وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل منظور ہونے پر عوام اور اوورسیزپاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہیں اب 90لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق مل جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پوری کوشش کی انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سےاتفاق رائے ہو جائے لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن کا رویہ منفی رہا، نوازشریف اینڈ کمپنی نے کرکٹ بھی اپنے امپائرز کے بغیر نہیں کھیلی، مارشل لاکی گود میں پرورش پانے والوں کی سیاست ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر رہی آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا پی ٹی آئی ملک کی بڑی جماعت ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے کی کوشش کرنے والوں کی آج آنکھیں کھل جانی چاہئیں اپوزیشن میں قیادت کا انحطاط ہےتمام سیاسی بونےہیں تمام سیاسی بونے پی ڈی ایم میں جمع ہیں اپوزیشن مایوسی کےعالم میں ہے ان کی مایوسی میں مزیداضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے جو ریت رکھی ہے اس سے فائدہ ہو گا، اپوزیشن نے پہلے سال زور لگایا ہمیں نہیں نکال سکے، اپوزیشن نے دوسرے سال بھی ہمیں نکالنے کا زورلگایا ناکام رہے، تیسرے سال بھی ہمیں نکالنے کا زور لگایا ناکام رہے اپوزیشن کوصرف اتنا کہتاہوں تھکے ہوئے پہلوانوں کاکام نہیں۔
All posts by Khabrain News

رواں سال کا دوسرا چاند گرہن 19 نومبرکو ہوگا
رواں سال کا دوسرا چاند گرہن 19 نومبرکو ہوگا، اس مرتبہ چاند کو جزوی گرہن لگےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جزوی چاند گرہن کا نظارہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا، چاند گرہن کا نظارہ شمالی اور جنوبی امریکا، آسٹریلیا اور یورپ کے دیگر حصوں میں کیا جاسکےگا، اس کے علاوہ ایشیا سمیت شمال اور مغربی افریقا میں بھی چاندگرہن دیکھا جاسکےگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ چاندگرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 2 منٹ پر ہوگا، چاند کو جزوی گرہن 12 بجکر 19 منٹ پر لگےگا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ جزوی چاند گرہن کا اختتام دوپہر 3 بج کر 47 منٹ پر شروع ہوگا، چاند گرہن کا مکمل اختتام 5 بج کر4 منٹ پر ہوگا۔

مکی آرتھر نے سری لنکن ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دے دیا
سابق ہیڈکوچ قومی کرکٹ مکی آرتھر نے سری لنکن ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مکی آرتھر نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دینے کے بعد بطور ہیڈ آف کرکٹ انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر سے معاہدہ طے کرلیا ہے۔
استعفیٰ دینے کے بعد مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے ساتھ اپنا سفر ختم کرنے پر دکھ ہورہا ہے جبکہ میں نے ہر لمحہ اس عظیم ملک کی کوچنگ کرنے کو پسند کیا۔

بھارت کیخلاف تباہ کن سپیل،شاہین آفریدی کیلئے آئی سی سی کا بڑا اعزاز
ٹی 20ورلڈ کپ میں بھارت خلاف تباہ کن سپیل کرنے پر شاہین آفریدی کو آئی سی سی کی جانب سے بڑے اعزاز سے نواز دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہین آفریدی کی بھارت کے خلاف میچ میں کرائی گئی تباہ کن باؤلنگ کی ویڈیو شیئر کی گئی۔
آئی سی سی نے بھارت کے خلاف پاکستانی پیسر شاہین شاہ آفریدی کے تباہ کن ابتدائی سپیل کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے ورلڈ کپ کا پلے آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹی 20ورلڈ کپ کے میچ میں روہت شرما،کے ایل راہول اور ویرات کوہلی کو آؤٹ کرکے پاکستان کے لئے جیت کی راہ ہموار کی تھی جبکہ اس شاندار سپیل کی وجہ سے ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔
اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو 10وکٹوں کی عبرتناک شکست دیکر ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ روایتی حریف کے خلاف کامیابی حاصل کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ۔

