All posts by Khabrain News

ایران پرامریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں، چین

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کا کہنا ہے کہ ایران پرامریکا کی یکطرفہ پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب حسین عامر سے ملاقات میں کہا کہ ایران پریکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ چینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جاری مشکلات کی ذمہ داری امریکا پرعائدہوتی ہے جس نے یکطرفہ طورپر2015میں کئے گئے ایران اورعالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیارکی۔ چین ایران سے جوہری مذاکرات کے دوبارہ شروع ہونے کا حامی ہے۔ ایران کے وزیرخارجہ کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 25 سال کے تعاون کے معاہدے کا اعلان متوقع ہے۔

بپن راوت کا ہیلی کاپٹرراستہ بھٹکنے کے باعث گرا، رپورٹ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے ہیلی کاپٹرکوحادثہ راستہ بھٹکنے کے باعث پیش آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے ہیلی کاپٹرتباہ ہونے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی جس میں پائلٹ کی غلطی اورخراب موسم کوحادثے کی وجہ قراردیا گیا ہے۔ رپورٹ میں تکنیکی خرابی، سازش یا غفلت کو مسترد کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تامل ناڈو میں موسم اچانک تبدیل ہونے سے ہیلی کاپٹر بادلوں میں داخل ہوا اور پھر تباہ ہو گیا۔ بھارتی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موسم تبدیل ہونے کی وجہ سے پائلٹ راستہ بھٹک گیا اور اپنی سمت درست نہیں رکھ پایا۔ اس طرح کے حادثاث میں پائلٹ اور عملے کو آخر وقت تک خطرے کا اندازہ نہیں ہوتا کیونکہ وہ غلط سمت میں جا چکے ہوتے ہیں۔ گزشتہ سال 8 دسمبرکو تامل ناڈو میں کُنور کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکا میں چورسامان لے اڑے خالی ڈبے پٹڑی پرپھینک گئے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی شہرلاس اینجلس میں چوروں نے سامان لے جانے والی ٹرین لوٹ لی اورخالی ڈبے پٹڑی پرپھینک گئے۔ لاس اینجلس میں اپنی طرز کی انوکھی چوری میں چوروں نے آن لائن شاپنگ کے ذریعے منگوایا گیا سامان لوٹ لیا اورخالی ڈبے پٹڑی پرپھینک گئے۔ چوروں نے کارگو ٹرین کے رکنے کا انتظارکیا اورٹرین کے پچھلے ڈبوں پردھاوا بول دیا۔ ڈبوں میں آن لائن شاپنگ سے منگوائے گئے سامان کے سینکڑوں ڈبے موجود تھے۔ چوروں نے پورے پورے ڈبے اٹھا کرلے جانے کے بجائے ڈبوں سے سامان نکال لیا اورخالی ڈبے ٹرین کی پٹڑی پرپھینک گئے۔ خالی ڈبوں کے علاوہ چورکم قیمت یا اچھی قیمت پرفروخت نہ ہونے والی چیزوں کوبھی پٹڑی پرپھینک دیا۔ پولیس چوروں کو پکڑ تو نہیں سکی لیکن یہ ضرور کہا کہ حالیہ دنوں میں ٹرین لوٹنے کے اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

’زندگی 25 سال پر ختم نہیں ہوتی‘، ملائکہ اروڑا کا پیغام

ممبئی: (ویب ڈیسک)
بالی ووڈ اداکارہ اور رئیلیٹی شو کی جج ملائکہ اروڑا نے پیغام دیا ہے کہ زندگی 25 سال کی عمر کے بعد ختم نہیں ہوجاتی۔
حال ہی میں 48 سالہ بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑ اور ان کے 36 سالہ بوائے فرینڈ ارجن کپور کے درمیان علیحدگی کی خبریں میڈیا پر آئی تھیں۔ جن پر ارجن کپور نے ردعمل دیتے ہوئے ان تمام خبروں کی تردید کردی تھی۔ تاہم ملائکہ اروڑا نے اس معاملے پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔
اور اب ارجن کپور کے ساتھ علیحدگی کی خبروں کے بعد ملائکہ اروڑا نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے پیغام دیا ہے کہ 25 سال کے بعد زندگی ختم نہیں ہوجاتی۔
ملائکہ اروڑا نے لکھا 40 سال کی عمر میں محبت کی تلاش کو معمول بنائیں۔ 30 سال کی عمر میں نئے خوابوں کی دریافت اور ان خوابوں کے تعاقب کو معمول بنائیں۔ 50 سال کی عمر میں اپنے آپ کو اور اپنی زندگی کے مقصد کے تلاش کو معمول بنائیں۔ زندگی 25 سال پر ختم نہیں ہوتی۔ اس طرح سوچنا چھوڑ دیں۔
واضح رہے کہ اداکار ارجن کپور، ملائکہ اروڑا سے عمر میں کافی چھوٹے ہیں اور اس بات کے لیے دونوں کو اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

