All posts by Khabrain News

بھارت میں ایک شخص ویکسین سے بچنے کیلئے درخت پر چڑھ گیا

طبی عملہ دسمبر کے آخر تک بھارتی ریاست تلنگانہ میں 100 فیصد ویکسی نیشن کا ہدف گھر گھر جاکر پورا کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن مقامی آبادی ابھی بھی تحفظات کا شکار ہے۔
آبادی کی جانب سے ایسی ہی پس و پیش کا واقعہ ضلع سنگریدی میں پیش آیا جہاں ایک شخص ویکسین سے بچنے کیلئے پیڑ پر چڑھ گیا۔
غوث الدین نامی آدمی کے گھر جب ویکسی نیشن والا عملہ پہنچا تو وہ گھر سے باہر بھاگ گئے اور قریبی پیڑ پر چڑھ گئے۔ حالانکہ ان کے اہلخانہ، جن میں انکے والد سردار علی بھی شامل تھے، نے انہیں منانے کی بہت کوشش کی لیکن 33 سالہ غوث الدین نے ماننے سے انکار کردیا۔
سنگریدی میں ہی مزاحمت کا ایک اور واقعہ پیش آچکا ہے جس میں محلے والوں نے ویکسی نیشن سے انکار کردیا اور طبی عملے پر حملہ کیا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی،بھارت نے بنگلا دیش کو ہرادیا

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے بنگلا دیش کو 0-9 گول سے ہرا دیا ہے۔
ہاکی کی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے جاری ہیں جس میں جاپان اور کوریا کا سنسنی خیز میچ 3-3سے ڈرا ہوگیا جبکہ بھارت نے بنگلا دیش کو شکست دیدی۔
پاکستان اور بھارت کا 17دسمبر کو مقابلہ ہو گا ،پاک بھارت میچ دوپہر اڑھائی بجے شروع ہو گا ۔
میگا ایونٹ میں ایشیا کی پانچ بہترین ٹیمیں شامل ہیں جن میں پاکستان انڈیا،جاپان،کوریا اور بنگلا دیش شامل ہیں

سیالکوٹ واقعے کے بعد دنیا میں کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کے بعد ہم دنیا میں کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں۔
راولپنڈی آرٹس کونسل میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسیحی برادری کی پاکستان کے لیے خدمات کسی مسلمان سے کم نہیں ہیں بلکہ زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک کسی مسیحی کو بھیک مانگتے ہوئے نہیں دیکھا، وہ محنت سے روزگار کماتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ سب پاکستان کے وزیر داخلہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشی میں برابر کے شریک ہیں۔
شیخ رشید احمد نے دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی۔

افغانستان کو ضرورت کے وقت تنہا چھوڑنا کسی کے مفادمیں نہیں، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کو ضرورت کے وقت تنہا چھوڑنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی برائے افغانستان کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت وفاقی وزرا، مشیران، اعلیٰ سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔
ایپکس کمیٹی کے شرکا نے افغانستان میں ہنگامی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے دنیا افغانستان سے قطع تعلق کی غلطی نہیں دہرائے گی، افغانستان کے ساتھ تعلقات منقطع کرنا دنیا کے لیے نقصان دہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی بحران سے بچنے کیلئے افغانستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا،حکومت پاکستان نےافغان عوام کی مددکیلئے5ارب روپےمختص کیے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے راستے افغان عوام کو امداد دینے والے بین الاقوامی اداروں کوسہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم عمران خان 2021 کی پسندیدہ شخصیات میں شامل

وزیراعظم عمران خان 2021 میں سب سے زیادہ سراہے جانے والے افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔
برطانوی تنظیم کے سروے کے مطابق وزیراعظم عمران خان 2021 میں سب سے زیادہ سراہے جانے والی شخصیات میں شامل ہیں۔ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی بھی فہرست کا حصہ ہیں۔
سب سے زیادہ سراہے جانے والی شخصیات میں مردوں کی فہرست میں سابق امریکی صدر براک اوباما بدستورپہلے نمبر پرہیں۔بل گیٹس دوسرے اورچینی وزیراعظم شی جن پنگ تیسرے نمبرپرہیں۔
وزیراعظم عمران خان اورملالہ یوسفزئی 2018 اور2019 میں بھی سب سے زیادہ سراہے جانے والی شخصیات میں شامل تھے۔
سابق امریکی صدربراک اوباما کی اہلیہ مشعل اوباما سال 2021 کی سب سے زیادہ سراہے جانے والی خواتین میں سرفہرست ہیں۔ دوسری پوزیشن ہالی وڈ کی اداکارہ اورانسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی اینجلینا جولی کی ہے جبکہ تیسرا نمبر ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کا ہے۔
2021 میں سب سے زیادہ سراہے جانے والے افراد کی فہرست میں ملالہ یوسفزئی 9 ویں اوربالی وڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑہ 10 ویں نمبرپرہیں۔ سابق مس ورلڈ اوربالی وڈ اسٹارایشوریہ رائے بچن، بھارتی کرکٹرسچن ٹنڈولکر اورفٹ بالرکرسٹیانو رونالڈو بھی سراہے جانے والوں میں شامل ہیں۔
سروے کے لئے 38ممالک میں 42 ہزارافراد سے رائے لی گئی تھی۔

