All posts by Khabrain News

خلا میں چھ ماہ گزارنے سے 54 فیصد سرخ خلیات تباہ ہوسکتے ہیں

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) خلا میں انسانی جسم کا سب سے اہم پہلو شدید متاثر ہوتا ہے اور وہ ہے ہمارا خون جو شدید متاثر ہوتا ہے۔ اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ صرف چھ ماہ خلا میں رہنے سے خون کے 54 فیصد سرخ خلیات کو تباہ ہوسکتےہیں۔ اگرچہ اس سے قبل بھی انسان نے خلا کی بے وزنی میں مہینوں بلکہ سال بھی گزارے ہیں لیکن اب ایک کیفیت سامنے آئی ہے جسے ’خلائی انیمیا‘ کا نام دیا گیا ہے۔ پہلے خیال تھا کہ یہ ایک عارضی کیفیت ہے جو بعد میں ٹھیک ہوجاتی ہے۔ تاہم اب مفصل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اس کے اثرات طویل عرصے تک جاری رہتے ہیں۔ اس کے لیے بین الاقوامی خلائی تحقیقی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں وقت گزارنے والے 14 خلانوردوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر خلانوردوں نے سانس لینے میں دقت کا اظہار بھی کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خلانوردوں کے خون کا تجزیہ خلائی اسٹیشن کے قیام کے دوران کیا گیا۔ جامعہ اوٹاوا کے سائنسداں ڈاکٹر گائے ٹروڈل اور ان کے ساتھیوں نے اندازہ لگایا کہ جب کچھ ماہ بعد خلانوردوں نے زمین پر قدم رکھا توفی سیکنڈ خون کے 20 لاکھ سرخ خلیات تباہ ہورہے تھے جبکہ خلا میں یہ شرح 30 لاکھ خلیات فی سیکنڈ تھی۔ خلا کے خردثقلی ماحول میں انسانی جسم 20 فیصد مائع کھودیتا ہے اور سراورسینے میں جمع ہوتا رہتا ہے۔ پھرزمین پر آنے کے چارماہ بعد بھی خلیات کے تباہ ہونے کی شرح اوررفتار برقرار رہی۔ تمام خلانوردوں کا خون جانچنے کے بعد اگرچہ انہیں انیمیا کا شکار نہیں کہا گیا لیکن ان کی غذا تبدیل کرنے اور مزید تحقیق پر زوردیا گیا ہے۔

