All posts by Khabrain News

ڈبلیو ایچ او نے یورپ میں کورونا سے مزید 5 لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کردیا

عالمی ادارہ صحت نے یورپ میں کورونا وائرس کی نئی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یورپ میں مارچ تک کم ازکم مزید 5 لاکھ افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کردیا۔ عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر جان کلیوگ نے خبردار کیا کہ اگر کوئی فوری ایکشن نہیں لیا گیا تو یورپ میں کورونا وائرس کی نئی لہر سے مارچ تک مزید 5 لاکھ افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے جس کی وجہ ویکسین کی قلت، سردیوں کی آمد اور علاقائی سطح پر میل جول سے ڈیلٹا ویرینٹ کا مزید پھیلاؤ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ماسک پہننے کے عمل میں اضافہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے جب کہ ویکسین کی بھرپور طریقے سے فراہمی، عوام پر کورونا کے قواعد کا نفاذ اور کورونا وائرس کے جدید طریقوں سے علاج کی مدد سے کورونا کی تازہ لہر سے لڑا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر جان کلیوگ نے کہا کہ کووڈ 19 ہمارے خطے میں ایک بار پھر ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ بن گیا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں وائرس سے لڑنے کے لیے کیا کرنا ہے، ویکسین کو لازمی قرار دینا ہمارا اس لڑائی میں آخری حربہ ہونا چاہیے لیکن اس سے قبل ہمیں ویکسی نیشن کے معاملے پر سوشل اور قانونی فورمز پر بروقت بحث کرانی چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کئی ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے کے سبب جزوی اور مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ پھر سے شروع ہوچکا ہے۔

شرح سود بڑھانا اندھی حکومت کا اندھا دھند اقدام ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں اضافہ موجودہ اندھی حکومت کا ایک اور اندھا دھند تباہ کن اقدام اور نجی صنعت پر حملہ ہے، روپے کی قدر بڑھانے کیلیے برآمدات میں اضافہ، درآمدات میں کمی اور حکومتی خرچے کم کرنے ہوں گے۔
اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں ڈیڑھ فیصد مزید اضافہ اندھی حکومت کا ایک اور اندھا دھند تباہ کن اقدام ہے، پاکستان پر سالانہ مزید 400 ارب سود کی اضافی ادائیگی لاد دی گئی ہے، اس اقدام سے نجی شعبے کو بھی 100 ارب روپے سود کی مد میں زیادہ ادا کرنے پڑیں گے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ شرح سود بڑھا کر نجی صنعت پر ایک اور حملہ کیا گیا، حکومت روپے کی گرتی ہوئی قدر کو روکے، اس کا صحیح طریقہ شرح سود بڑھانا نہیں بلکہ برآمدات میں اضافہ ہے، حکومت کو درآمدات میں کمی کرنا ہوگی اور حکومتی خرچے کم کرنا ہوں گے۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ حماقت در حماقت کر کے حکومت خوش گمانی میں مبتلا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روپے کی بے قدری کو شاید روک لیا جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے پچھلے ہفتے کے انڈیکس میں 15 فیصد اضافہ تھا، بڑا اضافہ 60 فیصد کا بجلی کے نرخوں میں تھا، پرائس انڈیکس میں 70 فیصد کا اضافہ ایل پی جی کی قیمت میں تھا، ان دونوں اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کا سود شرح سود سے کوئی تعلق نہیں، ان قیمتوں کا اضافہ صرف حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ہوا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ حکومت عام آدمی کی زندگی اجیرن کرنے کا دوسرا نام ہے، عوام کے کچن کا بجٹ دگنا سے زائد ہوگیا، تاریخ کی مہنگی ترین گیس ہونے کے باوجود بھی عوام کو گیس فراہم نہیں ہو رہی۔

مر جائیں گے لیکن ظالم کی حمایت نہیں کریں گے: سعد رضوی

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد رضوی نے کہا ہے کہ مرجائیں گے لیکن ظالم کی حمایت نہیں کریں گے۔ لاہور میں شہدائے ناموس رسالت ﷺ کانفرنس سے خطاب میں سعد رضوی کا کہنا تھاکہ ہمارے قائد نے بتایا پہلے میدان لگانا پڑتا ہے، ہم مرجائیں گے لیکن ظالم کی حمایت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ جو کہتے ہیں یہ کیا ہوا انھیں کہا کہ ہمارے شہید بھی بازی جیت گئے، ہمارے زخمی بازی جیت گئے، ہماری مائیں بھی بازی جیت گئیں، وہ بازی کیا ہے سمجھنے والے سمجھ گئےہیں، مال وجان دینے کے بعد پھر لوگ کہہ رہے ہیں کرنا کیا ہے۔ دوران خطاب سعد رضوی نے سوال کیا کہ آپ نے اعتماد کیا اس میں بد دیانتی تو نہیں ہوئی؟ اب ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ڈبے خالی نہیں ہونے چاہیئیں۔ ان کا کہناتھاکہ مفتی منیب الرحمان سے لےکر نیچے تک سب کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سربراہ ٹی ایل پی نے کہا کہ کمزور نظریے والے کےہاتھ میں ایٹم بم بھی ہو تو وہ کچھ بھی نہیں، آپ کا سب کچھ گیا ہے ہمارا کچھ نہیں گیا۔

پیٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کر دیا

تفصیلات کے مطابق آئل ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کچھ روز قبل ہڑتال کا اعلان کیا تھا تاہم حکومتی یقین دہانیوں کے بعد انہوں ںے ہڑتال موخر کردی تھی تاہم آج انہوں نے ایک بار پھر پیٹرول کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے پر ہڑتال کا اعلان کررہے ہیں کیوں کہ حکومت 6 فیصد مارجن پر جھوٹی تسلیاں دے رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ 25 نومبر کو کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔

