All posts by Khabrain News

پی آئی اے پائلٹ کا ڈیوٹی ختم ہونے پر پرواز اڑانے سے انکار

پی آئی اے کے پائلٹ نے ڈیوٹی کا وقت ختم ہونے پر پرواز اڑانے سے انکار کردیا اور پرواز کو اسلام آباد کے بجائے دمام ایئرپورٹ پر اتار دیا۔ پی آئی اے پرواز 9754 ریاض سے اسلام آباد میں کئی گھنٹوں تاخیر ۔مسافروں کا عملہ سے تکرار جہاز خالی کرنے سے بھی انکار۔۔۔صورتحال کشیدہ ہونے پر ائیرپورٹ سیکورٹی طلب کر لی گئی۔۔ سعودی عرب سے پاکستان آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 9754 گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئی، پریشان حال مسافروں نے جہاز کے اندر ہی پی آئی اے کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق موسم خراب ہونے کے باعث ریاض سے اڑنے والی پرواز سعودی عرب کے شہر دمام میں اتاری گئی تھی، کپتان نے ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے پر جہاز کو اسلام آباد لے جانے سے انکار کردیا اور طیارے کا رخ اسلام آباد کے بجائے دمام کی طرف موڑدیا، جہاں مسافروں نے جہاز کے اندر شورشرابہ کرتے ہوئے جہاز سے اترنے سے انکار کردیا، اور صورتحال کشیدہ ہونے پر ریاض ایئرپورٹ پر سیکیورٹی عملے کو طلب کرکے حالات کو قابو کیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی سیفٹی کے لیے کپتان کا مکمل پرسکون اور آرادہ ہونا ضروری ہے، کپتان اور عملے کے آرام کے لیے بندوبست کردیا گیا تھا، اور پی کے 9754 کے مسافروں کو 24 گھنٹے تاخیر کے ساتھ گزشتہ رات 11 بجےاسلام آباد پہنچا دیا گیا۔

برطانیہ بھیجے جانے والے شادی کے کپڑوں سے 3.5 کلو گرام ہیروئن برآمد

اے این ایف انٹیلی جنس نے نجی کوریئر کمپنی کے دفتر پر چھاپہ برطانیہ کے بک کروائے جانے والے پارسل سے تقریبا ساڑے تین کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی جسے ویسٹ کوٹ، شیروانیوں اور شادی بیاہ کے دیگر کپڑوں میں چھپایا گیا تھا۔
اینٹی نارکوٹکس حکام کے مطابق ٹیم نے خفیہ اطلاع پر راولپنڈی کے علاقے ائرپورٹ ٹاؤن میں واقع نجی کوریئر کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارا اور برطانیہ جانے کے لیے بک کرائے گئے پارسل میں موجود ویسٹ کوٹوں، شیروانیوں اور کلوں میں مہارت سے چھپائی گئی تقریبا ساڑے تین کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد برآمد کرلی۔
حکام کا کہنا تھا کہ پارسل ذاکر خان نامی شخص کی جانب سے برطانیہ میں سبینہ کوثر نامی خاتون کے پتہ پربھجوایا جا رہا تھا، ہیروئن و اشیاء قبضے میں لے کر اانسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سندھ حکومت گیس پر پوائنٹ سکورنگ کرتی ہے: حماد اظہر

وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہرکا کہنا ہے کہ سندھ جوگیس پیدا کرتا ہے آدھی تو اس کے پاس ہی رہتی ہے، سندھ حکومت گیس پر پوائنٹ سکورنگ کرتی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سندھ کارڈکھیل رہی ہے۔سندھ کی آدھی گیس توپائپ میں ڈالنے کے قابل نہیں ہوتی۔ وہاں سے نکلنے والی گیس سندھ میں ہی استعمال ہوتی ہے۔
حماداظہرنے کہا کہ ہمارے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوسکا۔ 1960 کے بعد معیشت مفلوج ہوچکی تھی۔ حکومت نے 3 سال میں بنیادی اصلاحات کی ہیں۔ ملک میں صنعتوں اوربرآمدات کوفروغ ملا ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک کوہٹانے کا اختیاروفاقی حکومت کے پاس ہو گا۔ مرکزی بینک کے تمام اثاثے حکومت کی ملکیت رہیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک بڑے ہیں اور انہیں بولنےکا بھی حق ہے۔ گیس کنکشن کے معاملے پر پرویز خٹک کو بریفنگ دی جس کے بعد وہ مطمئن ہوئے۔پرویز خٹک نے بطور عوامی نمائندہ اپنے حلقے میں گیس کا معاملہ اٹھایا تھا۔ یوریا کی کمی کا مسئلہ طلب میں اضافے کی وجہ سے پید ا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےبجلی کی پیداوارکےبجائےترسیل پرتوجہ دی۔ آئی پی پیزکےساتھ دوبارہ مذاکرات کیےگئےجس سےبہتری آئی۔ ایکس چینج ریٹ کے ہیرپھیرنے معیشت کونقصان پہنچایا۔پاکستان نے کم عرصے میں فیٹف کے27 میں سے26 نکات پرعملدرآمد کیا۔ ہمارے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوا۔

