All posts by Khabrain News

کابل میں پاسپورٹ آفس کے قریب دھماکا

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاسپورٹ آفس کے گیٹ کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

ترجمان کابل سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کابل میں دھماکا محکمہ پاسپورٹ کے سامنے ایک کار میں ہوا ہے۔

دھماکے کی نوعیت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی کسی جانی نقصان کے حوالے ابھی کچھ واضح معلوم ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کئی ہفتوں کی معطلی کے بعد پاسپورٹ آفس سروس بحال ہونے کے بعد حالیہ دنوں میں سفری دستاویزات حاصل کرنے کے لیے افغانیوں کا ایک بڑا ہجوم پاسپورٹ آفس کے باہر جمع رہتا ہے۔

بھارت: لدھیانہ کی عدالت میں دھماکا، 2 افراد ہلاک

بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ کی عدالت میں زوردار دھماکے سے 2 افراد ہلاک اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لدھیانہ کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے اندر 12 بج کر 22 منٹ پر زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی وجوہات کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے لیکن دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 5 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب دھماکے کے فوری بعد بھارت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عدالت کا گھیراؤ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ہم تھوڑا سا معاشی طور پر سنبھلتے ہی ہیں پھر ڈالر اوپر چلا جاتاہے، وزیراعظم

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے ملکی دولت باہر منتقل ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے لاہور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون، ٹیکنا پولس کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ہائر ایجوکیشن کے وزیر کو منصوبے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ٹیک کمپنیاں دنیا کا مستقبل ہیں، ہماری 22 کروڑ کی آبادی میں 60فیصد نوجوان ہیں، ہماری آئی ٹی کی برآمدات 2 ارب ڈالر ہیں، ٹیک کمپنیاں دنیا کا مستقبل ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے انقلاب سے ہم تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں، کاروبار میں آسانی کیلئے رکاوٹوں کو دور کیا جارہا ہے، برآمدات میں اضافہ کیے بغیر ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی، مہنگی درآمدی اشیا کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے، ڈالر اوپر جائے تو قرض بڑھ جاتاہے اور حکومت کوادائیگی کرنی ہوتی ہے، ہم تھوڑا سا معاشی طور پر سنبھل جاتے ہیں پھر ڈالراوپر جاتاہے۔

عمران خان نے کہا کہ ڈالرز کی کمی کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافہ دو بڑے مسائل ہیں، ماضی میں برآمدات پر توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے 40سال میں 70کروڑ افراد کو غربت سے نکالا اور منصوبہ بندی سے کرپشن پر قابو پایا، کرپشن کی وجہ سے ملکی دولت باہر منتقل ہو رہی ہے، کرپشن سے ملکی جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے اور معاشی کمزوریاں پیداہوتی ہیں۔

ایک اور معصوم کلی مرجھا گئی مالکان کے مبینہ تشدد سے 8 سالہ گھریلو ملازمہ جاں بحق

پتوکی کی رہائشی 8 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ طورپر مالکان کے تشدد سےجاں بحق ہو گئی۔
مصباح نامی بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بچی گوجرانوالہ میں محمدعثمان نامی شخص کےگھرکام کرتی تھی، مصباح کے جسم پرتشدد کے نشانات ہیں اور اسے قتل کیاگیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا اور ایف آئی آر میں کہا گیا ہےکہ والد کو اطلاع دی گئی کہ بچی شدیدبیمار ہے، لاہور کے اسپتال آجائیں، اسپتال پہنچے تو بتایا گیا کہ بچی دم توڑ گئی۔
پولیس نے بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی جب کہ والدین نے وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

لالیگا :گرینیڈا نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی

اسپینش فٹ بال لیگ لالیگا میں گرینیڈا نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔
لالیگا کے اس میچ میں پہلے ایٹلیٹکو میڈرڈ نے برتری حاصل کی، یہ گول دوسرے منٹ میں فلیکس نے اسکور کیا جبکہ گرینیڈا نے کھیل کے 17ویں منٹ میں خسارہ پورا کردیا، یہ گول ڈارون میچس نے اسکور کیا، پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں گرینیڈا کے مولینا نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی، ابتداء میں ریفری نے گرینیڈا کے کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے کر گول رد کردیا تھا مگر ری ویو دیکھنے کے بعد فیصلہ گرینیڈا کے حق میں دے دیا۔
گرینیڈا کی یہ برتری کھیل کے اختتام تک برقرار رہی جس نے یہ مقابلہ دو ایک کے اسکور سے اپنے نام کرلیا۔

