All posts by Khabrain News

امریکا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی، 50 ہلاکتوں کا خدشہ

واشنگٹن: امریکا کی مختلف ریاستوں میں تیز رفتار بگولوں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا جس میں 50 افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاستوں کینٹکی، آرکنساس، الینوائے، میزوری اور ٹینیسی میں طوفان کی رفتار سے چلنے والے بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ کئی عمارتیں تباہ، ٹریفک کا نظام معطل اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

گورنر کینٹکی کا کہنا ہے کہ ایک طاقت ور بڑا بگولہ 110 افراد سے ٹکرایا ہے جس میں کم از کم بھی 50 ہلاکتوں کا خدشہ ہے جب کہ دیگر علاقوں میں صورت حال اچھی نہیں۔

طوفانی ہواؤں اور بگولوں نے سب سے زیادہ نقصان ریاست کینٹکی میں پہنچایا ہے۔ گریوز کاؤنٹی اور مے فیلڈ ٹاؤن میں بھی عمارتیں تباہ ہوئیں جب کہ گریوز کاؤنٹی کورٹ ہاؤس اور اس سے متصل جیل کو بھی نقصان پہنچا۔

اسی طرح ریاست آرکنساس میں 2 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے اور ریاست الینوئے میں ایمیزون ویئر ہاؤس کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔

تمام ریاستوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

’میٹا فیس بک‘ نے پہلی ورچوئل ریئلٹی سوشل ایپ متعارف کرادی

رواں برس اکتوبر میں اپنا نام ’فیس بک انکارپوریٹڈ‘ سے ’میٹا انکارپوریٹڈ‘ کرنے کے بعد کمپنی نے اپنی پہلی ورچوئل ریئلٹی (وی آر) سوشل گیم ایپلی کیشن متعارف کرادی۔

’فیس بک‘ کو اب ’میٹا‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور کمپنی نے اپنا نام ورچوئل ریئلٹی (وی آر) اور آگمینٹڈ ریئلٹی (اے آر) کی دنیا میں قدم رکھنے کی وجہ سے کیا۔

نئی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے میٹا نے اب پہلی وی آر سوشل گیم ایپلی کیشن ’ہاریزن ورلڈس‘ (Horizon Worlds) متعارف کرادی۔

میٹا کے مطابق نئی سوشل وی آر گیمنگ ایپلی کیشن کو ابتدائی طور پر امریکا اور کینیڈا میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے مفت میں متعارف کرایا گیا ہے، تاہم جلد ہی اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

فیس بک نے مذکورہ ایپ کو متعارف کرنے کا اعلان 2019 میں کیا تھا، تاہم طویل تاخیر کے بعد اب اسے ابتدائی طور پر امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے۔

’ہاریزن ورلڈس‘ دراصل ورچوئل ریئلٹی کی گیمنگ ایپلی کیشن ہے جسے ہیڈ سیٹ کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ایپ کو استعمال کرنے کے لیے میٹا پلیٹ فارمز یعنی فیس بک یا ’اوکلس‘ کا اکاؤنٹ ہونا لازمی ہوتا ہے اور مذکورہ ایپ میں مختلف طرح کی گیمز ہیں۔

مذکورہ گیم ایپلی کیشن میں ایسے فیچرز یا کھیل بھی ہیں، جنہیں کھیل کر لوگ پیسے بھی کما سکتے ہیں جب کہ اپنا سوشل نیٹ ورک بھی بنا سکتے ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ گیم ایپلی کیشن کو اگلے چند ماہ میں یورپ اور بعد ازاں ایشیائی ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

میٹا نے ماضی میں بھی فیس بک کے پلیٹ فارم سے ’اوکلس‘ سمیت دیگر نام سے ورچوئل ریئلٹی کے پلیٹ فارم متعارف کرا رکھے ہیں۔

