Tag Archives: Prime Minister Nawaz Sharif Of Pakista
توانائی بحران….وزیر اعظم نے قوم کو خوشخبری سنا دی
اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے توانائی مسئلے پر توجہ نہیں دی توانائی کی منصوبہ بندی ہمارا اقتصادی وژن ہے ۔ منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ توانائی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں ۔بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ غفلت اور تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاﺅس میں ان کی زیر صدارت توانائی منصوبوں پر جاری پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس میں کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو وزارت پانی و بجلی کی جانب سے بجلی کے جاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ وزارت ملک بھر میں جاری توانائی منصوبوں کی نگرانی کر رہی ہے اور 2018 کے مارچ تک 10 ہزار 996 میگاواٹ بجلی نظام میں شامل ہو جائے گی۔جس سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے 2017 کے آخر تک نہ صرف ترسیلی نظام میں بہتری کا عمل مکمل ہو گا بلکہ نئی ٹرانسمیشن لائنوں سے ترسیلی نظام میں 90 فیصد رکاوٹیں بھی ختم ہو جائیں گی۔وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب میں بتایا کہ توانائی کی منصوبہ بندی حکومت کا وژن ہے اور بہتر حکمت عملی کے تحت 2018 میں بجلی کے مسئلے کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا جبکہ 2022 تک 3000 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر کے منصوبوں پر حکومت توجہ دے رہی ہے اور انشاءاللہ پاکستان آنے والے کئی سالوں میں توانائی بحران سے نہ صرف چھٹکارہ حاصل کرے گا بلکہ اپنی ضروریات سے زیادہ بجلی کی پیداوار سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بتایا کہ ماضی کی حکومتوں کو بھی قوم کی خدمت کرنے کے مواقع ملے لیکن کسی نے بھی گزشتہ 15 سالوں میں ملک کی توانائی ضروریات اور مسائل پر توجہ نہیں دی بلکہ اپنی ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دے کر قوم کے وسائل نہ صرف لوٹا بلکہ وافر مقدار میں موجود وسائل سے استفادہ کرنے کی بجائے ضائع کر دیا تاہم موجودہ حکومت ملک کی ترقی سے متعلق وژن رکھتی ہے اور مناسب حکمت عملی کے تحت قوم کے وسائل کو استعمال کر کے ان کو عوام کی فلاح کے لئے استفادہ کے قابل بنانا ہے انہوںنے بتایا کہ حکومت کی ملک کی ترقی کے لئے وژن کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملکی تاریخ میں توانائی کے شعبے میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ توانائی منصوبہ بندی کا واحد مقصد ملک سے صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں بلکہ ملکی معاشی صلاحیت سے استفادہ کے لئے توانائی کی وافر مقدار پیدا کرنا بھی ہے ۔حکومت کی جاری توانائی منصوبوں سے نہ صرف ملک کی موجودہ توانائی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ مستقبل کی توانائی ضروریات بھی پوری ہو سکے گی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کے منصوبے ملک کے لئے موت و حیات کی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے ان منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں جس کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
میرے ایمان کا حصہ ہے….وزیر اعظم نواز شریف کا دبنگ خطاب
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ میرے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے۔اسلام آباد میں 40ویں ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جو حادثے ہوئے وہ چھوٹے نہیں تھے، ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہوا، ماضی کی غلطیوں کو آج تک ٹھیک کرنے میں لگے ہوئے ہیں، حکومت میں آئے تو ہمیں بڑے چیلنجز کا سامنا تھا، ہم پریشان تھے کہ ان بگڑے ہوئے معاملات کو کس طرح درست کریں لیکن ہم گبھرائے نہیں کیونکہ اگر ہم گھبرا گئے تو یہ ملک و قوم کہاں جائیں گے، جب تک سانس میں سانس ہے ملک وقوم کی خدمت کرتےرہیں گے، ڈٹ کر کٹھن حالات کامقابلہ کرتےرہیں گے۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ 2013 کے انتخابات کے بعد ہم نے وقت ضائع نہیں کیا، آہستہ آہستہ ان چیلینجز کا سامنا کیا، لوڈشیڈنگ کامسئلہ پرویز مشرف کے دور سے چلا آرہا ہے، اگر پرویز مشرف نے کچھ نہیں کیا تو بعد میں پیپلز پارٹی کی حکومت کچھ کرلیتی، عوام اب انہیں ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے تک پہنچ گئی تھی، ماضی میں وزیر اور وزیر اعظم کہتے تھے کہ ایک ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے، ان کی اپنی جماعت کے رہنما بھی انہیں کہتے رہے کہ انتخابی مہم میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی تاریخ بتادیں لیکن میں نے پارٹی سے کہا کہ میں جھوٹ نہیں بولنا چاہتا۔ ہم نے صرف اپنی حکومت کے لئے نہیں پاکستان کے مستقبل کے لئے بھی پالیسی بنائی، ہمیں معلوم ہے آج ہم ہیں تو کل کسی اور کو آنا ہے۔ پہلے ہرروز اخبار میں کرپشن اسکینڈل سامنے آتا تھا، جب سے ہماری حکومت آئی ہے کوئی اسکینڈل سا منے نہیں آیا۔دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی بہت بڑا مسئلہ تھا، لوڈشیڈنگ کے ساتھ دہشت گردی کی لعنت بھی ملک پر مسلط کی گئی، ہم نے پہلے مرحلے میں مذاکرات کی کوشش کی، مذاکرات ناکام ہوئے تو آپریشن کا فیصلہ کیا۔ دہشت گردی کا خاتمہ ان کے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے۔ کچھ وارداتیں دہشت گرد کررہے ہیں بہت جلد وہ بھی ختم ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا چیلنج چھوٹا تھا جس پر قابو پالیا،کراچی کا امن مزید دیرپا بنائیں گے۔