All posts by Khabrain News

پی آئی اے کے جہاز کے چلتے ہی زوردار آوازیں آنے لگيں، مسافرخوفزدہ ہوکر طیارے سے اُتر گئے

قومی ائیر لائن پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی کی پرواز 301 کے طیارے میں خطرناک آوازوں کے باعث مسافروں نے سفر سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ اسی طیارے کو اُ ڑانے پر بضد رہی جس کے بعد تقریبا 8گھنٹے کے بعد پرواز طیارے میں موجود 168مسافروں میں سے صرف 6کو لیکر کراچی روانہ ہوگئی۔
پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی کی صبح 10 بجے روانہ ہونے والی پرواز نے 2 گھنٹے تاخیر سے پرواز بھری توطیارے نے فضا میں شدید جھٹکے لینا شروع کردیے جس سے مسافروں کی چیخیں نکل گئی ، 20منٹ کی پرواز کے بعد طیارے کو واپس اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتارلیاگیا۔
ذرائع کے مطابق فنی خرابی کے باوجود مسافروں کو طیارے سے نہیں اتاراگیا، اے سی بند ہونے کے باعث شدید حبس میں مسافروں کو طیارے میں بٹھائے رکھا جس سے مسافروں اور بچوں کی حالت غیر ہوگئی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر پی آئی اے عملے سے طیارہ تبدیل کرنے کی درخواست کرتے رہے جبکہ عملہ اسی طیارے پر مسافروں کو لیجانے پر بضد رہا، طیارے نے 3 بار پرواز کی کوشش کی لیکن ہر بار طیارے سے خطرنا ک آوازیں آنے پر اسے واپس اتارلیا گیا۔
مسافروں کا کہنا تھا پی آئی اے عملہ بورڈنگ کارڈ واپس کر رہا ہے نہ طیارے سے اترنے دے رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسافروں کے احتجاج پر اے ایس ایف اہلکار طیارے میں داخل ہو گئے اور کئی گھنٹے سے طیارے میں محصور مسافروں کو خاموشی سے بیٹھے رہنے کی تنبیہ کرتے رہے ۔
تاہم 6 بجے کے قریب مسافروں کے شدید احتجاج کے بعد طیارے کا دروازہ کھول دیا گیاجس کے بعد168 مسافروں میں سے صرف 6 مسافر طیارے میں موجود رہے۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے 301 کے 70 مسافر طیارے سے اتر گئے،باقی 54 مسافروں کیلئے متبادل پرواز 309 کا انتظام کیا گیا، جبکہ پرواز پی کے 301 صرف6 مسافروں کو لیکر کراچی روانہ ہوگئی ۔

پی ایس ایل 7:جیسن روئے گلیڈی ایٹرز،جورڈن کنگز اور فخر قلندرز میں شامل

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے ساتویں سیزن کا آغاز آئندہ سال 27 جنوری سے کراچی میں ہوگا اور پہلا میچ دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔

ڈرافٹنگ میں تمام فرنچائزوں نے اسکواڈز کے لیے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کی کوشش کی اور اپنے اپنے اسکواڈز میں کھلاڑیوں کی فہرست مکمل کر لی جس کے بعد اسکواڈز کی تفصیلات کچھ یوں ہے۔

ملتان سلطانز

محمد رضوان، رائلی روسو، ٹم ڈیوڈ، صہیب مقصود، عمران طاہر، اوڈین اسمتھ، شان مسعود، خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی، رومان رئیس، آصف آفریدی، انور علی، روومین پاول، عمران خان سینئر، عباس آفریدی، عامر عظمت، بلیسنگ مزربانی اور احسان اللہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

سرفراز احمد، جیمز ونس، جیسن روئے، جیمز فالکنر، افتخار احمد، محمد نواز، شاہد آفریدی، محمد حسنین، نسیم شاہ، عمر اکمل، سہیل تنویر، بین ڈکٹ، خرم شہزاد، نوین الحق، عبدالواحد بنگلزئی اورمحمد اشعر قریشی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز حصہ ہونگے۔

لاہور قلندرز

شاہین شاہ آفریدی، راشد خان، فخر زمان، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف، محمد حفیظ، عبداللہ شفیق، فل سالٹ، ہیری بروک ، سہیل اختر، ذیشان اشرف، احمد دانیال، کامران غلام، ڈین فاکس کرافٹ، زمان خان، معاذ خان، سمیت پٹیل اورسید فریدون لاہورقلندر کی ٹیم میں شامل ہیں۔

