All posts by Khabrain News

قائداعظم کا یوم پیدائش: مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

بابائے قوم کے یوم ولادت کے موقع پر بانی پاکستان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پی ایم اے کے کیڈٹس نے مزار قائد پر سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔
بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل عمر احمد بخاری نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مزار قائد پر پھول چڑھائے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
خیال رہے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سال میں تین بار، 14 اگست، 6 ستمبر اور 25 دسمبرکو منعقد ہوتی ہے۔

گورنر سندھ کی حماد اظہر سے ناراضی کا معاملہ ، فواد چوہدری نے مصالحت کروا دی

سندھ میں گیس بندش اور گورنر سندھ کی حماد اظہر سے ناراضی کے معاملے پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مصالحت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں کے درمیان گلے شکوے دور کردایئے۔
گورنر سندھ اور حماد اظہر کے درمیان ناراضی کامعاملہ بالآخر حل ہوگیا، گورنرسندھ نے کچھ عرصہ قبل حماد اظہر بارے وزیراعظم کو بھی شکایت کر دی تھی، وفاقی وزیر اطلاعات کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں معاملہ حل کروا دیا گیا، ملاقات میں عامر کیانی بھی شریک ہوئے۔
گورنر سندھ نے کراچی میں گیس پریشر نہ ہونے کا معاملہ ایک بار سامنے رکھا، گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی میں گیس کے مسائل ہیں، کراچی کی عوام کو گیس ملنی چاہیے۔ میرا صرف آپ سے اتنا ہی شکوہ ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آپ میرے بڑے بھائی ہیں اور آپ کے ساتھ پرانا تعلق ہے، کراچی میں انڈسٹری نے اسٹے آرڈر لے رکھا ہے جس کی وجہ سے گیس پریشر کے مسائل ہیں، سوئی سدرن کو کہا ہے کہ لیگل ٹیم کے ذریعے اسٹے ختم کروایا جائے، حماد اظہر نے جلد کراچی میں گیس کا مسئلہ حل کروانے کی یقین دہانی کروا دی۔

بلدیاتی الیکشن میں شکست: پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں تحلیل، آئینی کمیٹی تشکیل

وزیراعظم نے ملک بھر میں تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دی ہیں، آئینی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، آئندہ مقامی قیادت کسی امیدوار کے رشتہ دار کی نامزدگی کا فیصلہ نہیں کرے گی جبکہ عمران خان نے آئندہ ٹکٹوں کی خود تقسیم کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیر بلدیات محمود الرشید، سینیٹر سیف اللہ نیازی، عامر کیانی، وفاقی وزراء فواد چودھری، حماد اظہر، شفقت محمود، خیبرپختونخوا سے وزیر اعلیٰ محمود خان، اسد قیصر، پرویز خٹک، مراد سعید سمیت پارٹی کے سینئر رہنما اور دونوں صوبوں کی اہم قیادت بھی اجلاس میں موجود تھی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب و خیبر پختون خواہ کے بلدیاتی انتخابات پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی کے کی سیاسی صورتحال پرغور کیا گیا جبکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی گئی، نیز خیبر پختونخوا کے انتخابی نتائج سے متعلق رپورٹ کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اور آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے کر لئے گئے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلی کے پی محمود خان کو صوبے میں پارٹی کارکنان کو منظم کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق پارٹی اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ مختلف حکومتی منصوبوں میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، الیکشن کمیشن تمام ڈیٹا اکٹھا کر لے پھر بلدیاتی انتخابی نتائج پر پارٹی موقف دیا جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں سابقہ غلطیاں نہ دہرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی امیدواروں کی ٹکٹس کا خود جائزہ لیکر فیصلہ کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، آج کل دوبارہ نوازشریف کی نااہلی کو چیلنج کرنے کی باتیں چل رہی ہیں، نوازشریف نے ملک لوٹا اور اعلی عدالتوں سے نااہل ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سیاسی حکمت عملی طے کر لی ہے، آئندہ انتخابات کے لیے حکمت عملی مرحلہ وار ہو گی، پہلے مرحلے میں 21 ارکان پر مشتمل قائم سیاسی کمیٹی کو بااختیار بنایا جائے گا، دوسرے مرحلے میں تنظیمیں تحلیل کی جائیں گی، تحریک انصاف کی سپریم کمیٹی بھی نئے سیاسی پلان کے تحت تشکیل دی گئی، سپریم کمیٹی 21 ارکان پر مشتمل ،صوبوں کو نمائندگی دی گئی، سیاسی کمیٹی نئی تنظیم سازی اور پارٹی کو متحرک کرنے پر کام کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سپریم سیاسی کمیٹی کے سربراہ ہیں، پنجاب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، گورنرچوہدری سرور، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، عامر محمود کیانی، سیف اللہ نیاری خیبر پختونخوا سے وزیراعلیٰ محمود خان، پرویز خٹک، اسد قیصر، علی امین گنڈا، سندھ سے اسد عمر، عمران اسماعیل، علی زیدی، بلوچستان سے قاسم سوری، گورنر آغا ظہور جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، اعجاز چودھری اور شیریں مزاری کو بھی کمیٹی میں نمائندگی دی گئی ہے۔

