دمشق (ا ے این این)شام کے مرکزی بینک نے 2 ہزار پاﺅنڈ کا نیا نوٹ جاری کیا ہے جس میں پہلی بار ملک کے صدر بشار الاسد کی تصویر آویزاں ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام کے مرکزی بینک کے گورنر دورید درغم نے بتایا کہ 2 ہزار پاﺅنڈ کا نیا نوٹ ان متعدد نوٹوں میں سے ایک ہے جنہیں کئی برسوں قبل پرنٹ کیا گیا تھا تاہم ملک میں امن عامہ کی مخدوش صورتحال اور ایکسچینج ریٹ میں اتار چڑھا ﺅکی وجہ سے انہیں گردش میں نہیں لایا جا سکا تھا۔شام کے موجودہ شرح تبادلہ کے حساب سے 2 ہزار شامی پانڈ کا نیا نوٹ 4 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ شام کی کرنسی میں 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے بعد سے تیزی سے گراوٹ واقع ہوئی ہے، 2010 میں ایک ڈالر 40 شامی پاﺅنڈ کا تھا جب کہ اب ایک ڈالر 500 شامی پانڈ کا ہو گیا ہے۔گورنر مرکزی بینک کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ کرنسی نوٹوں کی حالت کو دیکھتے ہوئے 2 ہزار پانڈ کا نیا نوٹ مارکیٹ میں لانے کا یہی بہترین وقت تھا۔