اٹک ریفائنری نے گیس بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا

اٹک ریفائنری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) عادل خٹک نے وزارت توانائی اور پیٹرولیم کی منصوبہ بندی پر سوال اٹھا دیے۔

عادل خٹک کا کہنا ہے کہ پاکستان ریفائنری اور بائیکو بند ہو چکی ہیں، نیشنل ریفائنری کے بھی بند ہونے کا خطرہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تین چار دن ہم سے فرنس آئل اٹھایا گیا مگر اب پھر دو دن سے نہیں اُٹھا رہے ہیں، ایک پلانٹ ہم بند کر چکے ہیں اور اگر یہی صورت حال رہی تو دوسرا بھی بند کرنا پڑ سکتا ہے۔

سی ای او اٹک ریفائنری نے کہا کہ اللہ نہ کرے ہمیں پوری ریفائنری بند کرنی پڑے جس سے گیس کا بحران شدید ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لوکل ریفائنریز سے فرنس آئل لے نہیں رہی، اوپر سے فرنس آئل درآمد کر لیا، اب بھی فرنس آئل کا ایک جہاز  پورٹ پر کھڑا ہے۔

اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج

اسلام آباد: وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے ایک بار پھر احتجاج شروع کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحال ان کے مطالبات منظور نہیں کیے گئے۔

آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف اساتذہ کلاسز کا بائیکاٹ کرکے نیشنل پریس کلب کے باہر جمع ہوئے۔

اساتذہ کی بہت بڑی تعداد ڈی چوک بھی پہنچ گئی۔ انہوں نے سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ اس موقع پر اساتذہ نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین بیرئر اور خاردار تاریں ہٹاکر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھی پہنچ گئے۔

احتجاج کی وجہ سے تمام ایف جی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔ چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی فضل مولیٰ نے کہا کہ جب تک آرڈیننس کی شق 166 ختم نہیں ہوتی احتجاج جاری رہے گا۔

صوبائی دارالحکومت ،ہسپتالوں میں ٹیسٹ کی سہولیات ناپید، مشینیں خراب، مریض ذلیل و خوار۔رپورٹ: مہران اجمل

لاہور (مہران اجمل خان سے)صوبائی دارلحکومت کے ہسپتالوں میں ٹیسٹ کی سہولیات نا پید ، مشینیں خراب ہونے کے باعث مریض ذلیل و خوار ہونے لگے ، سید مٹھا ہسپتال میں ڈائیلسز مشین خراب ہونے کی وجہ سے مریضوں کو لمبی تاریخیں دینا معمول بن گیا ، ایکو اور ای ٹی ٹی کی مشین 6ماہ سے خراب ، سید مٹھا ہسپتال کے ایم ایس کے پاس عارضی چارج کے باعث ہسپتال کے انتظامی معاملات بری طرح متاثر ۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ سید مٹھا ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق سید مٹھا ہسپتال میں ڈائیلسز کی 6 مشینیں ہیں جن میں عام مریضوں کے لئے 4جبکہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے 2 مشینیں مختص کی گئی ہیں مریضوں کو روزانہ 4شفٹوں میں ڈائلسز کرنا ہوتا ہے روزانہ 24مریض آتے ہیں دو مشینیں خراب ہونے کے باعث مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں میں ریفر کیا جارہا ہے جس کے باعث انہیں ڈائلسز کروانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دل کے الٹرا ساﺅ نڈ کرنے والی ایکو مشین اور ای ٹی ٹی ٹیسٹ مشین بھی گزشتہ چھ ماہ سے خراب ہونے کے باعث ڈاکٹرز کو مریضوں کے علاج معالجے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ایم ایس میاں منشی ہسپتال ڈاکٹر عدنان قمر کو سید مٹھا ہسپتال کا عارضی چارج دینے کے بعد انتظامی معاملات بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ اس حوالے سے قائمقام ایم ایس سید مٹھا ہسپتال کا کہنا تھا کہ ایکو اور ای ٹی ٹی مشین کا ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے جلد مشینیں ٹھیک ہو جائیں گی ۔