’آئندہ عام انتخابات کا انعقاد نئی مردم شماری پر ہو گا‘

چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کا انعقاد نئی مردم شماری پر ہوگا، دسمبر2022 میں ساتویں مردم شماری کے مکمل اعداوشمارالیکشن کمیشن کو فراہم کردیں گے۔ ہم وفاقی ادارہ ہیں ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں۔
ساتویں مردم شماری وہاؤسنگ شماری پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیف شماریات نعیم الظفرنے کہا ہے کہ ساتویں مردم شماری کے لیے کام جاری ہے ہم ڈیجیٹکل مردم شماری کرنے جارہے ہیں آئندہ عام انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے۔
اس سے قبل بریفنگ دیتے ہوئے فوکل پرسن شماریات سرورگوندل نے کہا کہ ساتویں آبادی اور ہاؤسنگ شماری ڈیجیٹل ہو گی جس پر تجاویزکے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی لوگوں میں آگاہی کیلئے مردم اور ہاؤسنگ شماری کی میڈیا پر تشہیرکی جائے گی۔
سرور گوندل نے کہاکہ ساتویں مردم شماری کیلئے نیشنل سینسزکوآرڈینیشن سینٹر قائم کیا جائے گا،فیصلہ کیا گیا ہے آئندہ مردم شماری میں سکیورٹی فورسز حصہ نہیں لیں گی صرف سکیورٹی فراہم کریں گی،سرور گوندل کا کہنا تھا کہ جولائی 2022 میں مردم شماری شروع کی جائے گی۔

باضمیر حکومتی ارکان جرات کرکے پارلیمنٹ میں منی بجٹ کو مسترد کردیں، شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومتی باضمیر ارکان جرات کرکے پارلیمنٹ میں منی بجٹ کو مسترد کردیں۔
قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بیان میں کہا کہ زرمبادلہ ذخائر میں کمی سے بچنے کے لئے عالمی کمرشل بینکوں پر انحصار ہمارے خدشات کی تصدیق ہے، ڈالر کے حصول کے لئے غیرملکی بنکوں پر انحصار کی حکومتی پالیسی آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، منی بجٹ منظور نہیں، یہ پارلیمنٹ کے ہر رکن کا امتحان ہے، امید ہے حکومتی باضمیر ارکان جرات مندانہ فیصلہ کریں گے ، اتحادی بھی ہمت سے کام لیں ، کلمہ حق کہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ حکومتی اتحادی عوام اور پاکستان پر ظلم میں شامل ہوئے تو پی ٹی آئی کے ساتھ وہ بھی شریک جرم کہلائیں گے، منی بجٹ کے ذریعے پاکستان کے ہاتھ پاﺅں باندھنے کی تیاری ہورہی ہے، 2018 سے اب تک موجودہ حکومت قرض کی سطح 40 ارب ڈالر پر پہنچا چکی ہے جو خوفناک ہے، رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران حکومت نے 5ماہ میں 4 ارب 96 کروڑ ڈالر غیرملکی قرض لیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 4 ارب 96 کروڑ ڈالر غیرملکی قرض میں سے 3 ارب 45 کروڑ غیرترقیاتی مقاصد کے لئے ہے، 14 ارب ڈالر بجٹ تخمینے میں سے اب تک 4.699 ارب ڈالر جمع ہوئے ہیں، جب ساری معیشت ، دفاع اور حکومتی نظام قرض پر کھڑا ہوگا تو جیو اکنامکس کا فلسفہ محض لطیفہ بن جائے گا، کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی قیمت میں پونے 6 روپے اضافہ کا تقاضا ظلم ہے، حکومت ایسے اقدامات کررہی ہے جس سے عوام کی آمدن اور قوت خرید ختم ہوکر رہ گئی ہے، ڈالر 180.7 روپے کی بلند سطح پر ہے اور حکومت ہمارے پاس ڈالر نہیں کا کہہ کر مزید عدم استحکام پیدا کررہی ہے۔