خاتون کے پیٹ سے 20 سال بعد قینچیاں نکال لی گئیں

ڈھاکا: (ویب ڈیسک)
بنگلا دیش میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث خاتون کے پیٹ میں رہ جانے والی سرجیکل قینچیاں 20 سال بعد نکال لی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 55 سالہ خاتون بچینہ کا 2002 میں پتھری نکالنے کے لیے آپریشن کیا تھا تاہم اسپتال سے گھر واپس آنے کے چند روز بعد ہی اسے پیٹ میں درد ہونے لگا جس کے بعد وہ دوبارہ اسی اسپتال گئیں اور اپنی حالت بیان کی۔
سرجری کے وقت کیس کی نگرانی کرنے والے ایک سرجن نے ان کی تشویش کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معمول کی بات ہے، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ صحت یاب ہو جائیں گی۔
جب بچینہ کے پیٹ میں درد ناقابل برداشت ہو گیا تو ایک اور ڈاکٹر کے کہنے پر اس نے اپنے پیٹ کا ایکسرے کرایا جس سے معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں سرجیکل قینچیوں کا جوڑا موجود تھا جو 20 سال قبل ڈاکٹروں کی خوفناک غلطی سے بچینہ کی پیٹ میں رہ گئی تھیں۔
ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کر کے خاتون کے پیٹ سے قینچیوں کا جوڑا نکال لیا اور اب وہ خیریت سے ہیں۔

روس خود پر جعلی حملے کروا کے یوکرائن پر حملہ کرے گا، امریکی دعویٰ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس خود پر جعلی حملے کروا کے یوکرائن پر حملہ کرے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ روس یوکرین پر حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اگلا ایک ہفتہ انتہائی اہم ہے۔
امریکی حکام نے کہا کہ روس یوکرین میں فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے اور روسی صدر جانتے ہیں کہ وہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔ روس نے 2014 میں اس طرح کی حکمت عملی کریمیا میں اختیار کی تھی۔
امریکہ کے مطابق روس مشرقی یوکرین میں تربیت یافتہ گروپ بھیج چکا ہے۔
دوسری جانب روس نے واشنگٹن حکام کے بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

ایران: ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی اینیمیٹڈ ویڈیو جاری

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈرون حملے میں قتل کی اینیمیٹڈ ویڈیو جاری کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کی ویب سائٹ پر امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی اینیمیٹڈ ویڈیو ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی برسی کے موقع پر جاری کی۔
جنرل قاسم سلیمانی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے دوران امریکی فوج نے بغداد میں ایک ڈرون حملے میں قتل کر دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی جاری کردہ اینیمیٹڈ ویڈیو میں جدید ترین ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایک روبوٹ کے ذریعے ڈرون حملے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ہلاکت کی فرضی منظر کشی کی گئی ہے۔
ویڈیو میں امریکی ریاست فلوریڈا میں سابق امریکی صدر کا گھر دکھایا گیا ہے جہاں وہ گولف کھیلنے میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی ہیں۔
ویڈیو میں یہ پیغام دیا گیا کہ جس کسی نے بھی ایرانی پاسدارانِ انقلاب جنرل قاسم سیلمانی کو قتل کیا اور جس نے اس کا حکم دیا، دونوں کو اس کا حساب دینا پڑے گا اور ان سے بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

حکومتی نالائقی، نااہلی کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے، سعید غنی