برطانوی حکومت نے 79 سالہ بزرگ کے بطخیں پالنے پر پابندی لگادی

لندن: (ویب ڈیسک) برٹش کاؤنٹی ڈیوون میں رہنے والے 79 سالہ ایلن گوسلنگ پر وہاں کی حکومت نے پابندی لگا دی ہے کہ وہ اگلے ایک سال تک بطخیں نہیں پال سکتے۔ گوسلنگ اس فیصلے پر شدید پریشانی کا شکار ہیں لیکن برطانوی محکمہ صحت کا یہ فیصلہ نہ صرف ان کی بلکہ ان کے اہلِ خانہ اور آس پاس رہنے والوں کی صحت کےلیے بھی ضروری تھا۔ تفصیلات کے مطابق، کرسمس سے چند روز قبل گوسلنگ کو شدید زکام ہوگیا تھا اور وہ بیمار ہوگئے تھے۔ مقامی طبّی ادارے کی تحقیق سے معلوم ہوا کہ وہ برڈ فلو (H5N1) میں مبتلا ہیں جو ماضی میں بھی انسانی وباؤں کا باعث بن چکا ہے۔ جب تفتیش کا دائرہ بڑھایا گیا تو پتا چلا کہ عمر رسیدہ ایلن گوسلنگ نے اپنے فارم پر برسوں سے کئی بطخیں پال رکھی تھیں جن کی تعداد پچھلے سال 160 ہوچکی تھی۔ گوسلنگ کو ان ہی میں سے کسی بطخ سے برڈ فلو ہوا تھا۔ فوری حفاظتی اقدامات کے تحت یہ تمام بطخیں ہلاک کرکے وہاں سے ہٹا دی گئیں اور ساتھ ہی ساتھ اگلے ایک سال تک گوسلنگ کے بطخیں پالنے پر پابندی بھی لگا دی گئی۔ جب گوسلنگ صحت یاب ہوکر گھر واپس آئے اور انہیں یہ خبر سنائی گئی تو وہ بہت اداس ہوگئے۔ ’’انہیں ان کے تمام ’دوستوں‘ سے دور کردیا گیا؛ اور اب ان کے پاس کچھ بھی نہیں رہا،‘‘ ایلن گوسلنگ کی بہو نے ’ڈیلی میل‘ کے نمائندے کو بتایا۔ گوسلنگ کا ارادہ تھا کہ وہ صحت یاب ہونے کے فوراً بعد مزید بطخیں خرید لائیں گے لیکن پابندی کی یہ خبر ان پر بجلی بن کر گری اور وہ نڈھال ہو کر رہ گئے۔ دوسری جانب برطانیہ میں نئے برڈ فلو کا پہلا مریض ہونے کی بناء پر صحت کے اداروں نے گوسلنگ پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے کیونکہ ایسے افراد ہی کسی وبا کا نقطہ آغاز ثابت ہوسکتے ہیں۔ ایلن گوسلنگ اب بھی اپنی بطخوں کو یاد کرکے اداس ہوجاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ان میں سے کئی بطخوں کو انہوں نے خود پالا تھا جبکہ کچھ بطخیں بارہ یا تیرہ سال کی بھی تھیں۔ ان کے بیٹے اور بہو نے بتایا کہ بطخیں پالنے کے علاوہ، ایلن گوسلنگ اور تمام اہلِ خانہ پر یہ پابندی بھی ہے ان کے گھر میں اگلے 12 مہینوں تک کوئی بطخ داخل نہ ہونے پائے۔ واضح رہے کہ برڈ فلو ایک ہلاکت خیز بیماری ہے جو پرندوں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ ماضی میں کئی بار یہ بیماری وبائی شکل اختیار کرچکی ہے جس کے نتیجے میں کروڑوں پرندوں کے علاوہ درجنوں انسان بھی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس سے متاثر ہونے والے انسان بھی لاکھوں میں ہیں۔ برڈ فلو کی مختلف اقسام ہیں جن میں سے H5N1 قسم سے متاثرہ ہونے والے 50 فیصد لوگ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے برطانوی حکومت کا یہ فیصلہ بالکل درست ہے کہ ایلن گوسلنگ کو آئندہ ایک سال تک بطخیں پالنے نہ دی جائیں۔ البتہ دوسری جانب عمر رسیدہ مسٹر گوسلنگ کو سمجھانا بھی بے حد مشکل ہے۔

اداکار محب مرزا کے والد انتقال کرگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) معروف اداکار محبت مرزا کے والد محسن مرزا انتقال کرگئے۔ اداکارمحب مرزا نے یہ افسوسناک خبر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ عموماً میں سوشل میڈیا پر اپنی نجی زندگی سے متعلق کچھ بھی شیئر نہیں کرتا لیکن میں چاہتا ہوں کہ دنیا میرے والد کے بارے میں جانے۔ محب مرزا نے بتایا کہ ان کے والد ایک رحم دل شخص تھے انہوں نے وکالت پڑھی تھی۔ اس کے علاوہ وہ ایک آرٹسٹ بھی تھے۔ انہوں نے اپنے والد کو ایک حقیقی سپراسٹار اور اپنا ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپنے والد کی مغفرت کے لیے سورہ فاتحہ کا ورد کرنے کے لیے کہا۔ اور دعا کی کہ خدا ان کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے آمین۔ محب مرزا نے اپنی کامیابیوں کا سہرا اپنے والد کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ میری خوشیاں اور کامیابیاں سب آپ سے تھیں۔ اداکار محب مرزا کے والد کا انتقال 13 جنوری کو ہوا تھا۔