امریکا نے چین، میانمار، شمالی کوریا اور بنگلادیش پر پابندیاں عائد کردیں

امریکا نے چین، میانمار، شمالی کوریا اور بنگلادیش پر پابندیاں عائد کردیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے چین، میانمار، شمالی کوریا اور بنگلادیش کے درجنوں افراد اور ان ممالک سے تعلق رکھنے والے اداروں پر بھی وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق پابندیاں عائد کی ہیں۔

اس کے علاوہ امریکا نے چین کی ایک مصنوعی انٹیلی جنس کمپنی کو بھی سرمایہ کاری کی بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا اور برطانیہ نے بھی میانمار میں انسانی حقوق کی پامالی پر پابندیاں عائد کی ہیں جب کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے شمالی کوریا پر ایک نئی پابندی عائد کی ہے۔

جوبائیڈن انتظامیہ نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر یہ پابندیاں عائد کیں جن میں میانمار کی فوج کے کچھ اداروں پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور کینیڈا کے ساتھ مل کر ہمارا یہ ایکشن ایک پیغام ہے کہ دنیا بھر میں جمہوری طاقتیں ان لوگوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گی جو ریاست کی رٹ کو پامال کریں گے۔

امریکی حکام نے کہا کہ امریکا انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث افراد کو قابل احتساب بنانے کے لیے اپنے تمام طریقے استعمال کررہا ہے۔

امریکی سینیٹرز کی وزیراعظم سے ملاقات، خطے کے امن و استحکام پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے انٹیلی جنس کے ارکان کے وفد نے ملاقات کی جہاں افغانستان سمیت خطے اور عالمی امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق امریکی سینیٹ کے 4 رکنی وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جن میں سینیٹر اینگس کنگ، سینیٹر رچرڈبر، سینیٹر جان کورنین اور بینجمن سیس شامل تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے افغانستان کے عوام کی فوری مدد کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا تاکہ انسانی بحران اور معاشی تباہی سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی سمیت دیگر سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون نہایت اہم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے امریکی وفد پر زور دیا کہ وہ خطے کے امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم آفس نے بتایا کہ اگر بھارت کی جانب سے سازگار ماحول پیدا کیا گیا تو ہم اپنی طرف سے وہ اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں، جن سے خطے میں امن اور استحکام ہوگا۔

وزیراعظم نے امریکی سینیٹ کے وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھاتی کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے بتایا کہ آر ایس ایس کے انتہاپسند اور توسیع پسند نظریہ سے متاثر بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) سے خطے کے امن اور استحکام کو خطرہ ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق عالمی امن اور استحکام کے لیے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاؤشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امریکی سینیٹرز نے حال ہی میں 15 اگست کو افغانستان سےامریکی شہریوں سمیت دیگر کے انخلا میں مدد پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔

امریکی سینیٹرز نے باہمی مضبوط اور وسیع تعلقات کے عزم کو دوہرایا اور زور دیا کہ آبادی کی تعداد اور خطے میں اسٹریٹجک اہمیت کے تحت تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

قبل ازیں ترجمان دفترخارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکی سینیٹ کے وفد کا استقبال کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چاروں امریکی سینیٹرز سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے انٹیلی جنس کے ارکان ہیں جبکہ سینیٹر کنگ آرمڈ سروسز کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔

اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود سندھ اسمبلی میں بلدیاتی ترمیمی بل منظور

سندھ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے باوجود بلدیاتی ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔

ہفتہ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو سندھ بلدیاتی ایکٹ میں ترمیمی بل کو دوبارہ غور کے لیے پیش کیا گیا۔

اس دوران اپوزیشن نشستوں پر کھڑی ہوگئی اور بل کی منظوری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نا منظور، نامنظور اور حق پر ڈاکہ نامنظور کے نعرے لگائے جبکہ اپوزیشن رہنما حلیم عادل شیخ نے اسے کالا قانون قرار دیا۔

وزیر بلدیات سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بل 2021 پیش کیا جسے منظور کر لیا گیا۔