پشاور زلمی

وہاب ریاض، لیام لیونگسٹن، حضرت اللہ زازئی، شعیب ملک، شرفین ردرفورڈ، حیدر علی، ثاقب محمود، حسین طلعت، عثمان قادر، ٹام کوہلر کیڈمور، سلمان ارشاد، ثمین گل، کامران اکمل، سراج الدین، محمد عامر خان، بین کٹنگ، محمد حارث۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

کولن منرو، آصف علی، حسن علی، مرچینٹ ڈی لانگے، شاداب خان، فہیم اشرف، ایلکس ہیلز، محمد وسیم جونیئر، اعظم خان، محمد اخلاق، ریس ٹوپلی، دانش عزیز، ظفر گوہر، پال اسٹرلنگ، مبشر خان، محمد ذیشان، رحمٰن اللہ گرباز، اطہر محمود۔

کراچی کنگز

بابر اعظم، کرس جورڈن، عماد وسیم، لوئس گریگری، محمد نبی، محمد عامر، جو کلارک، شرجیل خان، عامر یامین، عمید آصف، ٹام ابیل، روہیل نذیر، محمد عمران، محمد الیاس، فیصل اکرم، قاسم اکرم، طلحہ احسن اور روماریو شیفرڈ۔

پنجاب پولیس میں تبادلے، 5 ماہ میں چوتھا ڈی آئی جی آپریشنز لاہور تبدیل

پنجاب میں ایک بار پھر متعدد اعلیٰ پولیس افسروں کے تبادلے کر دیئے گئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر عابد خان کو ڈی آئی جی آپریشنز لاہور تعینات کر دیا گیا، وہ پی ٹی آئی کے پچھلے 5 ماہ میں چوتھے اور 3سال میں8 ویں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ہیں۔
ان سے پہلے ساجد کیانی ، سہیل چوہدری اور احسن یونس ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رہ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ ذوالفقار حمیدکو ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ ،غلام مبشر میکن کو سی پی او فیصل آباد اور ایس ایس پی اشفاق عالم کو ترقی دےکرسینٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی انٹرنل اکاؤٹبیلٹی لگا دیا گیا ہے ۔

کوئٹہ: ویڈیو اسکینڈل سے متاثرہ لڑکیوں کو اب تک بازیاب نہ کرایا جا سکا

کوئٹہ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور انہیں بلیک میل کرنے کے اسکینڈل میں ایک اورلڑکی کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا ۔
عدالت نے ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ویڈیوز میں نظر آنے والی دو لڑکیوں کو پولیس تاحال بازیاب نہ کرسکی ان لڑکیوں کے افغانستان میں موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔
کوئٹہ میں لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوبناکر بلیک میل کر نے میں ملوث گرفتار دو ملزمان ہدایت اللہ اور خلیل احمد کے خلاف ایک اور لڑکی نے قائد آباد تھانے میں جنسی ہراسگی اور بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کرادیا جس کے بعد ملزمان کے درج مقدمات کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کو کوئٹہ کی جوڈیشنل مجسٹریٹ نائین کی عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ مقدمے میں مطلوب تیسرے ملزم شانی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ملزمان سےبرآمد موبائل،ویڈیوز اوریو ایس بیز کو فرانزک کے لیے پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے ۔
ویڈیو اسکینڈل میں نظر آنے والی دولڑکیوں کے بارے میں پولیس کی جانب سے انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ افغانستان میں ہیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لاپتا لڑکیاں افغانستان میں ہیں، ان کی والدہ بھی منظرعام سےغائب ہیں جبکہ متاثرہ لڑکیوں کی والدہ سے رابطے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مشیر داخلہ ضیا لانگو کے مطابق لڑکیوں کی بازیابی کےلیے افغان حکام سے بھی رابطہ ہے۔
ضیا لانگو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وڈیو اسکینڈل میں ملوث کسی شخص کو طاقتورشخص بھی نہیں بچاسکے گا، واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائيں گے۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات ابھی سامنےنہیں لاسکتے، تفتیش کیلئے جس ادارے کی ضرورت ہوگی مدد لیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کی بازیابی کیلئےافغان حکام سےرابطے میں ہیں۔

