All posts by Khabrain News

معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے: شوکت ترین

اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعتراف کیا ہےکہ معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شوکت ترین نے کہا کہ 74 سال عوام کو صرف خواب دکھائے گئے اور معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے ، اب ایک شخص عمران خان آیا جس نے کہا کہ معیشت کو عوام کے لیے ترقی دیں گے،  وزیراعظم نے کہا کہ کچھ ایسا کریں جس کی وجہ سے غریب عوام کو مشکل نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر ایک ہی ہے جس کا نام عمران خان ہے، پہلے عمران اور پھر اس کی حکومت کے لیے دعا کریں، وزیراعظم عمران خان وہ شخص ہیں جو ریاست مدینہ پر یقین رکھتے ہیں اور کہتےہیں کہ غریب کی حالت بہتر کرنے کے لیے انتظار نہیں کرنا، وزیراعظم کہتےہیں ایسا کام کروکہ غریب کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، نچلے طبقے میں خوشحالی آئے گی تو تب اصل پاکستان بنے گا، جب تک وزیرخزانہ ہوں عمران خان کا یہ خواب پورا کرتا رہوں گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں ثمرات اوپر سے نیچے تک لانے کی بات کی گئی لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہوا مگر فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی ہے۔

شوکت ترین نے مزید کہا کہ بڑے بینک اب زراعت کے شعبے میں قرضہ دیں گے اور زراعت میں تین سال کا بلا سود قرضہ دیاجائے گا۔

جنوبی پنجاب : 2021میں غیرت کے نام پر 50خواتین قتل، 321اغوا، 152 کی خودکشی

ملتان( لیڈی رپورٹر)جنوبی پنجاب میں خواتین کے حقوق کی پامالی کا سلسلہ روکا نہیں جا سکا۔خوف وہراس اور عدم تحفظ کے سائے انہیں غیر محفوظ کرتے رہے۔غیرت کے نام پر قتل،گھریلو تشدد، خودکشی، اغوا، زیادتی،تیزاب گردی۔ونی،کم عمری کی شادیاں،کالی قرار دینا اور گھریلو لڑائیاں نصیب بنا کر نہ صرف جینے کا حق چھین لیا گیا بلکہ زندگی بدستور تنگ بنائی گئی۔اس سلسلہ میں پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق 2021ءمیں1996ءسے زائد خواتین کو سنگین قسم کے تشدد کا سامنا رہا ہے۔قوانین اور ادارے بھی انہیں ظلم و زیادتی سے بچنے کیلئے نجات دہندہ ثابت نہیں ہوسکے۔سال کے اختتام پر قصبہ گورمانی،رحیم یار خان،تونسہ شریف اور وہاڑی میں خواتین کو بھیانک طریقوں قتل کیا گیا اسی طرح خانیوال میں 11 سالہ بچی،ملتان میں 12 سالہ،کبیر والا میں 9 سالہ بچی کی شادی کردی گئی،اسی طرح ملتان،ڈیرہ غازی خان اور وہاڑی میں پرائیویٹ اکیڈمیوں کے ٹیچرز نے بچیوں کی نازیبا ویڈیوز بنائیں اور انہیں بلیک میل کرتے رہے۔سائبر ہراسمنٹ بھی عام رہی۔رپورٹ کے مطابق گھریلو تشدد کا نشانہ بنائی گئی خواتین کے1025،غیرت کے نام پر قتل 50،اغوا 321،زیادتی 227، خودکشی، 152،گھریلو لڑائی 175،تیزاب گردی 21،کالی قرار دی گئیں 12،ونی 6،کم عمری کی شادی کے 7 واقعات رجسٹرڈ کیے گئے ہیںجبکہ رپورٹ نہ ہونے والے واقعات کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔
خواتین تشدد

