All posts by Khabrain News

حوثی باغیوں کا ابو ظہبی ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 افراد ہلاک

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات میں ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابوظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ دو دھماکے سنے گئے جن میں سے ایک دھماکا 3 آئل ٹینکرز میں جب کہ ایک دھماکا زیر تعمیر ایئرپورٹ پر ہوا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کی طرف سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی جبکہ دیگر افراد میں دو بھارتی شہری شامل ہیں۔
آئل ٹینکرز اور زیر تعمیر ایئرپورٹ پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
دوسری جانب یمن کے حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ چند روز قبل ہی سوشل میڈیا پر پوسٹ میں متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے یمن میں سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عرب عسکری اتحاد میں 2015 میں شمولیت حاصل کی تھی تاہم 2019 میں اپنی سرگرمیاں کم کردی تھیں۔

ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ سے ڈھائی گنا بڑا خلائی پتھر زمین کے قریب سے گزرنے والا ہے!

ہیوسٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ سے بھی ڈھائی گنا لمبا خلائی پتھر (ایسٹیرائیڈ) اگلے دو دن میں ہماری زمین کے بہت قریب سے گزرے گا؛ لیکن پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔
اس خلائی پتھر کو 7482 یا ’1994 پی سی1‘ کا تکنیکی نام دیا گیا ہے کیونکہ یہ پہلی بار 1994 میں دریافت کیا گیا تھا۔
3,451 فٹ قطر والا یہ شہابیہ (پاکستانی وقت کے مطابق) 19 جنوری 2022 کی علی الصبح 3 بج کر 51 منٹ پر زمین سے 19 لاکھ 30 ہزار کلومیٹر دوری پر ہوگا، جو زمین سے اس کا کم ترین فاصلہ بھی ہوگا۔
اتنے فاصلے کی وجہ سے زمین کو اس شہابیے سے کوئی خطرہ بھی نہیں ہوگا۔
اس شہابیے کی رفتار 76,192 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ جتنی تیزی سے زمین کے قریب پہنچے گا، اتنی ہی رفتار کے ساتھ زمین سے دور بھی ہوتا چلا جائے گا۔
یہ ایک الگ مدار میں گردش کررہا ہے اور ہماری زمین کے حساب سے ایک سال سات مہینوں میں سورج کے گرد اپنا ایک چکر مکمل کرتا ہے۔
7482 کی براہِ راست نشریات کا اہتمام بھی کر لیا گیا ہے جو ’’انورس‘‘ نامی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکیں گی۔
واضح رہے کہ یہ زمین کے ’’قریب‘‘ سے گزرنے والا سب سے بڑا خلائی پتھر نہیں بلکہ یہ اعزاز اب تک ’’ایسٹیرائیڈ 3122 فلورینس‘‘ کے پاس ہے جس کی چوڑائی 8.85 کلومیٹر معلوم کی گئی ہے اور جو ستمبر 2057 میں زمین سے ’’صرف‘‘ چند لاکھ کلومیٹر دُوری سے گزرے گا۔

کورونا وائرس سے بچانے میں بھنگ بھی بہت مفید ہے، تحقیق

اوریگون: (ویب ڈیسک) امریکی ماہرین نے بھنگ کے پودے میں دو ایسے قدرتی مرکبات دریافت کیے ہیں جو کووِڈ 19 کی وجہ بننے والے ’سارس کوو 2‘ وائرس کو پھیلنے سے روکتے ہیں اور اس بیماری کی شدت میں اضافہ ہونے نہیں دیتے۔
اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی اور اوریگون ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی کے ماہرین کی مشترکہ تحقیق سے دریافت ہونے والے ان دونوں مرکبات کے نام ’’کینابیگیرولک ایسڈ‘‘ (سی بی جی-اے) اور ’’کینابیڈایولک ایسڈ‘‘ (سی بی ڈی-اے) رکھے گئے ہیں۔
ان مرکبات کی سالماتی ساخت دیکھ کر ماہرین کو اندازہ ہوا کہ شاید یہ کورونا وائرس کے انسانی خلیوں سے جڑنے میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔
بعد ازاں اس کی تصدیق پیٹری ڈش میں رکھے گئے انسانی پھیپھڑوں اور نظامِ تنفس کے خلیات پر ان مرکبات کی آزمائش سے ہوئی جنہیں کورونا وائرس (سارس کوو 2) سے متاثر کیا گیا تھا۔
ان تجربات سے معلوم ہوا کہ سی بی جی-اے اور سی بی ڈی-اے، دونوں نے ہی کورونا وائرس کی سطح پر ابھار جیسی اس پروٹین کو جکڑ کر ناکارہ بنادیا جسے استعمال کرتے ہوئے یہ وائرس خلیے کے اندر داخل ہوتا ہے اور اپنے حملے کی شدت میں اضافہ کرتا ہے۔
’’جرنل آف نیچرل پروڈکٹس‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مصنفین نے خبردار کیا ہے کہ ابھی یہ تحقیق ابتدائی مراحل میں ہے لہذا اسے بنیاد بنا کر بھنگ کا استعمال شروع نہ کیا جائے۔
جلد ہی مزید تجربات اور تحقیق کے بعد ماہرین یہ معلوم کریں گے کہ آیا یہ دونوں مرکبات جیتے جاگتے انسانوں کو بھی کورونا وائرس سے اتنے ہی مؤثر انداز میں بچاسکتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے پیٹری ڈش میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
علاوہ ازیں، مزید تحقیق میں یہ مرکبات استعمال کرنے پر ظاہر ہونے والے ضمنی اثرات (سائیڈ ایفیکٹس) کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
اس کے بعد ہی حتمی طور پر ان مرکبات کو کووِڈ 19 کے علاج میں استعمال کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاسکے گا۔