حافظ سعد رضوی نے الیکشن میں جیت کا اعلان کردیا

تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان نے پی پی 206 خانیوال سٹی پارک میں جلسے کا انعقاد کیا جس میں حافظ سعد رضوی نے شرکت کی۔ خانیوال پی پی 206 کے ضمنی انتخاب میں حاجی شیخ محمد اکمل تحریک لبیک کے امیدوار ہیں، غلام غوث رضوی، ظہیرالحسن شاہ بخاری، راؤ وکیل قادری، عابد رضوی، علامہ غلام عباس فیضی، سرور شاہ و دیگر جلسہ میں شریک ہوئے جبکہ جلسہ گاہ میں پاکستان تحریک لبیک کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی۔

سربراہ تحریک لبیک حافظ سعد رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن 16 دسمبر کو ہے لیکن آپ ابھی جیت گئے ہو، حکومت نے سر کے بالوں سے لے کر پاو¿ں کے ناخن تک زور لگا لیا کہ لبیک نہ ہو لیکن پھر بھی لبیک ہو رہی ہے۔ہمار ایجنڈا اسلامی، جھنڈا بھی اسلامی اور جھنڈے کا ڈنڈا بھی اسلامی ہے، جیت ہار مقدر ہے لیکن میدان بندے کے پتروں کی طرح لگاو¿، پہلے سب ٹیڑھے کام سیدھے کروا لیں پھر دین بھی تخت پر آ جائے گا۔

 سعد رضوی نے مزید کہا آپ نے الیکشن کےدن پر کسی کو کچھ نہیں کہنا لیکن آنکھیں کھلی رکھنی ہیں جبکہ مفتی سرور کا کہنا تھا تحریک لبیک کا ایجنڈا ہے کہ دین تخت پر لانا ہے جس کیلئے الیکشن میں حصہ لینا ضروری ہے۔

رجسٹرڈ پارٹیوں کی فنڈنگ عوام کے سامنے ہونی چاہیے:فواد چودھری

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس پرویسےکام نہیں ہورہاجیسےہوناچاہیے،الیکشن کمیشن تینوں بڑی پارٹیوں کا فنڈنگ ریکارڈ ایک ساتھ سامنے لائے، فنڈنگ تحقیقات کا آغاز بے شک پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور ن لیگ سے کیا جائے ،تمام سیاسی جماعتوں کےکھاتےعوام کےسامنےآنےچاہئیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، بہت سی شدت پسند جماعتیں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں،ن لیگ کے ایک بھی ڈونر کا ریکارڈ موجود نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹیوں کی فنڈنگ لوگوں کےسامنے آنی چاہیے،پیپلزپارٹی کا 2009سے 2012تک فنڈنگ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں،فنڈنگ کے ذرائع ابھی تک کسی کو معلوم نہیں ہیں،خیبر پختونخوا ڈویژن میں ن لیگ کا کبھی احتساب ہی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تینوں بڑی پارٹیوں کا فنڈنگ ریکارڈ ایک ساتھ سامنے لائے،جے یو آئی کی فنڈنگ پر بہت اعتراضات ہوتے رہے ہیں،فنڈنگ تحقیقات کا آغاز بے شک پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی، ن لیگ سے کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل وزیراعظم کے دل کے قریب ہیں، بلوچستان کے مسائل حل کرنا تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع کا فوج کو ایران پر حملے کی تیاری کا حکم

اسرائیلی وزیر دفاع بنی گینٹز نے صیہونی فوج کو ایران پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع بنی گینٹز امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران پر دباؤ بڑھانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع بنی گینٹز نے فوج کو ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کا حکم دے دیا ہے اور انہوں نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو بھی ایران پر حملے کی تیاری سے آگاہ کر دیا ہے۔
عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دنیا کی ایران کے ساتھ جوہری معاملے پر بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور بین الاقوامی برادری جان گئی ہے کہ ایران ان کے ساتھ گیم کھیل رہا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران پر فوجی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے صیہونی فوج کو اسٹرائیک کے لیے تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ جاری ہے۔