بھیک مانگنے والی لڑکی سے اجتماعی زیادتی، ملزم ویڈیو بناتے رہے

گوجرانوالہ (بیورورپورٹ ) احمد نگر کے علاقہ میں مانگنے والی لڑکی کیساتھ بااثر افراد کا گینگ ریپ پیسے دینے کے بہانے بلاکر زیادتی کے بعد ویڈیو بناتے رہے۔ سی پی ا و گوجرانوالہ کا نوٹس۔ تفصیلات کے مطابق احمد نگر کے علاقہ ساروکی جھگیوں میں رہنے والی شادی شدہ خاتون (ت) کو ملزمان افتخار ، یوسف نعیم اور اکرم نے پیسے دینے کے بہانے بلاکر اجتماعی زیادتی کانشانہ بنا ڈالا۔ ملزمان زیادتی کرتے اورموبائل پرویڈیو بناتے رہے۔ متاثرہ خاتون کو ملزمان نے دھمکی دی اگر کسی کو بتایا تو وڈیو وائر ل کردیں گئے خاتون کئی روز چپ رہنے کے بعد اپنے خاوند کے پاس آئی اور اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے بارے میں سب کچھ بتا دیا متاثرہ خاتون کے خاوند نے 15پر کال چلائی سی پی او گوجرانوالہ کے نوٹس کے بعد ایس ایچ او نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

عراقی پاسپورٹ ڈائریکٹر 3 ساتھیوں سمیت داعش کے ہاتھوں قتل

عراق میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ آف عراق  (ISIS) المعروف داعش تنظیم نے منگل کو رات گئے سوشل میڈیا پر چار افراد کے قتل کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق داعش کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا گیا کہ تنظیم نے عراقی وزارت داخلہ کے ایک افسر کو اغوا کرنے کے چند روز بعد موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔

تنظیم نے ایک ویڈیو اور کچھ تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں بغداد میں الاعظمیہ سٹی کے ڈائریکٹر پاسپورٹس کرنل یاسر الجورانی کا گلا کاٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

داعشی عناصر نے دو ہفتے قبل کرنل الجورانی اور اس کے تین ساتھیوں کو دیالی صوبے کے علاقے خانقین میں خشکی پر شکار کے لیے جاتے وقت اغوا کیا تھا۔

ان میں سے دو افراد کو داعش نے قتل کر دیا تھا جبکہ تیسرے شخص کو عراقی فورسز نے ایک آپریشن کے ذریعے آزاد کرا لیا تھا۔ تاہم بعد ازاں یہ تیسرا شخص بھی فوت ہو گیا تھا۔

داعش کی جانب سے جاری ویڈیو میں کرنل الجورانی اپنے گھٹنوں پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں، جبکہ ان کے پیچھے ایک نقاب پوش مسلح شخص کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے ایک جانب داعش کا پرچم موجود ہے۔