آوارہ بلیوں نے مہنگی سیٹلائٹ ڈش کو اپنا بستر بنا لیا

البرٹا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے ایک سوشل میڈیا صارف نے برفیلے موسم میں جدید اور مہنگی سیٹلائٹ ڈش پر بیٹھی ہوئی پانچ بلیوں کی تصویر ٹویٹ کی ہے جو بہت وائرل ہورہی ہے
آرن ٹیلر نامی اس ٹوئٹر صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ایلون مسک کے جدید ’اسٹارلنک سیٹلائٹ‘ کی ریسیور ڈش ہے جس کی قیمت 500 ڈالر ہے۔ یعنی جدید ہونے کے علاوہ یہ بہت مہنگی بھی ہے۔
البتہ بعض لوگوں نے نشاندہی کی ہے کہ سرد موسم میں ’اسٹارلنک سیٹلائٹ ڈش‘ کو گرم رکھنے کا خودکار نظام موجود ہے جو برفباری میں اس پر برف جمنے نہیں دیتا یا پھر جمی ہوئی برف کو پگھلا کر ڈش پر سے ہٹا دیتا ہے۔
بلیوں نے سیٹلائٹ ڈش کی اسی گرمی کو محسوس کرتے ہوئے، شدید سردی سے بچنے کےلیے اس پر پناہ لے لی اور آپس میں تعاون کرتے ہوئے ایک ساتھ پانچ بلیاں اس ڈش پر بیٹھ گئیں۔
31 دسمبر 2021 کے روز کی گئی اس ٹویٹ کو اب تک تقریباً دو لاکھ ٹوئٹر صارفین پسند کر چکے ہیں جبکہ اسے 26 ہزار مرتبہ ری ٹویٹ بھی کیا جاچکا ہے۔
ویسے تو آرن ٹیلر کو ان بلیوں کے سیٹلائٹ ڈش پر بیٹھنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ بلیوں کی وجہ سے اس ڈش میں نشریات وصول کرنے کی صلاحیت وقتی طور پر کمزور پڑجاتی ہے۔

زیر سمندر مچھلیوں کی کالونی دریافت، کروڑوں گھر موجود

انٹارکٹیکا: (ویب ڈیسک) برفانی براعظم انٹارکٹکا کے سمندر میں مچھلیوں کے کروڑوں گھروں پر مشتمل کالونی دریافت ہوئی ہے، اس کالونی میں مچھلیوں کے تقریبا 6 کروڑ گھر یا گھونسلے موجود ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بحری حیاتیات کے حوالے سے تحقیق کرنے والے ماہرین کو سمندری فرش پر آئس فش نامی مچھلیوں کی بڑی آبادی ملی ہے۔ سائنس دان برف توڑ جہاز میں سوار ہو کر سمندر سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے جدید ترین اور حساس کیمرے سے ان مچھلیوں کو دیکھا۔
ماہرین کی ٹیم جرمن آئس بریکر نامی جہاز پر سوار تھی ، اس دوران ایک پی ایچ ڈی کے طالب علم نے سمندر پر مچھلیوں کے غول کا مشاہدہ کیا۔ لیلیان نے جدید ترین کیمرے سے مچھلیوں کے کروڑوں گھروں کو دیکھا۔ یہ کالونی 240 مربع کلو میٹر وسیع تھی جبکہ ہر 25 سینٹی میٹر پر ایک مچھلی کا گھر تھا۔

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی آنے لگی

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر 15 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 176 روپے 07 پیسے سے کم ہو کر 175 روپے 92 پیسے ہو گئی ہے۔
29دسمبر2021 کو ڈالر 178روپے 54 پیسے پر پہنچ گیا تھا، تاہم بعد میں اس کی قدر میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر کی 2 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 50 پیسے سستا ہوکر 177روپے 50پیسے پرپہنچ گیا ہے۔
خیال رہے کہ 27دسمبر 2021ء کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 181روپے 20پیسے پر پہنچ گیا تھا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد مندی ریکارڈ کی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 151.25 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45612.20 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.33 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 7 کروڑ 16 لاکھ 29 ہزار 937 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو تیس ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔

پاکستانی اسٹارز نے بگ بیش کو الوداع کہہ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اسٹارز نے بگ بیش کو الوداع کہہ دیا جب کہ پی سی بی کے حکم پر آسٹریلیا سے وطن واپس لوٹنے لگے۔
پاکستان سپر لیگ کا آغاز 27 جنوری سے ہورہا ہے، جس کی وجہ سے پی سی بی نے آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے کیلیے موجود اپنے اسٹار پلیئرز کو واپس طلب کرلیا ہے، شاداب خان پہلے ہی واپس لوٹ چکے ہیں جبکہ باقی پلیئرز نے بھی بگ بیش کو الوداع کہہ دیا ہے، ان میں فخر زمان، حارث رؤف، محمد حسنین، احمد دانیال اور سید فریدون بھی شامل ہیں۔
چند پاکستانی سپر اسٹارز کے چلے آنے سے خاص طور پر میلبورن اسٹارز، برسبین ہیٹ اور سڈنی سکسرز کو اپنے اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہونا پڑا ہے۔ ان میں سے خاص طور پر برسبین ہیٹ فخر کی دستبرداری کی وجہ سے کافی ناراض دکھائی دیتی ہے جن کی خدمات اس نے 31 دسمبر کو اپنے ایک انجرڈ پلیئر ٹام ایبیل کے متبادل کے طور پر حاصل کی تھیں مگر وہ کوویڈ ایشوز اور سفری پابندیوں کی وجہ سے اس کلب کی جانب سے صرف ایک ہی میچ کھیل پائے۔
برسبین ہیٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کردی ہے کہ اس نے فخر کے ہمارے لیے مزید کھیلنے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے، ان کے ساتھ بگ بیش میں شریک باقی پاکستانی پلیئرز کو بھی واپس بلالیا ہے تاکہ وہ فوری طور پر وطن لوٹ کر پاکستان سپر لیگ کیلیے تیار ہوسکیں، ہمیں اس بات پر کافی مایوسی ہے کہ فخر ہمارے لیے زیادہ نہیں کھیل سکے، وہ خود بھی کافی مایوس ہیں کہ انھیں ہمارے لیے زیادہ میچز کھیلنے کا موقع نہیں ملا، انھوں نے ہمیں کہا ہے کہ ان کی جانب سے شائقین کا سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کریں، فخر نے باقی 3 میچز کیلیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔
حارث رؤف نے ہفتے کے روز ہی سوشل میڈیا پر تصدیق کی تھی کہ وہ میلبورن اسٹارز کو ان کے آخری 2 میچز سے قبل چھوڑ کر جارہے ہیں۔ شاداب خان پہلے ہی سڈنی سکسرز کو چھوڑ کر واپس لوٹ چکے ہیں، وہ سکسرز کی تھنڈر پر فتح کا حصہ نہیں تھے۔
آسٹریلیا سے لوٹنے والے تمام پلیئرز اب اپنی متعلقہ فرنچائزز میں باقی کھلاڑیوں کو جوائن کرکے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کی تیاری کریں گے جوکہ 27 جنوری سے شروع ہورہا ہے، پلیئرز اپنی لیگ کے حوالے سے کافی پرجوش اور اس میں عمدہ کارکردگی کیلیے پراعتماد ہیں۔
دوسری جانب بگ بیش ٹیم ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز افغان اسپن اسٹار راشد خان کی خدمات سے بھی محروم ہوگئے ہیں جنھیں قومی ڈیوٹی پر طلب کیا گیا ہے، وہ 21 جنوری سے نیدرلینڈز کے خلاف شروع ہونے والی 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں افغانستان کی نمائندگی کریں گے۔
برسبین ہیٹ کو بہرحال مائیکل نیسیر اور مچل سویپسن کی واپسی سے کچھ تقویت ملی ہیجبکہ مچل مارش اور جوش انگلس کو پہلے ہی ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کیا جاچکا ہے، وہ بگ بیش ٹیم پرتھ اسکورچرز کو جوائن کرچکے۔

ٹیکس کی آٹومیشن کے ذریعے وصولی سے چوری میں کمی ہو گی: چیئرمین ایف بی آر

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کے لیے معاشی رسک بن چکی ہے، بجلی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ہر ماہ عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔
ایک بیان میں امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ منی بجٹ کے بعد مہنگائی کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر گزشتہ 15روز میں 7روپے فی لٹر کا اضافہ عوام پر ظلم ہے، عوام کورونا سے تو بچ جائیں مگر عمران خان کی صورت میں نازل بحران سے بچنا ناممکن ہے۔

پی ٹی آئی حکومت عوام کے لیے معاشی رسک بن چکی ہے: امتیاز شیخ

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کے لیے معاشی رسک بن چکی ہے، بجلی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ہر ماہ عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔
ایک بیان میں امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ منی بجٹ کے بعد مہنگائی کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر گزشتہ 15روز میں 7روپے فی لٹر کا اضافہ عوام پر ظلم ہے، عوام کورونا سے تو بچ جائیں مگر عمران خان کی صورت میں نازل بحران سے بچنا ناممکن ہے۔