حرا مانی کی سابق مینجر کا اداکارہ پر دھمکیاں دینے اور تشدد کرنے کا الزام

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ حرا مانی کی سابق مینجر نزہت عابد جعفری نے ان پر دھمکیاں دینے اور تشدد کرنے کا الزام لگایا ہے۔ حرامانی کی سابق منیجر نزہت جعفری نے مقامی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ حرامانی نے انہیں گالیاں دیں اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ دونوں کے درمیان جھگڑے کی وجہ حرا مانی کا ذہنی تناؤ بنا۔ کئی بڑے پروجیکٹس میں کام نہ ملنے پر اداکارہ حرا مانی ذہنی تناؤ کا شکار تھیں۔ نزہت جعفری نے بتایا کہ میں نے حرا مانی کے ساتھ تقریباً 3 سال تک کام کیا ہے۔ جھگڑے کی وجہ یہ بنی کہ جب پروفیشنلی کام آپ کے ہاتھ میں نہیں آتا اور جو آپ سوچ رہے ہوتے ہیں لیکن چیزیں آپ کے مطابق نہیں ہوتیں تو آپ بلبلا جاتے ہیں۔ اتفاق سے کچھ پروجیکٹس ایسے تھے جیسے آئی ایس پی آر وغیرہ کے اور کچھ گانوں میں حرا مانی کو نہیں لیا گیا، اس کے علاوہ ایک ایوارڈ بھی تھا جو اداکارہ کو نہیں ملا تو اس کا بھی غصہ انہوں نے مجھ پر نکالا۔ حرا مانی کی سابق مینجر نے کہا کہ مجھے کوئی دھمکیاں نہیں دے سکتا اور اگر میں غلط ہوں تو مجھے سزا ملے۔ مقامی میڈیا کے مطابق نزہت جعفری نے اداکارہ حرا مانی کے خلاف کراچی پولیس میں شکایت بھی درج کروائی ہے۔ پولیس نے سابق مینجر سے تمام کوائف اور ثبوت مانگے ہیں۔

فیفا ایوارڈز؛ لیوانڈوسکی اور الیسکیا پوٹیلاس نے میدان مارلیا

پیرس: (ویب ڈیسک) جرمن کلب بائرن میونخ کے پولش اسٹرائیکر روبرٹ لیوانڈوسکی نے فیفا کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ جیت لیا۔ ویمنز ٹرافی الیسکیا پوٹیلاس کے حصے میں آگئی، جو بارسلونا ویمنز فٹبال ٹیم کی کپتان بھی ہیں،33 سالہ روبرٹ نے دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ اپنے نام کیا، انھوں نے گزشتہ جرمن لیگ سیزن میں زیادہ گول کا ریکارڈ قائم کیا ہے، اس بار دوڑ م یں لیونل میسی اور محمد صلاح ان سے پیچھے رہ گئے۔ ویمنز ایوارڈ میں پوٹیلاس کو ٹیم ساتھی پلیئر جینیفر ہیرموسو اور چیلسی کی نمائندگی کرنے والی آسٹریلوی پلیئر سام کیر کا چیلنج درپیش تھا۔اس موقع پر زیادہ انٹرنیشنل گول کا ایرانی پلیئر علی داعی کا ریکارڈ توڑنے والے کرسٹیانو رونالڈو کو بھی خصوصی ایوارڈ دیا گیا،علی داعی نے 109 گول بنائے تھے جبکہ رونالڈو اب تک 184 میچز میں پرتگال کے لیے 115 گول داغ چکے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ ایوارڈ کیلیے فواد عالم کی 2 کارکردگیاں شارٹ لسٹ

کراچی: (ویب ڈیسک) ٹیسٹ کرکٹ ایوارڈکیلیے فواد عالم کی 2 کارکردگیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ کرک انفو ٹیسٹ پرفارمنس آف دی ایئر ایوارڈکیلیے فواد عالم کی 2 کارکردگیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، ان کا مقابلہ جو روٹ،ریشابھ پنت،کائیل میئرز،ڈیوون کونوے، لوکیش راہول اور روہت شرما سے ہوگا، روٹ اور روہت کی بھی2 پرفارمنسز شارٹ لسٹ ہوئی ہیں۔ فواد عالم کے جنوبی افریقہ سے کراچی ٹیسٹ میں 109 رنز اور ویسٹ انڈیز کیخلاف کنگسٹن میں 124رنز ناٹ آؤٹ کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