منی بجٹ پر قومی اسمبلی میں گرما گرمی، اپوزیشن حکومت پر برس پڑی

قومی اسمبلی میں منی بجٹ پر گونج سنائی دی جانے لگی، اپوزیشن حکومت پر برس پڑی اور گرما گرما دیکھی جانے لگی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران اپوزیشن منی بجٹ کے معاملے پر حکومت پر برس پڑی، مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر جگہوں پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے منی بجٹ معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک سرنڈر 1971 میں کیا تھا، اس سے زیادہ خطرناک سرنڈر اب کیا جا رہا ہے، حکمران پاکستان کی خودمختاری کو سرنڈر کرنے جا رہے ہیں، خدا کے لیے معاشی خودمختاری سرنڈرنہ کریں، منی بجٹ اور مرکزی بینک سے متعلق بل خود مختاری ختم کرنے کے مترادف ہے، سٹیٹ بینک میں پہلے ہی گورنر کی صورت میں وائسرائے آچکا ہے۔ سٹیٹ بینک آئی ایم ایف کی لوکل برانچ بن چکا ہے۔ ہم اس وقت انٹرنیشنل مالیاتی اداروں کی کالونی بن چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، غنڈہ گردی کے خلاف ڈھال بننا ہو گا، ممبران اسمبلی احساس کریں، سٹیٹ بینک، منی بجٹ کی ڈٹ کرمخالفت کریں گے، مشکل حالات سے نکلنے کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کریں، 4 دن ہو گئے ہیں حکومت سے کورم پورا نہیں ہو رہا، منی بجٹ کے بعد ایٹمی پروگرام کے حوالے سے سکیپ کیا جائے گا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس منی بجٹ کے حوالے سے ایوان کے اندر اور باہر چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں، عوام پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تباہ حال ہے۔ سب کواس حوالے سے تشویش ہے، اگرکوئی منی بل، منی بجٹ آئے گا توعوام کے دکھوں میں اضافہ ہوگا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کو پاکستان کی معاشی خودمختاری پر تشویش ہے، تین سال میں میکرو اکنامک اعشاریہ نہیں بگڑے، ملکی معاشی خودمختاری کی حفاظت اس ایوان کی ذمہ داری ہے، ایٹمی طاقت پر قومی اتفاق تھا اور رہے گا، پاکستان کی ایٹمی طاقت پر کمپرومائز سے متعلق تمام وسوسے دل سے نکال دیں، ایوان کا کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اپوزیشن کو بھی کردار ادا کرنا ہو گا، اس ایوان کو فعال دیکھنا ہے تو بار بار کورم کی نشان دہی مفاد میں نہیں، پرائیویٹ ممبر ڈے پر اپوزیشن کا ایجنڈا زیر بحث لایا جاتا ہے، اپوزیشن فراخ دلی کا مظاہرہ کرے تو معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔
وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی اور سیاحت کے شعبے کو مکمل طور پر صوبوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی ڈی سی کے اثاثے اور ملازمین صوبوں کے حوالے کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے، مرکزی سطح پر ٹورزم بورڈ کام کرے گا، حکومت مقامی و غیر ملکی سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔
جے یو آئی (ف) کے رکن اسمبلی زاہد درانی نے کہا کہ کل میرے حلقے میں ٹیچراحتجاج کر رہے تھے، بلدیاتی الیکشن میں تحصیل بکا خیل میں خواتین ٹیچرز پر تشدد کیا گیا، تحصیل بکا خیل میں ظلم کرنے والا صوبائی منسٹرٹرانسپورٹ شاہ محمد ہے، شرم کی بات ہے وزیراعظم میں اگرغیرت ہے تواس وزیرکوبرطرف کرے۔

دکی: مقامی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے افغانی کانکن جاں بحق

دکی کے مقامی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق ہو گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق دکی میں جاں بحق ہونے والے کانکن کی شناخت مسعود خان ولد گل قوم توخئی سکنہ کے نام سے ہوئی ہے۔

جاں بحق ہونے والے کانکن کا تعلق افغانستان سے تھا۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق کانکن کی لاش کو سول ہسپتال منتقل کر کے ضروری کارروائی کے بعد آبائی وطن روانہ کر دیا گیا ہے۔

