All posts by Khabrain News

کراچی والوں پر بجلی گرانے کا منصوبہ، قیمت میں بڑے اضافے کی درخواست

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی نجی کمپنی کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں بڑے اضافے کی درخواست کردی۔

کے الیکٹرک کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواست دی گئی جس میں  بجلی 5 روپے 18 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کے مطابق درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی جس میں کےالیکٹرک نے نومبرکی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی 31 روپے 70 پیسے کا اضافہ مانگا ہے۔

نیویارک پولیس کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی نژاد ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے تک ترقی پاگیا

نیویارک پولیس کی تاریخ میں پہلی بار کوئی پاکستانی نژاد امریکی شہری ترقی پاکر ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے تک پہنچ گیا۔
پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے عدیل رانا کو کیپٹن کے عہدے سے ترقی دیکر ڈپٹی انسپکٹر بنایا گیا۔
اس سے پہلے عدیل رانا کو نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ میں کیپٹن کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی اور وہ پہلے امریکی مسلمان کمانڈنگ آفیسر تھے۔
امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بھی ڈپٹی انسپکٹر نیویاررک پولیس مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

شاہین کو ابھی کپتانی سے منع کیا تھا: شاہد آفریدی

سابق کپتان شاہد آفریدی نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے لاہور قلندرز کے کپتان مقرر ہونے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

حال ہی میں شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم کو ایک ساتھ لے کر چلنا شاہین کے لیے بہت بڑی ذمہ داری ہوگی، مجھ سے اس حوالے سے بات ہوئی تھی تو میں نے مشورہ دیا تھا کہ ایک دو سال رُک جاؤ۔

سابق کپتان نے کہا کہ میں نے شاہین سے کہا تھا کہ فی الحال اپنی تمام تر توجہ بولنگ پر ہی مرکوز رکھو اور تھوڑا سا اور کھیلو۔

شاہد آفریدی نے مسکراتے ہوئے کہا لیکن وہ بھی آفریدی ہے، اس نے بھی نہیں سننی تھی، یہ شاہین کا اپنا فیصلہ ہے، اچھی بات ہے ایک کھلاڑی کو پر اعتماد انداز میں اپنے فیصلے لینے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیکھنے کا عمل ہے، ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے ترقی ملے، ہر کھلاڑی کی یہ بھی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی فرنچائز یا قومی سطح پر ٹیم کی رہنمائی کرے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے سہیل اختر کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کردیا ہے۔

اندرون ملک جانے والی پروازیں متاثر، متعدد تاخیر کا شکار، شیڈول جاری

کراچی : اندرون ملک جانے والی نجی ایئرلائنوں کا فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کے باعث شیڈول میں تبدیلی کرکے جاری کیا گیا ہے۔

کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئر لائن ایئر بلو کی پرواز پی اے 402کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، پرواز کی روانگی میں تاخیر پر ایئرپورٹ پر مسافروں نے احتجاج کیا۔

اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پرواز کو صبح8بجے روانہ ہونا تھا، طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز دوپہر12بج کر45نٹ پر روانگی متوقع ہے۔

اس کے علاوہ کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئرلائن سرین ایئر تاخیر کا شکار ہوگئی، پرواز ای آر522ساڑھے10بجے روانہ ہونا تھا۔

طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز ایک بجے کی روانگی متوقع ہے، کراچی سے پشاور جانے والی نجی ایئر لائن ایئر بلو کی پروازپی اے602 کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پرواز کو دوپہر12بجے روانہ ہونا تھا، طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز3بجے روانہ ہوگی۔

کابل میں پاسپورٹ آفس کے قریب دھماکا

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاسپورٹ آفس کے گیٹ کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

ترجمان کابل سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کابل میں دھماکا محکمہ پاسپورٹ کے سامنے ایک کار میں ہوا ہے۔

دھماکے کی نوعیت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی کسی جانی نقصان کے حوالے ابھی کچھ واضح معلوم ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کئی ہفتوں کی معطلی کے بعد پاسپورٹ آفس سروس بحال ہونے کے بعد حالیہ دنوں میں سفری دستاویزات حاصل کرنے کے لیے افغانیوں کا ایک بڑا ہجوم پاسپورٹ آفس کے باہر جمع رہتا ہے۔

بھارت: لدھیانہ کی عدالت میں دھماکا، 2 افراد ہلاک

بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ کی عدالت میں زوردار دھماکے سے 2 افراد ہلاک اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لدھیانہ کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے اندر 12 بج کر 22 منٹ پر زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی وجوہات کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے لیکن دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 5 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب دھماکے کے فوری بعد بھارت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عدالت کا گھیراؤ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ہم تھوڑا سا معاشی طور پر سنبھلتے ہی ہیں پھر ڈالر اوپر چلا جاتاہے، وزیراعظم