لاہور میں پاکستان سپر لیگ 7 کی ڈرافٹنگ کی تقریب میں فرنچائزز  پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ اور سلور کیٹیگری میں اسٹارز منتخب کررہی ہیں۔ ڈرافٹنگ میں 32 ممالک کے 125 کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔

پلاٹینیم کیٹگری:

لاہور قلندرز نے پلاٹینیم کیٹگری میں فخر زمان، کراچی کنگز نے کرس جورڈن، اسلام یونائیٹڈ نے کالن منرو، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیسن روئے جب کہ پشاور زلمی نے حضرت اللہ زازئی کو منتخب کرلیا۔

متعلقہ خبر: کس فرنچائز نے کس کو ٹیم میں برقرار رکھا؟

ڈائمنڈ کیٹیگری:

پاکستان سپر لیگ 7 کی ڈرافٹنگ کے دوران ڈائمنڈ کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مرچنِٹ ڈی لانگے، کراچی کنگز لوئس گریگوری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیمز فالکنر کو منتخب کرلیا۔

باس نے ڈانٹا کیوں؟ خاتون ورکر نے آفس میں 21 کروڑ روپے سے زائد کا تیل جلا دیا

دفتر میں ملازم اور باس کے درمیان نوک جھونک کے واقعات تو دنیا بھر کے اداروں میں دیکھنے میں آتے ہیں لیکن تھائی لینڈ میں پیش آئے اس واقعے نےسب کو حیرت میں ڈال دیاہے۔
تھائی لینڈ کے ایک تیل کے گودام میں کام کرنے والی 38 سالہ خاتون اپنے باس سے ناراض تھی جس کے باعث خاتون نے انتہائی خوفناک اقدام اٹھاتے ہوئے تیل کے گودام کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں گودام میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا تیل جل گیا۔
رپورٹ کے مطابق تیل کے گودام میں آگ لگنے کا واقعہ 29 نومبر کو اس وقت پیش آیا جب این شریا نامی خاتون نے ایک کاغذ کا ٹکڑا جلا کر پیٹرول کے کنٹینر پر پھینک دیا جس کے نتیجے میں تھائی لینڈ کے صوبے نیکھم پیتھون میں واقع پریپاکارن آئل ویئر ہاؤس میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے سے گودام کے مالکان کو 40 ملین تھائی بھات یعنی 9 لاکھ پاؤنڈز (21 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کا نقصان ہوا۔
بعد ازاں آگ کو فائر ٹینڈرز کی مدد سے بجھاتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا گیا جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے باس کی ڈانٹ ڈپٹ سے ناراض تھی، باس کی جانب سے خاتون کو کام بہتر بنانے کے ہدایات کی جاتی تھیں جس سے تنگ آکر خاتون نے گودام کو آگ لگا دی۔

بھارتی وزیر اعظم کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ’مختصر وقت‘ کے لیے ہیک کرلیا گیا۔

اس حوالے سے وزارت عظمیٰ کی جانب سے جاری ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ بہت مختصر وقت کے لیے ہیک کرلیا گیا تھا۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ مذکورہ معاملہ ٹوئٹر انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا اور نریندر مودی کا اکاؤنٹ فوری طور پر محفوظ کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں ٹوئٹ میں صارفین سے درخواست کی گئی کہ وہ ’اس دوران ہونے والی ٹوئٹس کو نظر انداز کردیں‘۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ذاتی ٹوئٹر اکاونٹ پر 7 کروڑ 30 لاکھ فولوورز ہیں اور ہیک کیے جانے کا دورانیہ نہیں بتایا گیا۔

اس حوالے سے ٹوئٹر انتظامیہ نے غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے متعلق معلومات ملتے ہی ضروری اقدامات کیے گئے۔

ٹوئٹر انتظامیہ نے مزید بتایا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ فی الحال کسی دوسرے متاثرہ اکاؤنٹس کی کوئی علامت نہیں ہے۔

نریندر مودی کے اکاؤنٹ سے کرپٹو کرنسی کے متعلق کی جانے والی ٹویٹس فوری طور پر ہٹا دی گئیں۔

ایک ٹوئٹر ہینڈلر سندیپ نے بھارتی وزیر اعظم کے اکاؤنٹ پر بٹ کوائن کا اشتہار چل سے متعلق آگاہ کیا۔