امریکی ’جاسوس ڈرون آبدوز‘ کا منصوبہ نئے مرحلے میں داخل

دفاعی تحقیق کے امریکی ادارے ’ڈارپا‘ کی نگرانی میں سمندری گہرائی میں خودکار انداز سے سفر کرنے والے ڈرونز کا منصوبہ ’مینٹا رے ڈرون پروگرام‘ اپنے دوسرے اور نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
اس زیرِ آب ڈرون کے بڑے اور پھیلے ہوئے پر ہوں گے جن کی وجہ سے یہ ’مینٹا رے‘ مچھلی کی طرح دکھائی دے گا۔
اس بارے میں خبروں سے صرف اتنا معلوم ہوا ہے کہ ’مینٹا رے انڈر واٹر ڈرونز‘ کی جسامت بہت بڑی ہوگی لیکن اب تک ان کی حتمی جسامت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔
نئے مرحلے کےلیے دو امریکی دفاعی اداروں، نارتھروپ گرومین اور مارٹن ڈیفنس گروپ کو منتخب کیا گیا ہے جو اپنے اپنے طور پر اصل جسامت والے مینٹا رے ڈرونز تیار کریں گے۔
ان میں سے جو ڈیزائن بھی امریکی محکمہ دفاع (پنٹاگون) کو زیادہ مناسب لگے گا، اسی کو آخری اور پیداواری مرحلے کےلیے منتخب کیا جائے گا۔
’ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پروجیکٹ ایجنسی‘ (ڈارپا) کے مطابق، ایسے کسی بھی ڈرون کو سمندر میں لمبے فاصلے تک پہنچنے کے علاوہ نمکین سمندری پانی کے اندر طویل مدت تک محفوظ اور کارآمد حالت میں رہنے کے قابل بھی ہونا چاہیے۔
علاوہ ازیں، ڈارپا کا یہ تقاضا بھی ہے کہ اس ڈرون کو مرمت اور دیکھ بھال کےلیے انسانی مداخلت کی بھی کم سے کم ضرورت پڑے جبکہ اس کی بیٹریاں بھی طاقتور ہوں جو سمندری پانی کے بہاؤ سے خود کو دوبارہ چارج بھی کرسکیں۔
ان تمام خصوصیات کے ساتھ ساتھ ’مینٹا رے‘ ڈرونز کا حساس آلات سے لیس ہونا بھی لازمی ہے تاکہ وہ سمندر کی گہرائی میں رہتے ہوئے دور دراز مقامات پر نظر رکھ سکیں اور امریکی افواج کو دشمن آبدوزوں اور بحری جہازوں کی نقل و حرکت سے بروقت آگاہ کرتے رہیں۔
اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی امریکی فوج کو خلا، فضا اور زمین کے علاوہ سمندر کی گہرائی میں بھی جاسوسی کی صلاحیت حاصل ہوجائے گی۔

امریکا میں اومیکرون کے ریکارڈ کیسز، یورپ میں نئی پابندیاں عائد

کورونا وائرس کا ویرینٹ ’اومیکرون‘ دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور امریکا میں گزشتہ سال رپورٹ ہونے والے کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ یورپ میں مختلف پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

امریکا میں روزانہ کی بنیاد پر کیسز نے رواں سال جنوری میں رپورٹ ہونے والے 2 لاکھ 50 ہزار 141 کیسز کا ریکارڈ توڑ دیا اور امریکی محکمہ صحت کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ملک میں 4 لاکھ 40 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔

امریکی مرکز برائے ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے کہا کہ 25 دسمبر تک امریکا میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں اومیکرون کیسز کی شرح 58.6 فیصد تھی۔

سی ڈی سی کی ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے کیونکہ کرسمس کے دوران ٹیسٹنگ سینٹرز بند تھے جس کی وجہ سے ٹیسٹ نہیں ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ’نئے سال کی آمد پر کیسز کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے‘۔

امریکی ادارہ صحت نے سفری پابندیوں کی فہرست میں مزید ممالک کا اضافہ کرتے ہوئے یورپ کے ممالک مالٹا، مولڈوا اور سویڈن کو بھی شامل کردیا ہے۔

امریکی ماہر متعدی امراض امیش عدلجا نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو بتایا کہ ’ ویکسین کے ذریعے اومیکرون سے حفاظت کی جاسکتی ہے لیکن یہ ویرینٹ کسی کو بھی متاثر کرسکتا ہے‘۔

انہوں نے کہا ’ہم کیسز میں اضافہ ہوتے دیکھ رہے ہیں، ہمیں اس سے لوگوں کو بچانے کے لیے زیادہ متاثرہ افراد پر توجہ مرکوز کرنے اور انہیں ہسپتالوں میں داخل کرنے کی ضرورت ہے‘۔