پی ایس ایل؛ مدوگالے پہلی بار ذمہ داری نبھانے کیلیے تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) رنجن مدوگالے پہلی بار پی ایس ایل میں ذمہ داری نبھانے کیلیے تیار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 7 کے 30 لیگ میچز کے لیے امپائرز اور میچ ریفریز پینل کا اعلان کردیا،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے پہلی بار ذمہ داری نبھائیں گے، انھوں نے 2 سال قبل بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں بھی میچ ریفری کی ذمہ داریاں ادا کی تھیں۔وہ 30 مارچ کو لاہور قلندرز بمقابلہ کراچی کنگز میچ میں پہلی مرتبہ پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔ رنجن مدوگالے کے ساتھ روشن مہانامہ بھی ریفری کی ذمہ داریاں ادا کریں گے، وہ 27 جنوری کو افتتاحی میچ سمیت7 میچز میں فرائض انجام دیں گے۔ پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفریز علی نقوی، افتخار احمد اور محمد جاوید ملک بھی لیگ میں ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ علیم ڈار، مائیکل گف، رچرڈ ایلنگورتھ، احسن رضا، آصف یعقوب، فیصل آفریدی، امتیاز اقبال، عمران جاوید، ناصر حسین، راشد ریاض، شوزب رضا اور ولید یعقوب امپائرنگ کریں گے۔ فائنل سمیت پلے آف میچز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک میں شامل سورہ رحمان دبئی میں نمائش کیلئے پیش کی جائیگی

دبئی: (ویب ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کے نسخے میں شامل سورہ رحمان کی دبئی ایکسپو2020 میں پاکستانی پویلین میں نمائش کی جائے گی۔ عرب میڈیا کے مطابق پاکستانی پویلین میں پیش کی جانے والی سورہ رحمان دنیا میں سب سے بڑے قرآن پاک کے نسخے کا حصہ ہے۔ چودہ سوسال سے زائد کی اسلامی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب سورہ رحمان کے الفاظ ایلمونیم اورسونے سے تحریر کئے گئے ہیں ۔ یہ اپنی نوعیت کا واحد پروجیکٹ ہے جس میں حروف تحریر کرنے کے لئے انک یا کلر کے بجائے گولڈ اورایلمونیم کا استعمال کیا گیا ہے۔ سورہ رحمان 6 صفحات پرمشتمل سورہ رحمان کے پہلے 2 صفحات پر5 لائنیں جبکہ دیگرصفحات پرہرصفحے پر10 لائنیں ہوں گی۔سورہ رحمان پاکستانی آرٹسٹ شاہد رسام نے تحریر کی ہے۔ سورہ رحمان 24 جنوری کو پاکستانی پویلین میں پیش کی جائے گی جس کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیربرائے کامرس اورسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر،سفارتکار اوردیگراہم شخصیات شرکت کریں گی۔

فضائی کمپنیوں کے خدشات، امریکی ائیرپورٹس پر5 جی سروس کی فراہمی ملتوی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) فضائی کمپنیوں کے خدشات پرامریکی ائیرپورٹس پر5 جی سروس کی فراہمی ملتوی کردی گئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق 2امریکی موبائل نیٹ ورکس نے کچھ ائیرپورٹس پر5 جی سروس کی فراہمی ملتوی کرنے پراتفاق کیا ہے۔ وسیع کوریج اورتیزرفتارانٹرنیٹ فراہم کرنے والی سروس کا آغاز ایک دن بعد ہونا تھا۔ جدید 5 جی سروس ملتوی کرنے کا مطالبہ امریکی ائیرلائنز نے کیا تھا۔ فضائی کمپنیوں کا موقف ہے کہ 5 جی سروسز ہوابازی میں شدید مداخلت کرسکتی ہیں۔ کچھ ائیرلائنز کواپنے طیارے گراؤنڈ اورپروازیں منسوخ کرنا پڑسکتی ہیں۔ 5 جی سروسز طیاروں کے نیویگیشن سسٹمز میں خلل ڈال سکتی ہیں خاص طورپران سسٹمز میں جوخراب موسم میں استعمال کئے جاتے ہیں۔امریکا میں 5 جی سروسز کی فراہمی میں یہ تیسرا التوا ہے۔

بھارتی جنگی بحری جہاز میں دھماکا، 3 اہلکار ہلاک،10 زخمی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی جنگی بحری جہاز میں دھماکے سے 3اہلکار ہلاک اور10 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی جنگی بحری جہاز میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں بھارتی بحریہ کے 3 اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ جہاز ممبئی میں لنگرانداز تھا۔ بھارتی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ممبئی کے نیول ڈاکیارڈ میں لنگرانداز آئی این ایس رنویر کے ندرونی حصے میں دھماکا ہوا جس سے بحریہ کے3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ دھماکے میں 10 اہلکارزخمی بھی ہوئے۔دھماکے سے جہاز کو کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے بورڈ قائم کردیا گیا ہے۔آئی این ایس رنویر 1986 میں بھارتی بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوا تھا ۔