All posts by Khabrain News

سلو اوور ریٹ پر پنالٹی، آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی پلیئنگ کنڈیشنز تبدیل کردیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میچز کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کردی گئیں۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی میچ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیوں کا اطلاق رواں ماہ ہوگا۔

آئی سی سی کا کہنا ہےکہ سلو اوور ریٹ اور آپشنل پانی کے وقفے کی کنڈیشنز میں ردو بدل کیا گیا ہے جس کے تحت مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سلو اوور ریٹ پر پنالٹی کو متعارف کرایا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی پنالٹی کے تحت سلو اووریٹ کے نتیجے میں فیلڈرز اننگز کے باقی اوورز میں 30 یارڈر کے دائرے کے اندر رہیں گے۔

آئی سی سی گورننگ باڈی کی جانب سے اننگز کے دوران پانی کے لیے ایک آپشنل وقفہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اننگز کے درمیان 2 منٹ 30 سیکنڈ کے لیے پانی کا اضافی وقفہ بھی لیا جاسکتا ہے۔

آئی سی سی کے ٹی ٹوئنٹی کے لیے نئے قوانین کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیز اور آئر لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔

’بولڈ‘ منظر کی وجہ سے ہالی ووڈ فلم میں کام سے انکار کیا، سجل علی

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ’’بولڈ‘‘ منظر کی وجہ سے ہالی ووڈ فلم میں کام کرنے سے انکار کیا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سجل علی نے بتایا کہ انہیں ایک ہالی ووڈ فلم میں اہم کردار کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے اس فلم کو اس لیے ٹھکرایا کیونکہ اس میں ایک بولڈ منظر عکسبند کیا جانا تھا۔

سجل علی نے کہا اگر کوئی فنکار خوش قسمت ہوتا ہے تو اسے مزید بین الاقوامی کام کی پیشکش ہوتی ہے۔ لیکن قطع نظر اس کے میں کبھی اپنی انڈسٹری سے منہ نہیں موڑوں گی۔ بین الاقوامی کام اس لیے میرے پاس آیا کیونکہ ان تمام فلمسازوں نے پاکستان میں میرا کام دیکھ رکھا تھا اور جب میں بیرون ملک جاتی ہوں تو میں اپنے کام سے اپنی انڈسٹری میں حصہ ڈالنا چاہتی ہوں۔

ویسے تو سجل علی جمائما گولڈ اسمتھ کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ میں کام کررہی ہیں۔ تاہم سجل نے بتایا کہ انہیں ایک اور ہالی ووڈ فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی تھی جس کی کہانی بھی اچھی تھی لیکن اس فلم میں ایک بولڈ منظر تھا۔

اداکارہ نے کہا اس کردار کے بارے میں مجھے پتہ تھا کہ میں نہیں کرسکتی۔ حالانکہ آپ اس کام کے لیے باڈی ڈبل کا استعمال کرسکتے تھے لیکن میرے ملک کے لوگ اس منظر کو مجھ سے جوڑدیتے اور میں انہیں اس طرح مایوس کرنا نہیں چاہتی تھی۔ اسلیے فلم میں کام کرنے سے منع کردیا۔

قازقستان: صدر نے فوج کو مظاہرین پر گولی چلانے کی اجازت دے دی

قازقستان کے  صدر نے فوج کو بغیر خبردار کیے مظاہرین پر گولی چلانے کی اجازت دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  قازقستان  میں ایندھن کی قیمتوں کے خلاف ہونے والے حالیہ مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے۔

قازقستان  کے شہر  الماتی میں ایمرجنسی کے نفاذ اور رات کے کرفیو کے باوجود تاحال حالات کشیدہ ہیں۔ ان شہروں میں صدر قاسم جومارت توقایف نے فوج کو مظاہرین پر وارننگ دیئے بغیر گولی چلانے کا حکم  دے دیا ہے ۔

ازق صدر  نے مظاہرین کو  دہشت گرد قرار دیتے ہوئے  ان سے نمٹنے کے لیے گولی مارنے کے احکامات دیے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ جو لوگ خود کو قانون کے حوالے نہیں کریں گے انہیں ختم کردیا جائےگا۔

ایندھن کی قیمتوں  میں اضافے کے نتیجے میں شروع ہونے والے احتجاج کے ایک ہفتے بعد قازق صدر نے قوم سے خطاب میں کہا کہ  20 ہزار لوگوں نے  سب سے بڑے شہر الماتی پر حملہ کر دیا تھا اور سرکاری املاک کو تباہ کر رہے تھے۔

قازق صدر نے کہا کہ  انسداد دہشت گردی آپریشن کے طور پر  انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج کو  مظاہرین  کو انتباہ  کے بغیر گولی مارنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات  کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے  کہا کہ ہم مجرموں اور قاتلوں سے کیسے بات چیت کر سکتے ہیں۔

