All posts by Khabrain News

’پتا نہیں یہ کیا نشہ کرکے آتے ہیں‘، سعید غنی کی پی ٹی آئی پر تنقید

سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں یہ کیا کھا کر یا نشہ کر کے آتے ہیں جو کہتے ہیں کہ سندھ میں اگلی حکومت ان کی ہو گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا پتا چلا ایک صاحب کو پی ٹی آئی سندھ کا صدر بنایا گیا ہے، خوشی ہے کہ جو بچی کچھی پی ٹی آئی ہے اب وہ بھی ختم ہو جائے گی۔
سعید غنی کا کہنا تھا پی ٹی آئی کا سندھ سے صفایا ہو چکا ہے لیکن پتا نہیں یہ کیا کھا کر یا نشہ کرکے آتے ہیں جو کہتے ہیں کہ سندھ میں اگلی حکومت ان کی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا فردوس شمیم نقوی نے اسمبلی میں استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، ہم انتظار کر رہے ہیں کہ فردوس شمیم کب استعفیٰ دیں گے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی نالائقیوں کی وجہ سے ملک کو خطرہ ہے، یہ جن کاندھوں پر بیٹھے ہیں وہ بھی ان کی نالائقیوں کا بوجھ اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں۔
بلدیاتی ترمیمی بل کے حوالے سے سعید غنی کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کے اعتراضات کے بعد قانون میں ترمیم بھی کی گئی، جن کو اعتراض ہے وہ اسمبلی میں ترامیم لائیں، دلائل دیں، ہو سکتا ہے کہ ہم آپ کی بات مان لیں۔

صدارت کے اختتام سے قبل شمالی کوریا سے تمام تنازعے حل کرنا چاہتا ہوں، مون جے ای

جنوبی کوریا کے صدر مون جے ای نے اپنے عہدے کے اختتام سے قبل سخت حریف ملک شمالی کوریا کے ساتھ تمام تنازعے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر مون جے ای نے شمالی کوریا کے ساتھ پُرامن اور مستحکم تعلقات کے قیام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدارت کے خاتمے سے قبل پڑوسی ملک کے ساتھ تمام تنازعوں کو حل کرنا چاہتا ہوں۔
جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے نئے سال کے آخری خطاب میں اپنے عہدے کے آخری مہینوں کو شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی پیش رفت کے لیے استعمال کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الکوریائی تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
جنوبی کوریا کے صدر مون جے ای نے مزید کہا کہ میں پائیدار امن کو ادارہ جاتی بنانے کی کوششوں کو نہیں روکوں گا، مجھے امید ہے کہ اگلی انتظامیہ میں بھی بات چیت کی کوششیں جاری رہیں گی۔
جنوبی کوریا کے صدر مون جے ای کے امن کے لیے ناقابل واپسی مذاکرات کے عزم پر سخت حریف ملک شمالی کوریا کی جانب سے مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 2018 اور 2019 میں سخت حریف ممالک شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے صدور کے درمیان تاریخی ملاقاتیں ہوئی تھیں جب کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایک ملاقات میں شریک تھے تاہم یہ ملاقاتیں بے نتیجہ ثابت ہوئی تھیں۔

انسٹاگرام کا ڈیلیٹ ہونے والا ڈیٹا دوبارہ حاصل کریں

اگر آپ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ کے لیے تصویریں بنائی ہوں اور پوسٹ ہونے کے بعد غلطی سے وہ ڈیلیٹ ہوجائیں تو یقیناً یہ بات بہت سے لوگوں کو صدمے سے دوچار کردے گی۔

لیکن انسٹا گرام کے استعمال کنندگان کے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ اب وہ انسٹاگرام پر ڈیلیٹ کی جانے والی اسٹوریز اور پوسٹس کو دوبارہ ریکور کر سکتے ہیں۔

میٹا کی جانب سے انسٹا گرام کے لیے متعارف کرائے گئے اس نئے فیچر کے ذریعے 24 گھنٹے کے اندر اندر ڈیلیٹ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو دوبارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ جب کہ استعمال کنندگان مستقل طور پر ڈیلیٹ کی گئی پوسٹس اور آرکائیو اسٹوریز کو 30 دن کے اندر اندر ریکور کر سکتے ہیں۔

’Recently Deleted‘ کے نام سے پیش کیے گئے اس نئے فیچر کے تحت انسٹا گرام میں ایک نیا فولڈر بن جاتا ہے جس میں آپ اپنی حالیہ اور 30 دن کے اندر ڈیلیٹ کی گئی تصاویر کو تلاش کر رکے انہیں بحال کر سکتے ہیں۔

تمام ویڈیوز، تصاویر، ریلز اور اسٹوریز ڈیلیٹ ہونے کے بعد ’Recently Deleted‘ فولڈر میں جمع ہوتی رہیں گی۔

