All posts by Khabrain News

بٹ کوائن: امریکا نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

واشنگٹن: امریکا کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی مائننگ میں سب سے آگے نکل گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا بٹ کوائن کرنسی کی مائننگ میں چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تمام ممالک سے آگے نکل گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین میں ڈیجیٹل کرنسی پر پابندی کے باعث امریکا آگے نکلا ہے۔ رواں سال اگست سے پہلے کے چار مہینوں میں امریکا کی مائننگ کے حوالے سے سرگرمیوں میں دگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ اگست کے آخر تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکا کے مارکیٹ شیئر میں 35.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔

بٹ کوئن کی مائننگ میں امریکا کے بعد وسطی ایشیائی ملک قازقستان دوسرے نمبر پر جبکہ روس تیسری پوزیشن پر ریکارڈ کیا گیا ہے، روس میں ڈیجیٹل کرنسی کی مائننگ میں 18.1 فیصد جبکہ روس میں 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ بٹ کوائن کی کان کنی(مائننگ) کے لیے بجلی کی زیادہ مقدار سمیت مضبوط کمپیوٹرز کی ضرورت ہوتی ہے، کرپٹو کرنسی کی مائننگ سے عالمی بجلی کی پیداوار کا 0.45 فیصد استعمال ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے پابندی کے باعث کرپٹو کرنسی کی مائننگ میں عالمی سطح پر گراوٹ دیکھی گئی تھی تاہم اب پھر سے اس کی کان کنی کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ چین نے بٹ کوائن کو منی لانڈرنگ کے لیے آسان طریقہ قرار دیتے ہوئے جون میں پابندی عائد کی۔

ڈینگی کی علامات کیا ہیں؟ احتیاطی تدابیر بھی جانیے

مچھروں کے باعث پیدا ہونے والے مرض ڈینگی کا اگر ابتدائی مراحل میں علاج نہ کیا جائے تو وہ مریض کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے، پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی اس وقت ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی یہ بیماری خون کے سفید خلیات پر حملہ کرتی ہے اور انہیں آہستہ آہستہ ناکارہ کرنے لگتی ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 40 کروڑ افراد کو ڈینگی انفیکشنز کا سامنا ہوتا ہے جن میں سے 9 کروڑ 60 لاکھ افراد بیمار ہوتے ہیں۔

ڈینگی کی علامات

ڈینگی کی علامات عموماً بیمار ہونے کے بعد 4 سے 6 دن میں ظاہر ہوتی ہیں اور اکثر 10 دن تک برقرار رہتی ہیں۔

سر درد : ڈینگی بخار کی سب سے پہلی علامت شدید قسم کا سر درد ہے جو مریض کو بے حال کردیتا ہے۔

تیز بخار : ڈینگی کی ایک علامت تیز بخار ہونا ہے، عموماً 104، 105 یا اس سے بھی زیادہ تیز بخار کی وجہ سے جسم کے درجہ حرارت میں نہایت تیزی کے ساتھ غیر معمولی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔

جوڑوں میں درد : ڈینگی کا شکار ہونے والے مریض کو پٹھوں اور جوڑوں میں نہایت شدید قسم کا درد کا سامنا ہوتا ہے۔ یہ درد خاص طور پر کمر اور ٹانگوں میں ہوتا ہے۔

خارش : ڈینگی بخار کے ابتدائی مرحلے میں جلد پر خراشیں بھی پڑ جاتی ہیں اور جلد کھردری ہو کر اترنے لگتی ہے۔

متلی اور قے : اس وائرس کے باعث تیز بخار متلی اور الٹی کا سبب بھی بنتا ہے۔

غنودگی : ڈینگی بخار کے دوران مریض عموماً غنودگی میں رہتا ہے۔

خون بہنا : جب ڈینگی بخار اپنی شدت کو پہنچ جاتا ہے تو مریض کے ناک اور مسوڑھوں سے خون بہنا شروع ہوجاتا ہے۔