سی پیک کے ثمرات حاصل ہونے لگے، ایک اور توانائی منصوبہ تکمیل کے قریب

سی پیک کے ثمرات حاصل ہونے لگے، ایک اور توانائی منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا، کروٹ ہائیڈل پاور منصوبے پر 93فیصد کام مکمل ہونے کے بعد ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کا عمل شروع کردیاگیا جبکہ منصوبے سے روزانہ 720 میگا وواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
دریائے جہلم پر صوبہ پنجاب اور آزاد جموں کشمیر کے سنگم پر بننے والے اس پن بجلی منصوبے پر چینی کمپنی نے دسمبر 2016 میں کام کا آغازکیا۔منصوبے پر اب تک 93 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جو جون 2022 میں مکمل ہو گا۔
کروٹ ہائیڈل پاور منصوبے پر 1.7 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی اور اس سے یومیہ 720 میگا وواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ منصوبے میں پانی کے ذخیرے کا بالائی بہاؤ27 کلومیٹر آزاد پتن تک ہے جبکہ ڈیم کے اندر پانی ذخیرہ کرنے کا عمل شروع ہو چکا۔
پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بننے والے اس منصوبے میں پاک فوج اور ایس ایس ڈی نارتھ کا بھی کلیدی کردار رہا۔
فورسز نے اس قومی اثاثے کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کامربوط نظام مرتب کیا جس کے تحت آرمی، رینجرزاور پولیس کے جوان دن ر ات فرائض انجام دے رہے ہیں۔

فلم’جاوید اقبال’کی ریلیزاعلان کے باوجود تاخیر کاشکارکیوں؟

 فلم 24 دسمبر کو بڑے پردے پرپیش کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

فلم ‘جاوید اقبال: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف سیریل کلر’ کا ٹریلر 8 دسمبر کو ریلیزکیا گیا تھا جس میں یاسرحسین پاکستان کے ایک معروف سیریل کلرکا کردار نبھارہے ہیں جبکہ عائشہ عمرخاتون پولیس افسرکے روپ میں نظرآئیں گی۔

خیال رہے کہ لاہورسے تعلق رکھنے والے جاوید اقبال نے 30 دسمبر 1999 کو ایک اردو روزنامہ کےدفترمیں جا کر100 بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے گھناونے جرائم کی تفصیلات حکام کو ثبوتوں سمیت پیش کی تھیں جن میں تصاویر بھی شامل تھیں، تلاشی لینے پراس کے گھر سے بچوں کے کپڑے اور جوتے برآمد ہوئے جبکہ معصوم بچوں کی لاش کو وہ تیزاب کےڈرم میں ٹھکانے لگاتا تھا۔

جاوید اقبال گرفتاری کے 2 سال بعد اکتوبر2001 میں جیل میں ساتھی سمیت مردہ پایا گیا تھا۔

فلم کا ٹریلرریلیز ہوتےہی سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوا، جس کا آغازجاویداقبال سے ہوتا ہےجسے ہتھکڑیاں لگا کرجیل لے جایا جارہا ہے، پس منظرمیں مرکزی کردار کے مضبوط مکالمے ہیں جن میں وہ اعتراف جرم کے ساتھ چند اہم سوالات بھی اٹھا رہا ہے۔

فلم کے ڈائریکٹرابوعلیحہ نےسماء ڈیجیٹل کوانٹرویومیں بتایا تھا کہ ہم اس حساس ترین کہانی کو بہت احتیاط کے ساتھ پیش کررہے ہیں، یہ فلم سنسنی کے لیے نہیں ہے۔

ریلیز کی تاخیرسے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کرنے پر ابوعلیحہ نے بتایا کہ اس کی وجہ سنیما مالکان ہیں جن کی ترجیح ہالی ووڈ فلموں کی ریلیزہے کیونکہ یہ فلمیں کرونا کی عالمی وبا کے دوران مالکان کو ہونے والا نقصان پورا کرنے میں مدد دے رہی ہیں، فلم’ سپائیڈرمین: نووے ہوم ‘ کی وجہ سے کہے دل جدھرجیسی ہیوی بجٹ کی فلم بھی 3 دن میں ختم کردی گئی اس لیے ہم نے رسک نہ لیتے ہوئے فلم کو جنوری میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فلم ابوعلیحہ کی اپنی کتاب کُکڑی پرمبنی ہے جس کے دوسرے حصے کی اشاعت ابھی باقی ہے،ڈائریکٹر نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ 15 جنوری کودوسری کتاب کی اشاعت کے بعد فلم کے دوسرے حصے کی شوٹنگ کاآغاز بھی کردیاجائے گا تا کہ ایک ہی سال میں دونوں فلمیں پیش کیے جاسکیں۔

ڈائریکٹرکے مطابق پہلے حصے میں اٹھائے جانے والے سوالات کے جوابات دوسرے حصے میں دیے جائیں گے جو پاکستانی فلم انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیں گے۔

تاحال فلم کی ریلیز کے لیے نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