All posts by Khabrain News

اسلام آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
تھانہ کورال کے علاقہ علی پور میں فائرنگ کا واقعہ ہوا۔دو موٹرسائیکل سواروں نے مقتول پر فائرنگ کی، فائرنگ سے یوسف نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔
ایس پی رورل ضیاء الدین کا کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ خاندانی دشمنی کا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے ماررہی ہیں۔

اسکولوں کے بچے اومیکرون سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا کی نئی قسم اومیکرون سے اسکولوں کے بچے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اومیکرون کیسزکی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کے ہمراہ وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں دو تین امور پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھیں لیکن اپوزیشن ایسا نہیں چاہتی، چئیرمین نیب اور جوڈیشل ترامیم پر اپوزیشن سے مشاورت ضروری ہے۔ اپوزیشن سمجھتی ہے حکومت جلد گر جائے گی لیکن ایسا نہیں ہو گا۔ اپوزیشن لیڈرشپ نے حکومت گرانے کے چکرمیں چارسال گزاردیئے، میرا خیال ہے اپوزیشن اسی چکرمیں اگلے پانچ سال بھی گزارے گی۔
کورونا وائرس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سکولوں کے بچے کورونا کی نئی قسم اومی کرون سے متاثر ہو رہے ہیں، اومی کرون کیسز میں اضافہ تشویش ناک ہے، روزانہ پانچ ہزار کے قریب کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، کراچی میں اومی کرون کے کیسززیادہ سامنے آرہے ہیں، دو ارب ڈالرسے زائد ویکسین ہم نے امپورٹ کی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں دو بلین ڈالرکی ویکسین شامل ہے۔ کابینہ کواومی کرون کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جن لوگوں نے بوسٹر ڈوز لگوائی، انہیں اومی کرون کا کم خطرہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یوریا کی پیداوارپاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی پیداوارہے، پاکستان کے زیادہ ترعلاقوں میں کھاد اس وقت میسرہے، گردشی قرضے میں کمی آنے کا یہ پہلا سال ہو گا۔ ایسے ممبران کو سٹینڈنگ کمیٹی کا ممبرنہ بنایا جائے جن کا کسی بزنس سے تعلق ہو۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سردیوں میں کراچی میں گیس کا مسئلہ پیدا ہوا، سردیوں میں کراچی کی 1900 انڈسٹریز کو گیس روکی جاتی تھی لیکن اس سال انہوں نے عدالت سے حکم امتناع لے لیا، امید ہے کل سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ اچھا آئے گا، گیس کے لیے گھریلوصارفین کو ترجیح دے رہے ہیں،
انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں مہنگائی ہے، اپوزیشن یہاں سیاست کررہی ہے، اپوزیشن سے پوچھیں سٹیٹ بینک والا ہمارا قانون تبدیل کریں گے، یہ (ن)لیگ والا، مسلم لیگ (ن)نے آخری سال گروتھ دکھانے کے لیے اربوں ڈالرجھونکے، اگرآزاد اسٹیٹ بینک ہوتا تو 2017 میں اتنا بڑا کرائسز نہ آتا۔ اپوزیشن نے سٹیٹ بنک کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر برائے توانائی کا کہنا تھا کہ پورپ نے ہماری طرز پر بل پاس کروایا اور وہاں سٹیٹ بینک آزاد ہے، سٹیٹ بینک کے بورڈ کا تعین وفاقی حکومت کرے گی ، گورنر اور ڈپٹی گورنر کی تقرری بھی وفاقی حکومت کرے گی، مرکزی بینک کے تمام اثاثہ جات وفاقی حکومت کی ملکیت ہی رہیں گے، اس معاملے پر ہماری آئی ایم ایف سے طویل بات ہوئی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر کی ملاقات ہوئی۔پاکستان برطانیہ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی۔
ملاقات میں سزا یافتہ شہریوں کی واپسی اور مجرمان کی حوالگی سے متعلق پاک برطانیہ معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے اور جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان اتفاق کیا گیا کہ معاہدے دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہیں۔ معاہدوں پر پیش رفت کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ باہمی معاہدوں سے تعلقات میں مزید وسعت اور مضبوطی آئیگی۔ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات انتہائی دوستانہ اور ہمہ جہت ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر کاکہنا پاکستان کی افغانستان کے معاملے میں غیرملکی اور افغان شہریوں کے انخلاء میں معاونت قابل ستائش ہے۔