خون کے خلیات میں کمی : ڈینگی وائرس خون کے خلیات پر حملہ کرتا ہے جس سے ایک تو نیا خون بننا بند یا کم ہوجاتا ہے، علاوہ ازیں بخار کے دوران اگر کوئی چوٹ لگ جائے اور خون بہنا شروع ہوجائے تو خون کو روکنا مشکل ہوجاتا ہے جو مریض کےلیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

فشار خون اور دل : ڈینگی وائرس خون کے بہاؤ اور دل کی دھڑکن کو بھی متاثر کرتا ہے، جس کی وجہ سے بلڈ پریشر اور دھڑکن کی رفتار میں کمی آسکتی ہے۔

احتیاطی تدابیر

ڈینگی سے بچاؤ کےلیے تاحال کوئی ویکسین بنائی نہیں جاسکی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ اپنے تحفظ کیلئے موسکیٹو ریپیلنٹس کا استعمال کریں اور میدان یا چار دیواری کے اندر، آستینوں والی قمیض اور پیروں میں جرابیں پہنے۔

گھر میں اے سی ہو تو اسے چلائیں، کھڑکیاں اور دروازوں میں مچھروں کی آمد روکنا یقینی بنائیں، اے سی نہیں تو مچھروں سے بچاؤ کے نیٹ استعمال کریں۔

اسی طرح مچھروں کی آبادی کم کرنے کے لیے ان کی افزائش کی روک تھام کی تدابیر پر عمل کریں جیسے پرانے ٹائروں، گلدان اور دیگر میں پانی اکٹھا نہ ہونے دیں۔

کراچی میں کاریں چوری کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ ملزمان کا 4 رکنی گروہ گرفتار

کراچی : پولیس نے کراچی میں کاریں چوری کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ ملزمان کے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا ، گروہ کا سرغنہ عمر شہباز بی ایس اکاؤنٹس فنانس ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے وی ایل سی پولیس نے کراچی میں کاریں چوری کر نے والے بین الصوبائی گروپ کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے چار ملزمان گرفتار کرلئے اور گرفتار ملزمان کے قبضے سے 6 سرقہ شدہ کاریں اور دو پستول بر آمد کیں۔

ایس ایس پی اےوی ایل سی بشیربروہی نے بتایا کہ اس گینگ کے سرغنہ عْمر شہباز ہے جس نے اقراء یونیورسٹی سے بی ایس فنانس اکاونٹس کی ہوئی ہے۔

بشیربروہی کا کہنا تھا کہ ملزمان اسلام آباد سے آپریٹ کرتے ہیں اور کراچی سے کاریں چوری کرکے ٹیمپرنگ کے بعد پنجاب، سرحد اور اسلام آباد میں فروخت کرتے ہیں جبکہ اسلام آباد سے گاڑیاں چوری کرکے کے پی کے اور سندھ میں فروخت کی جاتی ہے۔

ایس ایس پی اےوی ایل سی نے کہا کہ ملزمان نے کراچی سے 20 گاڑیاں اور اسلام آباد سے ایک درجن سے زائد گاڑیان چوری کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

بشیربروہی کا کہنا تھا کہ ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت ہوئی، گرفتارملزمان میں عمرشہباز،تنویر الحق،حیدر خان اور منصور ملک شامل ہیں۔

ملزم تنویر الحق نے چوری کی گاڑیا ں فروخت کر نے کے لئے واٹس اپ گروپ بنا رکھے ہیں، جس میں چوری کی گاڑیاں بیچی جا تی ہیں، واٹس ایپ گروپ میں ایک شوروم مالکان بھی شامل ہے، چوری کی کارخریدنےمیں شوروم مالکان بھی ملوث ہے۔

قومی اسمبلی: عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ منظور

اسلام آباد:  قومی اسمبلی میں محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان مرحوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی مشترکہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد پیش کی گئی، یہ قرار داد وزیر مملکت علی محمد خان نے قراردادپیش کیں۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان تھے۔ قومی اسمبلی کا ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سلام پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ عبد القدیر خان نے پاکستان اور عالم اسلام کو دفاع کو مضبوط کیا، یہ ایوان ڈاکٹر صاحب کی خدمات کو سرکاری نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کرتا ہے۔ یہ ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔

قرار داد کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات قومی نقصان ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے نامساعد حالات میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کترے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان محسن پاکستان تھے، قائداعظمؒ نے ملک بنا کر دیا، ڈاکٹر عبدالقدیر نے دفاع کو ناقابل تسخیربنانے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردارادا کیا۔

قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے کل روانہ ہوگی ویب ڈیسک 14 اکتوبر 2021

لاہور : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز میں صرف تین دن باقی رہ گئے، قومی ٹیم میگا ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے کل متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے کل بروز جمعہ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کیلیے روانہ ہوگی، قومی اسکواڈ کی کل صبح روانگی شیڈول ہے۔

قومی اسکواڈ نے گزشتہ روز آرام کیا تھا، روانگی سے قبل ٹیم کا آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دوسرا سیناریو میچ ہوگا۔ یو اے ای پہچنے کے بعد ٹیم ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سے وارم اپ میچز کھیلے گی۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف جیت حاصل کرکے میگا ایونٹ میں مومنٹم برقرار رکھیں گے اور ورلڈ کپ جیتیں گے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کا پہلا میچ24اکتوبر کو پاکستان ٹیم کا مقابلہ بھارتی ٹیم سے ہوگا۔

موٹاپے کے باعث ٹام کروز کو پہچاننا مشکل؛ نئی تصویر نے مداحوں کو دنگ کردیا

لاس اینجلس: ہالی ووڈ سپراسٹار ٹام کروز کی نئی تصویر نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے کیونکہ اداکارتصویر میں بے حد موٹے لگ رہے ہیں۔

ہالی ووڈ اسٹارٹام کروز کی ایک تازہ تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہورہی ہے جس میں اداکار موٹاپے کا شکار نظر آرہے ہیں ۔ یہ تصویر سان فرانسسکو میں منعقد ہونے والے بیس بال گیم کی ایک تقریب کی ہے جہاں اداکار تقریباً ناقابل شناخت نظر آرہے ہیں۔

یاہو انٹرٹینمنٹ کے مطابق کروز کی تصویر وائرل ہونے کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں شاید انہوں نے سرجری کرائی ہے۔

ای ایس پی این کی سابق اسپورٹس رپورٹر مولی نائٹ نے اداکار کی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے سوال کیا سان فرانسسکو میں ہونے والی تقریب میں واقعی ٹام کروز تھے۔

200 کروڑ کے فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں نورا فتیحی طلب

نئی دہلی: بھارتی اداکارہ، ماڈل اور ڈانسر نورا فتیحی کو 200 کروڑ کے فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس طلب کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نورافتیحی کو قانون نافذ کرنے والے ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، جسے مختصراً ای ڈی کہا جاتا ہے، نے سمن جاری کیا ہے۔

بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق نورا کو سمن جاری ہونے کے بعد ای ڈی آفس کے باہر دیکھا گیا۔ اے این آئی نے آج صبح ٹوئٹ کیا کہ اداکارہ نورا فتیحی سکیش چندراشیکھر فراڈ کیس کے سلسلے میں تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے آفس پہنچیں۔

س سے قبل اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے بھی اگست میں اسی کیس میں سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔ ای ڈی 5 گھنٹوں تک اداکارہ سے پوچھ گچھ کرتی رہی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 15 اکتوبر کو دوبارہ پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی آفس بلایا ہے۔

واضح رہے کہ 200 کروڑ کے فراڈ، بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کیس میں سکیش چندرا شیکھر نامزد ملزم ہیں۔ اداکارہ جیکولین فرنینڈس اس شخص کی قریبی دوست اور پارٹنر لینا پال  کے ذریعے اس ریکٹ کا شکار ہوئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سکیش چندرا شیکھر جیل کے اندر سے بھتہ خوری کا ریکٹ چلا رہاتھا اور ایک تاجر سے 200 کروڑ روپے بھتہ لیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں کہاتھا کہ چندرا شیکھر اس فراڈ کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ وہ 17 سال کی عمر سے جرائم کی دنیا کا حصہ رہا ہے۔ اس کے خلاف پولیس اسٹیش میں کئی شکایات درج ہیں اور وہ جیل میں بند ہے۔

ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری میں تکنیکی خامی تھی جو ٹھیک ہوجائے گی، وزیراعظم

عسکری قیادت سے میرے سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری میں تکنیکی خامی تھی جو ٹھیک ہوجائے گی، تعیناتی پر ہونے والی قیاس آرائیاں درست نہیں۔ 

 وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ صورتحال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوج میں کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہیں ہے، عسکری قیادت سے میرے سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر ہونے والی قیاس آرائیاں درست نہیں، اس میں تکنیکی خامی تھی جو ٹھیک ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا اور اس حوالے سے تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو شرکت کی ہدایت کی گئی تھی۔

سوشل میڈیا کمپنیوں کیلئے پاکستان میں دفاتر قائم کرنا لازمی قرار

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پاکستانی عوام کو ایک صاف ستھرا اور صحت مند میڈیم فراہم کرنا ہے جو نفرت انگیزی ، شر پسندی اور فسادات پھیلانے والے عناصر سے پاک ہو، جو پاکستانی صارفین سوشل میڈیا کے ذریعے  مثبت سوچ، تعمیری پوسٹ شیئر کرتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی اور تحفظ کے ساتھ ان کیلئے ماحول کو سازگار بنانا ہے، اس کیلئے متعلقہ سوشل میڈیا اداروں کے دفاتر کا پاکستان میں قیام ایک اہم قدم ہوگا، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نےسوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے رول، جاروزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن نے ترمیم شدہ سوشل میڈیا رولز 2021 کا گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے،

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوٹیفیکشن کی اشاعت کے بعد پانچ لاکھ سے زائد صارفین والی سوشل میڈیا کمپنیاں،پلیٹ فارمز پی ٹی اے میں رجسٹریشن کے پابند ہوں گے، اور پاکستان میں جلد از جلد دفاتر قائم کرنا لازم ہوگا، سوشل میڈیا کمپنیاں اپنا مجاز افسر مقرر کریں گی جو شکایت کا ازالہ کرنے سے متعلق امور سے آگاہ اور کمپنی کا بااختیار افسر ہوگا۔

امین الحق کے مطابق ان رولز کے تحت اگر سوشل میڈیا پر کسی مواد سے متعلق ٹیکنیکل شکایت ہے جیسے کسی کی دل آزاری، ریاست، مذہب، اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ یا انفرادی طور پر کسی کی عزت نفس یا کردار کشی سے متعلق تو شکایتی فورم پی ٹی اے ہے، سوشل میڈیا رولز کے بنیادی طور پر 18 قواعد اور اس کی متعدد ذیلی شقیں ہیں جس میں تفصیل سے پاکستانی شہریوں کے سوشل میڈیا استعمال پر ان کے تحفظ اور سوشل میڈیا کمپنیوں کے حوالے سے ضابطے بنائے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد اسٹیک ہولڈرز سے ایک بار پھر رائے طلب کی گئی اور وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے ڈاکٹر شیریں مزاری کی قیادت میں ان آراء کے بعد رولز کا حتمی ڈرافٹ تیار کیا، جس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں، ڈارفٹ کو وفاقی کابینہ نے منظوری دی جس کے بعد باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد اس کا فوری نفاذ ہوگیا ہے۔

