سے محفوظ رہنے کے لیے ہمیں کورونا ویکسی نیشن کے اہداف کو یقینی بنانا ہو گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ یہاں کورونا کی پانچویں لہر نہیں ہے ہمیں کورونا ویکسی نیشن کے لیے متعین کیے گئے اہداف کو یقینی بنانا ہو گا۔وفاقی وزیر نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا اگر عوام کی بڑی تعداد کورونا کی ویکسین نہیں لگواتی کیسز میں کمی کے باوجود ہم خطرے کی زد میں رہیں گے۔ یاد رکھیں کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے دوسری خوراک ضروری ہے لہذا ویکسی نیشن مکمل کروا لیں۔اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ملک میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بہترین پرفارمنس اسلام آباد، پشاور، گلگت اور میرپور آزاد کشمیر میں ہے جبکہ حیدر آباد نوشہرہ، فیصل آباد، کراچی، کوئٹہ، منگورہ اور مردان میں انتظامیہ کو اپنی پرفارمنس بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