انتظامیہ کی غفلت سے سانحہ مری پیش آیا: تحقیقاتی کمیٹی کی انکوائری مکمل

سانحہ مری پر قائم 5 رکنی انکوائری کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں جس میں قرار دیا گیا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت سے سانحہ مری پیش آیا، محکمہ موسمیات کی وارننگ کو مسلسل نظر انداز کیا گیا اور راستے بھی 2 روز کی تاخیر سے بند کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سانحہ مری پر قائم کی گئی 5 رکنی کمیٹی نے تحقیقاتی کمیٹی نے فائنڈنگز کو ڈرافٹ کی شکل دیدی ہے اور کل وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔
کمیٹی نے مری میں زندہ بچ جانے والوں کے بیانات اور افسران کے بیانات کا جائزہ لیا ، انتظامی محکموں کے 30 سے زائد افسران کے بیانات قلمبند کئے گئے جبکہ سیاحوں نے 7 اور 8 جنوری کی رات کو خوفناک تجربہ قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ نے قرار دیا کہ انتظامیہ کی غفلت سے سانحہ پیش آیا ، 3 دن بعد مری جانے والے راستے بند کردینے چاہئیے تھے، مری جانے والے راستے 5 دن برفباری ہونے اور 2 دن تاخیر سے بند کئے گئے جبکہ برف ہٹانے والی مشینری ایک جگہ کھڑی تھی اور عملہ غائب تھا، محکمہ موسمیات کی وارننگ کو بھی مسلسل نظر انداز کیا گیا۔

2023ء سے قبل مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 2 سال سے عالمی معیشت بھی بحرانو ں کی زد میں ہے، 2023ء سے قبل مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک نہ کوئی فلیٹس ہیں، نہ کوئی اکاؤنٹس ہیں اور نہ ہی کسی کا باہر جانے کا پروگرام ہے، عوام میں سے ہیں اور عوام کے ساتھ ہی رہیں گے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے نہ ان ہاؤس تبدیلی آئیگی اور نہ حکومت ختم ہوگی، اپوزیشن کو شکست ہوگی اور تحریک انصا ف کی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کریگی ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کرپشن اور اپنو ں کو نوازنے کے چکرمیں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں، 5 سال خلوص نیت سے تمام وسائل اور توانائیاں عوامی ترقی پر صرف کریں گے اور انشاء اللہ 2023ء کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف ملک بھر میں پھرپور کامیابی حاصل کریگی۔

نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل متنازع، دونوں ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار

نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل متنازع ہوگیا مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے اطلاعات ٹرافی تقسیم کئے بغیر واپس چلے گئے جبکہ انتظامیہ نے دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا۔
لاہور میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل میچ پاکستان واپڈا اور پاکستان ایئر فورس کے مابین کھیلا گیا ۔
پوائنٹس تنازع پر دونوں ٹیموں نے میچ کھیلنے سے انکار کردیا ، انتظامیہ نے واپڈا کو چیمپئن قرار دے دیا، واپڈا اور پی اے ایف کے پوائنٹس 46، 46 سے برابر رہے، جیوری نے واپڈا کو فائنل ریڈ دینے کا اعلان کیا تو پی اے ایف نے ماننے سے انکار کیا۔
پاکستان ائیرفورس نے اس فیصلے پر بائیکاٹ کیا اور آخری لمحات میں گراؤنڈ میں آنے سے انکار کردیا۔ کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل متنازع ہونے پر مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے اطلاعات ٹرافی تقسیم کئے بغیر واپس چلے گئے۔
بعدازاں پاکستان کبڈی فیڈریشن نے کچھ دیربعد ہی اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا اور42 ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ کا فاتح دونوں ٹیموں کو مشترکہ قرار دے دیا ۔
ٹرافی 6 ماہ پاکستان واپڈا کے پاس رہے گی اور 6 ماہ پاکستان ائیر فورس کے پاس رہے گی۔

مائیکروسافٹ ٹیم کی ’واکی ٹاکی ایپ‘ اب عام دستیاب

مائیکروسافٹ اپنے ادارے میں ملازموں کی باہمی گفتگو کے لئے ایک ایپ استعمال کرتا رہا ہے جسے واکی ٹاکی کا نام دیا گیا ہے۔
اب مائیکروسافٹ نے آئی او ایس اور زیبرا کمپنی کے دستی کمپیوٹر کے لیے واکی ٹاکی ایپ ریلیز کردی ہے جو عین وائرلیس واکی ٹاکی کی طرح کام کرتا ہے جس میں ایک بٹن دباکر آپ دوسرے سے مختصر بات کرسکتے ہیں۔ اس طرح اسمارٹ فون واکی ٹاکی کا کام کرنے لگتا ہے۔
دوسال پرانی واکی ٹاکی ایپ کو پہلے اینڈرائڈ فون اور آپریٹنگ سسٹم پر پیش کیا گیا اور اس کے بعد اب آئی فون، آئی پیڈ اور زیبرا آلات پر پیش کردیا گیا ہے۔
مائیکروسافٹ نے کسٹمر سروس اور دوسری پرہجوم جگہوں پر ملازمین کے لیے بٹن دباؤ اور بات کرو نامی واکی ٹاکی ایپ بنائی تھی جو بہت مقبول ہوئی تھی۔ تاہم واٹس ایپ میں ایپ کھول کر آواز ریکارڈ کرنا پڑتی ہے جس میں وقت خرچ ہوتا ہے۔ جبکہ واکی ٹاکی ایپ فوری اور مختصر رابطے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔ واکی ٹاکی کو اب دیگر اداروں میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