قازق صدر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت چین، ازبکستان اور ترکی کے رہنماؤں  کا مدد کرنے پر شکریہ  بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ  قازقستان میں ایندھن  کی قیمتیں بڑھنے کے بعد شروع ہونے والے پرتشدد احتجاج  کی لہر میں اب تک پولیس اہل کاروں  اور درجنوں مظاہرین کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں، جبکہ 353 زخمی  ہوچکے ہیں۔

موجودہ صدر قاسم جومارت توقایف نے حکومت کو برطرف کر کے ملک بھر میں دو ہفتے کی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے  سابق سوویت ریاستوں کے روسی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد کے دستوں سے امن قائم کرنے میں مدد طلب کی تھی۔

ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کا مجسمہ رونمائی کے کچھ ہی گھنٹوں بعد نذرآتش

ایران کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کے اعزاز میں نصب کیا گیا مجسمہ نامعلوم حملہ آوروں نے نذرآتش کردیا جس کی رونمائی چند گھنٹے قبل ہی کی گئی تھی۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک فوجی کارروائیوں کی ذمہ دارالقدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی 3 جنوری 2020ء کوعراق میں اپنے معاون ابومہدی المہندس اور دیگر افراد کے ساتھ بغداد کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پرامریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

بدھ کی صبح ایران کے جنوب مغربی شہر کرد میں ان کے اعزاز میں نصب کیے گئے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی تھی لیکن اُسی روز شام کے وقت اسے آگ لگا دی گئی۔ ایران کے خبر رساں ادارے ایسنا نے اِس واقعے کو نامعلوم افراد کی شرمناک حرکت قراردیا ہے۔

سینئرعالم دین محمد علی نیکونام نے ایسنا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بغداد ایئرپورٹ پر کیا گیا یہ جرم کسی بڑے جرم کی طرح اندھیرے میں کیا گیا ہے۔

ایرانی حکام نے گزشتہ دو سال کے دوران قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد سے ان سے منسوب متعدد مجسموں کی نقاب کشائی کی ہے اورمقتول کمانڈر کی تصاویر پورے ایران میں آویزاں ہیں۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے اریب نے اس تازہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے توہین آمیز کارروائی قراردیا ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران اپنے مقتول میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی دوسری برسی منا رہا ہے۔

جمعرات کو ہزاروں ایرانیوں نے 1980-1988ء کی ایران عراق جنگ میں ہلاک ہونے والے 250 نامعلوم شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ٹویٹر نے ٹک ٹاک طرز کا فیچر متعارف کرادیا

سان فرانسسكو: سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ٹویٹر نے ٹک ٹاک طرز کا ویڈیو ری ایکشن فیچر آزمائش کے لیے پیش کردیا۔

ٹویٹر کی جانب سے یہ فیچر آزمائشی طور پر صرف آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم والے صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت وہ کسی بھی تصویر، ویڈیو یا ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ویڈیو بناسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق صارف جب کسی بھی ٹویٹ پر ری ٹویٹ کرے گا تو اُس کے سامنے تین آپشنز ظاہر ہوں گے، جن میں سے 2 پرانے (ری ٹویٹ، Quote ری ٹویٹ) جبکہ تیسرا Quote Tweet with reaction کے نام سے ہوگا۔

صارف جب کسی بھی ٹویٹ کو منتخب کر کے ویڈیو بنائے گا تو یہ ٹویٹ اُس پر نظر آئے گا۔ ایک بات اور اہم یہ ہے کہ ردعمل کے لیے ویڈیو کو لائیو ہی شیئر کرنا ہوگا۔ ٹویٹر پروڈکٹ کی افسر سیم ہاویسن نے صارفین کو سمجھانے اور آسانی کے لیے ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور بتایا کہ مستقبل میں صارف کو کسی بھی ٹویٹ پر ردعمل کے اظہار کا بہترین موقع حاصل ہوگا۔

ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آسکی کہ اس فیچر کو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کب پیش کیا جائے گا۔

حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے، وزیر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کے امیج کی بہتری کیلئے محکمے منفرد اقدام متعارف کرائیں، شہر اولیاء کی سیاسی قیادت کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر حکومت کا خصوصی فوکس ہے جبکہ حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کپ حکومت نے نشتر ٹو اور سب سیکرٹریٹ کے میگا پراجیکٹس دیئے جبکہ عوام کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے بلاامتیاز صحت کارڈ متعارف کرایا گیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا علاج و معالجہ بلامعاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت تعلیمی وظائف،راشں رعایت منصوبہ بھی جاری ہے، احساس راشن پروگرام کے تحت خصوصی سبسڈی ملے گی۔

ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ 3 کروڑ 80 لاکھ سے  زائد خاندان رجسٹرڈ کرچکے ہیں اور 80لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے ماہانہ امداد دی جارہی ہے۔

