All posts by Khabrain News

ویرات کوہلی کا بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کپتانی سے دستبرار ہونے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے ٹی ٹوینٹی کے بعد اب ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
کوہلی نے اپنے اس فیصلے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں دو ایک سے شکست اور تنقید کے بعد کوہلی نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد رضوان نے میتھیو ہیڈن کو قرآن پاک تحفے میں دینے کی وجہ بتا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹی 20 ورلڈکپ میں بیٹنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داری نبھانے والے میتھیو ہیڈن کو قرآن پاک تحفے میں دینے کی وجہ بتا دی۔
واضح رہے کہ محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کو قرآن پاک تحفے میں دیا تھا۔
ایک انٹرویو میں محمد رضوان نے بتایا کہ ہم جب نماز پڑھتے تو وہ ہمیں باجماعت نماز کی ادائیگی کرتے دیکھتے تھے، اللہ تعالیٰ نے ان کے دل میں ہی ایسی چیزیں ڈالیں، وہ ہم سے اس موضوع پر سوال کرتے تھے۔
وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران بات چیت ہوئی تو میں نے ہیڈن سے کہا کہ اگر تقدیر میں ہوا تو ہم میچ جیت جائیں گے اگر ہماری محنت کم ہوئی تو بھارت ضرور جیت جائے گا، انہیں یہ سب چیزیں محسوس ہوئیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ وہ وقت کچھ مختلف تھا، میں نے ایک شخص سے قرآن مجید منگوایا، جب وہ لے آیا تو میں میتھیو کے کمرے میں گیا اور انہیں تحفے کے طور پر دے دیا، میتھیو کو یہ تحفہ بہت پسند آیا، ہمارے ذمہ یہ کام ہے کہ جو چیز خود کے لیے پسند کریں وہی دوسروں کے لیے بھی منتخب کریں۔ میری میتھیو سے بات ہوتی ہے تو وہ بتاتے ہیں کہ انہیں بہت مزہ آرہا ہے اور وہ اکثر قرآن شریف کا ترجمہ پڑھتے ہیں۔
انٹرویو کے دوران رضوان نے قوم سے اپیل بھی کی کہ میتھیو ہیڈن کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔

نامور گلوکارہ عابدہ پروین ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

گلوکارہ عابدہ پروین اور گلوکارہ نصیبو لعل م کی ملاقات کی ویڈیو انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہے جس سے صارفین بے حد متاثر نظر آ رہے ہیں۔

عابدہ پروین اور نصیبو لال کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ فنکارائیں ایک دوسرے سے نہایت خلوص، محبت اور انکساری کے ساتھ مل رہی ہیں۔

ایک دوسرے کو بے پناہ محبت سے ملتے اور عزت دیتے دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین، کوک اسٹوڈیو میں بننے والی اس نئی جوڑی کے اس انداز سے بے حد متاثر نظر آ رہے ہیں

گزشتہ روز دونوں فنکاروں کا نیا ویڈیو سونگ بھی ٹاپ ٹرینڈ میی شامل ہوچکا ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ: ٹریفک حادثے میں قومی کبڈی کے کھلاڑی جاں بحق

ٹوبہ ٹیک سنگھ: (ویب ڈیسک) ٹوبہ ٹیک سنگھ گوجرہ روڑ پر ٹریفک حادثے میں انٹر نیشنل پاکستان کبڈی ٹیم کے موجودہ کھلاڑی شکیل جٹ جاں بحق ہو گئے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ گوجرہ روڑ پر ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر حادثے کے نتیجے میں انٹر نیشنل کبڈی پلیئر شکیل جٹ جاں بحق اور ان کادوست شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور شہریوں کی کثیر تعداد موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو 1122 نے لاش اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا، شکیل جٹ کا تعلق ٹوبہ کے نواحی چک 320 ج ب سے ہے وہ مسلسل پانچ سال سے قومی کبڈی ٹیم میں کھیل رہے تھے۔

گیس بندش اور پریشر کی کمی: سندھ حکومت نے حماد اظہر کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے گیس بندش اور پریشر کی کمی کے خلاف وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو خط لکھ دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ تین سالوں سے تسلسل کے ساتھ سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔
سندھ حکومت کے محکمہ توانائی کی جانب سے لکھے گئے خط میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاق کے پاس صلاحیت نہیں تو سوئی سدرن گیس کمپنی ہمارے حوالے کر دے، حماد اظہر صاحب ہم گیس کی پیداوار اور درست تقسیم کر کے دکھا سکتے ہیں، صوبے کو گیس پیدا کرنے کے باوجود حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ نومبر سے سندھ میں گیس کی بندش اور لو پریشر سے شہری مشکلات میں ہیں، کراچی کے شہری ملازمتوں اور بچے بھوکے اسکول جانے پر مجبور ہوگئے ہیں، کراچی سمیت سندھ کے شہری لکڑی، کوئلے، سلنڈر استعمال کر رہے ہیں، دو ماہ سے سندھ کا سی این جی سیکٹر بند، لاکھوں مزدور بیروزگار ہوگئے، سی این جی بندش سے کراچی میں رکشہ، ٹیکسی اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہیں، سندھ کی گیس ضرورت 750 اور فراہمی 560 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔

کورونا کے بڑھتے کیسز: دوران پرواز 17 جنوری سے کھانے کی تقسیم پر پابندی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے دوران پرواز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں 17 جنوری سے کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد کر دی۔ سول ایوی ایشن کو دوران پرواز ماسک کا استعمال اور دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی بڑھتی صورتحال اور اضافے کی صورت میں مجوزہ بندشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صوبوں خصوصا سندھ کے ساتھ بڑھتی وباء کے کنٹرول کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ این سی او سی نے تعلیمی اداروں، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں ایس او پیز کے حوالے سے 17 جنوری کو خصوصی اجلاس طلب کرلیا، جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شرکت کریں گے۔ این سی او سی کی جانب سے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کر دی۔

‘ملتان نشتر ٹو اور ڈی جی خان میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے’

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کیلئے ملتان نشتر ٹو اور ڈی جی خان میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں بڑا نشتر ہسپتال 1953ء میں بنایا گیا، راولپنڈی اور بہاولپور میں ڈینٹل کالج بھی بنائے جا رہے ہیں، پنجاب میں مجموعی طور پر 8 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنا رہے ہیں، چنیوٹ، حافظ آباد اور چکوال میں نئے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کیساتھ منڈی بہاؤالدین کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے نامکمل منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، مجموعی طور پر صوبہ بھر میں 158 ہسپتالوں اور مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں ہیلتھ کے 91 نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے، صوبہ بھر کے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں مفت ادویات کے لئے مجموعی طور پر سوا 37 ارب روپے مختص کئے گئے، پنجاب میں 14 سوشل سیکورٹی ہسپتال تھے، ہم نے صرف تین سال میں 9 نئے ہسپتال بنائے۔

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کو نجی بینکوں کی ناکامی قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کو نجی بینکوں کی ناکامی قرار دے دیا۔ ایف آئی اے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بے نامی بینک اکاؤنٹس سے ہی منی لانڈرنگ کی۔
شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی تحقیقات سے متعلق نئی رپورٹ آگئی، جس میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کے ماسٹر مائنڈ مرکزی ملزمان ہیں۔ منی لانڈنگ کے لیے بے نامی اکاؤنٹس کا استعمال نہ روکنا بینکوں کی واضح ناکامی ہے، ایف آئی اے نے بے نامی اکاؤنٹس نہ پکڑنے پر اسٹیٹ بینک کو نجی بینکوں کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی دے دی ہے۔

پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی ریفرنس: شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کے شریک ملزمان بری

لاہور: (ویب ڈیسک)پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ کمپنی میں خرد برد کے ریفرنس میں اہم پیشرفت، احتساب عدالت نے کیس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کے شریک ملزمان کو بری کر دیا۔
ریفرنس میں عدالت شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ احتساب عدالت نمبر 2 کے جج نسیم احمد ورک نے پی پی ڈی سی خرد برد کیس میں فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ملزم رانا محمد عثمان خان، فرہاد اکرام، ثمینہ اکرام، احسن اکرام اور عمر شمشاد کو بری کیا۔ عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر بریت کی درخواستوں پر دونوں فریقين کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔
ملزمان پر ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی سمیت دیگر محکموں میں خردبرد کا الزام تھا۔ عدالت نے ریفرنس میں ملوث پانچ ملزمان کو بری کرنے کا مختصر فیصلہ سنایا۔ عدالت ریفرنس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

امریکا اقوام متحدہ کے افغان اثاثوں کی بحالی کے مطالبے پرفوری عمل کرے، طالبان

کابل: (ویب ڈیسک)
طالبان حکومت نے جوبائیڈن انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے امریکا میں منجمد افغان فنڈز کی فوری بحالی کے مطالبے پر توجہ دے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے امریکا انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے منجمد افغان فنڈز کو فوری طور پر بحال کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ذبیح اللہ مجاہد نے مزید لکھا کہ امریکا کو عالمی آواز کا مثبت جواب دینا چاہیے اور افغانستان کے فنڈز جاری کردینے چاہیئے تاکہ انسانی بحران کے شکار ملک اپنے عوام کو سہولیات اور آسانی فراہم کرسکے۔
ترجمان طالبان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں رونما ہونے والے ڈراؤنے خواب کو روکنے کے لیے منجمد فنڈز بحالی میں پہل کرے۔
گزشتہ برس اگست میں طالبان نے افغانستان کا اقتدار سنبھالا تھا جس کے بعد امریکا نے افغان مرکزی بینک کے تقریباً 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کے اثاثے منجمد کردیئے جب کہ کئی مغربی ممالک، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے بھی فنڈز اور ترقیاتی سرگرمیاں معطل کر دیں۔
عالمی فنڈز منجمد ہونے اور معاشی سرگرمیاں نہ ہونے کے باعث افغانستان میں بھوک و افلاس نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے عفریت پر قابو پانے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے جس کے لیے طالبان حکومت اور اقوام متحدہ کئی بار عالمی برادری کو خبردار کرچکے ہیں۔