ڈرون حملے میں پاکستانی جاں بحق، اماراتی وزیر خارجہ کا قریشی کو ٹیلیفون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ابوظہبی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون حملہ کئے جانے کے بعد ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کے وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون کیا جس میں گزشتہ روز ابوظہبی میں ہونیوالے المناک دہشتگردی کے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اماراتی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کے انتقال پر دلی تعزیت کی ۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری علاقوں پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ، وزیر خارجہ نے اس حملے کے نتیجے میں متاثرین کے اہل خانہ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اورمتوفی پاکستانی شہری کی میت کی جلد وطن واپسی اور زخمیوں کیلئے فوری علاج معالجے کی کاوشوں پر اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے برادر عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کارروائیاں، متحدہ عرب امارات کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، امن و امان کیلئے سنگین خطرہ بننے والے اس طرح کے حملوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے ۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات میں ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئےتھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابوظہبی پولیس کا کہنا تھا کہ دو دھماکے سنے گئے جن میں سے ایک دھماکا 3 آئل ٹینکرز میں جب کہ ایک دھماکا زیر تعمیر ایئرپورٹ پر ہوا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کی طرف سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
اے ایف پی کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی جبکہ دیگر افراد میں دو بھارتی شہری شامل تھے۔ آئل ٹینکرز اور زیر تعمیر ایئرپورٹ پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔
دوسری جانب یمن کے حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جبکہ چند روز قبل ہی سوشل میڈیا پر پوسٹ میں متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
2019 میں ایران سے بڑھتے ہوئے تناؤ کے سبب امارات نے یمن میں اپنی افواج کی تعداد میں نمایاں کمی کرتے ہوئے انہیں وطن واپس بلا لیا تھا لیکن یمن کی فوج کو اسلحے اور تربیت کی فراہمی کے سبب ان کا مقامی افواج پر اثرورسوخ برقرار ہے۔

قومی کرکٹر محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا۔
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی جانب سے اپنے پہلے میچ کے پہلے ہی اوور میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوا جس کا ٹیسٹ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق محمد حسنین کے ایکشن کا ٹیسٹ بائیو مکینک لیب میں ہو گا ، لاہور میں بائیو مکینک لیب آئی سی سی کی منظور شدہ ہے ۔
خیال رہے کہ بگ بیش لیگ کے رواں سیزن میں محمد حسنین ٹیم سڈنی ٹھنڈر کی نمائندگی کررہے تھے، حسنین شاندار بولنگ کرتے ہوئے ایک ہی اوورز میں 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
علاوہ ازیں محمد حسنین نے بگ بیش کے میچ میں 96 ایم پی ایچ کی رفتار سے بولنگ بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ محمد حسنین 75 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں اور انہوں نے 92 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

انڈر 19ورلڈ کپ : حسیب اللہ کی 135رنز کی اننگز، پاکستان کی زمبابوے کو شکست

پورٹ آف سپین: (ویب ڈیسک) حسیب اللہ کی 135 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں زمبابوے کو 115رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر بڑے بڑوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
کیربینز کے دیس میں ایونٹ کے 10ویں میچ میں پاکستان انڈر 19 کا زمبابوے سے مقابلہ ہوا ، قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 315 رنز جوڑے ، اوپنر حسیب اللہ خان نے خوب زور بازو دکھایا اور135 رنز کی سپر اننگز کھیلی ۔
شاندار اننگز کھیلنے والے حسیب اللہ خان مین آف دی میچ قرار پائے ، ساتھ ہی ایونٹ کے ٹاپ سکورر بن گئے ۔ جواب میں زمبابوین جونیئر ٹیم 43 اوورز میں 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، اویس علی نے 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