اسپیشل اسسٹنٹ برائے وزیراعظم نےکہا کہ احساس کفالت پروگرام عوام کو ریلیف دینے کا انقلابی منصوبہ ہے، دکانداروں کو ہر اشیاء خوردونوش کی فروخت پر 8 فی صد کمیشن ملے گا۔

اجلاس میں اراکین اسمبلی ملک عامر ڈوگر،ابراہیم خان،جاوید اختر انصاری،ندیم قریشی ،سلیم لابر،سبین گل ، ایم این اے احمد حسن ڈیہڑ،واصف مظہر راں،وسیم خان بادوزئی،میاں طارق عبداللہ،ظہیرالدین علیزئی ، اسپیشل اسسٹنٹ برائے وزیراعظم ڈاکٹر ثانیہ نشتر ،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان شریک ہوئے۔

کے الیکٹرک نے تانبے کی تاریں بیچ کر پیسے کھا لیے، مفتی منیب الرحمان کا انکشاف

مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے تانبے کی تاریں بیچ کر پیسے کھا لیے ہیں۔

سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے کے شرکاء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی نے ہمیں پہچان دی ، جماعت اسلامی کا یہ پرامن احتجاج ہے ، حکمرانوں سے کہتا ہوں پر امن لوگوں کے پیغام کو سنیں ، پرامن لوگوں کی آواز کو سننا تشدد پسندی کے خاتمے کا ذریعہ بنے گا۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے تانبے کی تاریں بیچ دیں ، مطالبہ کرتا ہوں کہ دوبارہ سے بجلی کی معیاری تاریں دی جائیں۔

سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اہل کراچی کو مایوس کیا ہے۔

اومیکرون؛ سعودی عرب کے بعد کویت کی مساجد میں بھی سخت کورونا پابندیاں

کویت سٹی: سعودی عرب کے بعد کویت نے بھی کورونا کی نئی شکل اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر مساجد میں سخت کورونا پابندیاں نافذ کردی ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق کویت نے ملک بھر کی مساجد میں سماجی فاصلہ رکھنے، ماسک پہننے، میل جول سے پرہیز کرنے اور اپنی جائے نمازیں ساتھ لانے کی پابندیاں نافذ کی ہیں جب کہ نماز اور خطبے کے دوران دروازے، کھڑکیاں کھلی رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ نئی کورونا پابندیاں اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے عائد کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں 9 جنوری سے مساجد میں نکاح کے وقت بھی زیادہ سے زیادہ 6 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

کویت کی حکومت نے 9 جنوری سے 28 فروری تک بند جگہوں پر ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگا دی ہے جب کہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہے۔ ویکسینیشن کی مہم کو بھی تیز تر کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں سعودی عرب نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلہ سمیت نرم کی گئی کئی کورونا پابندیاں دوبارہ عائد کردی گئی ہیں جن میں معتمرین کی تعداد اور مقدس مساجد میں داخلے کے راستے مختص کرنا بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں پہلی بار سامنے آنے والی کورونا کی نئی شکل اومیکرون دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث کئی ممالک میں اُٹھائی گئیں کورونا پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا رہی ہیں۔

پاکستان میں کرپٹو کرنسی کی آڑ میں شہریوں سے اربوں روپے کا فراڈ

کراچی: ایف آئی اے نے کرپٹو کرنسی کی آڑ میں بنائی گئی جعلی ایپلیکیشنز کے ذریعے  پاکستانی عوام سے اربوں روپوں کے فراڈ کا انکشاف کیا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق آن لائن سرمایہ کاری میں مبینہ خورد برد کے انکشاف کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم نے بین الاقوامی آن لائن سرمایہ کاری کمپنی بنانس سے وضاحت طلب کرلی ہے، اس حوالے ایف آئی اے نے خط لکھ دیا ہے اور آئی لینڈ، برطانیہ اور امریکا میں قائم کمپنیز سے مبینہ خرد برد کے حوالے سے تفصیلات مانگی ہیں۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ان پونزی اسکیموں کی طرز پر آن لائن فراڈ پر مبنی سرمایہ کاری جاری ہے، اور ان اسکیموں میں کلائنٹس کو زیادہ منافع کی لالچ دی جاتی ہے، کمپنیز اس وقت غائب ہوجاتی ہیں جب اربوں روپے کاسرمایہ اکٹھا ہوجاتا ہے۔

