اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کی زمینیں آصف زرداری کا پانامہ ہیں، محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد سندھ میں ان تمام عمارتوں کو نذر آتش کیا گیا جن میں زمینوں کا ریکارڈ تھا۔ اعلیٰ عدلیہ کو بتاتا ہوں کہ یہ سب اصل ریکارڈ 2 جگہوں پر موجود ہے۔ امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے پیچھے ہے، ملک کو معاشی طور پر اسی باعث اس حال تک پہنچایا گیا۔ یہ انکشافات سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کئے انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے 4 سنیٹرز نے بتایا کہ آرمی چیف نے سینٹ میں کہا کہ جب خلا آتا ہے تو اسے پر کیا جاتا ہے۔ نوازشریف نے 3 سال تک وزارت خارجہ کا عہدہ اپنے پاس رکھا جس سے ملک کا بڑا نقصان ہوا۔ وزیر خارجہ تو ایسا ہونا چاہئے جو ہفتے میں تین چار دن باہر گزار دے اور تمام ممالک سے تعلقات کو بہتر بنائے۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ خدارا بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کو ذلیل نہ کریں اس سے قوم کی بدنامی ہوتی ہے۔ آرمی چیف کا اشارہ ان سیاسی لیڈروں کی جانب تھا جو دبئی، لندن میں بیٹھ کر سیاست کرتے ہیں۔ سینئر تجزیہ کار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نوازشریف نے پرویز رشید اور مشاہد اللہ کو خاص طور پر آرمی چیف سے سخت سوال کرنے پر شاباش دی۔ پرویز رشید نے جنرل باجوہ سے کہا کہ مذہبی گروپ کو ہمارے گلے نہ ڈالیں بلکہ ان کی ایک کور بنا دیں۔ آرمی چیف نے سینٹ کو بریفنگ میں یہ بھی کہا کہ ہم وزارت داخلہ کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں۔ ایک بڑے سیاسی رہنما نے کئی سال قبل ایٹمی پروگرام ختم کرنے کے عوض بڑی رقم مانگی تھی جس پر غیر ملکی اخبارات میں آرٹیکل بھی چھپے تھے۔ چند ماہ قبل ایک اور اہم سیاسی شخصیت نے پھر وہی بات کی جب ان سے پوچھا گیا کہ اتنے قرصے کہاں سے اتاریں گے تو اس شخصیت نے کہا کہ فلاں شخص کا منصوبہ بڑا اچھا تھا اگر اس پر عمل کر لیا جاتا۔