All posts by Khabrain News

سٹولٹن برگ کی روس اور نیٹو اتحاد کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت

برلن: (ویب ڈیسک) نیٹو کے سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ نے روس اور نیٹو اتحادیوں کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دے دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمن چانسلر اوولف شولز سے بات چیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نیٹو روس کونسل میں مجوزہ مذاکرات کا سلسلہ جلد شروع ہو گا جن کا مقصد نہ صرف اپنے خدشات کا سدباب بلکہ روسی خدشات کو بھی سننا ہے۔
واضح رہے کہ یورپ کو خدشات لاحق ہیں کہ روس یوکرین پر حملہ کرنا چاہتا ہے، قبل ازیں جرمن وزیر خارجہ نے روس کو یوکرین پر حملے کی صورت میں بھاری قیمت چکانے کی دھمکی دی تھی۔ ماسکو کے دورے کے دوران روسی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جرمن وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ برلن اپنی اقدار کے تحفظ کی خاطر اپنا معاشی نقصان بھی برداشت کرلے گا۔

فیصل آباد: گیس بحران میں شدت، لکڑی اور ایل پی جی سمیت ایندھن کی قیمتیں پہنچ سے باہر

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، کوئلے، لکڑی اور ایل پی جی سمیت دیگر متبادل ایندھن کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئیں۔
موسم سرما میں سوئی گیس کی بندش اور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا دیرینہ سلسلہ تھم نہ سکا، دن بھر سوئی گیس کی بندش سے شہریوں کو کھانے پکانے سمیت دیگر گھریلو امور کی انجام دہی میں مسائل کا سامنا ہے، گیس کی قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لکڑیوں، کوئلے اور ایل پی جی سمیت دیگر متبادل ایندھن کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچا دی گئی ہیں جس سے شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے۔
لکڑیوں اور کوئلے سمیت دیگر متبادل ایندھن کا کاروبار کرنے والے دکاندار کہتے ہیں مہنگائی کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
شہری حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سوئی گیس بحران پر قابو پانے سمیت دیگر متبادل ایندھن کی قیمتوں کو بھی کنٹرول کیا جائے تاکہ انہیں ریلیف میسر آ سکے۔

کراچی: نارتھ ناظم آباد میں درندے کی سات سالہ بچی سے زیادتی، ایک لاکھ روپے بھی لوٹ لئے

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں درندے نے سات سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، ملزم نے گھر سے ایک لاکھ روپے بھی لوٹ لئے۔
افسوس ناک واقعہ نارتھ ناظم آباد کےعلاقے موسیٰ گوٹھ میں پیش آیا، ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ بچی کا والد مزدوری جبکہ والدہ گھروں میں کام کرتی ہے، وقوعہ کے وقت بچی اپنے نو سالہ بھائی اور تین سالہ بہن کے ساتھ گھر میں موجود تھی۔
پولیس نے ملزم صابر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جس سے واردات کی تفتیش جاری ہے۔

نیب نے مریم نواز کی سزا پر پولیٹیکل انجینئرنگ کا الزام مسترد کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو نے ایون فیلڈ ریفرنس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی بری کرنے کی نئی درخواست کا جواب دیتے ہوئے پولیٹیکل انجینئرنگ کا الزام مسترد کر دیا۔ نیب کا کہنا تھا کہ مریم اور نواز شریف نے آج تک لندن فلیٹس کا جواب نہیں دیا، ویڈیو لیک والے جج کا بھی کیس سے کوئی تعلق نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں نیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ لندن جائیدایں کیسی خریدیں، پیسہ کیسے منتقل کیا ؟ مریم نواز کی بریت کی درخواست جھوٹ، حقائق کے منافی، ناقابل سماعت اور عدالت کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے، احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قانون کے مطابق شفاف ٹرائل کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کو سزا دی۔
جواب میں نیب کا کہنا تھا کہ سابق جج شوکت عزیز صدیقی کے الزامات پر سپریم جوڈیشل کونسل انہیں برطرف کرچکی، ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ جج محمد بشیر نے کیا، جج ارشد ملک کا کوئی تعلق نہیں، جج ارشد ملک کی ویڈیو اور بیان جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے، مریم نواز کی درخواست میں لگائے گئے الزامات پر سپریم کورٹ پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے، سپریم کورٹ نے فیصلے پر عملدرامد کیلئے نگران جج مقرر کیا، مریم نواز کے نگران جج پر الزامات توہین عدالت کے زمرے پر آتے ہیں، پانامہ کیس کی سماعت کرنے والے جج ابھی بھی جوڈیشل سروس میں ہیں۔