یورپ میں پابندیاں

دوسری جانب یورپ کے مختلف ممالک میں ’اومیکرون‘ ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد پیرس، لندن اور برلن سمیت دیگر شہروں میں پابندی عائد کرتے ہوئے نئے سال کی تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ کچھ حکام قومی سطح پر پابندی کے خواہ نہیں ہیں۔

اٹلی میں آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کرتے ہوئے نائٹ کلب بند کر دیے گئے ہیں جبکہ نجی تقریبات پر پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔

برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کے ایک لاکھ 29 ہزار 471 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ایک روز قبل برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ رواں سال اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب نئی پابندیاں عائد نہیں کی جائیں گی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق نئے کیسز کی تشخیص شمالی مشرقی صوبے کلاسن میں کرسمس کی شام کو ہوئی، پہلے ایک جوڑا اومیکرون سے متاثر ہوا تھا جو بیلجیئم سے سفر کر کے آیا تھا اور انہوں نے وہاں کنسرٹ، بارز اور مارکیٹوں کا دورہ بھی کیا تھا۔

تھائی لینڈ میں اومیکرون کی تشخیص

تھائی لینڈ میں اومیکرون کے کیسز کی تشخیص کے بعد محکمہ صحت نے شہریوں کو خبردار کردیا ہے۔

تھائی لینڈ کے محکمہ صحت کے سینئر حکام نے کہا کہ گروپ نے سیکڑوں افراد کو متاثر کیا ہے جس کے بعد کیسز دیگر 11 صوبوں میں پھیل گئے ہیں۔

انہوں نے حوالہ دیا کہ اس طرح ایک بار سے متعدد لوگ اومیکرون سے متاثر ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے سال کے موقع پر کسی بھی مقام پر جانا محفوظ نہیں ہے، لہٰذا شہری احتیاط کریں۔

بھارت میں تیسری لہر کا خدشہ

ادھر بھارت میں بھی اومیکرون ویرینٹ نے ملک میں عالمی وبا کی تیسری لہر کا خدشہ پیدا کردیا ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اومیکرون کے 800 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 9 ہزار 195 کیسز سامنے آئے، نئے کیسز کی شرح گزشتہ روز کے مقابلے 44 فیصد زیادہ ہے۔

حال ہی میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق یورپ میں رواں سال 26 دسمبر سے قبل تک کورونا وائرس کے تمام ویرینٹ میں 57 فیصد جبکہ امریکا میں 30 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سعودی عرب میں دوبارہ ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ احتیار کرنے کی پابندی

سعودی عرب  ماسک پہننے کے علاوہ سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی پابندی دوبارہ عائد کر دی گئی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں یہ فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسسز کی وجہ سے کیا گیا ہے، فیصلے کا اطلاق کل 30 دسمبر صبح سات بجے سے ہوگا۔

وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ ماسک نا پہننے والوں کو جرمانہ کی سزا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے نزدیک شہریوں اور غیر ملکی لوگوں کی حفاظت کرنا اولین ترجیح ہے جس کی بنا پر پابندیاں عائد کی جارہی ہے۔

سعودی عرب میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں میں اضافہ ہو رہا ہے وزارت صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 602 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک فرد کا انتقال ہوا جب کہ 147 افراد اس وبا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب، کورونا کیسز میں اضافہ، ایک موت کی تصدیق، سعودی وزارت صحت

سعودی وزارت تجارت نے دسمبر کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ کرونا وائرس کی بوسٹر خوراک یکم فروری 2022ء سے بازاروں اور تجارتی مراکزمیں داخلے کے لیے لازمی شرط قرار دی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کیسز میں کمی کے باعث وزارت نے ایس او پیز میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کھلی جگہوں پر ماسک کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اب وزارت نے کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کے باعث دوبارہ ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