لاہور (خصوصی رپورٹ) اولاد کی جانب سے والدین کی جائیداد جعلسازی سے ہتھیانے کے واقعات کی روک تھام کیلئے صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے مسودہ قانون تیار کر لیا گیا‘ جس کے تحت اولاد والدین کو گھر سے نکال سکے گی نہ ہی ان سے جعلسازی سے جائیداد چھین سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے صوبہ میں والدین سے برا سلوک کرنے والی اولاد کے خلاف نیا مسودہ قانون تیار کر لیا گیا جس کے نفاذ کے بعد اولاد اپنے والدین سے برا سلوک نہیں کر سکے گی۔ مسودہ قانون میں واضح کیا گیا کہ کوئی بھی اولاد اس قانون کے نفاذ کے بعد اپنے والدین سے جعلسازی سے جائیداد نہیں چھین سکے گی۔ اگر کوئی اولاد والدین کے ساتھ برا سلوک روا رکھتے ہوئے مذکورہ قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خلاف ورزی کی مرتکب پائی جانے والی اولاد کو 6 ماہ قید کے علاوہ 3لاکھ روپے جرمانے تک کی سزا سنائی جا سکے گی۔