اپنی تصاویر اور ویڈیوز کو ریکور کرنے کے لیے درج ذیل طریقہ کار پر عمل کریں۔

1۔         اپنی انسٹاگرام ایپ کو کھول کر پروفائل پر جائیں

2۔        اسکرین پر سیدھی طرف اوپر موجود مینیو آئیکون پر کلک کریں

3۔        سیٹنگز پر ٹیپ کریں

4۔        ’Recently Deleted‘ آپشن پر کلک کریں، جس کے بعد آپ کو ڈیلیٹ کیا گیا سارا مواد دکھائی دے گا۔

5۔        جس ویڈیو/تصویر کو ریکور کرنا ہے اس پر ٹیپ کریں

6۔        اوپر موجود تین نقطوں پر مشتمل آئیکون پر کلک کریں

7۔        یہاں آپ کو دو آپشنز ’ پرمننٹ ڈیلیٹ‘ اور ریکور دی پوسٹ ‘ دکھائی دیں گے، ری اسٹور پوسٹ پر کلک کریں

8۔        کانٹینٹ کو ری اسٹور کرنے کے لیے آپ کو تصدیق کے لیے انسٹاگرام پر رجسٹرڈ موبائل نمبر یا ای میل ایڈریس پر  OTP ( ون ٹائم پاس ورڈ) بھیجا جائے گا

9۔        موصول ہونے والے OTP کو درج کرکے اپنےڈیلیٹ شدہ پوسٹ بحال کرنے کے لیے کنفرم پر ٹیپ کریں۔

اس طریقہ کار پر عمل کرکے آپ اپنی تصاویر، ویڈیوز اور پوسٹس کو ریکور کرکے انہیں دوباہ محفوظ کر سکتے ہیں۔

چین زلزلے سے لرز اٹھا، ہلاکتوں کا خدشہ

چین کا سیاحتی شہر لیجیانگ 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اُٹھا جس کے باعث 22 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ چین کے جنوب مغربی شہر لیجیانگ میں 5.3 شدت کے زلزلے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں چند مکانات گر گئے اور سڑکوں پر گڑھے پڑ گئے۔
چین کے صوبے یونن کے ننگ لانگ کاؤنٹی میں زلزلے سے 22 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کے مرکز کی طرف سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے 60 ارکان کو روانہ کر دیا گیا ہے۔
یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ چین کے صوبوں یونن اور سیچوان کی درمیانی سرحد کے قریب آیا تھا زلزلے کا مرکز لیجیانگ سے 115 کلومیٹر دور تھا۔ زلزلے کی شدت 5.4 اور گہرائی 38 کلومیٹر تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں صوبے سیچوان میں آنے والوں زلزلے میں 3 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے گئے تھے جب کہ 2008 میں بھی سیچوان صوبے میں 7.9 شدت کے زلزلے میں ہزاروں بچوں سمیت 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پروفیسر کا کرکٹ کو الوداع، کرکٹرز کا زبردست خراج تحسین

پاکستان کرکٹ ٹیم اور شائقین میں پروفیسر کے نام سے مشہور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے آج انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس پر ساتھی کرکٹرز کی جانب سے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 کھیلنے والے محمد حفیظ کے اعلان نے جہاں مداحوں کو افسردہ کیا وہیں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آل راؤنڈر کے لیے سوشل میڈیا پر پیغامات شیئر کیے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی اور پروفیسر کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ حفیظ کا یادگار کیرئیر اپنے اختتام کو پہنچا، میں نے حفیظ بھائی سے اور ان کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا، کرکٹ کے میدان میں میری رہنمائی کرنے کے لیے شکریہ۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے حفیظ کے کیرئیر کو شاندار قرار دیا اور انہیں مینشن کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ شاداب خان نے محمد حفیظ کے مستقبل کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عُمر گل نے کہا کہ ہم نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک ساتھ کیا تھا اور اس دن سے میں آپ کو سب سے زیادہ مہربان اور ہر بات سامنے کرنے والے کے طور پر جانتا ہوں۔
عمر گل نے لکھا کہ آپ نے ان سالوں میں دنیائے کرکٹ کو بہت کچھ دیا ہے اور ہم یقیناً آپ کے کھیل کو یاد کریں گے۔
مڈل آرڈر بیٹر آصف علی نے کہا کہ آپ کو لاجواب کیرئیر کے لیے مبارک ہو، اللہ آپ کو ہمیشہ کامیابیاں دے، آمین۔
فاسٹ بولر وہاب ریاض نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے آپ کی تمام تر خدمات اور بہترین کیرئیر کے لیے مبارک ہو، ہماری ایک ساتھ کئی خوبصورت یادیں ہیں۔ وہاب ریاض نے حفیظ کے مستقبل کے لیے دعائیہ الفاظ بھی کہے۔