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے ملکی دولت باہر منتقل ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے لاہور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون، ٹیکنا پولس کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ہائر ایجوکیشن کے وزیر کو منصوبے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ٹیک کمپنیاں دنیا کا مستقبل ہیں، ہماری 22 کروڑ کی آبادی میں 60فیصد نوجوان ہیں، ہماری آئی ٹی کی برآمدات 2 ارب ڈالر ہیں، ٹیک کمپنیاں دنیا کا مستقبل ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے انقلاب سے ہم تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں، کاروبار میں آسانی کیلئے رکاوٹوں کو دور کیا جارہا ہے، برآمدات میں اضافہ کیے بغیر ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی، مہنگی درآمدی اشیا کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے، ڈالر اوپر جائے تو قرض بڑھ جاتاہے اور حکومت کوادائیگی کرنی ہوتی ہے، ہم تھوڑا سا معاشی طور پر سنبھل جاتے ہیں پھر ڈالراوپر جاتاہے۔

عمران خان نے کہا کہ ڈالرز کی کمی کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافہ دو بڑے مسائل ہیں، ماضی میں برآمدات پر توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے 40سال میں 70کروڑ افراد کو غربت سے نکالا اور منصوبہ بندی سے کرپشن پر قابو پایا، کرپشن کی وجہ سے ملکی دولت باہر منتقل ہو رہی ہے، کرپشن سے ملکی جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے اور معاشی کمزوریاں پیداہوتی ہیں۔

ایک اور معصوم کلی مرجھا گئی مالکان کے مبینہ تشدد سے 8 سالہ گھریلو ملازمہ جاں بحق

پتوکی کی رہائشی 8 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ طورپر مالکان کے تشدد سےجاں بحق ہو گئی۔
مصباح نامی بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بچی گوجرانوالہ میں محمدعثمان نامی شخص کےگھرکام کرتی تھی، مصباح کے جسم پرتشدد کے نشانات ہیں اور اسے قتل کیاگیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا اور ایف آئی آر میں کہا گیا ہےکہ والد کو اطلاع دی گئی کہ بچی شدیدبیمار ہے، لاہور کے اسپتال آجائیں، اسپتال پہنچے تو بتایا گیا کہ بچی دم توڑ گئی۔
پولیس نے بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی جب کہ والدین نے وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

لالیگا :گرینیڈا نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی

اسپینش فٹ بال لیگ لالیگا میں گرینیڈا نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔
لالیگا کے اس میچ میں پہلے ایٹلیٹکو میڈرڈ نے برتری حاصل کی، یہ گول دوسرے منٹ میں فلیکس نے اسکور کیا جبکہ گرینیڈا نے کھیل کے 17ویں منٹ میں خسارہ پورا کردیا، یہ گول ڈارون میچس نے اسکور کیا، پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں گرینیڈا کے مولینا نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی، ابتداء میں ریفری نے گرینیڈا کے کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے کر گول رد کردیا تھا مگر ری ویو دیکھنے کے بعد فیصلہ گرینیڈا کے حق میں دے دیا۔
گرینیڈا کی یہ برتری کھیل کے اختتام تک برقرار رہی جس نے یہ مقابلہ دو ایک کے اسکور سے اپنے نام کرلیا۔

اٹک ریفائنری نے گیس بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا

اٹک ریفائنری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) عادل خٹک نے وزارت توانائی اور پیٹرولیم کی منصوبہ بندی پر سوال اٹھا دیے۔

عادل خٹک کا کہنا ہے کہ پاکستان ریفائنری اور بائیکو بند ہو چکی ہیں، نیشنل ریفائنری کے بھی بند ہونے کا خطرہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تین چار دن ہم سے فرنس آئل اٹھایا گیا مگر اب پھر دو دن سے نہیں اُٹھا رہے ہیں، ایک پلانٹ ہم بند کر چکے ہیں اور اگر یہی صورت حال رہی تو دوسرا بھی بند کرنا پڑ سکتا ہے۔

سی ای او اٹک ریفائنری نے کہا کہ اللہ نہ کرے ہمیں پوری ریفائنری بند کرنی پڑے جس سے گیس کا بحران شدید ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لوکل ریفائنریز سے فرنس آئل لے نہیں رہی، اوپر سے فرنس آئل درآمد کر لیا، اب بھی فرنس آئل کا ایک جہاز  پورٹ پر کھڑا ہے۔