اسپیکر آغا سراج درانی نے رولنگ میں بل کی منظوری کا اعلان کیا جس پر اپوزیشن نے ان کی ڈائس کے سامنے احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ بل کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اس لیے بنایا گیا کہ ڈی ایم سیز درست پرفارم نہیں کررہے تھے، اس میں منتخب نمائندوں کا رول کردار ہونا چاہیے، پہلے وزیر اعلیٰ اور پھر وزیر بلدیات چیئرمین تھے لیکن اب میئر اس کا چیئرمین ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن کا مطالبہ تھا جسے تسلیم کر لیا گیا ہے، نئے بل میں ان باتیں مان لی ہیں لیکن اس کے باوجود شور مچایا جارہا ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی اداروں کو زیادہ اختیارات دیے ہیں، جو نمائندے آئیں گے ان کو زیادہ اختیارات دیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بل کی منظوری کے بعد اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ان پڑھ اپوزیشن سے زیادہ خراب کوئی اور چیز نہیں ہے، یہ بل منظور ہو گیا ہے اور اب گورنر صاحب کے پاس جائے گا جس کے بعد یہ 10 دن کے اندر قانون بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بل صوبے کی امنگوں کے عین مطابق ہے، جس دن یہ بل پیش ہوا تھا ہم نے اس دن بھی کہا تھا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کی طرف سے 12 دسمبر کی ڈیڈ لائن تھی اور انہوں نے اب اس میں 15 دن کی توسیع دی ہے، اگر یہ سنجیدہ تھے تو ترمیم پیش کر سکتے تھے لیکن جب ترامیم پیش کرنے کا وقت آیا تو شور مچاتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو سفارشات تھیں وہ اس میں شامل کی جا چکی ہیں اور اس بل میں ہوسکتا ہے کہ مزید بہتری کی گنجائش ہو، اگر کوئی ترمیم لانا چاہتا ہے تو پرائیویٹ بل لا سکتا ہے، اگر حکومت کو ضرورت ہو گی تو وہ بھی ایک ترمیم لائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ سندھ اسمبلی ہے، میرے بڑے بھی اس اسمبلی رہے ہیں، یہاں جو لسانیت شروع کی گئی ہے کہ قبضہ نامنظور وہ درست نہیں، یہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کیا صوبے پر قبضہ کرا رہی ہے، ہم اسمبلی میں اکثریت میں ہیں، اس صوبے کے عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے، جب سے پیپلز پارٹی بنی ہے، صوبے میں پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ چاہتے ہیں کہ اسلام آباد سے آ کر قبضہ ہو جائے جو یہ چاہ رہے تھے، سندھ کے لوگ یہ نہیں ہونے دیں گے، ہم پاکستان کا حصہ ہیں اور ہمیں پاکستان کا حصہ سمجھیں، ایسے حالات نہ پیدا کریں کہ لوگ کچھ اور سوچنا شورع ہو جائیں.

انہوں نے کہا کہ ایک رکن نے کہا کہ کیا ناصر شاہ روہڑی سے آ کر کراچی کے فیصلے کریں گے لیکن بتادوں کہ ناصر شاہ سندھ اور پاکستان کے ہیں اور اگر سندھ کے لوگ ناصر شاہ کو منتخب کریں گے تو وہ سندھ کے فیصلے کریں گے، تم لوگ اقلیت میں ہو اور اقلیت میں ہی رہو گے اور کبھی فیصلے نہیں کرو گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ لسانیت پھیلانے والا لندن میں بیٹھا ہے اور اس کو اب یہ خود بھی نہیں مانتے، لیکن اس کی سوچ ان کے ذہنوں سے نکلی نہیں ہے، آپ نے اس سے لاتعلقی کا اعلان تو کردیا ہے لیکن اس کی سوچ اپنے ذہنوں سے نکال نہیں سکے ہیں، سندھ اور اس کے عوام سے محبت کروں لیکن کیونکہ تمہارے دل میں سندھ اور اس کے عوام کی محبت نہیں ہے اس لیے ہر دفعہ تم مسترد ہو جاتے ہو۔

