لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ ہائر ایجوکیشن نے یونیورسٹیوں میں خودکش حملوں اور اساتذہ کی ٹارگٹ کلنگ کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے یونیورسٹیوں کو ای میل کے ذریعے انتباہ کیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں دہشت گرد تعلیمی شعبہ جات کے سربراہوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت اساتذہ اور طلبہ کو نشانہ بنا سکتے ہیں لہٰذا سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ ای میل میں ہائر ایجوکیشن پنجاب نے متنبہ کیا ہے کہ خاص طور پر 31دسمبر کو دہشت گرد تعلیمی اداروں اور اہم شخصیات کو ٹارگٹ کلرز اور خودکش حملہ آوروں کے ذریعے نشانہ بنا سکتے ہیں۔ دوسری جانب لاہور کی دو اور سرگودھا اور ملتان کی ایک ایک یونیورسٹی میں حکومت قائم مقام وائس چانسلرز تعینات کرنے جا رہی ہے۔ چاروں یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران نے کہا ہے کہ اس قدر بڑے خطرے کی موجودگی میں قائم مقام وائس چانسلرز تعینات کرنا حکومت کا دانشمندانہ اقدام نہیں ہے، کیونکہ قائم مقام وائس چانسلرز پالیسی فیصلے نہیں لے سکیں گے ۔ اساتذہ نے کہا ہے کہ حکومت اساتذہ اور طلباءو طالبات کی زندگی خطرے میں نہ ڈالے بلکہ صورتحال کا ایسا حل نکالے جس سے خطرے کو ختم کیا جا سکے۔