سیاستدان کا احتساب ٹیکس کی بنیاد پر ہونا چاہیے، شاہد خاقان

سسابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ نیب لوٹے بنانے اور وفاداریاں تبدیل کرانےکا آلہ بن چکا، لوٹوں، منافقوں اور وفاداریاں بیچنے والوں سے قومیں نہیں بنتیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کے بغیر یہ ملک آگے نہیں بڑھےگا، نیب اس وقت پاکستان کا سب سے کرپٹ ترین ادارہ ہے جو لوگوں کے ضمیر خریدنے، انہیں بلیک کرنے اور حکومتوں کے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے کام آتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاستدان کا احتساب ٹیکس کی بنیاد پر ہونا چاہیے ، کوئی 50 کروڑ روپےکے گھر اور6 کروڑ روپےکی گاڑی میں پھرتا ہے تو اس سے پوچھیں کتنا ٹیکس دیا ہے، ہم نے ترامیم دیں کہ جج بنانے سے پہلے اس وکیل کی10 سال کی ٹیکس ریٹرن دیکھیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب کے انتقام کا نشانہ صرف سیاستدان بنے، چیئرمین نیب بتائیں کہ کس سیاست دان سے کتنی رقم برآمد کی اور کس سیاست دان کو سزا ہوئی؟
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جن کیسز میں سزا ہوئی وہ سب کے سامنے ہیں، نیب کی تفتیش اور عدالتوں میں سماعت کے دوران کیمرے لگانے چاہئیں تاکہ لوگوں کو اصل حقائق کا پتہ چل سکے۔

فائرنگ سےکوئلےکی کان میں کام کرنے والے 3 محنت کش جاں بحق

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلےکی کان میں کام کرنے والے 3 محنت کشوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرنگ کول فیلڈ میں کلی زودلان کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فا ئر نگ سے 3کان کن جاں بحق ہوگئے۔
واقعےکے بعد ریسکیو اور ضلعی ا نتظامیہ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ جاں بحق افراد کا تعلق افغانستان سے ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعےکی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ڈیجیٹل میپنگ کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں ہونگی،وزیر اعظم

وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ای وی ایم پر احتجاج کی طرح لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹل میپنگ کے دوران بھی احتجاج کیا گیا،وزیر اعظم نے لینڈ ریکارڈ کے ڈیجیٹل سروے اور قبضہ کی زمینوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

عمران خان نےکہا کہ سروے کے نتائج سے پتہ چلا احتجاج کیوں کیا جارہا تھا، سیاسی اشرافیہ،قبضہ مافیا نے ریاستی اور جنگلات کی زمینوں پر قابض تھے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی،لاہور اسلام آباد اور ریاست کی تقریبا 5595 ارب کی مالیت کی زمین پر قبضہ ہے۔

عمران خان نےکہا کہ جنگلات کی 1869 ارب کی زمینوں پر قبضہ ہے  جبکہ فاریسٹ کور کی کمزوری کیوجہ سے زمینوں پر قبضہ ہوا۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ درست ڈیجیٹل میپنگ کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف سخت کاروائیاں ہونگی، قبضہ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔

مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کا ولیمہ لاہور میں ہوگا تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان میں شادی کی تیاریاں شروع کردیں گئیں ہیں ،مسلم لیگ ن کے رہنما مریم نواز کے صاحبزادے کی لاہور میں دعوت ولیمہ کی تاریخ طے ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق جنید صفدر کا دعوت ولیمہ 17 دسمبر کو لاہور میں ہو گا، جنید صفدر کا دعوت جاتی امراء میں ہو گا۔ خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف سے ہوئی تھی، جنید صفدر اور عائشہ سیف کا نکاح22اگست کو لندن میں ہوا تھا۔ مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی بہو اور بیٹے کی تصاویر جاری کی تھیں اور دونوں کو دعا دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللّہ ہمیشہ خوش اور آباد رکھے۔

شاہین شاہ آفریدی پر آئی سی سی نےجرمانہ عائد کردیا

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹی 20 میں شاہین آفریدی نے تھرو پھینکی تھی شاہین کی تھرو لگنے سے بنگلہ دیش کے بلے بازعفیف حسین زخمی ہوگئے تھے۔

یہ تھرو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کی تھی۔

گزشتہ روز ہی  بنگلہ دیشی بلے کو رن آؤٹ کرنے کی کوشش میں گیند مارنے پر فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے معذرت کر لی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا کہ شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیشی بیٹر عفیف حسین کو گلے لگایا اور ان سے اپنے رویے پر معذرت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

گیس بحران سمیت تمام مسائل کا حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے : بلاول بھٹو

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے ملک بھر میں گیس کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  موجودہ دور حکومت میں عوام کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہو گئے ۔ عمران خان گیس بحران کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے کے لئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں،  اگر حکومت بروقت ایل این جی منگوالیتی تو آج یوں ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو آج مکمل کرلیا جاتا تو ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا نہ ہوتا، ایک جانب عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ کیا اور دوسری جانب مہنگی گیس بھی عوام کی پہنچ سے دور کردی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گیس بحران سے نمٹنے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج صنعتیں اپنے برآمدی آرڈرز تک پورے نہیں کرپارہیں ، گیس بحران سمیت دیگر مسائل سے نجات کا حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