اسٹور سے چاکلیٹ خریدنے والا شخص 10 لاکھ ڈالر جیت کر لوٹا

جب قدرت مہربان ہوتی ہے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔ ایک امریکی شخص اپنے بچوں کے لیے چاکلیٹ اور دودھ لینے ایک چھوٹے اسٹور میں گیا اور واپس آیا تو وہ دس لاکھ ڈالر یعنی 17 کروڑ پاکستانی روپے جیت چکا تھا۔
نارتھ چیسٹر فیلڈ کے ڈینس وِلوبی چاکلیٹ اور دودھ لے کر اسٹور سے باہر آرہے تھے کہ انہوں نے ایک اسکریچ لاٹری کارڈ خریدا۔ انہوں نے کارڈ کو وہیں کریدا اور نمبر ملائے تو وہ پلاٹینم لاٹری جیت چکے تھے۔ واضح رہے کہ پلاٹینم انعام سب سے بڑا ہوتا ہے۔
ورجینیا لاٹری کے ترجمان کے مطابق ڈینس نے یہ ٹکٹ سیون الیون نامی اسٹور سے خریدا تھا یعنی وہ چاکلیٹ لینے گئے تھے اور کروڑ پتی بن کر واپس آئے۔ واضح رہے کہ اس ماہ لاٹری کے 16 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئے اور اس طرح کسی شخص کے پلاٹینم انعام جیتنے کا امکان بہت ہی کم ہوتا ہے۔
لاٹری جیتنے والے سے کہا گیا ہے کہ اگر پوری رقم ایک ساتھ لیتے ہیں تو ٹیکس کٹنے کے بعد وہ 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر لے سکتے ہیں۔ اگر وہ ٹیکس سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ رقم انہیں 30 برس میں ہر ماہ یا سال کے حساب سے ادا کی جاسکتی ہے۔ تاہم ڈینس ٹیکس کٹنے کے بعد یکمشت رقم لینا چاہیں گے۔

امریکی وزیردفاع لائیڈآسٹن کورونا کا شکارہوگئے

مریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق وزیردفاع لائیڈ آسٹن بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ امریکی وزیردفاع میں کورونا کی معمولی علامات پائی گئی ہیں۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے خود کوگھرپرقرنطینہ کرلیا۔ وہ آئندہ چند روز تک گھرسے کام کریں گے اورورچوئل میٹنگز میں حصہ لیں گے۔
امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے ویکسینیشن کرائی ہوئی تھی اوراکتوبرمیں بوسٹر ڈوز بھی لی تھی۔امریکی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرزکے مطابق ویکسینیشن نہیں ہوئی ہوتی توکورونا کی شدت زیادہ ہونے کا امکان تھا۔

راولپنڈی میں لڑکی کی نازیبا تصاویر وائرل کرنے میں ملوث دو ملزمان گرفتار

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کی نازیبا تصاویر و ویڈیوزبناکروائرل کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق چکوال سے تعلق رکھنے والے ملزمان راجہ عبداللہ امیر اور زین عامر نے لڑکی کی نازیبا تصاویر و ویڈیوز جعلی انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کردیں، ملزمان نے بعد ازاں وہی نازیبا تصاویر، ویڈیوز اور تحریر متاثرہ لڑکی کی بہن کے انسٹا گرام پر بھی منشن کرکے ٹیگ کردیں۔
ملزمان سے الیکٹرانک ڈیوائس، جعلی اکاؤنٹ اور لڑکی کی نازیبا تصاویر و ویڈیوز برآمد کرلیں گئیں۔ ان کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان متاثرہ لڑکی کی شہرت کو نقصان پہچانے کی دھمکیاں دیکر اسے ہراساں بھی کرتے رہے، ان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔

محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا

آل راونڈرمحمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا، وہ آج پریس کانفرنس میں ریٹائرمنٹ کاباقاعدہ اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی سال 2018 میں ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، انہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض بھی نبھائے۔ پاکستان کیلئے انہوں نے 55ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی ٹونٹی میچزکھیلے۔392 بین الاقوامی میچوں 12
ہزار 789 رنز بنائے۔ 3 آئی سی سی ورلڈ کپ اور 6 ٹی ٹونٹی عالمی کپ ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

جماعت اسلامی نے سندھ کا بلدیاتی نظام ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

جماعت اسلامی نے سندھ حکومت کا پاس کردہ بلدیاتی ایکٹ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے  سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ  سندھ حکومت کا 11 دسمبر 2021 کو پاس گیا نیا بلدیاتی ایکٹ غیر قانونی اور   آئین کے آرٹیکل 140 اے کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اکثریت کے باوجود آئین سے متصادم قانون سازی نہیں کی جا سکتی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ نئے بلدیاتی ایکٹ پر سندھ حکومت کو عمل درآمد کرنے سے روکاجائے۔

خیال رہے کہ سندھ کے بلدیاتی نظام کے خلاف جماعت اسلامی نے 4 روز سے سندھ اسمبلی کی عمارت کے سامنے دھرنا دے رکھا ہے جس میں خواتین، بچوں اور بزرگو ں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