الیکشن کمیشن ای وی ایم کی خریداری میں تاخیری حربوں کا جواب دے گا، وزیر سائنس

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری میں تاخیری حربوں کا جواب دے گا۔
شبلی فراز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم مانگتا ہے لیکن ان کی خصوصیات نہیں بتاتا، کمیشن جلد از جلد ای وی ایم کے حوالے سے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کرے اور بتائے کون سی مشینیں چاہئیں، جن میں کیا ہونا چاہیے۔
شبلی فراز نے کہا کہ جو مشین ہم نے بنائی وہ چاہیے تو ہم تیار ہیں، الیکشن کمیشن ای وی ایم کے حوالے سے کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کرے، جو کمپنی معیار پر پورا اترے ، اسے ای وی ایم بنانے کا ٹاسک دیا جائے، حکومت کا پنجاب اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کا ہدف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے حوالے سے ایک ہفتہ میں ٹینڈر جاری کرے، کمیشن کی کوتاہی سے وقت گزرا تو بڑی مشکلات ہونگی اور تاخیری حربوں کا جواب الیکشن کمیشن دے گا، الیکشن کمیشن اپنے عملی اقدامات سے ثابت کرے کہ وہ تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے یا نہیں ، اس معاملے میں قانون بنے بھی ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا، امید ہے الیکشن کمیشن کی ٹیکنیکل ٹیم ایک ہفتے میں مشینوں کی خصوصیات طے کر لے گی۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے قبل ای وی ایم کا تجربہ تاخیر کا امکان ہونے کا خدشہ ہے۔ الیکشن کمیشن کو تجربے کیلئے50 ووٹنگ مشینوں کے خط کا تاحال جواب نہ ملا۔
الیکشن کمیشن نے 17 دسمبر کو تجربے کیلئے 50 مشینیں مانگی تھیں جن میں ووٹنگ، گنتی اور دوبارہ گنتی کی خصوصیات کی ڈیمانڈ کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے میئر اسلام آباد کا الیکشن کرانے کیلئے 3900 مشینیں مانگ رکھی ہیں کیونکہ کمیشن انتخابات میں استعمال سے پہلے مشین کا تجربہ کرنا چاہتا ہے۔ قانون کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 24 مئی سے پہلے کرانا لازمی ہیں۔

کھیل کے17 میدان بحال کرنے کی تیاری، پی سی بی تعاون کرے گا

سندھ حکومت کے تعاون سے پی سی بی اگلے سال فروری سے صوبے میں اسکول کرکٹ کیٹ شروع کرنے جا رہا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت سندھ میں کرکٹ کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن عمران حسین، پی سی بی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی جنید ضیا، سیکریٹری اسپوٹ ڈپارٹمنٹ سندھ، سیکریٹری کالج ایجوکیشن خالد حیدرشاہ شریک ہوئے جب کہ تمام ڈویژنل کمشنر وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بتایا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے پی سی بی اگلے سال فروری سے صوبے میں اسکول کرکٹ کیٹ شروع کرنے جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں اسکول لیگ میں صوبے کے30 اضلاع میں239 میچ کھیلے جائیں گے، اسکول سطح کی 240 ٹیمیں اور 3850 پلیئر کھیلیں گے،سندھ سے کرکٹ میں جس طرح کا ٹیلنٹ ابھر کر آیا ہے اب ٹیلنٹ کی تلاش میں ضلع سطح پر جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں ڈویژنل سطح پر30 ٹیموں کے درمیاں 24 میچ کھیلیں جائیں گے، تیسرے مرحلے میں سندھ چیمپئن شپ میں 6 ٹیموں کے درمیان 5 میچ کھیلیں جائیں گے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کو مکمل سہولتیں فراہم کرے گی، اسکول لیگ پر 27 ملین کی لاگت آئے گی جو حکومت سندھ فنڈز فراہم کریگی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ حکومت کا پی سی بی کے تعاون سے صوبے کے کرکٹ گراؤنڈ بحال کیے جائیں گے جس میں پہلے مرحلے میں 91 ملین کی لاگت سے 17 گراؤنڈ بحال کیے جائیں گے۔
اجلاس میں پی سی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہا کہ لاہور، کراچی اور ملتان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائے پرفارمنس یونٹ ہیں اور اب ٹیلنٹ کی مزید تلاش کے لیے حیدرآباد اور سکھر میں ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ سینٹر بھی قائم کریگی۔

