Tag Archives: pakistan air cheif

پاک فضائیہ کے سابق سربراہ اصغر خان انتقال کرگئے

راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ سابق ایئرچیف مارشل اصغر خان 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔فضائیہ کے تاریخ دان، سیاستدان، سماجی رہنما اور تھری اسٹار جنرل ریٹائرڈ اصغر خان راولپنڈی میں انتقال کرگئے، اصغر خان کو پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔اصغر خان 17 جنوری 1921 کو مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہوئے، ان کے والد بریگیڈئیر رحمت اللہ خان کا تعلق شمالی وزیرستان کی وادی تیرہ سے تھا جو برطانوی فوج کیلئے کشمیر میں ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔قیام پاکستان کے بعد اصغر خان خاندان سمیت ایبٹ آباد منتقل ہوئے جہاں انہوں نے مستقل سکونت اختیار کی اور ان کے چھوٹے بھائی کے علاوہ تمام بھائیوں نے پاکستان آرمڈ فورسز میں خدمات انجام دیں۔اصغر خان نے 1939 میں انڈین آرمی میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی اور 1940 میں وہ انڈین ایئر فورس میں شامل ہوئے، انہوں نے 45-1944 میں برما مہم میں کمانڈ کی۔قیام پاکستان کے بعد 1947 میں ہی اصغر خان پاکستان ایئر فورس کے پہلے کمانڈنٹ بنے اور 1950 میں انہیں پاک فضائیہ کے پہلے ایئرآپریشن کے ڈائریکٹر جنرل ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔1957 میں اصغر خان پاک فضائیہ کے پہلے مقامی کمانڈر ان چیف بنے اور 1965 میں انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دیا۔