Tag Archives: shahid-afridi-javed-miandad

شاہد آفریدی اور میانداد میں دوستی ہو گئی ،گلے شکوے دور ،جنگ ختم

کراچی(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد اور سابق کپتان شاہد آفریدی کے درمیان آج ملاقات ہوئی جس میں دونوں سابق کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے بارے میں کہے گئے الفاظ پر معذرت کی اور جاوید میانداد نے آفریدی پر میچ فکسنگ سے متعلق اپنے الزامات واپس لے لیے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں میں تمام گلے شکوے ختم ہوگئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور مٹھائی کھلائی۔اس موقع پر جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ بڑی اچھی بات ہے شاہد آفریدی میرے ساتھ ہے اور یہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے جب کہ میں نے شاہد آفریدی سے متعلق جو کچھ کہا تھا وہ غصہ میں کہا تھا لہٰذا میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے جاوید بھائی سے کبھی معافی کا مطالبہ نہیں کیا کیوں کہ یہ میرے بڑے ہیں لیکن یہ ان کا بڑا پن ہے کہ انہوں نے اپنے الفاظ واپس لے لیے کیوں کہ ان سے میرے اور میری فیملی کو دکھ ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میری بات بھی آپ کو بری لگی جو یقیناً لگی ہوگی میں اس پر معافی چاہتا ہوں۔ جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کےدرمیان ملاقات سینیٹر اقبال محمد علی کے گھر پر ہوئی اور سینیٹر نے دونوں قومی کرکٹرز کے درمیان صلح میں اہم کردار ادا کیا۔