لارا دتہ نے اکشے کمار اور سلمان خان کی دلچسپ عادتیں بتا دیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ لارا دتہ نے اکشے کمار، سلمان خان اور سنجے دت کی وہ دلچسپ عادتیں بتا دیں جو ان کے چاہنے والوں کو شاہد معلوم نہ ہوں۔
لارا دتہ نے ویب شو ’کون بنے گی شیکھر واتی‘ کے پروموشن انٹرویو میں کہا کہ مجھ سے اکثر میرے ساتھی اداکاروں کی ان دلچسپ عادتوں کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے جو سالوں سے نہیں بدل سکیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ سلمان خان وہ واحد اداکار ہیں جو آدھی رات کو نیند سے جاگ کر بیٹھ جاتے ہیں، انہیں اکثر رات میں فون آتے رہتے ہیں۔
لارا دتہ نے کہا کہ اکشے کمار صبح ہونے قبل ہی اٹھا جاتے ہیں، میرے خیال سے اتنا جلدی تو کوئی بھی نہیں اٹھتا ہوگا۔
سنجے دت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ بہت شرمیلے ہیں اور وہ لوگوں سے زیادہ میل جول نہیں رکھتے، اتنے بڑے اسٹار کی یہ عادت اب بھی برقرار ہے۔
لارا دتہ نے 2003ء میں اکشے کمار کے ساتھ فلم ’انداز‘ سے اپنے کیئریئر کی شروعات کی۔ انہوں نے 2005ء میں فلم ’نو انٹری‘ میں سلمان خان کے ساتھ اداکاری کی۔ لارا دتہ کو آخری بار فلم ’بیل باٹم‘ میں سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

شوکاز نوٹس کے بعد نور عالم خان کا موقف سامنے آ گیا

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد رکن قومی اسبملی نور عالم خان کا موقف سامنے آ گیا۔
اپنے موقف میں رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ کسی صورت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک کو جوابدہ نہیں ہوں، پارٹی ٹکٹ چیئر مین عمران خان نے دیا ہے، صرف وزیراعظم کو جوابدہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس، بجلی لوڈ شیڈنگ، مہنگائی پر بات کرتا رہوں گا، پہلی 3 قطاروں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے والی بات میں کیا برائی ہے۔

ملک میں سونےکی قیمت میں کمی ہوگئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 200 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونےکی فی تولہ قیمت 200 روپےکم ہوکر 1 لاکھ 25 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
دس گرام سونےکا بھاؤ 171 روپےکم ہوکر ایک لاکھ7 ہزار 167 روپے ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونےکا بھاؤ 11ڈالرکم ہو کر 1811ڈالر فی اونس ہے۔

شاہنواز دھانی کے سندھ میں انتخابات جیتنے کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کرکٹر شاہنواز دھانی کے سندھ میں انتخابات جیتنے کی پیشگوئی کر دی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور شاہنواز دھانی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں رمیز راجہ ابھرتے ہوئے سندھ کے کرکٹر شاہنواز دھانی کو خوشخبری سنا رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی کی منعقدہ تقریب میں رمیز راجہ نے شاہنواز دھانی کو انعام دینے کے لیے اسٹیج پر بلایا تو اس دوران شاہنواز دھانی سے کہا کہ آپ عوام میں بے پناہ مقبول ہو گئے ہیں اور اگر آپ اسی طرح کرکٹ کھیلتے رہے تو ایک دن سندھ میں انتخابات بھی جیت جائیں گے۔
واضح رہے کہ شاہنواز دھانی سندھ کے شہر لاڑکانہ کے قریب واقع ایک گاؤں کھو آوڑ خان دھانی سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے دنیائے کرکٹ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے انتہائی سخت محنت کی ہے۔
انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ لی اور ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں اپنی وکٹوں کا کھاتہ کھولا۔