گوگل پر 98 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد

روس کی عدالت نے سرچ انجن گوگل پر 98 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق گوگل کو غیر قانونی مواد انٹرنیٹ سے نہ ہٹانے پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سرچ انجن کو غیر قانونی مواد ہٹانے کے لئے متعدد بار درخواست کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ویب سائٹ گوگل سے نمبر ون کا اعزاز چھن گیا تھا اور اس کی جگہ ٹک ٹاک نے لے لی۔
امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی سکیورٹی فراہم کرنے والی کمپنی کلاؤڈ فلیئر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ٹک ٹاک کا ڈومین ( ویب ایڈریس) گوگل کو مات دے کردنیا بھر میں صف اول ہوگیا ۔ 2020 میں نمبر ون کا اعزاز گوگل کے پاس تھا، دوسرے نمبر پر فیس بک اور ٹک ٹاک اس فہرست میں ساتویں نمبر پر تھا۔

پنجاب گیمز24سے 27جنوری تک منعقد کرانے کا اعلان

پنجاب حکومت نے پنجاب گیمز کو 24 سے 27جنوری تک منعقد کرانے کا اعلان کردیا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گیمز میں 24 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے ، خواتین کے آٹھ کھیلوں میں مقابلے ہوں گے،پہلی مرتبہ پیرا اولمپکس کے مقابلے بھی پنجاب گیمز کا حصہ ہوں گے ۔
رائے تیمور بھٹی نے مزید کہا کہ ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ گراس روٹ سے کھلاڑی سامنے آئیں،ہماری حکومت انفراسٹرکچر میں بہتری کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے، حکومت کی حوصلہ افزائی کے نتیجے میں حالیہ اولمپکس میں پنجاب کے اتھلیٹس نے اچھی کارکردگی دکھائی۔
وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں اور روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کریں ۔

سویت یونین ٹوٹنے کے بعد امریکا طاقت کے نشے میں گھمنڈی ہوگیا، گوربا چوف

سابق صدر میخائل گوربا چوف نے کہا ہے کہ سوویت یونین کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کے بعد امریکا طاقت کے نشے میں مغرور ہوگیا اور کسی کے قابو میں نہیں رہا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویت یونین کے سابق صدر گوربا چیف نے کہا ہے کہ سویت یونین کے ٹوٹنے سے امریکا واحد سپر پاور بن گیا۔ طاقت کے نشے نے امریکا کو مغرور بنا دیا ہے۔
90 سالہ گورباچوف نے مزید کہا کہ امریکا کی بالادستی کی خواہش اُسے نیٹو میں لے گئی اور اب امریکا اس فورس کے ذریعے یوکرین کا بہانہ بنا کر روس کی سرحدوں پر دباؤ ڈال رہا ہے۔
سویت یونین کے آخری صدر گوربا چوف نے مزید کہا کہ ایسی صورت حال میں اپنی اجارہ داری کے زعم میں مبتلا امریکا اور مغرب کے ساتھ برابری کے تعلقات پر کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے۔
یوکرائن کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر امریکا اور روس کے درمیان مستقبل قریب میں ہونے والے مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے گورباچوف نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ مذاکرات کا کوئی نتیجہ نکلے گا۔
قبل ازیں روس کے صدر ویلادیمیر پوٹن نے بھی نیٹو افواج کے سرحدوں کی جانب بڑھنے پر امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ نیٹو افواج باز نہ آئی تو جوابی وار کریں گے۔
روسی صدر پوٹن نے اپنے بیان میں امریکا اور نیٹو سے سلامتی کے لیے قانونی ضمانتوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیٹو نئے ارکان بنانے سے گریز کرے اور سابق سوویت یونین کے ممالک میں اڈے بھی قائم نہ کرے۔