آسٹریلیا نے خود اپنی تذلیل کی، جوکووچ کو ڈی پورٹ کرنے پر سربین صدر برس پڑے

ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو ڈی پورٹ کرنے پر سربیا کے صدر الیگزینڈر ووجچ  آسٹریلیا پر  سخت برہم ہوگئے۔

سربین صدرکا کہنا ہےکہ آسٹریلیا سمجھتا ہےکہ 10 روز برا رویہ اپنا کر انہوں نے جوکووچ کی تذلیل کی، لیکن آسٹریلیا نے خود اپنی تذلیل کی ہے۔

الیگزینڈر ووجچ کا کہنا تھا کہ نوواک جوکووچ سر اٹھا کر اپنے ملک واپس آسکتا ہے۔

خیال رہےکہ ٹینس کے عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ کا آسٹریلیا کا ویزا منسوخ کر دیا گیا، تین ججز نے متفقہ طور پر جوکووچ کی اپیل مستردکردی۔

خبر ایجنسی کے مطابق نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے دبئی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں وہ آسٹریلیا سے براستہ دبئی واپس سربیا جائیں گے۔

واضح  رہےکہ  نوواک جوکووچ بغیرکویڈ ویکسین کے ٹینس آسٹریلیا کی جانب سے ملے طبی استثنا پر آسٹریلیا پہنچے تھے ۔ جوکووچ نے آسٹریلیا کے امیگریشن حکام کی جانب سے  اپنا ویزا دوسری مرتبہ منسوخ کیے جانےکے خلاف فیڈرل کورٹ میں اپیل کی تھی جو مستردکردی گئی اور آج ہی انہیں ڈی پورٹ کردیا گیا۔

کئی بار شکست کے بعد ویرات کی آنکھوں میں آنسو ہوتے تھے، انوشکا کا انکشاف

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے پر شوہر ویرات کوہلی کے لیے جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے ماضی کی چند یادوں کا تذکرہ کیا۔

انوشکا شرما نے انسٹا گرام پر ایک طویل پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ’ مجے آج بھی 2014 کا وہ دن یاد ہے جب ایم ایس دھونی کی ٹیسٹ سے  ریٹائرمنٹ کے بعد آپ کو بھارتی ٹیم کاکپتان بنائے جانے کی خبر آپ نے مجھے سنائی’۔

 انوشکا نے لکھا کہ’ اس دن کے بعد میں نے آپ کی  ترقی دیکھی،آپ کو کامیاب ہوتے دیکھا جبکہ مجھے ان کامیابیوں پر فخر ہے جو آپ نے بحیثیت کپتان حاصل کیں’۔

انہوں نے کہا کہ اس دور میں آپ نے گراؤنڈ  سے باہر بھی کئی چیلنجز کا سامنا کیا کیونکہ یہی زندگی ہے جو آپ کا  امتحان ان جگہوں پرلیتی ہے جہاں آپ توقع بھی نہیں کرسکتے لیکن مجھے فخر ہے کہ آپ نے اپنے اچھے ارادوں  کے درمیان کسی رکاوٹ کو آنے نہیں دیا‘۔

اس کے علاوہ انوشکا نے ویرات کا میچز میں شکست کے بعد رونے کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ’ کئی بار شکست کے بعد آپ کی آنکھوں میں آنسو ہوتے تھے اور میں آپ کے پاس بیٹھی ہوتی تھی۔

انوشکا نے مزید لکھا کہ ‘آپ ہمیشہ سے غیر روایتی اور سیدھے انسان ہیں اور یہی خوبی میری اور مداحوں کی نظر میں آپ کو عظیم بناتی ہے’۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے گزشتہ روز بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ ویرات نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ ون ڈے کی کپتانی ان سے واپس لے لی گئی تھی۔

وزیراعظم نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے وزیراعظم کی ایمانداری کے سامنے کرپٹ اپوزیشن رہنماؤں کی کوئی حیثیت نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست کےعلاوہ تمام انڈیکیٹرز مثبت اور حوصلہ افزاء ہیں، حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔اپوزیشن خود بحرانو ں میں مبتلا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن رہنما جو مرضی کرلیں انہیں این آر او نہیں ملے گا، اپوزیشن میں مزاحمت کی سیاست کرنے کی طاقت ہی نہیں ہے۔