لاہور کے قریب کاہنہ میں چار افراد کا قتل، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے قریب کاہنہ میں قتل کی لرزہ خیز واردات، نامعلوم افراد نے گھر میں فائرنگ کر کے 4 افراد کو قتل کر دیا۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
کاہنہ ایل ڈی اے گول چکر کے قریب گھر سے 4 لاشیں ملی ہیں۔ مقتولین میں خاتون ڈاکٹر، 2 بیٹیاں اور بیٹا شامل ہے۔ خاتون کی ڈاکٹر ناہید کے نام سے شناخت ہوئی، جن کی عمر 45 سال تھی، لڑکے کی عمر 22 سال، لڑکیاں 15 اور 17 سال کی تھیں۔ مقتولہ کا اپنا گھر تھا، جس میں انہوں نے ایک کلینک بنا رکھا تھا۔ اہل محلہ کے مطابق وہ پچیس سال سے یہاں رہائش پذیر تھے۔
پولیس کے مطابق یہ افراد رات ایک دو بجے کے قریب قتل ہوئے، بڑا بیٹا زین دوسرے گھر سویا ہوا تھا، جس کی وجہ سے بچ گیا۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کئے، تمام افراد کو تیس بور بسٹل سے فائرنگ کر کے کے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کے ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ، حوثی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات پر حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے حوثی باغیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ابوظبی حملے میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب سے پاکستانی شہری کی جلد میت حوالگی کے انتظامات کا مطالبہ کیا اور حوثی باغیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ برداشت قرار دیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں منگل کے روز تین پیٹرولیم ٹینکرز پر ڈرون راکٹ حملے ہوئے، جس میں پاکستانی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
راکٹ حملے کے بعد ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب نئی تعمیر ہونے والی عمارت میں خوفناک آتشزدگی ہوئی تھی۔ بعد ازاں یمن کے حوثی باغیوں نے میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے اپنے خلاف جاری آپریشن کا ردعمل قرار دیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ ہم ان دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور جواب دیں گے۔

کورونا وائرس مزید 8 افراد کی جان لے گیا، مثبت کیسز کی شرح 9.48 فیصد ریکارڈ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چار آٹھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 37 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 55 ہزار 499، سندھ میں 5 لاکھ 9 ہزار 308، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 619، بلوچستان میں 33 ہزار 744، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 455، اسلام آباد میں ایک لاکھ 12 ہزار 557 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 811 کیسز رپورٹ ہوئے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے گلگت بلتستان ہاؤس اسلام آباد میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خالد خورشید کی طبیعت بہتر ہے، ایس او پیز کے تحت انہوں نے قرنطینہ کرلیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور ویکسینیشن کرائیں۔

طیب اردوان کا روس کو یوکرین پر حملہ کرنے سے باز رہنے کا مشورہ

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے روس کو یوکرین پر حملہ کرنے سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
قوم سے خطاب میں صدر اردوان کا کہناتھا کہ یوکرین کوئی عام ملک نہیں بلکہ ایک طاقتور ملک ہے جسکے بین الاقوامی سطح پر دوست موجود ہیں ۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ کسی علاقے پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کرنا آسان نہیں اور ماسکو کا یوکرین پر حملہ کرنے کا ارادہ حقیقت پسندانہ نہیں ہے۔

بھارتی جنگی بحری جہاز میں دھماکہ، نیوی کے 3 اہلکار ہلاک

ممبئی: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) ممبئی ڈاک یارڈ میں موجود بھارتی جنگی بحری جہاز میں دھماکہ ہوا ہے جس کے باعث بھارتی نیوی کے 3 اہلکار ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی نیوزی کے اہلکار بحری جہاز آئی این ایس رانویر پر سوار تھے۔ دھماکہ بحری جہاز کے اندرونی کمپارٹمنٹ میں ہوا ہے۔
بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