پاکستان نے سعودی عرب پر میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثی میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ حملے سعودی عرب کے جازان گورنیٹ کے علاقے میں کیے گئے۔
عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہونے جب کہ شہری انفراسٹرکچر کی تباہی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حملے نہ صرف بین الااقوامی قوانین کے منافی بلکہ سعودی عرب کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایسے حملوں کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے خطرات کے خلاف بھرپور اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
یاد رہے یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملہ کیا گیا ہے جس میں 2 افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔
یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر جازان پر میزائل حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے جبکہ جاں بحق افراد میں ایک سعودی اور ایک یمنی شہری شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق میزائل آبادی پر گرنے کی وجہ سے گاڑیوں اور دوکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عرب عسکری اتحاد برائے یمن حوثیوں کے ٹھکانے پر 36 حملے کیے تھے جس میں 310 سے زائد حوثی باغیوں کو ہلاک اور 28 عسکری گاڑیاں تباہ کرنے کا دعوی کیا گیا تھا۔
عرب عسکری اتحاد کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ حوثی دہشت گرد مارب میں شہریوں اور سول تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں تاہم ان کی کوششوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