مشترکہ اجلاس میں شفاف مردم شماری کروانے کی منظوری دیدی گئی: اسد عمر
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ 5 سال کے وقفے سے شفاف مردم شماری کروانے کے فیصلے کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس نے منظوری دے دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اسد عمر نے لکھا کہ قوم کو مبارک ہو، آج تک ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ صرف پانچ سال کے وقفے سے ایک شفاف مردم شماری کروانے کے فیصلے کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں منظوری دے دی گئی۔
اس سے قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان نے سیاسی فائدہ کے بجائے سندھ کی عوام کا سوچا، اپوزیشن نئی ٹیکنالوجی سے گھبراتی ہے، ٹیکنالوجی کی بنیاد پرمردم شماری کرانے جارہے ہیں، جو ہم مردم شماری کرائیں گے اسے سب تسلیم کریں گے۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مردم شماری انتہائی اہم مسئلہ ہے جس پر سیاست کھیلی جا رہی ہے، اگر ہم 2017ء کی مردم شماری کو مسترد کر دیتے تو سندھ کا نقصان ہوجاتا۔ 2017ء کو سندھ کی صوبائی حکومت نے سروے کیا، اسی سروے پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اب مخالفت کر رہے ہیں، وفاق میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت تھی، اس میں پی ٹی آئی، ایم کیوایم، جی ڈی اے کا کوئی لینا دینا نہیں، شاہدخاقان عباسی، مرادعلی شاہ نے 2018ء میں کہا لیٹ ہو گئے اب دوبارہ مردم شماری ممکن نہیں، اپنی جان چھڑا کربھاگ گئے اورمعاملہ اگلی حکومت پرڈال گئے۔
اسد عمر نے کہا کہ پی پی چیئر مین بلاول بھٹونے آج پیشکش کی کہ مہنگائی کے خلاف قدم اٹھاؤہم تمہارے ساتھ ہیں، سندھ میں آٹا سب سے مہنگا مل رہا ہے، ہم رفیع اللہ کے حلقے کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دیں گے، وزیراعظم نے انقلابی ریلیف کا اعلان کیا ہے۔

نئی دہلی میں سموگ خطرناک حد تک بڑھ گئی،تمام سکول بند
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سموگ خطرناک حد تک بڑھنے سے تمام سکولوں کو غیر معینہ مدت تک بند کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کا ایئر کوالٹی انڈیکس 225 کی خطرناک سطح تک پہنچ گیا جس کے باعث نئی دہلی میں تمام سکول غیر معینہ مدت تک بند کردیئے گئے ہیں جبکہ نئی دلی میں عوام کو ورک فرام ہوم جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ غیر ضروری اشیا لانے والے تمام ٹرکوں کی آمدو رفت پر پابندی عائد کرتے ہوئے نئی دلی کے مضافات میں کوئلے سے چلنے والے پانچوں پاور پلانٹس بند کردیئے گئے ہیں۔

طالبان نے 130 خواتین کو فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا
افغان طالبان نے شادی کے نام پر 130 خواتین کو فروخت کرنے والے شخص کو جوزجان سے حراست میں لے لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے جوزجان کے پولیس چیف دام اللہ سراج نے بتایا کہ غریب خواتین کو شادی کے نام پر فروخت کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
طالبان کے پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ ملزم ایسی غریب خواتین کو جھانسہ دیتا تھا جو اپنے حالات بہتر کرنے کی کوششیں کر رہی تھیں۔ یہ شخص خواتین کو شادی کے لیے دوسرے صوبے لے جاتا اور وہاں غلاموں کی طرح بیچ دیتا تھا۔
پولیس چیف دام اللہ سراج نے انکشاف کیا کہ ملزم نے اب تک شادی کے نام پر 130 خواتین کو اسمگل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ چالاک ملزم کے نیٹ ورک کی تلاش جاری ہے۔
طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے غربت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور شہری اپنی املاک سمیت لڑکیوں اور بچیوں کو بھی فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سب سے برے حالات اُن خواتین کے ہیں جو اپنے خاندان کی واحد کفیل ہیں۔
طالبان نے اس صورت حال کا ذمہ دار افغانستان کے غیر ملکی بینکوں میں اثاثوں کو منجمد کرنے کو ٹھہراتے ہوئے کئی بار عالمی قوتوں سے فنڈز کی فراہمی اور اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر عارف علوی سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی الوداعی ملاقات
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی الوداعی ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی سکیورٹی کیلئے بطورِ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی خدمات کو سراہا، صدر نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کیلئے پشاور کور کمانڈر کے نئے عہدے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یوٹیوب نے ڈس لائک کی تعداد ظاہر نہ کرنے کا آپشن پیش کردیا
یوٹیوب نے اپنے ویڈیو انٹرفیس میں ایک اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو پر ناپسندیدگی (ڈس لائک) آپشن کو دوسروں سے چھپاکر پرائیوٹ کیا جائے گا۔ یوٹیوب کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد شعوری طور پر ڈس لائک کی بدولت کسی ویڈیو کی بے قدری کررہی ہے۔
یوٹیوب کے مطابق ڈس لائک کو حملوں میں بطور ہتھیار بھی استعمال کیا جارہا ہے اور ویڈیوز کی قدروقیمت کو گھٹایا جارہا ہے۔
’ ناظرین کے گروہ اپنی تعداد کے بل پر ڈس لائک بٹن استعمال کرتے ہیں اور اسے کسی گیم میں اسکوربورڈ کی طرح استعمال کیا جاتا ہے۔ بسا اوقات ویڈیو پر ناپسندیدگی کا بٹن صرف اس لیے دبایا جاتا ہے کہ انہیں اس کا تخلیق کار پسند نہیں ہوتا اس میں ذاتی رنجش کے علاوہ موضوع سے بیزارگی بھی شامل ہوسکتی ہے۔ جبکہ تمام افراد کو اظہار کا موقع دینا ہی یوٹیوب کا مشن ہے،‘ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا۔
اب اس سال کے آغاز میں بعض چینل پر تجرباتی طور پر ڈس لائک کی تعداد کو پرائیوٹ کیا گیا تھا۔ یوٹیوب کے مطابق اس طرح ڈس لائک بڑھانے کی شعوری مہمات میں کمی دیکھی گئی۔
تاہم ناظرین کو یوٹیوب بٹن دکھائی دے گا لیکن اس کی گنتی سامنے نہیں آئے گی۔ اس طرح ویڈیو کی ٹارگٹ ناپسندیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یوں ڈس لائک کے سیلاب کو روکنا ممکن ہوسکے گا۔ یوٹیوب کے مطابق چھوٹے یوٹیوبرپر اکثر ڈس لائک حملے ہوتے ہیں اور شروع میں ہی انہیں ناکام بنایا جاتا ہے۔ جب اس پر مزید غور کیا گیا تو یوٹیوب نے یہ رحجان بھی نوٹ کیا ہے۔
’یوٹیوب کے مطابق مخالفین اپنے حریف برانڈ اور فلم ٹریلر پر ڈس لائک کے ذریعے اسے ناکام بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور سوشل میڈیا کا یہ اثربہت حقیقی ہوتا ہے۔ اسی طرح بھارت میں مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاکرز کے درمیان تنازعہ دیکھا گیا تھا جس میں دونوں گروہوں نے ایک دوسرے کو ڈس لائک سے نیچا دکھایا تھا بلکہ اس کی زد میں خود ایپس بھی آگئ تھیں۔

