All posts by Khabrain News

وزیراعظم کا پریانتھا کمارا کو بچانےکی کوشش کرنیوالے شخص کیلئے تمغہ شجاعت کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچانےکی  تنہا جدوجہد کرنے والے ساتھی منیجر ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ  وہ پوری قوم کی جانب سے ملک عدنان کی بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کرنا چاہتے ہیں، جنہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پریانتھا کمار کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی کوشش کی۔

خیال رہےکہ پریانتھا کمارا کو بچانےکے لیے خود کی جان خطرے میں ڈالنے والے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر ملک عدنان نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ وہ پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچاسکیں تاہم وہ ہجوم کی درندگی کو روکنے میں ناکام رہے۔

 سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملک عدنان جان ہتھیلی پر رکھ کر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 ہجوم کے تشدد کے وقت  ملک عدنان نے پریانتھا کمارا کوکَور کیا ہوا تھا اور  وہ خود مار کھاتے رہے اور اسے بچانےکی کوشش کر تے رہے، سوشل میڈیا پر بھی ملک عدنان کی بہادری اور انسان دوستی کے جذبے کی تعریف کی جارہی ہے۔

لاہور: این اے 133 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
این اے 133 میں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد ووٹ ڈال سکیں گے۔
پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ رینجرز اہلکار بھی گشت پر مامور ہیں۔
مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گِل سمیت 11امیدوار میدان میں ہیں جبکہ حلقے میں ووٹر کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 133 میں کل 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 199 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی، پریزائیڈنگ افسران کے موبائل فونز میں ایپ ڈاؤن لوڈ کر دی ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا جائزہ لینے کے لیے تین کمیٹیاں بنا دی ہیں، ای وی ایم سے متعلق فیصلہ کمیٹیوں کی سفارشات پر ہو گا۔
الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ فارم 45 کی تصویر کھینچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے اور پریزائڈنگ افسران فوراً ریٹرننگ افسر کو واٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 بھیجیں گے۔
خیال رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد حلقے میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے جبکہ ن لیگ کی جانب سے پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے اسلم گل نے کاغذات جمع کروائے ہیں اور مقابلہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔’

‘پاکستان اور سعودی عرب کا ڈیجیٹل ایجوکیشن سسٹم پر ملکر کام کرنے پر اتفاق’

وفاقی وزیر شفقت محمود نے سعودی ہم منصب شہزادہ حامد بن محمد الشیخ سے ملاقات کی۔

وزیر تعلیم شفقت محمود اورسعودی ہم منصب شہزادہ حامد بن محمد الشیخ نے ملاقات کے دوران پاک سعودی تعلقات کے علاوہ باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے وزرا نے ملاقات میں  ڈیجیٹل ایجوکیشن سسٹم پر مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزیرشفقت محمود کے ہمراہ سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔

میانمار: فورسز نے فوج مخالف مظاہرین پر گاڑ ی چڑھادی، 5 ہلاک

میانمار میں فوجی اہلکاروں نے پُرامن احتجاج کرتے مظاہرین پرگاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فوجیوں کی جانب سے مظاہرین پر گاڑی چڑھانے کا واقعہ آج صبح پیش آیا۔
جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین نے برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ فوجی گاڑی سے درجنوں افراد زخمی ہوئے، واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ہلاک اور زخمی ہونے والے مظاہرین کو ایک گا ڑی میں ڈالتے دیکھا جاسکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار کی فوج نے 15 مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔
دوسری جانب میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف فروری سے عوامی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن میں اب تک 1300 سے زیادہ مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔

ڈھاکا ٹیسٹ؛ دوسرے روز کا کھیل بارش سے متاثر

ڈھاکا: ڈھاکا ٹیسٹ کے دوسرے روز پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے، ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور ابھی اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

پہلا دن؛ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39 اور 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔

واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان بنگلادیش کو وائٹ واش کرچکا ہے۔

انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے سے 13 افراد ہلاک، 100 کے قریب زخمی

جکارتا: انڈونیشیا کےجزیرے جاوا میں ماؤنٹ سیمیرو  (Semeru) کا آتش فشاں پھٹ گیا جس سے 13 افراد ہلاک اور  درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ادارے کےمطابق  آتش فشاں پھٹنے  کے دوران نکلنے والے لاوے اور دھویں سے 13افراد ہلاک جبکہ 90 سے زائد   افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آتش فشاں پھٹنے کے بعد نکلنے والا دھواں 40 ہزار فٹ کی بلندی تک گیا۔

دوسری جانب آتش فشاں پھٹنے کے باعث ہزاروں افراد  کو محفوظ مقام پرمنتقل کر دیا

ترک صدر طیب اردگان پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام

انقرہ:  سیکیورٹی فورسز نے ترک صدر طیب اردگان پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام بنادی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب ارگان پر صوبے سیرت میں بم دھماکے کے ذریعے حملے کی کوشش کو ترک سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔

ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ طیب اردگان صوبے سیرت میں ایک ریلی میں شریک تھے، اس دوران پولیس کی گاڑی جو ریلی کی حفاظت پر مامور تھی، سیکیورٹی فورسز نے گاڑی کے نیچے سے بم برآمد کیا جس کو فوراً بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔

ترک میڈیا کے مطابق واقعہ کے بعد فرانزک ٹیموں نے کار کو گھیرے میں لیکر انگلیوں کے نشانات اور دیگر شواہد جمع کرلیے ہیں جب کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

کھاریاں میں ہولناک واقعہ، گھر کے اندر 4 افراد قتل، بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا

لالہ موسیٰ (سٹی ر پورٹر خبریں) کھاریاںمیں خون کی ہولی چار افراد گھر کے اندر قتل بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا تفصیل کے مطابق کھاریا ں ڈنگہ روڈ پلازے میں چار افراد قتل دو مرد اور دو خواتین شامل ہے جب کہ ایک بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا قتل ہونیوالوں میں اسرامرتضی اور ربیہ اسرا، زینب بی بی نعمان شامل تھے بچ جانے والے بچے نے کھڑکی میں آکر آوازیں دیں تو پڑوسیوں کو علم ہوا تو انہوں پولیس کو اطلاع دی کہ فلیٹ کے اندر بچہ رو رہا ہے جب پولیس نے گرل کاٹ کر دیکھا تو اندر دو خواتین اور دو مرد وں کی لاشیں پڑی تھیں۔ڈی پی او عمر سلامت اور ڈی ایس پی کھاریاں افتخار تارڈ موقع پر پہنچ گیا۔۔۔

ووٹ خریداری ویڈیوز سیکنڈل، کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کا امتحان۔رپورٹ: ستار خان

پاکستان میں جب بھی انتخابات ہوئے ہیں ہارنے والا دھاندلی کا الزام لگاتا ہے۔ اب جبکہ این اے 133 کا ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے تو الیکشن سے چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں حلقہ کے لوگوں کو ووٹ خریدنے کے 2,2 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ تو کاغذات نامزدگی میں غلطی کے زمرے میں الیکشن سے فی الحال آﺅٹ ہیں اور ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار میدان میں ہیں۔ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے پر ووٹ خریدنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ یہ بات کس حد تک درست ہے۔ یہ تو شاید یہ ثابت نہ ہوسکے مگر ن لیگ کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس میں ایک مبینہ طور پر ایک انتخابی کیمپ میں کچھ لوگ ماسک پہنے خواتین وحضرات کو پیسے دے رہے ہیں باقاعدہ میز پر نوٹوں کی گٹھیاں بھی پڑی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس ضمن الیکشن میں ووٹ کو اس طرح عز ت دی گئی ہے۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی ہی اس کوشش میں ہے ان کا امیدوار زیادہ سے زیادہ ووٹ لے جائے تاکہ یہ تاثر دیا جاسکے کہ پیپلز پارٹی پھر سے پنجاب میں اپنی ساکھ بحال کر رہی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہم دھاندلی کا رونا تو روتے ہیں مگر زمینی حقائق یہ ہیں ووٹ خریدنے سے باز نہیں آئے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سامنے آنے والی ویڈیو الیکشن کمیشن کا امتحان ہے۔

مجرموں کو عبرتناک سزادی جائیگی، عمران خان کی سری لنکن صدر کو یقین دہانی

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپاکسے سے رابطہ کیاہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے سری لنکن صدر گوٹابایا راجا پاکسے سے بات کی اور بتایا کہ سیالکوٹ میں پریانتھا دیاودانا کے قتل پر پاکستانی قوم کو بھی غصہ ہے اور قوم سری لنکا سے شرمندہ ہے۔وزیراعظم کے مطابق انہوں نے سری لنکن صدر کو بتایا کہ اب تک 100سے زائد ملزم گرفتار ہوچکے ہیں۔عمران خان کے مطابق انہوں نے سری لنکن صدر کو یقین دلایا کہ مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی۔ سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجاپاکسے نے کہا ہے کہ انہیں اورسری لنکن عوام کو وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد ہے وہ سیالکوٹ واقعہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے کہاکہ پاکستان میں سری لنکن منیجر کا شدت پسند ہجوم کے ہاتھوںمہلک اور پر تشدد حملے میں مارا جانا تکلیف دہ عمل ہے، جسے دیکھ کر وہ ابھی تک صدمے میں ہیں۔ ا نہوں نے کہاکہ سری لنکن حکومت مقتول کی اہلیہ اور ان کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سری لنکن وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ اور سری لنکن عوام پر امید ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان واقعہ میں ملوث تمام ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے حوالہ سے وعدہ پورا کریں گے۔