All posts by Khabrain News

لاہور: نصیر آباد میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، 2 بھائی جاں بحق

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ 2 بھائیوں کی جان لے گئی جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
لاہور میں شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، نصیر آباد میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے دوران چلنے والی گولیاں دو بھائیوں کو جا لگیں جو زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔
سی سی پی او لاہور نے پولیس اہلکار کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا، انہوں نے متعلقہ تھانے کے انچارج سے رپورٹ طلب کر لی۔

تیسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا سے شکست، بھارتی ٹیم نے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شکست کے ساتھ بھارتی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔ جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میں پوری بھارتی ٹیم دونوں اننگز میں کیچ آؤٹ ہوئی، بھارتی ٹیم کے بیس کھلاڑی دونوں اننگز میں کیچ آؤٹ ہوئے۔بھارت ٹیسٹ کرکٹ کی 145 سالہ تاریخ میں ایک ہی ٹیسٹ میں تمام 20 وکٹیں کیچز کی صورت میں گنوانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ یاد رہے کہ ویرات کوہلی تیسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہو گئے تھے۔

لکی مروت میں دو مبینہ پولیس مقابلوں میں 3 دہشت گرد ہلاک

پشاور: (ویب ڈیسک) غزنی خیل میں پولیس کی کارروائیوں میں مطلوب اشتہاری سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی، اور فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں ایک دہشت گرد کی شناخت عبدالرؤف ساکن شیری خیل کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ غزنی خیل کے علاقے میں بھی پولیس کی کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، میں پولیس کو مطلوب اشتہاری مارا گیا، جو متعدد مقدمات میں ملوث تھا۔ دوسری جانب پولیس حکام نے بتایا کہ لکی مروت میں ہی فرنٹیئر کور(ایف سی) بلوچستان کے اہلکار کو اغواء کے بعد شہید کر دیا گیا، ایف سی بلوچستان کا اہلکار رفیع اللہ چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا، کہ اسے نامعلوم افراد کی جانب سے اغوا کرلیا گیا، اور بعد میں اس کی لاش کرموخیل پہاڑ کے قریب سے ملی۔ واقعے کے بعد فورسز نے آپریشن شروع کردیا ہے، اور تحقیقات کی جارہی ہیں کہ واقعے میں کون سے عناصر ملوث ہیں۔

بلاول نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کا معاشی قتل قرار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فی لیٹر پیٹرول پر 3 روپے اضافے پر حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام کا معاشی قتل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے سے زائد اضافے کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ درحقیقت عوام کا معاشی قتل ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گیس اور بجلی کے بعد اب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکا ہے، ریاستِ مدینہ کا دعویٰ کرنے والے حکمراں کو خبر ہو کہ قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عوام پر پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس گروی رکھ دیا ہے اور اب پاکستان سے متعلق تمام فیصلے بیرون ملک میں ہورہے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیٹرول مہنگا، بجلی مہنگی، گیس مہنگی، عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے اور اب پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو اسی مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لیے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہیے تو عمران خان کی حکومت سے نجات ضروری ہے جس کے لیے عوام 27 فروری کو اسلام آباد کے لیے نکلیں گے اور مہنگائی کے ذمہ دار وزیراعظم سے حساب لیں گے۔

کورونا کی پانچویں لہر کراچی پر بھاری، کیسز کی شرح 40 فیصد کے قریب پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کراچی پر بھاری پڑنے لگی،کیسز کی شرح 40 فیصد کےقریب پہنچ گئی، 95 فیصد مریض اومی کرون سے متاثر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں چوبیس گھنٹے کے دوران 2 ہزار 622 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، شرح 39.39 فیصد تک پہنچ گئی، 229 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 18 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ماہرین صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ویکسی نیشن کروائیں اور بوسٹر ڈوز بھی لگوائیں۔ اُدھر ملک کے دیگر حصوں میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں، گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مجموعی طور پر 9 افراد جاں بحق جبکہ 4 ہزار 27 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 12 ہو گئی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 31 ہزار 551 ہے۔ ملک میں 13 لاکھ 24 ہزار 147 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 12 لاکھ 63 ہزار 584 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق چار ہزار 27 نئے مریض سامنے آئے، پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ آٹھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔

چاروں شریف سیاست سے مائنس ہیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چاروں شریف سیاست سے مائنس ہیں، اپوزیشن شکست کھائے گی، عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، پہلے شاید ڈھیل کی بات تھی اب ڈھیل بھی نہیں ہو گی۔ اپوزیشن اندھی وہیل مچھلیوں کی طرح ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھ رہی ہے، ان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، عدم اعتماد لائے تو اپوزیشن کے 12 کے بجائے 25 ارکان کم ہوں گے۔ جو لوگ بیمار ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں، حقیقت میں بیمار ہو جاتے ہیں۔ شہبازشریف عمران خان کیلئے ڈراونا نہیں سہانا خواب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دو کی بجائے 3 مارچ کر لے، کچھ نہیں ہو گا۔ پارٹیوں میں ہلکی پھلکی موسیقی ہوتی رہتی ہے۔ 23مارچ کو جے 10سی طیارے فلائی پاسٹ کریں گے۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ایک ہی مسئلہ مہنگائی ہے جو اپریل، مئی تک حل ہو جائے گا، بجٹ اچھا دیں گے۔ سانحہ مری پر نوجوان پولیس کے گلے پڑ رہے تھے اس لیے رینجرز بلانا پڑی۔