انہوں نے کہا کہ سب اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بل لایا گیا ہے، یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ ٹاؤن سسٹم لایا جائے تو وہ لے آئے لیکن سوال کیا گیا ہے کہ کوئی بھی فرد کیسے بن سکتا ہے لیکن میں جماعت اسلامی کے معزز رکن سے پوچھتا ہوں کہ کیا مرحوم نعمت اللہ کسی کونسل کے رکن تھے۔

مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کے رویے پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ بل پاس کرنے والی اکثریت پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا رہے تھے، یہ چیزیں مناسب نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے تحت میئر واٹر بورڈ میں شریک چیئرمین ہو گا، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منظور شدہ قانون میں ڈویژنل کارپوریشنز کا چیئرمین میئر کو بنایا ہے اور اکثر محکموں کے ساتھ ساتھ صوبے بھر کے ہسپتالوں کی نگرانی لوکل کونسل کو دی ہے۔

یوکرائن میں فوجی مداخلت : برطانیہ نے روس کو دھمکی دے دی

لیور پول : برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرَس نے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن پر دوبارہ حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرَس نے ماسکو حکومت پر زور دیا کہ وہ یوکرائن میں فوجی مداخلت سے باز رہے۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب اطلاعات ہیں کہ روسی افواج یوکرائن کی سرحد کے قریب صف بندی کرچکی ہیں۔ یاد رہے کہ روس نے مبینہ طور پر یوکرائن کی سرحدوں کے قریب فوجی موجودگی بڑھا رکھی ہے تاہم ماسکو نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لِز ٹرَس نے کہا کہ اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو یہ حکمت عملی کے حوالے سے اس کی ایک بڑی سنگین غلطی ہوگی جس کے انتہائی سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

لِز ٹرَس نے یہ بھی کہا کہ آزاد جمہوری ممالک کو روسی گیس اور امداد پر اپنا انحصار کرنا چاہیے۔ تاہم روس ایسے تمام تر الزامات مسترد کرتا ہے کہ وہ یوکرائن پر حملے کی منصوبہ بندی میں ہے۔

یوکرائن اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن بھی ایسے خطرات کا اظہار کر چکے ہیں کہ آئندہ برس کے اوائل میں روس ایک مرتبہ پھر یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے۔

تاہم روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے حال ہی میں کہا تھا کہ دراصل مغربی طاقتیں یوکرائن میں اپنی عسکری موجودگی بڑھانے کی خاطر بہانے تلاش کر رہی ہیں۔

لیور پول میں منعقد ہونے والی جی سیون رکن ممالک کی وزرائے خارجہ کی میٹنگ سے قبل برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برداری کی کوشش ہے کہ روس کو عسکری طاقت کی نمائش سے باز رکھا جائے۔

انہوں نے ہفتے کے دن سات امیر ترین صنعتی ممالک کے وزرائے خارجہ کو لیور پول میں خوش آمدید کہا اور صحافیوں کو بتایا کہ اس میٹنگ میں کووڈ کی عالمی وبا، بلقان اور یوکرائن کے بحران کے علاوہ افغانستان کی صورتحال پر زیادہ توجہ رہنے کی توقع ہے۔

پاک فضائیہ کے شہید پائلٹ راشد منہاس کی والدہ انتقال کرگئیں

نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پائلٹ آفیسر شہید راشد منہاس کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس رضائے الٰہی سے انتقال کرگئیں۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر نے بیگم رشیدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل نے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ ائیر چیف مارشل نے دعا کی کہ اللہ غمزدہ خاندان کو یہ دکھ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

تین سے چار ماہ میں دنیا میں مہنگائی کم ہوگی تو پاکستان میں بھی کمی ہوگی، وزیراعظم

میانوالی:  وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 2 سے 4 ماہ میں عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کمی ہوگی۔ 

میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میانوالی کے کارکنوں کا خاص طور پر مشکورہوں، اگر آج میں وزیراعظم ہوں تو یہاں کے کارکنوں کی وجہ سے ہوں، جب میرے ساتھ کوئی نہیں تھا تو یہاں کے کارکنو ں نے ساتھ دیا، حکومت کے 5 سال پورے ہونے کے بعد میانوالی کی ترقی نظر آئے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں کے لیے ماضی میں کچھ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یہ علاقے پیچھے رہ گئے، پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے کام کریں گے، ملک میں مہنگائی ہے اس کا ادراک ہے، لیکن یہ بھی بتاؤں کہ پاکستان ابھی بھی سب سے سستا ملک ہے، مسئلہ یہ ہے کہ چند مہینوں میں پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے کوئلے، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں تو پاکستان میں بھی بڑھانا پڑیں، لیکن 2 سے 4 ماہ میں عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کمی ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ 20 لاکھ خاندانوں کے لئے کامیاب پاکستان اسکیم بنائی ہے، جس کے ذریعے ان خاندانوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر 30 فیصد رعایت دیں گے، ان لوگوں کو پیسے دیں گے تاکہ یہ چیزیں انہیں کم قیمت پر ملیں، ان خاندانوں کے لئے 5 لاکھ روپے بلاسود قرض کی اسکیم تیار کی ہے، کسانوں کے لئے دیہاتوں میں بلاسود قرضے دیں گے، ہرخاندان کو 27 لاکھ روپے گھر بنانے کے لئے دیئے جائیں گے، اب پنجاب بھر میں ہرخاندان کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، یہ سلسہ جنوری سے شروع کریں گے اور پورے پنجاب کے ایک ایک خاندان کو مارچ تک کارڈ مل جائیں گے، جس میں 10 لاکھ روپے کے علاج کی سہولت ہوگی، جن کے پاس ہیلتھ کارڈ ہوں گے وہ پاکستان میں کسی بھی اسپتال میں کہیں سے بھی علاج کراسکیں گے، سب سے زیادہ پیسہ نوجوانوں کی تعلیم پر خرچ کریں گے، پنجاب اور خیبرپختون خوا کے  62 لاکھ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے  47 ارب روپے کی اسکالر شپ دیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا  کہ میں نے یہاں کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، اور نہ کسی کی غلامی کریں گے، ایک دن آئے گا کہ پاکستان ایک آزاد ملک بنے گا جو اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر اپنے فیصلے خود کرے گا، وہ فیصلے عوام کے فائدے کے لئے ہوں گے۔

’پہچانو تو مانیں‘، ہربھجن نے ماضی کی یادگار تصویر شیئر کردی

سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ماضی کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔ْ
ہربھجن سنگھ نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پر یہ تصویر جاری کی جو انڈر نائنٹین کرکٹ ورلڈکپ 1998/99 کی ہے۔
ہربھجن سنگھ نے تصویر کے کیپشن میں سوشل میڈیا صارفین سے تصویر میں موجود دو کرکٹرز کو پہچاننے کا بھی کہا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین سابق کرکٹر کی پوسٹ پر اپنے جوابات دے رہے ہیں۔
ہربھجن سنگھ کی جانب سے جاری تصویر میں ان کے ایک طرف ہرے رنگ کی ٹی شرٹ میں پاکستان کے سابق کرکٹر حسن رضا ہیں جب کہ دوسری طرف جنوبی افریقا کے کرکٹر عمران طاہر کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا

بزدار حکومت کا ایمرجنسی سروسز کی تیز رفتار فراہمی کے لئے ایک اور بڑا اقدام، وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ عثمان بزدار نے بٹن دبا کر ایپلی کیشن کو لانچ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن سے ایمرجنسیز کو بروقت رسپانس کرنے میں مدد ملے گی، ریسکیو سروس اب تک ایک کروڑ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کرچکی ہے، پنجاب کے دور درازعلاقوں میں ریسکیو ائیر ایمبولینس جلد شروع کر دی جائے گی۔