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ حکومتی نالائقی اور نااہلی کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے۔
سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں گزشتہ 3 ماہ سے حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والوں سے زیادہ غیرت مند تو پرویز خٹک نکلے جو اپنے صوبے میں گیس نہ ہونے پر بول پڑے۔ ان کراچی کے نام نہاد ٹھیکیداروں ایم کیوایم کو شرم نہ آئی کے کراچی میں گیس نہ ہونے پر بولتے۔
سعید غنی نے کہا کہ چینی اور پیٹرول بحران اس حکومت نے پیدا کیا، نیپرا نے جنوری کی بجلی بلوں میں اضافہ کیا کہ تیل سے بجلی بنائی جا رہی ہے جو مہنگی پڑتی ہے۔آپ کی فصلیں تباہ ہورہی ہیں اور گندم کی فصل متاثر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آٹے کا بحران ایک مرتبہ پھر پیدا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ایل این جی میں کرپشن ہوئی اور گیس بحران سب کے سامنے ہے۔ ایل این جی بروقت نہ منگوانے کی سزاعوام کو کیوں دی جارہی ہے؟ یہاں حکومتی نالائقی اور نااہلی کی سزاعوام کو دی جا رہی ہے، ادویات کی قیمتوں میں بھی بدستور اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں گیس کا بحران ہے صنعتوں کو گیس نہیں مل رہی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تو دو اراکین نے اختلاف کیا۔ پورے ملک میں کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی۔ عوام کے حقوق کی بات کرنے والی جماعتیں خاموش ہیں، بجلی، گیس، یوریا، چینی، گندم بحران پر ایک لفظ بھی ان کے منہ سے نہیں نکلا۔

وزیراعظم سٹیزن پورٹل نے سائل کے 6 ماہ سے پھنسے کیس کو ایک ماہ میں حل کرا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم سٹیزن پورٹل عوام کی آواز بن گیا۔ سائل ظہور احمد کے 6 ماہ سے پھنسے کیس کو ایک ماہ میں حل کرا دیا۔
وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر عوام کے مسائل کا تیزی سے حل، تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیح سٹیزن پورٹل نے واہ کینٹ کے رہائشی ظہور احمد کی دادرسی کر دی۔ سائل نے اپنے مرحوم باب کے واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر شکایت کی تھی۔ مرحوم منظور احمد نے اپنی زندگی میں واجبات کی وصولی کیلئے متعلقہ محکمے کو شکایت کی تھی۔
منظور احمد مرحوم کا بیٹا بھی والد کے واجبات کیلئے دفتروں کے چکر لگاتا رہا لیکن شنوائی نہ ہو سکی۔ سٹیزن پورٹل نے سائل کے 16 ماہ سے پھنسے کیس کو ایک ماہ میں حل کرا دیا۔ سٹیزن پورٹل کے ایکشن کے بعد سائل کے مرحوم باب کے تمام واجبات کی ادائیگی کرا دی۔ فوری مسئلہ حل ہونے پر سائل نے وزیراعظم عمران خان اور پی ایم ڈی یو کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

ای وی ایم اور آئی ووٹنگ: چیف الیکشن کمشنر نے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کیلئے جگہ اور عمارت مانگ لی۔
چیف الیکش کمشنر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے الیکشن کمیشن اقدامات اٹھا رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے 4 مختلف عمارتوں کی تجاویز بھی خط میں بھجوائیں۔ جس میں کہا گیا کہ پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کا گیسٹ روم بھی یونٹ بنانے کیلئے استعمال ہوسکتا ہے،ی سی ایس آئی کا گیسٹ ہاوس بھی الیکشن کمیشن کو دینے کی تجویز ہے، وزارت سائنس ٹیکنالوجی کا خالی فلور بھی الیکشن کمیشن کو فراہم کیا جاسکتا، سرسید میموریل سوسائٹی عمارت میں سے کوئی ایک فراہم کی جائے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ یونٹ کے قیام کے لئے آئی ٹی پروفیشنلز کی بھرتیوں کا کام آخری مراحل میں ہے، آئی ٹی ٹیمز ای وی ایمز، آئی ووٹنگ اور انتخابی عمل میں ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لئے کام کریں گے۔