سید امین الحق نے مزید کہا کہ نئی تبدیلی کے تحت شکایت کنددہ کی تعریف اور اس کے دائرہ کار کو مزید واضح کرتے ہوئے اس میں سرکاری ملازم ادارے، حکومتی محکموں اور وزارتوں کو بھی شامل کیا گیا ہے یعنی اب وہ بھی شکایت کا اندراج کراسکیں گے، سوشل میڈیا پرصارفین کیلئے اظہاررائے کی مکمل آزادی آئین کے آرٹیکل 19 میں دیئے گئے حقوق کے مطابق ہوگی، رولز کے مطابق صارفین کسی بھی قابل اعتراض مواد کو سوشل میڈیا سے ہٹوانے کیلئے مجوزہ طریقہ کار کے تحت اپنی شکایت کا اندارج کرائیں گے، اتھارٹی شکایت کنندہ کا نام و شناخت خفیہ رکھنے کی پابند ہوگی تاکہ اس کی جان و مال کو خطرہ نہ ہوسکے۔ اتھارٹی شکایت کنددہ سے کسی بھی قسم کی ضروری معلومات طلب کرنے کا اختیار رکھے گی، شکایت پر 30 دن کے اندر کارروائی کرتے ہوئے تمام ضروری امور کی تکمیل کے بعد سوشل میڈیا کمپنی کو قابل اعتراض مواد ہٹانے کیلئے 48 گھنٹے دیئے جائیں گے۔ سوشل میڈیا کمپنی اگر 48 گھنٹوں میں مواد ہٹانے سے قاصر رہی یا اس نے کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا تو ایسی صورت میں مجاز اتھارٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی عارضی یا مستقل بندش یا 50 کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کرسکتی ہے۔

وفاقی وزیر سید امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ نئی تبدیلی میں ایمرجنسی صورتحال کی مزید تشریح کی گئی ہے جس کے تحت گستاخانہ مواد، دہشت گردی یا نفرت انگیزی، ملکی سلامتی اداروں کے خلاف مواد پوسٹ ہونے پر اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے بعد سوشل میڈیا کمپنیاں قابل اعتراض مواد 48 کے بجائے 12 گھنٹوں میں ہٹانے کی پابند ہوں گی، انتہا پسندی، دہشت گردی، نفرت انگیز، فحش اور پرتشدد مواد کی لائیو اسٹریمنگ پر پابندی ہوگی۔اسلام، دفاع پاکستان اور پبلک آرڈر سے متعلق غلط معلومات قابل سزا جرم ہوگا۔

سوشل میڈیا ادارے پاکستان کے وقار، سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد ہٹانے کے پابند ہوں گے۔مذہب توہین رسالت، اخلاق باختہ اور فحش مواد کی تشہیر بھی قابل گرفت جرم ہوگاسوشل میڈیا ادارے اور سروس پرووائیڈرز کمیونٹی گائیڈ لائنز تشکیل دیں گے۔گائیڈ لائنز میں صارفین کو مواد اپ لوڈ کرنے سے متعلق آگاہی دی جائے گی کسی بھی شخص سے متعلق منفی مواد اپ لوڈ نہیں کیا جائے گا۔دوسروں کی نجی زندگی سے متعلق مواد پر بھی پابندی ہوگی۔ پاکستان کے ثقافتی اور اخلاقی رجحانات کے مخالف مواد پر پابندی ہوگی۔ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشونما اور اخلاقیات تباہ کلرنے سے متعلق مواد پر پابندی ہوگی یو ٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک،ٹوئٹر، انسٹا گرام، گوگل پلس سمیت تمام سوشل میڈیا ادارے رولز کے پابند ہوں گے۔

خیبر پختونخوا نے ایک مرتبہ پھرقومی ٹی 20کپ کا تاج سر پر سجالیا

 قذافی سٹیڈیم لاہور میں سنٹرل پنجاب اور خیبر پختونخواکے مابین فیصلہ کن معرکہ ہوا جس میں کے پی کی ٹیم نے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر فتح اپنے نام کی۔

ایونٹ کے فائنل میچ میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 148رنز بنائے اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی،احمد شہزاد نےسب سے زیادہ 44رنز بنائے جبکہ کامران اکمل 42اور قاسم اکرم20سکور بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے،محمد عمران اور افتخار احمد نے 3،3وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ ارشد اقبال نے 2،عمران خان اور خالد عثمان نے 1،1وکٹ حاصل کی۔

149رنز کا ہدف خیبر پختونخوا کی ٹیم نے صرف 3وکٹوں کے نقصان پر 17اوورز میں 152رنز بنا کر حاصل کرکے کامیابی سے ٹائٹل کا دفاع کیا،کپتان افتخار احمد نے ناقابل شکست 45رنز بناکر اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ کامران غلام37اور عادل امین 25سکور بناکر نمایاں رہے۔