قیدیوں کو انصاف کیلئے عدالت لے جانے کے سفر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا انکشاف

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں قیدیوں کو انصاف کیلئے عدالت تک لے جانے کے سفر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے، پولیس سے تنگ قیدی نے سٹی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ کراچی کی عدالتوں میں قیدیوں کو کیسے پیش کیا جاتا ہے، پولیس کے رویئے سے تنگ قیدی معاملہ عدالت میں لے گیا۔ عدالت میں پیشی کیلئے بھی رشوت لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ پیسے نہ دینے پر جانوروں کی طرح باندھ کر کورٹ میں پیش کیا جاتا ہے۔ قیدی نےلاعلمی میں کورٹ پولیس کی بجائے جیل حکام کےخلاف درخواست دائر کر دی۔ جیل سے آنے والے قیدیوں کولاک اپ میں ہتھکڑی لگانا، عدالت میں پیش کرنا کورٹ پولیس کی ذمےداری ہے۔ کراچی کی سینٹرل، ملیر اور ویمن جیل سے روزانہ کم وبیش ایک ہزار قیدیوں کو عدالتوں میں پیش کیا جاتا ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہم جیل کے گیٹ پر بغیر ہتھکڑی قیدیوں کو کورٹ پولیس کے حوالے کرتے ہیں اور اسی جگہ سے وصول کرلیتے ہیں۔ عدالت کیلئے جیل سے لایا جانے والا قیدی کورٹ پولیس کے رحم وکرم پر ہوتا ہے، جو قیدی رقم خرچ کرتا ہے اسے تین یا چار کی چین یا اکیلے، جو کم یا پیسے نہ دے سکے اسے درجن بھر قیدیوں کے ساتھ اور دو تالے والی ہتھکڑی لگاٰئی جاتی ہے۔ رقم خرچ کرنے پر فیملی کے ساتھ بیٹھنے اور موبائل فون پر گپ شپ کی سہولت بھی مل جاتی ہے اور صبح سے شام تک من پسندجگہ بھی۔ پولیس، کورٹ کچہری اور سرکاری محکموں میں رشوت کوئی نئی بات نہیں حالانکہ یہ بھی قابل سزا جرم ہے لیکن پولیس کی جانب سے قیدیوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک شدید قابل مذمت ہے۔ اعلی حکام کو قیدیوں کی روایتی پیشیوں پر نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

افغانستان: طالبان شوریٰ نے جنگی جرائم اور غیر انسانی سلوک پر 3000 طالبان کی رکنیت ختم کر دی

طالبان نے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث اپنے 2790 سے زائد ارکان کو برطرف کردیا۔

افغانستان کی وزارت دفاع کے تخلیص کمیشن کے سربراہ لطیف اللہ حکیمی نے بتایا ہے کہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث 2790 ارکان کوبرطرف کیاجاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ برطرف ارکان کرپشن، منشیات اسمگلنگ میں ملوث تھے جبکہ کچھ برطرف ارکان کے دہشت گرد تنظیم داعش سے روابط تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 11 صوبوں میں ارکان کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں جبکہ بیشتر ارکان کو عدلیہ کے حوالے کیا گیا ہے۔

لطیف اللہ حکیمی نے خبردار کیا کہ شہریوں کو ہراساں کرنے والے ارکان کو گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ شہریوں کی جانب سے طالبان ارکان کے نام پر ہراساں کرنے کی شکایت کے بعد تخلیص کمیشن قائم کیا گیا تھا۔

صحت کارڈ کا سب سے زیادہ فائدہ سفید پوش اور مڈل کلاس طبقے کو ہو گا: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کا سب سے زیادہ فائدہ سفید پوش اور مڈل کلاس طبقے کو ہو گا، سندھ حکومت کو بھی صحت کارڈ میں حصہ ڈالنا چاہئے۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ صحت کارڈ سے 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت ملے گی، اس سے شعبہ صحت میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا، پروگرام میں نجی شعبے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ صحت کارڈ سے نجی ہسپتالوں میں بھی علاج ہو سکے گا جہاں ہونیوالے اخراجات خرچ حکومت برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کا خیال ہے مہنگائی سے عمران خان کی مقبولیت متاثر ہوئی، صرف تحریک انصاف ہی ایسی جماعت ہے جو پورے ملک کی نمائندگی کرتی ہے، آئندہ 5 سال بھی پی ٹی آئی کے ہوں گے۔

پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس عالمگیر خیر سگالی مشن پر تنزانیہ پہنچ گیا

ڈوڈوما: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس عالمگیر خیر سگالی مشن پر افریقی ملک تنزانیہ پہنچ گیا، بندرگاہ ”دارالسلام“ آمد پر پاکستانی جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے دوران مشن کمانڈر نے عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک بحریہ نے کورونا سے بچاٶ کے حفاظتی اقدامات کے تحت دارالسلام میں میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا، میڈیکل کیمپ میں 2500 سے زائد مریضوں کو علاج اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
تنزانیہ کےعوام نے پاک بحریہ کے اس جذبہ خیر سگالی کو سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا، دورے کے آخر میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں نے مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا، دورے کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا فروغ اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