ہتک عزت کیس؛ دوران سماعت صبا حمید علی ظفر کے وکیل پر برہم
سیشن کورٹ میں علی ظفر کی جانب سے میشاء شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوی پر سماعت کے دوران گواہ صبا حمید علی ظفر کے وکیل کے تلخ سوالات پر برہم ہو گئیں۔
لاہور کی سیشن عدالت میں گلوکار علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوی پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے کیس کی سماعت کی۔ میشاء شفیع کی گواہ صبا حمید عدالت میں پیش ہوئیں عدالت میں میشاء شفیع کی والدہ صبا حمید کے بیان پر جرح کی گئی صبا حمید علی ظفر کے وکیل کے تلخ سوالات پر برہم ہو گئیں۔
صبا حمید نے کہا کہ آپ ایسے سوالات نہ کریں کہ میں جس کے متعلق نہیں جانتی۔ وکیل علی ظفر نے کہا کہ آپ سولات کے واضح جواب دیں۔ علی ظفر کے وکیل نے پوچھا کہ میشاء شفیع واٹس ایپ گروپ میں لکھتی ہیں کہ میں اس جیمنگ سیشن کو خوبصورت ترین قرار دیتی ہوں۔
گواہ صبا حمید نے جواب دیا کہ میں اس واٹس ایپ گروپ میں نہیں ہوں، میرے خیال سے ہراسمنٹ کے بعد عورت کو مر جانا چاہئے، دوران جرح صبا حمید عدالت میں جذباتی ہو کر اونچا اونچا بولنے لگیں جس پرعدالت نے انہیں آہستہ بولنے کے لیے کہا۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ میں صرف سوالات ہی پوچھ رہا ہوں آپ سے لڑ تو نہیں رہا، وکیل علی ظفر نے مزید پوچھا کہ میشاء شفیع اسی تصویر کو فیس بک اکاؤنٹ پر جیمنگ سیشن کے تین دن بعد لگاتی ہیں کہ علی ظفر کے ساتھ یہ یاد گار رہا۔
گواہ صبا حمید نے کہا یہ ہو سکتا ہے لیکن مجھے یہ پوسٹ یاد نہیں ہے۔ سوال پوچھا گیا کہ میشاء شفیع نے عفت عمر کو کیا بتایا تھا صبا حمید نے کہا کہ مجھے اس بات کا کنفرم نہیں ہے لیکن میں نے عفت عمر کو بتایا تھا۔ اس دوران صبا حمید کے وکیل نے کہا کہ اگر ایسی بات ہے تو ہم اپنے ویڈیو لنک کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ اس پر ہم آج ہی بحث کر لیتے ہیں، وکیل علی ظفر نے پوچھا آپ یہ بتائیں کہ سچ کون بول رہا ہے آپ، عفت عمر یا میشاء شفیع؟ صبا حمید نے کہا کہ ہم تینوں سچ بول رہی ہیں۔