ڈائریکٹرایف آئی نے بتایا کہ 20 دسمبر کو پورے پاکستان سے لوگوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایف آئی اے سائبرسے رابطہ کیا اور 11 موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے مبینہ فراڈ کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان ایپلیکیشن نے پاکستانی عوام سے اربوں روپوں کا فراڈ کیا، جب کہ ان ایپلیکیشن نے ایک عرصے سے کام کرنا چھوڑ دیا ہے، انکوائری کے ابتدائی نتائج کے مطابق ایسی کمپنیز کے ساتھ سرمایہ کاری کی غرض سے 3 سے 5 ہزار افراد منسلک تھے، جب کہ سرمایہ کاری کی رقم 100 ڈالر سے 80 ہزار ڈالر تک تھی، رقم کا مجموعی حجم 100 ملین امریکی ڈالر ہے۔

عمران ریاض نے بتایا کہ جعلی ایپس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلیے ٹیلی گرام سے رابطہ کیا جارہا ہے، بائننس سب سے بڑا غیر منظم ورچوئل کرنسی ایکسچینج ہے، جہاں پاکستانیوں نے لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کی لعنت کو روکنے کے لیے بائننس لین دین پر گہری نظر رکھنے کے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں

فارن فنڈنگ کیس؛ غیرقانونی پیسہ لینے والے ایٹمی پاکستان کے لئے خطرہ ہیں، شہبازشریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ غیر ملکی افراد اور کمپنیوں سے غیرقانونی پیسہ لینے والے ایٹمی پاکستان کے لئے خطرہ ہیں۔ 

اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان اور قانون کے تحت کوئی چور اور جھوٹا وزیراعظم نہیں ہوسکتا، یہ آئین، قانون اور سیاسی اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ ’چور‘ اور ’جھوٹا‘ ثابت ہو جانے والے عمران نیازی عمران نیازی اپنے عہدے سے خود ہٹ جائیں اور استعفیٰ دے کر گھر جائیں، غیر ملکی افراد اور کمپنیوں سے غیرقانونی پیسہ لینے والے جوہری پاکستان کے لئے خطرہ ہیں، غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس میں کسی مغربی ملک میں رپورٹ آتی تو وزیراعظم استعفی دے چکا ہوتا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ عمران نیازی نے چوری کی اور جھوٹ بولا، اور وہ صادق اور امین نہیں ہیں، کمیٹی نے یہ قانون بھی واضح کیا ہے کہ حقائق چھپانے، چوری کرنے اور جھوٹ بولنے والا آئینی، حکومتی اور سیاسی عہدہ نہیں رکھ سکتا، اگر یہ قانون نوازشریف جیسے مقبول عوامی وزیراعظم پر لاگو ہوسکتا ہے تو عمران نیازی پر کیوں نہیں ہوسکتا، نوازشریف کے خلاف پانامہ کی جے آئی ٹی بن سکتی ہے، سپریم کورٹ کے فاضل جج نگران ہو سکتے ہیں تو عمران نیازی کے لئے ایسا کیوں نہیں ہے، نوازشریف کے خلاف مقدمے کی طرح عمران نیازی کے خلاف روزانہ بنیادوں پر سماعت کی جائے، آئین اور قانون کے مطابق قانون کا یکساں اطلاق ایک لازمی تقاضا ہے جسے پورا ہونا چاہئے، عمران نیازی اور ان کی جماعت پر قانون کے تحت یہ فرد جرم الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے عائد کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک میں اس وقت کوئی وزیراعظم نہیں، ملک آئینی وقانونی خلا میں چل رہا ہے، پارلیمنٹ کا اس وقت کوئی قائد ایوان نہیں، آئین اور قانون کے تحت عمران نیازی پاکستان کے فیصلے نہیں کرسکتے، اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد سے جو بھی حکومتی فیصلے ہوں گے، وہ آئینی اور قانونی نہیں، آئی ایم ایف سے معاہدے، منی بجٹ پر نظر ثانی کرنا ہوگی، وہ تمام لوگ آئینی عہدوں سے استعفی دیں جن کے نام فارن فنڈنگ کیس میں آرہے ہیں، اور پی ٹی آئی کے چار ملازمین سمیت تمام ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت بلاتاخیرکارروائی شروع کی جائے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے صفحہ 92 پر لکھا ہے کہ 2009 سے 2013 تک پی ٹی آئی نے 53 بینک اکاﺅنٹس چھپائے، رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں پی ٹی آئی نے 12 اکاؤنٹس ظاہر کئے، جب کہ اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ 2009 سے 2013 تک پی ٹی آئی کے بینک اکاﺅنٹس کی تعداد 65 تھی۔ اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ملک میں آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے، ملک میں پیدا ہونے والے اس آئینی بحران پر اپوزیشن سے مشاورت کروں گا، آئین اور قانون پر یقین رکھنے والی جماعتوں اور ارکان کو ملک کو آئینی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، باہر سے اور کس نے کتنا پیسہ دیا، اس کی مزید تحقیق ابھی باقی ہے، پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل اکاﺅنٹس کی تفصیل سامنے لائی جائے۔