عمرانی حکومت 7 روپے فی لیٹر کی ڈنڈی عوام کو مار گئی، پرویز رشید

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر ن لیگ کے رہنما پرویز رشید کا رد عمل سامنے آیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں پرویز رشید نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے مطابق فی لیٹر کمی 12 روپے تک ہونی چاہیے تھی، گزشتہ ماہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش بھی آٹھ روپے کمی کی تھی، عمرانی حکومت یہاں بھی 7 روپے فی لیٹر کی ڈنڈی عوام کو مار گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’سچ ہے چور چوری سے چلا بھی جاۓ لیکن ہیرا پھیری سے نہیں جاتا۔‘

خیال رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 5 روپے کم کی ہے۔

پاکستان کیساتھ ملکر القاعدہ، داعش اور ٹی ٹی پی کیخلاف کام کریں گے: امریکی سفیر

پاکستان کے لیے نامزد امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ پاکستان سے تجارتی اور معاشی تعلقات بڑھانا امریکا کے مفاد میں ہے۔

 امریکا کی سینیٹ کمیٹی برائے خارجہ تعلقات میں بیان دیتے ہوئے ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ بطور سفیر پاکستان پر زور دوں گا کہ دہشت گرد گروہوں کےخلاف بلا تفریق کارروائی کرے، پاکستان اور امریکا القاعدہ، داعش اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف مل کر کام کریں گے۔

ونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان پر زور دیا جائے گا کہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کے خلاف بھی کارروائی کرے، خطہ کسی اور تنازع کا متحمل نہیں ہو سکتا، ساتھ ہی پاکستان اور بھارت کے مابین تناؤ کو کم کرنے پر بھی کام کیا جائے گا، باہمی اور  دوطرفہ تعلقات کے لیے بھارت اور پاکستان دونوں کو ہی کام کرنا ہوگا۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے ساتھ سلوک نے پاکستان کا امیج خراب کیا، اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے لیے بھی آواز  اٹھائی جائے گی، پاکستان کوکہا جائےگا کہ صحافیوں اور انسانی حقوق کے نمائندوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے شہباز گل کا کہنا تھاکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 140 روپے82 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 137روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 109 روپے53 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

شہباز گل کا کہنا تھاکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 107 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

قیمتوں میں کمی کا اعلان وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم وفاقی وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہوگا۔

پارکر سولر پروب: ناسا کے خلائی جہاز نے سورج کی فضا میں سے گزر کر تاریخ رقم کر دی

پارکر نامی خلائی جہاز نے تاریخ میں پہلی بار سورج کی بیرونی فضا میں سے گزر کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے اسے تاریخی موقع قرار دیا ہے۔

پارکر سولر پروب نے سورج کے گرد موجود خطے میں کچھ ہی دیر کے لیے غوطہ لگایا۔ اس خطے کو کورونا کہا جاتا ہے۔

خلائی جہاز نے ایسا اپریل میں کیا تھا مگر ڈیٹا کے تجزیے سے اب جا کر اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کام کے لیے پارکر کو بے انتہا گرمی اور الٹرا وائلٹ شعاعیں جھیلنی پڑیں مگر اس سے سائنسدانوں کو نئی معلومات حاصل ہوئی ہیں کہ ہمارا سورج کیسے کام کرتا ہے۔

ناسا کے سورج پر تحقیق کے ذمہ دار شعبے ہیلیوفزکس سائنس ڈویژن کی ڈائریکٹر نکولا فوکس کہتی ہیں: ’جس طرح چاند پر کھڑے ہونے سے سائنسدانوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ یہ کیسے وجود میں آیا، ویسے ہی سورج کو چھونا انسانیت کے لیے بہت بڑا موقع ہے جس سے ہمیں ہمارے قریب ترین ستارے اور نظامِ شمسی پر اس کے اثرات کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوں گی۔‘

واٹس ایپ صارفین کی بڑی مشکل حل،انقلابی فیچر متعارف

پیغامات کی دنیا کی سب سے بڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے آئے روز نت نئے فیچر میں اضافہ اور تبدیلی کرتی رہتی ہے جس سے صارفین کی مشکلات میں کمی واقع ہوتی ہے۔
میٹا کی زیر ملکیتی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ایک مرتبہ پھر صارفین کی بڑی مشکل حل کرتےہوئے انقلابی فیچر متعارف کروادیا ہے ۔
واٹس ایپ کی جانب سے اپنے نئے فیچر سے متعلق صارفین کو آگاہ کرنے کیلئے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس کے مطابق واٹس ایپ صارفین اب اپنی سہولت کیلئے اپنے آڈیو پیغام کو بھیجنے سے پہلے سن سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر واٹس ایپ کی جانب سے اپنے نئے فیچر سے متعلق صارفین کو آگاہ کرنے کیلئے ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس کے کہا گیا کہ واٹس ایپ صارفین اب اپنی سہولت کیلئے اپنے آڈیو پیغام کو بھیجنے سے پہلے سن سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے رواں سال مئی میں بیٹا ورژن صارفین کے لیے آڈیو میسج کے حوالے سے ایک فیچر متعارف کرایا گیا تھا، جس کے تحت وہ کسی بھی آڈیو پیغام یا وائس نوٹ کو ٹوایکس رفتار تک بڑھا کر جلدی سُن سکتے ہیں۔